Baaghi TV

Blog

  • 
ایرانی حملے میں 63 افراد زخمی، کویت میں ہنگامی طبی اقدامات

    
ایرانی حملے میں 63 افراد زخمی، کویت میں ہنگامی طبی اقدامات

    ‎کویت کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کی علی الصبح کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملے میں کم از کم 63 افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایئرپورٹ کا عملہ اور مسافر بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہنگامی سرجریز بھی کی گئیں۔
    ‎وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے فوراً بعد ملک بھر میں ایک جامع ہنگامی طبی منصوبہ فعال کر دیا گیا۔ ان کے مطابق طبی عملے نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور اب تک سات ہنگامی اور پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
    ‎کویتی وزارتِ خارجہ کے مطابق حملے میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا، جبکہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سمیت کئی اہم تنصیبات اور سفارتی مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے اور متاثرہ تنصیبات کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
    ‎دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ کویت میں موجود امریکی فوجی اڈے اور عسکری تنصیبات اس کی جوابی کارروائیوں کے دائرے میں آتے ہیں۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کویت کی سرزمین کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے، جس کے باعث وہاں موجود امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
    ‎حملے کے بعد کویت میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ مختلف سرکاری ادارے صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ طبی مراکز، ہنگامی امدادی ٹیمیں اور سول دفاع کے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
    ‎علاقائی مبصرین کے مطابق یہ واقعہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اور سنگین مثال ہے، جس کے اثرات نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ عالمی سفارتی اور معاشی صورتحال پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ خلیجی ممالک اور عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

  • شالیمار ٹاؤن، کالج روڈ اور شاہی روڈ کی مرمت ادھوری، بارشوں میں حادثات معمول بن گئے

    شالیمار ٹاؤن، کالج روڈ اور شاہی روڈ کی مرمت ادھوری، بارشوں میں حادثات معمول بن گئے

    لاہور، شالیمار ٹاؤن کے علاقے کالج روڈ اور شاہی روڈ پر سڑک کی مرمت کا کام تاحال مکمل نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد حادثات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ماہ سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے سڑک کو کھودا گیا تھا، تاہم متعلقہ اداروں نے کام مکمل ہونے کے باوجود سڑک کی بحالی اور مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیا، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار اس مسئلے کی نشاندہی اور شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ بارش کے باعث سڑک پر بننے والے گڑھوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کو حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    علاقے کے کاروباری حضرات اور رہائشیوں نے بتایا کہ ادھوری مرمت کے باعث اٹھنے والا گرد و غبار بھی صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔علاقہ مکینوں اور تاجروں نے حکومتِ وقت، سوئی گیس حکام اور متعلقہ وفاقی وزارتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور کالج روڈ و شاہی روڈ کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرکے شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔

    رپورٹ:نور فاطمہ

  • 
ڈسکوز نجکاری میں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کی دلچسپی

    
ڈسکوز نجکاری میں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کی دلچسپی

    ‎پاکستان کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حکومت فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے 51 سے 100 فیصد تک شیئرز فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ بجلی کے شعبے میں کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور مالی نقصانات میں کمی لائی جا سکے۔
    ‎سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس سینیٹر افنان اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نجکاری کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ممالک کے سرمایہ کار مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔ حکام کے مطابق وفاقی کابینہ پہلے ہی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے۔
    ‎نجکاری کمیشن نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ میں خصوصی روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے، جہاں ڈسکوز کی مالی اور آپریشنل صورتحال سے متعلق تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
    ‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیسکو کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جولائی مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے لیے 6 اگست اور 7 ستمبر تک درخواستیں جمع کرائی جا سکیں گی۔
    ‎نجکاری کمیشن نے واضح کیا کہ کسی بھی عالمی یا مقامی سرمایہ کار کو ایک سے زیادہ ڈسکوز خریدنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاکہ مارکیٹ میں مسابقت برقرار رہے اور کسی ایک گروپ کی اجارہ داری قائم نہ ہو۔
    ‎حکام کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مالی نقصانات مسلسل تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ رواں مالی سال اپریل تک ڈسکوز کو مجموعی طور پر 255 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ نقصان 357 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
    ‎اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے نقصانات 600 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جس کے باعث فی الحال اس کی نجکاری ممکن نہیں سمجھی جا رہی۔ مزید برآں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ، جو ایک وقت میں 2300 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا، اب نسبتاً کم ہو چکا ہے، تاہم یہ اب بھی توانائی کے شعبے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق اگر نجکاری کا عمل شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل ہوا تو اس سے بجلی کی ترسیل، وصولیوں اور سروس کے معیار میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ حکومتی مالی بوجھ میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

  • بھارت،200 سالہ قدیم مسجد شہید کر دی گئی

    بھارت،200 سالہ قدیم مسجد شہید کر دی گئی

    وارانسی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی میں انتظامیہ نے مبینہ طور پر 200 سال قدیم ازغیب شہید مسجد کو رات کی تاریکی میں شہید کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی اس کارروائی میں مسجد کے ساتھ موجود مزار اور قبرستان کے ایک حصے کو بھی منہدم کر دیا گیا،رپورٹس کے مطابق انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ایک ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ رات تقریباً 12 بجے موقع پر پہنچے اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا،عام شہریوں اور میڈیا نمائندوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی.مقامی میڈیا کے مطابق تقریباً 42 فٹ بلند مسجد کو پانچ بلڈوزرز کی مدد سے صرف 22 منٹ میں زمین بوس کر دیا گیا۔ کارروائی مکمل ہونے کے فوراً بعد ملبہ ٹرکوں میں بھر کر وہاں سے منتقل کر دیا گیا، جس کے باعث صبح تک مسجد اور مزار کے آثار بھی باقی نہ رہے۔

    انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ازغیب شہید مسجد ریلوے کی اراضی پر قائم تھی اور اس مقام پر کاشی ماڈل ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ زیر عمل ہے۔ حکام کے مطابق زمین ریلوے کی ملکیت تھی اور اس پر تعمیرات غیر قانونی قرار دی گئی تھیں، جس کے بعد عدالتی کارروائی کے نتیجے میں زمین خالی کرانے کا حکم جاری ہوا۔

    دوسری جانب مسلم فریق کا کہنا ہے کہ ازغیب شہید مسجد تقریباً دو صدیوں پرانی تاریخی عبادت گاہ تھی۔ مسجد اور قبرستان کے حوالے سے کئی برسوں سے تنازع جاری تھا۔ مسجد کے متولی شمیم استاد تھے جن کا دو ماہ قبل انتقال ہو گیا تھا،انتظامیہ کے مطابق ریلوے نے زمین واگزار کرانے کے لیے متعدد نوٹس جاری کیے تھے، تاہم اراضی خالی نہ کیے جانے پر انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت آپریشن ٹریفک کے مسائل سے بچنے کے لیے کیا گیا۔

  • 
یکم جولائی سے پاسپورٹ گھر تک پہنچے گا

    
یکم جولائی سے پاسپورٹ گھر تک پہنچے گا

    ‎پاکستان میں پاسپورٹ سروسز کو مزید جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے پاسپورٹ شہریوں کے گھروں تک پہنچانے کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
    ‎ڈی جی امیگریشن نے پاسپورٹ سیکشنز کے دورے کے دوران شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کی شکایات اور مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ عوام کو درپیش مشکلات فوری طور پر حل کی جائیں اور سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
    ‎دورے کے دوران محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو بہتر، تیز رفتار اور آسان سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
    ‎انہوں نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے پاسپورٹس کی ہوم ڈیلیوری کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، جس کے تحت شہریوں کو اپنا پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ اس اقدام سے لمبی قطاروں اور انتظار کی مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
    ‎ڈی جی امیگریشن نے متعلقہ کورئیر کمپنیوں کو ہدایت کی کہ پاسپورٹس کی محفوظ، بروقت اور شفاف ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
    ‎محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور پاسپورٹ سروسز میں مزید اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ ان کے مطابق نئے نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شہریوں کو زیادہ سہولت اور آسانی بھی میسر آئے گی۔

  • 
غیر حاضری پر مکمل تنخواہ کٹوتی کا فیصلہ

    
غیر حاضری پر مکمل تنخواہ کٹوتی کا فیصلہ

    ‎ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا نے ملازمین اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے غیر حاضری کی صورت میں مکمل تنخواہ کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں نئے قواعد و ضوابط کی تفصیلات درج ہیں۔
    ‎جاری کردہ مراسلے کے مطابق اب تمام ملازمین کی تنخواہیں "اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم” اور ڈیجیٹل حاضری ریکارڈ سے مشروط ہوں گی۔ بورڈ کے تمام تعلیمی اور انتظامی اداروں میں اسمارٹ اٹینڈنس سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملازمین کی روزانہ حاضری ڈیجیٹل طور پر ریکارڈ کی جائے گی۔
    ‎مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جون 2026 کی تنخواہیں مئی 2026 کے اسمارٹ اٹینڈنس ریکارڈ کی بنیاد پر ادا کی جائیں گی۔ کسی بھی ملازم کی تنخواہ اس وقت تک جاری نہیں کی جائے گی جب تک اس کی حاضری کا مکمل ریکارڈ نظام میں موجود نہ ہو۔
    ‎ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی ملازم کی غیر حاضری یا بغیر اجازت رخصت ریکارڈ میں درج ہوئی تو اس کے مطابق تنخواہ میں سو فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ یعنی ملازم جتنے دن غیر حاضر رہے گا، اتنے دنوں کی مکمل تنخواہ کاٹی جائے گی۔
    ‎بورڈ کی جانب سے تمام ماتحت اداروں کے سربراہان کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اسمارٹ اٹینڈنس ریکارڈ کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
    ‎اس کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 10 جون 2026 تک تنخواہوں کے بلز بورڈ کو ارسال کریں تاکہ ادائیگیوں کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔
    ‎ورکرز ویلفیئر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اداروں میں نظم و ضبط کو فروغ دینا، ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانا اور تعلیمی و دفتری امور میں شفافیت لانا ہے۔ حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے غیر حاضری اور انتظامی بے ضابطگیوں پر مؤثر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

  • پاک ایران تعلقات مضبوط،خطے میں دیرپا امن کیلئے دعاگو ہیں، سحر کامران

    پاک ایران تعلقات مضبوط،خطے میں دیرپا امن کیلئے دعاگو ہیں، سحر کامران

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے زیر اہتمام امام روح اللہ خمینیؒ کی 37ویں برسی کی یادگاری تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ کی مزاحمت، انصاف اور اسلامی وحدت کے لیے خدمات آج بھی مسلم امہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

    اپنے خطاب میں سحر کامران نے کہا کہ امام خمینیؒ کی جدوجہد اور افکار دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حوصلے، استقامت اور اتحاد کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، خودمختاری اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے امام خمینیؒ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سحر کامران نے تقریب میں مدعو کرنے پر پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور ایرانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط اور دیرینہ ہیں، جبکہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔ سحر کامران نے پاکستان، ایران اور پورے خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

    تقریب میں مختلف سفارتی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امام خمینیؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • ملیالم زبان نے جھانوی کپور کو مشکل میں ڈال دیا

    ملیالم زبان نے جھانوی کپور کو مشکل میں ڈال دیا

    بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ملیالم فلموں میں کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں، کیونکہ ان کے لیے اس زبان کا درست تلفظ اور ادائیگی انتہائی مشکل ثابت ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں جھانوی کپور نے کہا کہ وہ مختلف بھارتی زبانیں سیکھنے اور ان میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، کیونکہ نئی زبانوں اور ثقافتوں سے آشنائی ایک فنکار کے تجربے میں اضافہ کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ملیالم زبان ان کے لیے سب سے زیادہ چیلنجنگ ثابت ہوئی ہے۔اداکارہ نے کہا، ’’میں واقعی تمام زبانیں سیکھنا چاہتی ہوں، لیکن ملیالم کی فونوٹکس میرے لیے بہت مشکل ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں دوبارہ کبھی ملیالم میں کام کروں گی کیونکہ اسے درست انداز میں بولنا میرے لیے آسان نہیں۔ البتہ یہ ایک نہایت خوبصورت اور سریلی زبان ہے۔‘‘

    جھانوی کپور کے مطابق وہ تامل اور تیلگو زبانوں میں نسبتاً زیادہ پراعتماد محسوس کرتی ہیں، کیونکہ ان زبانوں کے تلفظ اور آوازوں سے وہ کافی حد تک مانوس ہیں۔ اسی وجہ سے وہ مستقبل میں تیلگو اور تامل سنیما میں مزید کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

    اداکارہ نے 2024 میں تیلگو فلم دیوارہ پارٹ ون کے ذریعے جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا اور انہیں جنوبی ہند کے شائقین میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔ جھانوی کا کہنا ہے کہ تیلگو فلم انڈسٹری میں کام کرنا ان کے لیے خوشگوار تجربہ رہا، جہاں انہیں ناظرین کی محبت اور کام کے پیشہ ورانہ ماحول نے متاثر کیا۔دوسری جانب جھانوی کپور اپنی نئی تیلگو فلم Peddi کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فلم میں ان کے مدمقابل معروف اداکار رام چرن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم کے ٹریلر کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ کہانی ایک دیہی پس منظر رکھنے والے نوجوان کھلاڑی کے گرد گھومتی ہے جو کرکٹ، ریسلنگ اور دوڑ سمیت مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔

  • مستقبل میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ہے، صدر ٹرمپ

    مستقبل میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ہے، صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس بات پر متفق ہو گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، جبکہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بھی امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں شامل ہیں-

    صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز ’پوڈ فورس ون‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران پہلے ہی اس بات پر رضامندی ظاہر کر چکا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، ایران کی اعلیٰ قیادت امریکا کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں کردار ادا کررہی ہے،امکان ہے کہ وہ کسی مرحلے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    پوڈ کاسٹ میں امریکی صدر نے لبنان کے معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اختلافات کا بھی اعتراف کیا انہوں نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیوں پر وہ خوش نہیں تھے اور اس حوالے سے ان کی نیتن یاہو کے ساتھ سخت گفتگو بھی ہوئی یہ نہیں کہوں گا کہ میں غصے میں تھا، لیکن لبنان کے ساتھ مسلسل لڑائی پر مجھے تشویش ضرور تھی۔” تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے کے باوجود ان کے اور اسرائیلی وز یر اعظم کے تعلقات بدستور اچھے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔

  • گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی ہے

    ملاقات میں سیاسی امور اور ایم ایل-1 ریلوے منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایم ایل-1 ریلوے منصوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، ایم ایل-1 ریلوے ٹریک سے جنوبی اضلاع میں تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ایم ایل-1 منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں معاشی خوشحالی آئے گی ، گورنر خیبرپختونخوا نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا،ملاقات میں خیبرپختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی شریک تھے۔