Baaghi TV

Blog

  • 
ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی پذیرائی

    
ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی پذیرائی

    ‎امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر مسلسل سراہا جا رہا ہے۔
    ‎ترک میڈیا ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر مؤثر کردار ادا کیا اور دیگر علاقائی قوتوں کے برعکس خاموش، منظم اور نتیجہ خیز سفارت کاری کو ترجیح دی۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارت کاری تشہیر سے دور، بیک چینل رابطوں اور خاموش مذاکرات پر مبنی رہی، جس کے ذریعے مشکل حالات میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطے برقرار رکھے گئے۔
    ‎ٹی آر ٹی کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، عسکری و انٹیلیجنس ساکھ، اور امریکا، ایران، چین، خلیجی ممالک اور ترکیہ کے ساتھ متوازن تعلقات نے اسے ایک منفرد سفارتی حیثیت فراہم کی۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ اقتصادی راہداریوں، علاقائی روابط اور سفارتی استحکام کی ضامن کے طور پر بھی سامنے آئی ہے۔
    ‎ترک میڈیا نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون نے بھی پاکستان کی علاقائی ساکھ کو مضبوط کیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف سخت اور واضح مؤقف اپنایا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران پاکستان ایک ایسے ملک کے طور پر ابھرا جسے مختلف فریق قابلِ قبول ثالث سمجھتے ہیں۔
    ‎تاہم ٹی آر ٹی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پاکستان کو اپنے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کے لیے اندرونی معاشی چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔
    ‎واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی، ایرانی، سعودی، قطری اور ترک حکام بھی ایران امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار اور ثالثی کی کوششوں کی تعریف کر چکے ہیں۔

  • 
آبنائے ہرمز ہر صورت کھلے گی، امریکا کا واضح مؤقف

    
آبنائے ہرمز ہر صورت کھلے گی، امریکا کا واضح مؤقف

    ‎امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ہر صورت کھولنا ہوگا اور عالمی بحری آمدورفت کی بحالی ناگزیر ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معاہدے کی زبان اور تفصیلات طے کرنے میں ابھی چند دن لگ سکتے ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ آج قطر میں اہم مذاکرات ہوئے ہیں اور ابتدائی دستاویز میں استعمال ہونے والے مخصوص الفاظ اور شرائط پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔
    ‎مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیشرفت ضرور ہوئی ہے لیکن ابھی کئی تکنیکی اور سفارتی معاملات طے ہونا باقی ہیں۔
    ‎ایک سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ “آبنائے ہرمز کو کھلنا ہوگا، جس طرح بھی ممکن ہو، یہ کھلنی ہی چاہیے۔”
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت عالمی سیاست اور معیشت کا اہم ترین مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات عالمی تیل منڈی، معیشت اور تجارتی سرگرمیوں پر مزید بڑھ سکتے ہیں۔
    ‎دوسری جانب مارکو روبیو نے یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امریکا اور یوکرین کے درمیان کوئی فعال یا حتمی مذاکرات جاری نہیں ہیں۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی موجودہ توجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران مذاکرات اور خطے میں استحکام پر مرکوز ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق قطر میں ہونے والے حالیہ مذاکرات آنے والے دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی بنیاد بن سکتے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اب بھی کئی حساس معاملات زیر بحث ہیں۔

  • 
امریکی شخص چمگادڑوں والی تنگ غار میں 6 گھنٹے پھنسا رہا

    
امریکی شخص چمگادڑوں والی تنگ غار میں 6 گھنٹے پھنسا رہا

    ‎امریکی ریاست نیویارک میں ایک شخص اس وقت خوفناک صورتحال کا شکار ہوگیا جب وہ چمگادڑوں سے بھری ایک تنگ اور تاریک غار میں پھنس گیا اور چھ گھنٹے تک باہر نہ نکل سکا۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بروکلین سے تعلق رکھنے والا یہ شخص اپنے دوستوں کے ساتھ ریاست نیویارک کے علاقے کینان میں واقع مارلن غار کی سیر کیلئے گیا تھا۔
    ‎فارسٹ رینجرز حکام کے مطابق یہ گروپ غار کے اُس خطرناک حصے میں موجود تھا جسے “بیئر ٹریپ” کہا جاتا ہے، جہاں انتہائی تنگ راستہ موجود ہے اور نیچے ایک چشمہ بہتا ہے۔
    ‎حکام نے بتایا کہ چٹان پر شدید پھسلن ہونے کے باعث یہ شخص اچانک پھسل کر ایک نہایت تنگ جگہ میں جا پھنسا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق وہ مزید اندر سرکتا چلا گیا اور اس کا پورا جسم دو چٹانوں کے درمیان بری طرح جکڑ گیا، جس کے بعد وہ خود کو نکالنے میں مکمل طور پر بے بس ہوگیا۔
    ‎فارسٹ رینجرز کے مطابق ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے چٹانیں اسی انداز میں بنی ہوں کہ کوئی شخص ان میں پھنس جائے۔
    ‎اگرچہ متاثرہ شخص غار کے داخلی راستے سے صرف 400 فٹ دور تھا، لیکن تنگ جگہ اور مشکل راستے کے باعث اسے نکالنا انتہائی دشوار ثابت ہوا۔
    ‎اس کے دوست فوری طور پر غار سے باہر نکلے اور امدادی ٹیم کو اطلاع دی، جس کے بعد ریسکیو اہلکار رات 9 بجے موقع پر پہنچے۔
    ‎ریسکیو حکام کے مطابق انہوں نے تقریباً دو گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد پہلے اس کے جسم کو چند انچ سرکایا، پھر ڈرلنگ اور ہتھوڑوں کی مدد سے چٹان کا حصہ توڑ کر اسے آزاد کرایا۔
    ‎متاثرہ شخص کو رات دو بجے غار سے نکالا گیا۔
    ‎حیران کن طور پر چھ گھنٹے تک پھنسے رہنے کے باوجود وہ شخص پوری کارروائی کے دوران مذاق کرتا رہا اور اس کے حوصلے بلند رہے۔
    ‎طبی معائنے کے بعد بتایا گیا کہ خوش قسمتی سے وہ کسی بڑی چوٹ سے محفوظ رہا۔

  • 
سیول میں اوور پاس گرنے سے 3 افراد ہلاک

    
سیول میں اوور پاس گرنے سے 3 افراد ہلاک

    ‎جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک زیرِ انہدام اوور پاس کا حصہ اچانک گرنے سے تین افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
    ‎غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اوور پاس کی حفاظتی جانچ کی جا رہی تھی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق حادثہ سیول کے مرکزی علاقے میں ریلوے کراسنگ کے قریب پیش آیا جہاں اوور پاس کا ایک بڑا حصہ سڑک پر آ گرا۔
    ‎ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ امدادی کارکن ملبے کے درمیان سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے رہے جبکہ گرنے والے ڈھانچے کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری رہیں۔
    ‎سیول سٹی حکام کے مطابق گزشتہ رات ہی اوور پاس کے ڈھانچے میں عدم استحکام کے آثار سامنے آئے تھے، جس کے بعد منہدم کرنے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
    ‎حکام نے بتایا کہ منگل کی دوپہر حفاظتی معائنہ جاری تھا اور ماہرین سپورٹ اسٹرکچر کے اندر موجود تھے کہ اسی دوران اوور پاس کا حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا۔
    ‎فائر حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد سینئر سرکاری تعمیراتی افسران اور ایک نجی شعبے کے ماہر تھے جو حفاظتی معائنہ انجام دے رہے تھے۔
    ‎حادثے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ماہرین اوور پاس کے گرنے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
    ‎جنوبی کوریا میں اس واقعے کے بعد تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
    ‎مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

  • رنویر سنگھ پر فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگ گئی

    رنویر سنگھ پر فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگ گئی

    بھارتی اداکار رنویر سنگھ پر فلم ڈان 3 سے اچانک علیحدگی کے تنازع پر فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز کی جانب سے پابندی لگا دی گئی۔

    فیڈریشن کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ جب تک رنویر سنگھ ہدایتکار فرحان اختر کے ساتھ مبینہ 45 کروڑ روپے کے نقصان کا معاملہ حل نہیں کرتے، اس وقت تک کوئی بھی پروڈکشن ہاؤس ان کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔

    یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب فرحان اختر کی کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے الزام عائد کیا کہ رنویر سنگھ نے تین فلموں کا معاہدہ کرنے کے باوجود آخری وقت پر ڈان 3 سے علیحدگی اختیار کر لی پروڈیوسرز نے مطالبہ کیا ہے کہ رنویر سنگھ تمام پری پروڈکشن اخراجات کی ذمے داری قبول کریں، تاہم فیڈریشن کی ثا لثی کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں رنویر سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ کسی ’مناسب قانونی فورم‘ پر حل کیا جانا چاہیے۔

    فیڈریشن نے اپنے مؤقف میں کہا کہ فلمی صنعت ایک مشترکہ خاندان کی مانند ہے جہاں اچانک علیحدگیاں پورے نظام کو متاثر کرتی ہیں، اس لیے ایسے رویوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا چیف ایڈوائزر اشوک پنڈت نے بھی واضح کیا کہ آئندہ اس نوعیت کے معاملات پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

    پابندی کے اعلان کے بعد رنویر سنگھ کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے فلمی انڈسٹری اور ڈان فرنچائز سے وابستہ تمام افراد کا احترام کرنے کی بات کی ہے۔

    ان کے ترجمان کے مطابق رنویر سنگھ نے ڈان 3 سے متعلق تنازع کے دوران جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پیشہ ورانہ معاملات کو وقار اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف قیاس آرائیوں کے باوجود اداکار نے کبھی عوامی سطح پر جواب دینے کو مناسب نہیں سمجھا اور ان کی توجہ مکمل طور پر اپنے آئندہ پروجیکٹس پر ہے۔

    دوسری جانب فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ متعدد نوٹسز کے باوجود رنویر سنگھ کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا، جس کے بعد نان کوآپریشن ڈائریکٹو جاری کیا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے رویے اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ڈان فرنچائز میں اس سے قبل شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں، جبکہ 2023 میں رنویر سنگھ کو ڈان 3 کے لیے سائن کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی علیحدگی کے بعد معاملہ شدت اختیار کرگیا اور اب یہ تنازع انڈسٹری کے مختلف فورمز تک پہنچ چکا ہے۔

  • سونےاور چاندی  کی قیمتوں میں کمی

    سونےاور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،سونے کی قیمت میں 24 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جبکہ مقامی سطح پر فی تولہ سونا تقریباً 2400 روپے سستا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24ڈالر کی کمی سے 4ہزار 530ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 400روپے کی کمی سے 4لاکھ 75ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2ہزار 57روپے کی کمی سے 4لاکھ 7ہزار 546روپے کی سطح پر آگئی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت ایک ڈالر 53سینٹ گھٹ کر 76ڈالر 33سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 153روپے کی کمی سے 8ہزار 117روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 131روپے کی کمی سے 6ہزار 959روپے کی سطح پر آگئی۔

    ملائیشیا کی جانب سے سونے کی کچھ بارز پر 10 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے بعد ایشیائی بلین مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی مئی کے آغاز سے ہی بعض سونے کی درآمدی کھیپوں پر اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس سے جنوب مشرقی ایشیا کی گولڈ ٹریڈ شدید متاثر ہونے لگی ہے۔

    تاجروں اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ نئی ڈیوٹی کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور تجارت میں سست روی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پہلے ہی سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے اور اب ملائیشیا کے اس اقدام نے سرمایہ کاروں کو نئی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں معاشی بے یقینی، جنگی کشیدگی اور ڈالر کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار بڑی تعداد میں سونے کا رخ کر رہے ہیں۔

  • ابراہم معاہدہ  قابلِ قبول نہیں،خواجہ آصف

    ابراہم معاہدہ قابلِ قبول نہیں،خواجہ آصف

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ ابراہیمی معاہدہ قابلِ قبول نہیں کیونکہ یہ ہمارے بنیادی نظریات سے متصادم ہے۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ ابراہیمی کے حوالے سے پاکستان سے امریکی محکمہ خارجہ یا کسی بھی دوسرے فورم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں نہ تو کوئی پیشرفت ہو رہی ہے اور نہ ہی ہمیں کسی نے ایسا کرنے کیلئے کہا ہے، ابراہیمی معاہدہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے کیونکہ یہ ہمارے بنیادی نظریات سے متصادم ہے،انہوں نے دوٹوک انداز میں یاد دہانی کروائی کہ ویسے بھی ہمارے پاسپورٹ پر اسرائیل کا نام ہی شامل نہیں ہے۔

    غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ غزہ معاہدے کی اب بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جن کا ایک دن کا بھی اعتبار نہیں ان کے ساتھ کیسے بیٹھا جا سکتا ہے؟،انہوں نے مزید کہا کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے غیر روایتی انداز کی وجہ سے کامیاب ہو رہے ہیں اور ان کے جتنے بھی امن مذاکرات تھے اب وہ رنگ لا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پاکستان سمیت تمام مسلم ملکوں سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام مسلم ملکوں کیلئے ابراہیمی معاہدے پر دستخط کرنا لازمی ہے، سعودی عرب اور قطر کو دستخط میں پہل کرنی چاہیے،ایک یا دو ملکوں کےدستخط نہ کرنے کی وجہ قبول کروں گا۔

  • چین کی امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ  اتحاد کو وارننگ

    چین کی امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ اتحاد کو وارننگ

    چین نے امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ اتحاد کو دوسرے ممالک کو نشانہ بنانے پر وارننگ دے دی ہے۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے چاروں ممالک کے اتحاد کے اعلیٰ سفارت کاروں کی ملاقات کے حوالے سے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم خصوصی ‘چھوٹے حلقوں’ یا بلاک کے تصادم کی حمایت نہیں کرتے ہیں کیونکہ اس سے کسی خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصا ن پہنچنے کا اندیشہ ہےہم نے ہمیشہ اس بات پر یقین کیا ہے کہ ممالک کے درمیان تعاون سے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد ملنی چاہیے اور کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

    ترجمان نے جاپانی چیف کیبنٹ سیکرٹری مینورو کیہارا کے ریمارکس کا بھی جواب دیا جنھوں نے کہا تھا کہ جاپان کی خصوصی طور پر دفاعی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جاپانی نو عسکریت پسندی کے بارے میں چین کے دعوے بے بنیاد ہیں ترجمان نے جاپان پر زور دیا کہ وہ تاریخ سے گہرا سبق حاصل کرے، امن کے لیے اپنے عزم کا احترام کرے اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے اپنے ایشیائی پڑوسیوں اور بین الاقوامی برادری کا اعتماد جیتے۔

    واضح رہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں بات چیت کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ اور جاپانی وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی کی میزبانی کی تھی جس میں چاروں ممالک نے سمندری نگرانی، اہم معدنی سپلائی چین اور توانائی کی حفاظت کے حوالے سے نئے اقدامات کا اعلان کیا اور یہ بھی کہا کہ وہ متنازعہ جنوبی بحیرہ چین اور مشرقی بحیرہ چین کی صورت حال کے بارے میں فکر مند ہیں2007 میں قائم ہونے والے کواڈ اتحاد نے حالیہ برسوں میں انڈو پیسیفک میں چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان تعاون کو بڑھایا ہے۔

  • ایران امریکا جنگ کے درمیان پاکستان قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا، ترک میڈیا

    ایران امریکا جنگ کے درمیان پاکستان قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا، ترک میڈیا

    ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی تناظر میں پاکستان خطے میں ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

    ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق پاکستان نے خاموش، منظم اور مؤثر سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا ہے جس نے اس کے علاقائی اور عالمی کردار کو نمایاں کیا ہے، خطے کی دیگر طاقتوں کے برعکس پاکستان نے اشتعال انگیز بیانات کے بجائے خاموش، منظم اور بیک چینل ڈپلومیسی کو ترجیح دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارت کاری تشہیر سے دور اور عملی روابط پر مبنی رہی، جس کے باعث مشکل حالات میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکا پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، عسکری اور انٹیلیجنس ساکھ، اور مختلف عالمی و علاقائی طاقتوں کے ساتھ متوا زن تعلقات نے اسے ایک منفرد سفارتی حیثیت فراہم کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان بیک وقت قطر، ترکی، سعودی عرب، چین اور ایران کے ساتھ فعال سفارتی روابط برقرار رکھے ہوئے ہے، جس نے اسے خطے میں ایک اہم ثالثی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور معاہدوں نے بھی پاکستان کی علاقائی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف سخت اور واضح مؤقف اختیار کیا، جس سے پاکستان کی سکیورٹی پالیسی کو مزید استحکام ملا مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی میں پاکستان ایک قابل قبول ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے، تاہم اس اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کو معاشی چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی، ایرانی، سعودی، قطری اور ترک حکام بھی ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کے سفارتی کردار اور ثالثی کوششوں کی تعریف کر چکے ہیں۔

  • وزیراعظم کا یوم عرفہ پر خصوصی پیغام، حجاج کرام کو مبارکباد

    وزیراعظم کا یوم عرفہ پر خصوصی پیغام، حجاج کرام کو مبارکباد

    وزیراعظم شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امتِ مسلمہ اور فریضۂ حج ادا کرنے والے تمام حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حج کا یہ روح پرور اور بابرکت دن عبادت گزاروں کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور فضل و کرم کے حصول کا بہترین موقع ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حاجیوں اور مسلمانوں کی عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسلامی اقدار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی توفیق دے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ محبت، ایثار اور باہمی تعاون ہی قومی ترقی اور خوشحالی کا اصل راز ہیں، حج کی ان بابرکت ساعتوں میں پاکستان دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دعاگو ہے،اللہ تعالیٰ عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرے تاکہ انسانیت کی فلاح اور اجتماعی بھلائی کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔

    شہباز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر ’حج مبارک‘ کہتے ہوئے امتِ مسلمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔