Baaghi TV

Blog

  • ‎ایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا، دنیا کو یقین دلانے کو تیار ہیں: پزشکیان

    ‎ایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا، دنیا کو یقین دلانے کو تیار ہیں: پزشکیان

    ‎ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران دنیا کو یہ یقین دلانے کے لیے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں۔
    ‎ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صدر پزشکیان نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ ایران پہلے بھی واضح کر چکا ہے اور آج دوبارہ اس مؤقف کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں چاہتا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت سے قبل بھی ایران نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا اور اب بھی دنیا کو اعتماد میں لینے کے لیے تیار ہے۔
    ‎ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران خطے میں عدم استحکام نہیں چاہتا بلکہ اسرائیلی حکومت خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
    ‎تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی مذاکرات کار قومی عزت، خودمختاری اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
    ‎یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عندیہ دیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد مذاکرات سے متعلق اہم اعلان کر سکتے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی صدر کا حالیہ بیان عالمی برادری کو اعتماد میں لینے اور جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز، اقتصادی پابندیوں اور جوہری پروگرام کے معاملات پر حساس مذاکرات جاری ہیں۔

  • 
کراچی میں پولیس نفری کی کمی، جرائم پر قابو پانا مشکل

    
کراچی میں پولیس نفری کی کمی، جرائم پر قابو پانا مشکل

    کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کی ایک بڑی وجہ پولیس نفری کی شدید کمی قرار دی جا رہی ہے، جہاں عالمی معیار کے مقابلے میں شہر میں پولیس اہلکاروں کی تعداد انتہائی کم ہے۔
    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق روزگار اور دیگر وجوہات کی بنا پر دوسرے شہروں سے آنے والے لاکھوں افراد بھی شہر میں مقیم ہیں، جو سرکاری اعداد و شمار میں شامل نہیں۔
    ‎ماہرینِ سماجیات کا کہنا ہے کہ بغیر منصوبہ بندی کے قائم ہونے والی آبادیوں، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور محدود معاشی مواقع نے جرائم میں اضافے کی راہ ہموار کی ہے۔
    ‎کراچی پولیس کے تین زونز اور 8 اضلاع میں مجموعی طور پر 110 تھانے قائم ہیں۔ ایسٹ زون میں ضلع ایسٹ، کورنگی اور ملیر شامل ہیں جہاں تقریباً 11 ہزار 500 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎ویسٹ زون میں ضلع ویسٹ اور سینٹرل شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 6750 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ساوتھ زون میں ضلع ساؤتھ، سٹی اور کیماڑی شامل ہیں جہاں 8100 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے مجموعی طور پر 26 ہزار 350 اہلکار تعینات ہیں، جن میں آپریشنل پولیس اور تفتیشی افسران شامل ہیں۔
    ‎اس کے علاوہ 16 ہزار 152 افسران و اہلکار دفتری امور اور دیگر انتظامی شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ وی وی آئی پی اور وی آئی پی سیکیورٹی پر 5461 اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎عالمی معیار کے مطابق ہر 300 سے 400 شہریوں کے لیے ایک پولیس اہلکار ہونا چاہیے، تاہم کراچی میں صورتحال اس کے برعکس ہے جہاں 774 شہریوں پر صرف ایک پولیس اہلکار موجود ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق پولیس نفری کی کمی، وسائل کا فقدان اور آبادی میں تیزی سے اضافہ کراچی میں جرائم پر قابو پانے کی کوششوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

  • 
ایران نے ہرمزگان میں اسرائیلی جاسوس ڈرون مار گرایا

    
ایران نے ہرمزگان میں اسرائیلی جاسوس ڈرون مار گرایا

    ‎ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج نے صوبہ ہرمزگان میں ایک اسرائیلی جاسوس اور نگرانی کرنے والا ڈرون مار گرایا ہے۔
    ‎رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا ڈرون اسرائیلی ساختہ “آربیٹر” ڈرون تھا جو مبینہ طور پر نگرانی اور جاسوسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
    ‎ایرانی حکام کے مطابق ڈرون کو صوبہ ہرمزگان کی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد اس کا ملبہ ایرانی بحریہ کے تعاون سے تلاش کر لیا گیا۔
    ‎ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا اور مناسب وقت پر اسے تباہ کر دیا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ہرمزگان صوبہ جغرافیائی اور عسکری اعتبار سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جہاں حالیہ مہینوں میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایسے واقعات خطے میں مزید تناؤ پیدا کر سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا، ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان سفارتی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
    ‎ایرانی حکام نے اس واقعے کو ملکی سلامتی کے خلاف کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی فضائی اور بحری حدود کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

  • 
وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ پہنچ گئے

    
وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ پہنچ گئے

    ‎وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے کے دوران ہانگژو میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
    ‎چینی دارالحکومت پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رون کیو نے کیا۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ چین کے دوران اعلیٰ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، سی پیک اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق وزیراعظم بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
    ‎اس سے قبل ہانگژو میں وزیراعظم نے پاکستان چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی جہاں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال میں دونوں ممالک کی سفارتی ہم آہنگی بھی زیرِ بحث آئے گی۔

  • 
لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینوں میں فنی خرابیاں، مسافروں کو شدید مشکلات

    ‎لاہور سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب دو اہم ٹرینوں میں فنی خرابیاں سامنے آ گئیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق کراچی ایکسپریس کو مہراب پور اور پڈی دان کے درمیان انجن میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ٹرین کو ٹریک پر روکنا پڑا۔
    ‎صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب ٹرین کی پاور وین بھی خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم بند ہو گیا اور شدید گرمی میں مسافر سخت اذیت کا شکار ہو گئے۔
    ‎مسافروں نے شکایت کی کہ کئی گھنٹوں تک نہ مناسب معلومات فراہم کی گئیں اور نہ ہی متبادل انتظامات کیے گئے، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
    ‎دوسری جانب کراچی جانے والی گرین لائن ٹرین میں بھی ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں دو بوگیوں کو جوڑنے والی اسٹیل پلیٹ سفر کے دوران ٹوٹ گئی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق خرابی کے باوجود ریلوے عملے نے متاثرہ حصے کو کپڑے کی پٹی سے باندھ کر ٹرین کو دوبارہ روانہ کر دیا، جس پر مسافروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
    ‎اس واقعے نے ریلوے کے حفاظتی انتظامات اور مینٹیننس کے معیار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے ریلوے حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
    ‎شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرینوں کی بروقت مرمت اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • 
روس کا یوکرین پر ہائپرسونک میزائلوں اور 600 ڈرونز سے بڑا حملہ

    
روس کا یوکرین پر ہائپرسونک میزائلوں اور 600 ڈرونز سے بڑا حملہ

    ‎روس نے یوکرین پر ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ کرتے ہوئے ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائلوں سمیت سیکڑوں ڈرونز استعمال کیے، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کیف اور ساحلی شہر اوڈیسا میں شدید تباہی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق روس نے یوکرینی حدود میں تقریباً 600 ڈرونز اور 90 میزائل داغے، جن میں جدید ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔ حملوں کے دوران مختلف علاقوں میں دھماکوں اور آگ کے بڑے شعلے دیکھے گئے جبکہ آسمان پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
    ‎یوکرینی حکام کے مطابق کیف میں فضائی حملے کے سائرن مسلسل بجتے رہے اور شہری اپنی جانیں بچانے کے لیے انڈر گراؤنڈ میٹرو اسٹیشنز اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہوتے رہے۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد فوری طور پر جاری نہیں کی گئی۔
    ‎دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے لوہانسک ریجن میں ایک اسکول ہاسٹل پر یوکرینی کارروائی کے جواب میں کیے گئے، جہاں روس کے مطابق 21 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے تھے۔
    ‎یوکرین نے روسی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو بے بنیاد الزامات کو جواز بنا کر یوکرینی شہروں اور عام شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
    ‎یوکرینی حکومت نے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ حملے جنگ میں مزید شدت آنے کا اشارہ ہیں۔

  • 
بحرین میں ایران سے تعاون کے الزام میں 9 افراد کو عمر قید

    
بحرین میں ایران سے تعاون کے الزام میں 9 افراد کو عمر قید

    ‎بحرین کی ایک عدالت نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ مبینہ تعاون کے الزام میں 9 افراد کو عمر قید جبکہ مزید 2 افراد کو تین سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
    ‎سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزمان پر بحرین کے خلاف دشمنانہ اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
    ‎بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان حساس مقامات سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے، نگرانی کرنے اور ان معلومات کی ترسیل میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ ان پر مالی لین دین میں سہولت فراہم کرنے اور مبینہ نیٹ ورک کی معاونت کا بھی الزام تھا۔
    ‎بحرینی حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران ایسے شواہد سامنے آئے جن کی بنیاد پر عدالت نے ملزمان کو سزائیں سنائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی قومی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
    ‎بحرین اور ایران کے تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے کشیدہ رہے ہیں، جبکہ بحرینی حکومت ماضی میں بھی ایران پر داخلی معاملات میں مداخلت اور مختلف گروپوں کی حمایت کے الزامات عائد کرتی رہی ہے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق بڑھتے سیکیورٹی خدشات کے باعث خلیجی ممالک اپنی داخلی سلامتی کے حوالے سے مزید سخت اقدامات کر رہے ہیں۔

  • مقبوضہ یروشلم میں صومالی لینڈ کے سفارتخانے کا افتتاح، پاکستان سمیت اسلامی ممالک کا سخت ردعمل

    مقبوضہ یروشلم میں صومالی لینڈ کے سفارتخانے کا افتتاح، پاکستان سمیت اسلامی ممالک کا سخت ردعمل

    پاکستان اور سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک نے مقبوضہ یروشلم میں نام نہاد صومالی لینڈ کے سفارتخانے کے افتتاح کی شدید مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ یروشلم میں نام نہاد صومالی لینڈ کے سفارت خانے کے افتتاح کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    مشترکہ وزارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے اور مقبوضہ یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت پر براہِ راست حملہ تصور کیا جاتا ہے،وزرائے خارجہ نے مقبوضہ یروشلم میں غیر قانونی حقائق مسلط کرنے یا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی کسی بھی ادارے یا انتظام کو جواز فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے یکطرفہ اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ مشرقی یروشلم 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے، اور اس کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کالعدم، غیر مؤثر اور قانونی حیثیت سے محروم ہیں وزرائے خارجہ نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صومالی سرزمین کی وحدت کو نقصان پہنچانے یا اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو دوٹوک انداز میں مسترد کیا۔

    واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسرائیل نے متنازع صومالی لینڈ کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے اسلامی ممالک کی جانب سے مسترد کیا گیا تھا۔

  • بنوں:سیکیورٹی فورسز کا  آپریشن، 2 اہم خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار شہید

    بنوں:سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 اہم خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار شہید

    بنوں میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 اہم خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے میریان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر گزشتہ روز پاک فوج، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا کارروائی کے دوران علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے خوارجی سرغنہ زمری نور اور افغان خوارجی کمانڈر عبدا للہ سعید کو بھی ہلاک کر دیا گیا، انتہائی کٹھن اور طویل آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے کارروائی کے دور ان پولیس کے دو اہلکار، کانسٹیبل وحید اللہ خان اور نوراللہ خان فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔

    شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، علاقہ عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔

  • کوئٹہ: چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش

    کوئٹہ: چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئی جی بلوچستان پولیس نے کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی،آئی جی بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس میں معصوم لوگوں پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی گئی اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا گیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، درندوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیاشہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں ہر مشکل گھڑی میں وہ بلوچستان کے ساتھ رہے ہیں، شہداء کے خون کے مقروض ہیں،فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔