Baaghi TV

Blog

  • 
برطانیہ، آذربائیجان اور بیلاروس میں ہزاروں پاکستانی لاپتہ، ایف آئی اے کا انکشاف

    
برطانیہ، آذربائیجان اور بیلاروس میں ہزاروں پاکستانی لاپتہ، ایف آئی اے کا انکشاف

    ‎قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے انکشاف کیا ہے کہ ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک کے ویزوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک غائب ہو گئے یا پناہ کی درخواستیں دائر کر دیں، جس سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
    ‎راجہ خرم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ برطانیہ جانے والے تقریباً 10 ہزار پاکستانی طلبا نے اسٹوڈنٹ ویزے پر وہاں جا کر سیاسی یا انسانی بنیادوں پر پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رجحان نے پاکستان کے حوالے سے کئی ممالک میں تشویش پیدا کی ہے۔
    ‎انہوں نے مزید بتایا کہ بیلاروس جانے والے 580 پاکستانی واپس نہیں آئے جبکہ رواں سال آذربائیجان جانے والے تقریباً 7 ہزار پاکستانی وزٹ ویزے پر سفر کرنے کے بعد لاپتہ ہو گئے۔ اس کے علاوہ لیبیا سے 175 پاکستانیوں کو گرفتار کر کے واپس پاکستان لایا گیا۔
    ‎ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس نے اب نئے راستے اختیار کر لیے ہیں اور ملائیشیا اور ازبکستان کو غیر قانونی نقل و حرکت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
    ‎اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایف آئی اے کی سخت نگرانی اور امیگریشن چیکنگ کے باعث سال 2025 کے دوران 39 ہزار 786 افراد کو سفری دستاویزات یا دیگر قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر آف لوڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول ریڈ نوٹسز کی بنیاد پر 3 ہزار سے زائد افراد کو بھی بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ منظم بھکاریوں کے بیرون ملک جانے کے رجحان میں 75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جعلی سفری دستاویزات کے استعمال کے واقعات میں 31 فیصد کمی آئی ہے۔
    ‎ڈی جی ایف آئی اے نے زور دیا کہ غیر قانونی ہجرت اور ویزوں کے غلط استعمال کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ پاکستان کی ساکھ بہتر ہو اور قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والوں کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوں۔

  • انٹرویو کے دوران خود کو’سائیکو’ کہےجانے پر اداکارہ میرا  شدید برہم

    انٹرویو کے دوران خود کو’سائیکو’ کہےجانے پر اداکارہ میرا شدید برہم

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو کے دوران خود کو “سائیکو” کہے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی میڈیا اور عوام سے فنکاروں کو عزت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک میزبان نے انٹرویو کے دوران اداکارہ سے ان کی نئی فلم ‘سائیکو’ کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہہ دیا کہ “آپ پہلے بھی سائیکو تھیں، فلم میں بھی آپ نے یہی کردار ادا کیا اور اب تک اس کردار سے باہر نہیں آ سکیں۔

    اس سخت سوال پر اداکارہ میرا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میزبان کو ٹوکا اور کہا ک دیکھیں، میری بات سنیں، اگر آپ لوگ ہمیں عزت نہیں دیں گے تو کوئی بات نہیں، ہمیں ویسے بھی انڈیا میں بہت عزت ملتی ہے آپ نے مجھے سائیکو کہا اور یہ بھی کہا کہ میں اس سے پہلے بھی سائیکو تھی، ہمیں یہاں پاکستان میں عزت نہیں ملتی۔

    اداکارہ نے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ میں پہلے بھی سائیکو تھی، میں نے اس فلم میں ایک انتہائی مشکل ترین کردار ادا کیا ہے اور مجھے امید تھی کہ اس شاندار پرفارمنس کے بعد لوگ مجھے اور فلم کے ہدایت کار شان شاہد کو خراجِ تحسین پیش کریں گے اور ہماری حوصلہ افزائی کی جائے گی کیونکہ ہم نے پاکستان میں رہ کر اتنی مشکل فلم بنائی ہے،یہ ایک شدید ڈپریشن کے موضوع پر مبنی فلم ہے جس کے ذریعے ہم نے معاشرے کو کچھ سکھا نے کی کوشش کی ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ میرے اس کردار سے کچھ سیکھیں۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے رپورٹر کے اس غیر پیشہ ورانہ رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور میرا کے موقف کی تائید کی۔

    واضح رہے کہ جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘سائیکو’ کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی اسٹار کاسٹ میں سپر اسٹار شان شاہد، سونیا حسین، میرا، شبیر جان اور دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔

  • محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق پیشگوئی کر دی

    محکمہ موسمیات نے مون سون میں بارشوں سے متعلق پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات پاکستان نے مون سون سیزن 2026 کے لیے موسمیاتی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارش متوقع ہے جبکہ بعض شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے، جولائی سے ستمبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شمالی پنجاب اور مغربی گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، ملک بھر میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہیٹ اسٹریس کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کم بارشوں کے باعث پانی کی قلت کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، علاوہ ازیں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات کے نتیجے میں سیلابی خطرات میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے،ماہرین نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

  • گلگت بلتستان میں  ن لیگ کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا زیادہ بہتر ہو گا ،خواجہ سعد رفیق

    گلگت بلتستان میں ن لیگ کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا زیادہ بہتر ہو گا ،خواجہ سعد رفیق

    رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پارلیمانی نظام چلانے کیلئے حکومت سازی میں پیپلز پارٹی سے تعاون کرے لیکن کوئی وزارت نہ لے-

    انہوں نے ایکس پر کہا کہ پچھلے 48 گھنٹے میں تواتر کے ساتھ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر مسلم لیگ ن کو گلگت بلتستا ن انتخابات میں بڑی شکست ہونے کا تاثر درست نہیں ہےمسلم لیگ ن نے 6 نشستیں جیتی ہیں جبکہ ہمارے حمایت یافتہ دو آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد شفیق ( گھانچے )جی بی 24 اور سیٹھ انور ( گھانچے ) جی بی 23 کامیاب ہوۓ ہیں ، پیپلزپارٹی 10 اور مسلم لیگ ن 8 کے نمبرز پر کھڑی ہیں ۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم ہم سے بہت پہلے شروع کی، گلگت بلتستان میں انکا تنظیمی ڈھانچہ ھم سے بہتر تھا، انکی مرکزی قیادت وہاں دو ماہ سے مصروف عمل تھی ، انکی مرکزی قیادت کی جانب سے مہیا کردہ اخراجات کا بے محابا استعمال کیا گیا ، انھیں اخراجات کی کوئی فکر نہیں تھی –

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن حسب ِ روایت کافی تاخیر سے حرکت میں آئی ، کوئی پارٹی فنڈ دستیاب نہیں تھا ، مقامی اندرونی گروپنگ نے پہلے ہی صور ت حال کمزور کر رکھی تھی جس کی طرف مرکز نے کبھی خاطر خواہ توجہ نہیں دی ، امیدوار موجود تھے لیکن electable s بہت کم تھے ،دوسری طرف پی ٹی آئی کے ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپنی جماعت کو میدان میں نہ پا کر مسلم لیگ ن کی بجاۓ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بھی ن لیگ کی مقبولیت پر اثر ڈالا –

    خواجہ سعد نے کہا کہ اس سب کے باوجود آٹھ نشستیں جیت لینا، کامیاب عوامی جلسے ، ریلیز ، کارنر میٹنگز کا انعقاد کرنا جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، تقریباً ہر حلقے میں موثر انتخابی مہم چلا کر متاثر کُن ووٹ حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے ، ہمارے چند امیدوار بہت ہی کم مارجن سے ہارے برادرم امیر مقام ، کیپٹن صفدر ، مرتضے جاوید عباسی ، ڈاکٹر عباد ، عابد رضا کوٹلہ خصوصی شاباش کے مستحق ہیں ، یہ لوگ دن رات محنت کرتے رہے-

    خواجہ سعد نے اپنی رائے دیتے یوئے کہا کہ پارلیمانی نظام چلانے کیلئے مسلم لیگ ن حکومت سازی میں پیپلز پارٹی سے تعاون کرے لیکن کوئی وزارت نہ لے ،گلگت بلتستان میں ن لیگ کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا زیادہ بہتر ہو گا ۔

  • کس ملک کے پاس اسلحے کے کتنے ذخائر؟رپورٹ جاری

    کس ملک کے پاس اسلحے کے کتنے ذخائر؟رپورٹ جاری

    اسلام آباد: عالمی امن اور اسلحہ سے متعلق تحقیق کرنے والے ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا کے مجموعی ایٹمی ذخائر کا تقریباً 82 فیصد حصہ صرف دو بڑی طاقتوں، روس اور امریکا، کے پاس موجود ہے جنوری 2026 تک روس کے پاس تقریباً 4,380 جبکہ امریکا کے پاس 3,700 ایٹمی وار ہیڈز موجود تھے چین تیزی سے اپنے جوہری پروگرام کو وسعت دے رہا ہے اور اس کے پاس 620 ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں فرانس 290، برطانیہ 225، اسرائیل تقریباً 90 اور شمالی کوریا 60 ایٹمی وار ہیڈز کا مالک ہے۔

    جنوبی ایشیا کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں اپنے جوہری پروگراموں میں مسلسل پیش رفت کر رہے ہیںبھارت کے پا س تقریباً 190 ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں،دونوں ممالک زمین، فضاء اور سمندر سے جوہری حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جسے نیوکلیئر ٹرائڈ کہا جاتا ہے، اگر چہ پاکستان اور بھارت دونوں اس صلاحیت کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، تاہم ان کی دفاعی اور جنگی حکمت عملی میں نمایاں فرق موجود ہے۔

    رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری تیزی سے جاری ہے، جبکہ ایٹمی کمانڈ اور کنٹرول سسٹمز میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال نے نئے خدشات کو جنم دیا ہےمصنوعی ذہانت کا استعمال اگرچہ دفاعی نظام کو جدید بنا سکتا ہے، لیکن اس سے غلط اندازوں، تکنیکی خرابیوں اور غیر ارادی تصادم کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں، جو عالمی امن کے لیے سنگین چیلنج بن سکتے ہیں۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 3 دن بعد پھر اضافہ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 3 دن بعد پھر اضافہ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 3 دن بعد پھر اضافہ ہوا ہے-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج فی اونس سونے کی قیمت 28ڈالر 29سینٹس کے اضافے سے 4ہزار 326ڈالر 27سینٹس کی سطح پر آگئی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں آج منگل کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 2830روپے کے اضافے سے 4لاکھ 55ہزار 63روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 2306روپے بڑھ کر 3لاکھ 89 ہزار 534روپے کی سطح پر آگئی۔

    دوسری جانب مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 141 روپے کے اضافے سے 7ہزار 314 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 129روپے کے اضافے سے 6ہزار 245روپے کی سطح پر آگئی۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان  مثبت پیشرفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے،اویس لغاری

    پاکستان اور روس کے درمیان مثبت پیشرفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے،اویس لغاری

    وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عالمی منظرنامے میں پاکستان اور روس کے تعلقات نئی وسعتوں کی جانب گامزن ہیں، اور گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران ہونے والی مثبت پیشرفت نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اویس لغاری نے بدلتے ہوئے عالمی نظام کے تناظر میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کے ویبینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو دہائیوں پر محیط مثبت پیش رفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے-

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، صنعت، تعلیم اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے، پاکستان بین الا قوامی شمال،جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا خواہاں ہے، گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی شمال،جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور سے جوڑنے کی تجویز خوش آئند ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر اتفاق اہم پیش رفت ہے، دونوں ممالک ادائیگیوں کے نظام سمیت تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے فعال مشاورت کر رہے ہیں، روس پاکستان ری ایڈمیشن معاہدے سے ویزا سہولتوں، کاروباری روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا، جبکہ پاکستان روس میں منعقد ہونے والے اہم اقتصادی اور بین الاقوامی فورمز میں باقاعدگی سے شرکت کر رہا ہے۔

    اویس لغاری نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے پاکستان کو اہم عالمی شراکت دار قرار دینا دونوں ممالک کے تعلقات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا مظہر ہےاسلام آباد اور ماسکو کے درمیان مضبوط ہوتے روابط نہ صرف دوطرفہ مفادات بلکہ وسیع تر یوریشیائی تعاون، علاقائی استحکام اور اقتصادی انضمام کے لیے بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

  • فتنہ الخوارج، بھارت اور کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب، خارجی شہزاد  کی آڈیوز اور ویڈیوز وائرل

    فتنہ الخوارج، بھارت اور کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب، خارجی شہزاد کی آڈیوز اور ویڈیوز وائرل

    افغانستان میں فتنہ الخوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ (RAW) کے لیے سرگرم دہشت گرد خارجی شہزاد کے کالعدم ایکشن کمیٹی (جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی) کے ساتھ گہرے روابط کی مبینہ ویڈیوز اور آڈیوز منظر عام پر آ گئی ہیں-

    سامنے آنے والی ویڈیوز اور آڈیوز کے مطابق، خارجی شہزاد افغانستان میں مقیم ہے اور اسے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کی مکمل مالی و عسکری معاونت حاصل ہےاس نیٹ ورک کے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے ساتھ رابطوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھانا تھا-

    ان روابط کا مقصد پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں بدامنی، انتشار اور پرتشدد احتجاج کی آڑ میں ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانا تھا۔ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ریاست مخالف عناصر کو بے نقاب کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں-

    خارجی شہزاد نے تحریر شدہ بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کرکے آپ سے آزادی لینا چاہتی تھی جو ان کا حق ہے، پاکستان کی ریاست کے حوالے سے آئندہ پیشرفت اور اس کے اثرات بہت جلد سب کے سامنے آ جائیں گے۔

    خارجی شہزاد اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنما کی آڈیو لیک کے مطابق ’ہم انتخابات کے انعقاد کی ہر طرح سے مخالفت کریں گے اور انہیں کسی صورت منعقد نہیں ہونے دیں گے، ہمیں عسکریت اور طاقت کے ذریعے کشمیر کی فوج بحال کرکے آزادی اور دیگر معاملات میں سب کشمیروں کو شامل کرناچاہیے۔

    ماہرین کے مطابق لڑکھڑاتی آواز میں بھارتی تحریر کردہ بیان سے واضح ہےکہ بدامنی اور انتشار کے مذموم عزائم بھارتی پشت پناہی پر کیےجا رہے ہیں
    خا ر جی شہزاد کی بھارتی ایما پر پرتشددکارروائیوں کی حمایت عکاس ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے فتنہ الخوارج ایک دہشتگرد گروہ ہے جسے بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور اس کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت سے بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کرسامنے آگیا ہے۔

    کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں فتنہ الخوارج کی اعلانیہ صف بندی، آزاد کشمیر میں بھارتی عزائم کی ناکامی پر اس کی بے چینی کا واضح ثبوت ہے-

  • کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کا ریڈ کارپٹ ڈیبیو، سوشل میڈیا پر دھوم

    کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کا ریڈ کارپٹ ڈیبیو، سوشل میڈیا پر دھوم

    امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نیویارک میں ہونے والے ٹریبیکا فیسٹیول میں پہلی بار ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پرآمد سےاپنے افیئر کی افواہوں کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے-

    دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے 8 جون کو کیٹی پیری کی نئی دستاویزی فلم کیٹی پیری دی لائف ٹائمز ٹور، لائیو فرام پیرس کے پریمیئر کے لیے پہنچے تھے، یہ تقریب بنیادی طور پر کیٹی پیری کے نئے پروجیکٹ کے جشن کے لیے سجائی گئی تھی لیکن جیسے ہی یہ دونوں ایک ساتھ نمودار ہوئے، سب کی نظریں ان پر ٹک گئیں۔

    ریڈ کارپٹ پر ان کی محبت بھری گفتگو اور ایک دوسرے کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور یہ رشتہ اس شام کا سب سے بڑا موضوع بن گیا جس نے سال 2025 سے چلنے والی تمام افواہوں پر مہر لگا دی،کیمروں کی چمک اور مداحوں کے شور کے درمیان دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوش اور مطمئن نظر آئے، فوٹوگرافروں کو پوز دیتے رہے اور مداحوں سے بھی خوشگوار انداز میں ملتے رہے۔

    پریمیئر کے موقع پر جب کیٹی پیری اپنے مداحوں سے مل رہی تھیں، آٹو گراف دے رہی تھیں اور سیلفیاں بنا رہی تھیں، تو ٹروڈو مسلسل ان کے ساتھ ساتھ رہے۔ اگرچہ یہ کیٹی پیری کی فلم کا شو تھا، لیکن اس جوڑے کی آمد نے تمام توجہ اپنی طرف مبذول کر لی، یہ تقریب کیٹی پیری کے لیے ویسے بھی بہت ا ہم تھی کیونکہ ان کی دستاویزی فلم، جس کی ہدایت کاری پال ڈگڈیل نے کی ہے، نومبر2025 کے پیرس کنسرٹس کی یادوں پر مبنی ہے اور اسے ساٹھ کیمر و ں کی مدد سے فلمایا گیا ہے۔

    ان دونوں کے درمیان تعلق کی افواہیں 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب انہیں مونٹریال اور دیگر مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا یہ تجسس اس وقت اور بڑھ گیا جب ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں جسٹن ٹروڈو کو شہر میں کیٹی پیری کے ایک کنسرٹ میں شرکت کرتے دیکھا گیااس کے بعد دسمبر میں کیٹی پیری نے ٹوکیو سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں کینیڈا کے سابق وزیر اعظم بھی موجود تھے۔ تب سے اب تک دونوں کو کئی بار ایک ساتھ دیکھا گیا، لیکن دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے رشتے پر کھل کر بات نہیں کی۔

  • پاکستان اور چین کے تعلقا ت وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں،عطا اللہ تارڑ

    پاکستان اور چین کے تعلقا ت وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں،عطا اللہ تارڑ

    وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی کا سفر باہمی اعتماد، تعاون اور آزمودہ شراکت داری کی روشن مثال ہے-

    سی پیک کی تعمیر، پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے اور گلوبل گورننس اقدامات سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے انتہائی مسرت کا موقع ہے پاکستان اور چین کے تعلقا ت وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں –

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف جغرافیائی طور پر ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بھی گہرے اور مضبوط روابط موجود ہیں صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور تعاون کے نئے راستے کھولے سی پیک چین کے ’ایک خطہ، ایک سڑک‘ وژن کا ایک اہم جزو ہے اور یہ منصوبہ پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کی بنیاد بن رہا ہے۔

    عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، میڈیا تعاون، ثقافتی تبادلوں اور مختلف شعبوں میں اشتراک مسلسل فروغ پا رہا ہے، جبکہ وفود کے تبادلے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو سمیت مختلف بین الاقوامی ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوگی۔