Baaghi TV

Blog

  • ابراہم معاہدہ  قابلِ قبول نہیں،خواجہ آصف

    ابراہم معاہدہ قابلِ قبول نہیں،خواجہ آصف

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ ابراہیمی معاہدہ قابلِ قبول نہیں کیونکہ یہ ہمارے بنیادی نظریات سے متصادم ہے۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ ابراہیمی کے حوالے سے پاکستان سے امریکی محکمہ خارجہ یا کسی بھی دوسرے فورم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں نہ تو کوئی پیشرفت ہو رہی ہے اور نہ ہی ہمیں کسی نے ایسا کرنے کیلئے کہا ہے، ابراہیمی معاہدہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے کیونکہ یہ ہمارے بنیادی نظریات سے متصادم ہے،انہوں نے دوٹوک انداز میں یاد دہانی کروائی کہ ویسے بھی ہمارے پاسپورٹ پر اسرائیل کا نام ہی شامل نہیں ہے۔

    غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ غزہ معاہدے کی اب بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جن کا ایک دن کا بھی اعتبار نہیں ان کے ساتھ کیسے بیٹھا جا سکتا ہے؟،انہوں نے مزید کہا کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے غیر روایتی انداز کی وجہ سے کامیاب ہو رہے ہیں اور ان کے جتنے بھی امن مذاکرات تھے اب وہ رنگ لا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پاکستان سمیت تمام مسلم ملکوں سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام مسلم ملکوں کیلئے ابراہیمی معاہدے پر دستخط کرنا لازمی ہے، سعودی عرب اور قطر کو دستخط میں پہل کرنی چاہیے،ایک یا دو ملکوں کےدستخط نہ کرنے کی وجہ قبول کروں گا۔

  • چین کی امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ  اتحاد کو وارننگ

    چین کی امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ اتحاد کو وارننگ

    چین نے امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ اتحاد کو دوسرے ممالک کو نشانہ بنانے پر وارننگ دے دی ہے۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے چاروں ممالک کے اتحاد کے اعلیٰ سفارت کاروں کی ملاقات کے حوالے سے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم خصوصی ‘چھوٹے حلقوں’ یا بلاک کے تصادم کی حمایت نہیں کرتے ہیں کیونکہ اس سے کسی خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصا ن پہنچنے کا اندیشہ ہےہم نے ہمیشہ اس بات پر یقین کیا ہے کہ ممالک کے درمیان تعاون سے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد ملنی چاہیے اور کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

    ترجمان نے جاپانی چیف کیبنٹ سیکرٹری مینورو کیہارا کے ریمارکس کا بھی جواب دیا جنھوں نے کہا تھا کہ جاپان کی خصوصی طور پر دفاعی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جاپانی نو عسکریت پسندی کے بارے میں چین کے دعوے بے بنیاد ہیں ترجمان نے جاپان پر زور دیا کہ وہ تاریخ سے گہرا سبق حاصل کرے، امن کے لیے اپنے عزم کا احترام کرے اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے اپنے ایشیائی پڑوسیوں اور بین الاقوامی برادری کا اعتماد جیتے۔

    واضح رہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں بات چیت کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ اور جاپانی وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی کی میزبانی کی تھی جس میں چاروں ممالک نے سمندری نگرانی، اہم معدنی سپلائی چین اور توانائی کی حفاظت کے حوالے سے نئے اقدامات کا اعلان کیا اور یہ بھی کہا کہ وہ متنازعہ جنوبی بحیرہ چین اور مشرقی بحیرہ چین کی صورت حال کے بارے میں فکر مند ہیں2007 میں قائم ہونے والے کواڈ اتحاد نے حالیہ برسوں میں انڈو پیسیفک میں چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان تعاون کو بڑھایا ہے۔

  • ایران امریکا جنگ کے درمیان پاکستان قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا، ترک میڈیا

    ایران امریکا جنگ کے درمیان پاکستان قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا، ترک میڈیا

    ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی تناظر میں پاکستان خطے میں ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

    ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق پاکستان نے خاموش، منظم اور مؤثر سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا ہے جس نے اس کے علاقائی اور عالمی کردار کو نمایاں کیا ہے، خطے کی دیگر طاقتوں کے برعکس پاکستان نے اشتعال انگیز بیانات کے بجائے خاموش، منظم اور بیک چینل ڈپلومیسی کو ترجیح دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارت کاری تشہیر سے دور اور عملی روابط پر مبنی رہی، جس کے باعث مشکل حالات میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکا پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، عسکری اور انٹیلیجنس ساکھ، اور مختلف عالمی و علاقائی طاقتوں کے ساتھ متوا زن تعلقات نے اسے ایک منفرد سفارتی حیثیت فراہم کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان بیک وقت قطر، ترکی، سعودی عرب، چین اور ایران کے ساتھ فعال سفارتی روابط برقرار رکھے ہوئے ہے، جس نے اسے خطے میں ایک اہم ثالثی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور معاہدوں نے بھی پاکستان کی علاقائی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف سخت اور واضح مؤقف اختیار کیا، جس سے پاکستان کی سکیورٹی پالیسی کو مزید استحکام ملا مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی میں پاکستان ایک قابل قبول ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے، تاہم اس اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کو معاشی چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی، ایرانی، سعودی، قطری اور ترک حکام بھی ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کے سفارتی کردار اور ثالثی کوششوں کی تعریف کر چکے ہیں۔

  • وزیراعظم کا یوم عرفہ پر خصوصی پیغام، حجاج کرام کو مبارکباد

    وزیراعظم کا یوم عرفہ پر خصوصی پیغام، حجاج کرام کو مبارکباد

    وزیراعظم شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امتِ مسلمہ اور فریضۂ حج ادا کرنے والے تمام حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حج کا یہ روح پرور اور بابرکت دن عبادت گزاروں کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور فضل و کرم کے حصول کا بہترین موقع ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حاجیوں اور مسلمانوں کی عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسلامی اقدار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی توفیق دے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ محبت، ایثار اور باہمی تعاون ہی قومی ترقی اور خوشحالی کا اصل راز ہیں، حج کی ان بابرکت ساعتوں میں پاکستان دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دعاگو ہے،اللہ تعالیٰ عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرے تاکہ انسانیت کی فلاح اور اجتماعی بھلائی کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔

    شہباز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر ’حج مبارک‘ کہتے ہوئے امتِ مسلمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • روس کی کیف میں بڑے حملے کی تیاری

    روس کی کیف میں بڑے حملے کی تیاری

    روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کی تیاری کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے امریکی سفارتکاروں، شہریوں اور دیگر غیرملکی افراد کو فوری طور پر کیف چھوڑنے کی وارننگ جاری کر دی ہے،روسی وزیر خارجہ نے یوکرینی شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ فوجی تنصیبات سے دور رہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل روس نے کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے شدید حملے کیے تھے، جن میں اوریشنک ہائپر سونک میزائل بھی استعمال کیا گیا۔ ان حملوں کو گزشتہ 4 برس سے جاری جنگ کے دوران کیف پر ہونے والے شدید ترین حملوں میں شمار کیا جا رہا ہےادھر روس اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں یوکرین جنگ اور ایران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ایران کا ایک اور امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایران کا ایک اور امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایران کی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج فارس میں امریکا کے ایم کی-9 ریپر ڈرون کو فضائی حدود کی خلاف ورزی پر مار گرایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس نے ایک دشمن طیارے کی نشاندہی کی جو ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، جس کے بعد اسے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا وہ کسی بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی پر امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کا مکمل اور یقینی حق محفوظ رکھتا ہے۔

    یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے ایران کی راکٹ لانچنگ سائٹس پر دفاعی کارروائی کے تحت حملہ کیا ہے، جبکہ نازک جنگ بندی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہےایم کیو- نائن ریپر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے ایران کی جانب سے فضائی خلاف ورزی کے الزام کے بعد نشانہ بنایا گیا۔

    دوسری جانب ایران کے ان دعوؤں سے قبل امریکا کا کہنا تھا کہ اس نے سیلف ڈیفنس کے تحت جنوبی ایران میں مختلف اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں ان حملوں میں ان کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں، جبکہ میزائل لانچ سائٹس کو بھی ہدف بنایا گیا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا کہ امریکی افواج نے آج جنوبی ایران میں سیلف ڈیفنس کے تحت حملے کیے تاکہ ایرانی فورسز کی جانب سے لاحق خطرات سے اپنے اہلکاروں کا تحفظ کیا جا سکے امریکی سینٹرل کمانڈ جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دستوں کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

    اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی کھلے مباحثے میں شرکت کریں گے یہ اجلاس سلامتی کونسل کی چینی صدارت کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں عالمی و علاقائی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورہ نیویارک کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئیں گے۔

  • اے ایمان والو !تقویٰ اختیار کرو  اور صرف اللہ سے ڈرو، خطبہ حج

    اے ایمان والو !تقویٰ اختیار کرو اور صرف اللہ سے ڈرو، خطبہ حج

    مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام مسجد نبوی ﷺ عبدالرحمان الحذیفی نے کہا کہ رب کے سوا کسی کی عبادت مت کرو، تقویٰ اختیار کرو اور صرف اللہ سے ڈرو،تقوی اختیار کرنے والوں کو جنت کی نوید سنائی گئی ہے،آج کے دن کثرت کے ساتھ دعائیں کی جائیں۔

    امام مسجد نبوی ﷺ عبدالرحمان الحذیفی کا خطبہ حج دیتے ہوئے کہنا تھا مسلمانوں کو کسی بھی مشکل میں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، توحید پر عمل درآمد ایمان کا حصہ ہے اور نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں، تمام گناہ چھوڑ کر قیامت کے دن کی تیاری کی جائے، قیامت کے دن آنے میں کوئی شک نہیں،کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا، عہد کی پاسداری کرو ،ایمان والوں کے سا منے اللہ کی آیات پیش کی جائیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔

    شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے کہا کہ مسلمان توحید کی دعوت پر لبیک کہتے ہیں ،یہ وہ عظیم جگہ ہے جہاں اللہ نےاپنا پاک کلام نازل فرمایا نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں، نبی اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں، مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے، صبر کرنے والوں کیلئےاللہ تعالیٰ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے،ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں-

    خطبہ میں کہا گیا کہ اللہ فرماتا ہے سب نےمیری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے، اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے حجاج دنیا کے دور دراز علاقوں سے آئے ہیں، حج اللہ کے سامنے جھکنے اور نبی کریم ﷺکی پیروی کرنے کا نام ہے، اللہ کا فرمان ہے کہ ہمیشہ جھوٹ بات سے بچو۔

    امام مسجد نبویﷺ علی عبدالرحمان الحذیفی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں ،جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں،اللہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے،اے ایمان والوں ، اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو،حج کے دوران کسی قسم کی لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرنا چاہئے، کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حالات پر رحم فرمائے۔

    امام الحج نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ وہ مناسکِ حج بہترین انداز میں ادا کریں، ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں اور عرفات سے روانگی کے بعد مزدلفہ جائیں جہاں اللہ کے ذکر اور عبادات میں مشغول رہیں خطبے کے اختتام پر امتِ مسلمہ، مسلم دنیا کے مسائل، امن و استحکام، مسلمانوں کی ہدایت، گناہوں کی مغفرت اور اعمال کی قبولیت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • امریکا نے ایرانی شہریوں پر  پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا،ایران

    امریکا نے ایرانی شہریوں پر پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا،ایران

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جنگ کے دوران ایرانی شہریوں پر طویل فاصلے تک درست ہدف کو نشانہ بنانے والے پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا۔

    عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 28 فروری کو ہونے والے ایک امریکی میزائل سسٹم کی تفصیلات جاری کی ہیں یہ حملہ کھیلوں کے ایک ہال (اسپورٹس ہال) پر کیا گیا تھا جو امریکا اور اسرائیل کے ایران کے خلاف جنگ کے پہلے روز کا واقعہ بتایا گیا ہے۔

    اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس حملے میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں دو سالہ بچی بھی شامل تھی، اس حملے میں ایک نئے ہتھیار کے نظام کا استعمال کیا گیا جس میں ایئر برسٹ میزائلز شامل تھے ان میزائلوں سے تیز رفتار ٹنگسٹن پیلٹس خارج ہوئے تھے جو پورے علاقے میں ہر سمت انتہائی تباہ کن طاقت کے ساتھ پھیل گئے تھے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ غلطی نہیں تھا بلکہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا جس کے تحت ایک نئے ہتھیار کی تباہ کن صلا حیت کو ایرانی شہریوں پر آزمایا گیا۔ انہوں نے اسے ایک واضح اور قابلِ مذمت جنگی جرم قرار دیا یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے ز مرے میں آتا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    امریکی ریاست میری لینڈ میں قائم دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے مطابق یہ طویل فاصلے تک درست ہدف کو نشانہ بنانے والا پریسیژن اسٹرائیک میزائلز سسٹم ہے کمپنی نے دسمبر 2023 میں امریکی فوج کو پہلے پریسیژن اسٹرائیک میزائلز فراہم کیے تھے یہ میزائل 60 کلومیٹر (37 میل) سے لے کر 499 کلومیٹر (310 میل) سے زائد فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ان جدید میزائلوں ایم ایل آر ایس ایم 270 اور ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم کو فیملی آف لانچرز کے ساتھ ہم آہنگ بنایا گیا ہے، جو دونوں بھی لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ ہیں اور برطانیہ اور امریکا کی افواج استعمال کرتی ہیں۔

    ایم ایل آر ایس ایم کا مطلب ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹمز ہے، جو میزائل فائر کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اور برطانیہ نے 2022 میں اس کے متعدد سسٹمز یوکرین کو بھیجے تھے۔ HIMARS کا مطلب ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم ہے، اور اسی سال امریکا نے بھی اس کے کئی یونٹس یوکرین کو فراہم کیے تھے۔

    ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم کا ایم – 142 ایک ہائی ٹیک، ہلکا اور پہیوں پر نصب راکٹ لانچر ہے جو میدانِ جنگ میں زیادہ تیزی اور نقل و حرکت کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ ہر یونٹ میں چھ جی پی ایس گائیڈڈ راکٹ یا بڑے میزائل جیسے آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹمز اور پریسیژن اسٹرائیک میزائل شامل کیے جا سکتے ہیں، اور انہیں صرف ایک چھوٹے عملے کے ذریعے تقریباً ایک منٹ میں دوبارہ لوڈ کیا جا سکتا ہے، پریسیژن اسٹرائیک میزائل کو تیزی سے تیار کیا جا سکتا ہے، اور کمپنی امریکی فوج کے طویل فاصلے تک درست نشانے والے اسلحہ کے تیز تر منصوبے کے مطابق پیداوار اور ترسیل کے لیے تیار ہے۔

  • امریکی حکومت صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتی ہے،پاسداران انقلاب

    امریکی حکومت صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتی ہے،پاسداران انقلاب

    ایران کے خاتم الانبیاء سنٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے بارہا یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتی ہے-

    ابراہیم ذوالفقاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ جاری بیان میں کہا کہ جب تک امریکی ہمارے خطے میں اپنی عسکری مہم جوئی جاری رکھیں گے، اس وقت تک کوئی معاہدہ ممکن نہیں ہوگا،امریکی حکومت نے بارہا یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتی ہے، 200 ڈالرز کے تیل کو ’ہیلو‘ کہہ دیں۔

    ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے ایک سینئر ترجمان ابوالفضل شیکرچی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور وسیع تر ہوگا جو خطے سے باہر تک پھیل سکتا ہے اگر دوبارہ جنگ کی صورت پیدا ہوئی تو ایران کے حملے خطے کی سرحدوں سے باہر تک پہنچیں گے اور یہ گزشتہ ادوار کے مقابلے میں زیادہ شدید اور زیادہ پرتشدد ہوں گے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی سر اٹھانے لگی ہے، اس سے قبل امریکی سینٹرل کمان(سینٹ کام) کا بیان سامنے آیا تھا کہ جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی ایران میں فضائی حملے کیے گئے ہیں جس میں ڈرون لانچنگ تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا امریکی سینٹرل کمانڈ نے جنوبی ایران میں فضائی حملے کیے، امریکی فورسز نے ایران کے ڈرون لانچنگ تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ بارودی سرنگین بچھانے والی ایرانی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا امریکی فوج جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی افواج کا دفاع کرے گی۔