Baaghi TV

Blog

  • زینب سے منتہا تک، معصوم جانوں کے ساتھ ظلم کا سلسلہ کب رکے گا؟ سحر کامران

    زینب سے منتہا تک، معصوم جانوں کے ساتھ ظلم کا سلسلہ کب رکے گا؟ سحر کامران

    پیپلز پارٹی کی رہنما،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ سرگودھا میں ننھی منتہا کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ پوری قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

    سحر کامران کا کہناتھا کہ معصوم بچیوں کے تحفظ میں ناکامی ناقابلِ قبول ہے، ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ زینب سے منتہا تک، معصوم جانوں کے ساتھ ظلم کا سلسلہ کب رکے گا؟ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔پنجاب میں بچیوں کے لاپتا ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ریاست کی اولین ذمہ داری شہریوں خصوصاً بچوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔منتہا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔معصوم بچیوں کی جان و عزت کا تحفظ صرف قانون نہیں، قومی ذمہ داری ہے۔ منتہا کیس کے تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔

  • ‎ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے، پاکستان اور ایران دو قلب ایک جان ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

    ‎ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے، پاکستان اور ایران دو قلب ایک جان ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات، علاقائی امن اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
    ‎اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ "ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے اور ایران کی ناکامی ہماری ناکامی ہے۔” انہوں نے فارسی شعر کے ذریعے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو خراج تحسین پیش کیا، جس پر ایرانی وفد نے بھرپور انداز میں داد دی۔
    ‎وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور پاکستان نے اس عمل میں ثالث کے طور پر اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکرات کا کامیاب ہونا پورے خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے اور امید ہے کہ اس سے امن کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
    ‎شہباز شریف نے ایران میں جاں بحق ہونے والے افراد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے ایران کی قیادت اور عوام کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ان کی ثابت قدمی قابل تحسین ہے۔
    ‎وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اور انتھک محنت کی، جبکہ قطر کے امیر، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی امن عمل کی بھرپور حمایت کی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
    ‎اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب کا آغاز شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان اور ایران دو قلب ایک جان ہیں” اور دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور مشترکہ منزل کے شراکت دار ہیں۔
    ‎ایرانی صدر نے پاکستان کی میزبانی اور امن مذاکرات میں تعمیری کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے، جبکہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور باہمی ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

  • سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے کا جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائن آرٹس نمائش کا معائنہ

    سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے کا جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائن آرٹس نمائش کا معائنہ

    نمائش میں 18 طالبات کے 200 سے زائد تخلیقی فن پارے، جدید ڈیزائنز اور آرٹ کے منفرد نمونے پیش کئے گئے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خواتین کی ترقی، خود مختاری اور معاشی خود کفالت کیلئے کوشاں ہیں ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے اپنے فن کو عالمی سطح پر متعارف کروائیں ، ثمن رائے اور وی سی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی گفتگو

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے
    سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں فائنل ایئر طالبات کی تھیسز نمائش دیکھی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر بھی موجود تھیں۔ نمائش میں 18 طالبات کے 200 سے زائد تخلیقی فن پارے، جدید ڈیزائنز اور آرٹ کے منفرد نمونے پیش کئے گئے۔ ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات کی جانب سے ہوم ڈیزائننگ کے جدید اور منفرد آئیڈیاز نمائش میں خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

    سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے نمائش کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کی ترقی، خود مختاری اور معاشی خود کفالت کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ خواتین کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کی طالبات کی چار سالہ محنت ان کے تخلیقی کام میں واضح نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا معیار قابل تعریف ہے، طالبات کا کام حیران کن ہے جبکہ فیکلٹی کی محنت اور رہنمائی بھی نمایاں ہے۔ثمن رائے نے کہا کہ آرٹ اور ڈیزائن کے شعبے میں عالمی سطح پر وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو چاہیے کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے جدید ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فن کو عالمی سطح پر متعارف کروائیں۔

    وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کہا کہ یونیورسٹی طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور سیکھنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کی طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی کی فیکلٹی قابل اور تجربہ کار اساتذہ پر مشتمل ہے۔

  • گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں بی ایس پروگرام کے پہلے کانووکیشن کی پروقار تقریب

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں بی ایس پروگرام کے پہلے کانووکیشن کی پروقار تقریب

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں بی ایس پروگرام کے پہلے کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر سیاسی رہنما چوہدری فیاض ظفر تھے جبکہ مہمانانِ گرامی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ضلع اوکاڑہ پروفیسر رائے ناصر زمان، سابق پرنسپل صاحبان، پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس اوکاڑہ پروفیسر رانا احسن سلیم، کالم نگار سلمان احمد قریشی اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کالج کی تعلیمی کارکردگی، بی ایس پروگرام کی کامیابیوں اور طلبہ و طالبات کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مہمانِ خصوصی چوہدری فیاض ظفر نے اپنے خطاب میں طلبہ و طالبات کو تعلیمی سفر کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ خطے کا ایک ممتاز تعلیمی ادارہ ہے جو نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کالج میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے آئی ٹی پروگرامز اور پیشہ ورانہ کورسز کے آغاز کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ طلبہ و طالبات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتر تعلیمی اور روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر رائے ناصر زمان نے اپنے خطاب میں کالج انتظامیہ اور فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری کالجوں میں معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور بی ایس پروگرامز نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کو ادارے کی ایک اہم کامیابی قرار دیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر چاند عقیل نے نہایت احسن انداز میں انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • لقمان بالکل ٹھیک،محمود بھٹی،نیشنل ہسپتال اور پوڈ کاسٹرز کی خیر نہیں

    لقمان بالکل ٹھیک،محمود بھٹی،نیشنل ہسپتال اور پوڈ کاسٹرز کی خیر نہیں

    سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے کہا ہے کہ اللہ کا کرم ہے، جب ہسپتال میں آٹھ نو دن لگا کر باہر نکلتے ہیں تو سب سے پہلے گرمی ہو یا سردی، بارش ہو یا دھوپ آپکو اچھی لگتی ہے کیونکہ آپ کو احساس ہوتا ہے کہ زندگی اللہ کی بڑی نعمت ہے،برا حال اسی کا ہوتا ہے جو زندہ ہوتا ہے،اللہ کی مہربانی ہے کہ اس نے زندگی ،صحت دی،میری طبیعت اب کافی بہتر ہے،یہ مجھے دکھ ہے میرے متعلق بہت سے لوگوں نے خبریں اڑانا شروع کر دیں کہ یہ ہو گیا یہ ہو گیا،کم از کم ایک دن انتظار کر لیتے،کسی سے بات تو کر لیتے میرے کسی فیملی ممبر، کسی قریبی دوست سے بات کر لیتے پھر خبریں دے دیتے، لیکن ہر آدمی چیمپئن بنا ہوا ہے کہ یہ ہوگیا یہ ہو گیا، آپ کو یہ نہیں پتہ کہ آپ سے جو پیار کرنے والے لوگ ہیں انکو کتنی تکلیف ہوتی ہے، آپ کو تو فرق نہیں‌پڑتا مجھے تو بعد میں پتہ چلے گا لیکن میرے جو دوست ہیں، رشتے دار ہیں،وہ پڑھتے ہیں یہ بہت تکلیف دہ ہے،خبر دیتےہوئے کم از کم کنفرم تو کر لیں

    مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ محمود بھٹی کو پتہ تھا میں بیمار ہوں، اس نے لوگوں سے سنا کہ بائی پاس ہو گیا خدانخواستہ ،اس نے سوچا کہ پانچ چھ ماہ اب سامنے نہیں آئیں گے تو جو کہنا ہے کہہ دوں، اب میں بتاتا ہوں کہ محمود بھٹی فراڈ آدمی ہے، جھوٹ بول بول کر زندگی گزار رہا ہے،محمود بھٹی کا کام کبھی آپ نے نہیں دیکھا ہو گا،کہیں پر بھٹی ڈیزائنر کی کوئی چیز دیکھی ہے؟ کوئی جوتا، کوئی تکیہ،کوئی بیڈ شیٹ، کوئی بھی چیز، بھٹی کا پروفیشن کے ساتھ کہیں نام نہیں ،یہ جھوٹا آدمی ہے، پاکستان میں اس نے اسی طرح کی باتیں کر کر کے چھوٹے صحافیوں کے ساتھ ،کونسے صحافی اسکے پوڈ کاسٹ کر رہے، وہ بھی پیڈ، اور کہتا کہ میں کور پر ہوں، میگزین میں ہوں،عمران خان وزیراعظم تھا،ٹرمپ صدر ہے سب کو پتہ ہے کہ وہ صدر ہے اسکے باوجود لوگ دعوے کرتے ہیں اور کلیم کرتے ہیں،فلاں کور ،فلاں کور،،،میں چیلنج کرتا ہوں، دنیا میں‌تقریبا بہت زیادہ میگزین کے کور پرآپ پیسے دے کر آئے یا تعلق کی وجہ سے، آپ نے آخری میگزین کب دیکھا زندگی میں یا کب پڑھا، لاہور میں سنڈے ٹائمز دیکھ لیں ،ہر ڈیزائنر کے متعلق جو پیج آئے ہوتے ہیں وہ پیڈ ہیں ،میں ڈیلی ٹایمز کا نام لے رہا ہوںَ پاکستان کا مایہ ناز اور مستند اخبار ہے، ساری عمر سنڈے ٹائمز ایسے ہی چلا ہے، فیشن میگزین تو چلتا ہی ایڈورٹائزمنٹ کے پیسوں سے ہے،میری جو لڑائی ہے میں اس کو قابل ہی نہیں سمجھتا کہ اسکا ذکر کیا جائے، اس نے میرے بھی بڑے بھی قریب ہونے کی کوشش کی، کامن گراؤنڈ پر جب لوگ کال کرتے ہیں تو اس طرح میں اسکے گھر کسی کے کہنے پر گیا ہوا ہوں، اب کوئی کسی کے گھر جائے تو یہ دعویٰ نہیں تو کر سکتےکہ ہمارا یارانہ ہے میں گھر چلاتا ہوں، اسکو گاڑی میں نے لے کر دی ہوئی ہے،کوئی نہیں صبر کر لیں اسکو نہیں پتہ تھا کہ میں ٹھیک ہو جاؤں گا ،میں نے اپنے وکیلوں سے رابطہ کیا ہے اور ہسپتال سے ہی کہا ہے کہ نوٹسز بھجوائے جائیں، ابھی تویہ نوٹس ہیں ،جب میں‌جاؤں گا تو میں عدالت جاؤں گا ،پولیس میں جاؤں گا، میری اس سے لڑائی یہ ہے کہ میں کہتا ہوں کہ یہ آدمی دونمبر ،جھوٹا ہے،بھٹی فرینڈ کوٹ میں معطل سزا پر ہے، سزا ملنے پر عدالت چلے جائیں اور معافی مانگ لیں تو سزا معطل ہو جاتی ہے، آپ جیل میں نہیں ہیں لیکن آپ کے اوپر تلوار لٹکی ہوئی ہے،تبھی تو اس وجہ سے وہ پاکستان بیٹھا ہوا ہے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ یہ گرفتار ہوا ،ابھی میرا کلیم غلط ہے تو ثابت کر دے،ان اخباروں نے خبر دی جس میں بھٹی ساری جائیداد فروخت کر کے بھی خبر نہیں لگوا سکتا،میں نے ایس ای سی پی کو بھی لکھا کہ یہ دس سال تک کوئی بزنس نہیں کر سکتا، میرے اوپر پیسے لگانا اس بیچارے کی کیا اوقات ہے،اب میں عدالت جاؤں گا پھر دیکھیے گا، اس کا خیال ہے میں اسے چھوڑ دوں گا تو ایسا نہیں ہو سکتا میں تو اس پوڈ کاسٹر کو بھی عدالت لے جاؤں گا، جس جس نے بھی کیا سب کی چیخیں نکلیں گی، یہ کتاب نہیں لکھ سکتا ،کرکٹ میچ کا آنکھوں دیکھا حال اردو یا انگلش میں لکھ دے ؟اس نے بھی جوبھی کیاسب جھوٹ پر مبنی ہے،میں نیشنل ہسپتال کے خلاف بھی عدالت جاؤں گا،

  • ‎پاک بھارت ہاکی میچ سے قبل پاکستان کا غلط پرچم لہرا دیا گیا

    ‎پاک بھارت ہاکی میچ سے قبل پاکستان کا غلط پرچم لہرا دیا گیا

    ‎ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاکی میچ کے آغاز سے قبل ایک بڑی انتظامی غفلت سامنے آئی، جب قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کر دیا گیا، جس پر پاکستانی شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
    ‎تقریب کے دوران بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی پرچم میں سفید رنگ موجود نہیں تھا، حالانکہ پاکستان کے قومی پرچم میں سفید حصہ مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ سبز رنگ مسلم اکثریت کی علامت ہے۔
    ‎واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) اور ایونٹ کے منتظمین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین نے اسے پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائندگی قرار دیتے ہوئے فوری وضاحت اور باضابطہ معذرت کا مطالبہ کیا۔
    ‎شائقین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں شریک ممالک کے قومی پرچم، قومی ترانے اور قومی شناخت کا احترام بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے ایسی غلطی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
    ‎سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ میچ سے قبل تمام انتظامات اور پروٹوکول کی جانچ کے باوجود اتنی اہم غلطی کیسے نظر انداز ہو گئی۔ کئی افراد نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ایف آئی ایچ اپنی انتظامی نگرانی مزید مؤثر بنائے۔
    ‎یہ واقعہ پاک بھارت میچ کے آغاز سے قبل پیش آیا، جس نے کھیل سے زیادہ انتظامی غفلت کو موضوعِ بحث بنا دیا اور قومی پرچم کی درست نمائندگی کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا۔

  • صدر آصف زرداری سے مسعود پزشکیان کی ملاقات

    صدر آصف زرداری سے مسعود پزشکیان کی ملاقات

    ‎اسلام آباد: پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
    ‎ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
    ‎ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی روابط کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
    ‎اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور صدر مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر عوام کی خوشحالی اور باہمی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
    ‎اس سے قبل ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ معزز مہمان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
    ‎دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
    ‎ایرانی صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ‎فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات

    ‎فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات

    ‎اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، امن کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
    ‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں حالیہ پیش رفت، کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری، متوازن اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
    ‎بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے مسلسل رابطے، باہمی تعاون اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
    ‎ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون، سرحدی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
    ‎ایرانی صدر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور ایران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • تصاویر،ایرانی صدر کا دورہ پاکستان،ملاقاتیں

    تصاویر،ایرانی صدر کا دورہ پاکستان،ملاقاتیں

    ایران کے صدر مسعود پژشکیان نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،

    ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اسلام آباد پہنچے ےو وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا نورخان ایئربیس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایران کا اعلیٰ سطح وفد بھی صدر مسعود پزشکیان کے ہمرا ہے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے بھی انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے صدر مسعود پزشکیان کو پھول پیش کئے جبکہ پاکستان اور ایران کے پرچم تھامے بچوں نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کیا۔

  • کراچی کیش وین ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ گرفتار، 20 کروڑ روپے برآمد

    کراچی کیش وین ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ گرفتار، 20 کروڑ روپے برآمد

    ‎کراچی: کراچی کے علاقے جوہر آباد میں کیش وین سے 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے مرکزی ملزم اور بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ محمد علی عرف علی لنگڑا کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے 20 کروڑ روپے نقد رقم اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
    ‎پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کراچی میں سرگرم بین الصوبائی ڈکیت گروہ کا سربراہ ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھی ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ ملزم کا تعلق ضلع سوات سے ہے، تاہم وہ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم تھا۔
    ‎تفتیشی حکام کے مطابق محمد علی عرف علی لنگڑا ماضی میں بھی بینک ڈکیتیوں، لاکر توڑنے اور طلائی زیورات و غیر ملکی کرنسی لوٹنے کے متعدد مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اس کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال سمیت کراچی کے گلشن اقبال، تیموریہ، سولجر بازار اور ڈیفنس تھانوں میں بھی ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ 12 جون کو جوہر آباد میں پیش آنے والی کیش وین ڈکیتی کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ کی ہدایت پر ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ دورانِ تفتیش یہ بھی انکشاف ہوا کہ سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین کا چیف کریو واجد بھی واردات میں ملوث تھا۔
    ‎تحقیقات کے مطابق مرکزی ملزم نے پوری واردات کی منصوبہ بندی کی اور لوٹی گئی رقم دو مختلف گھروں میں چھپا رکھی تھی، جہاں سے پولیس نے بڑی رقم برآمد کی۔
    ‎پولیس کے مطابق یہ بین الصوبائی گروہ درجن سے زائد افراد پر مشتمل ہے اور کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں بینک ڈکیتیوں میں ملوث رہا ہے۔
    ‎تفتیشی حکام نے بتایا کہ واردات میں شامل دیگر ملزمان کا تعلق پاراچنار سے ہے، جو لوٹی گئی باقی رقم کے ساتھ فرار ہیں۔ ان کی گرفتاری اور باقی ماندہ رقم کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔