Baaghi TV

Blog

  • ایپسٹین نے جیل میں خودکشی نہیں کی؟ ڈاکٹرز کا  دعویٰ

    ایپسٹین نے جیل میں خودکشی نہیں کی؟ ڈاکٹرز کا دعویٰ

    کمسن بچیوں سے جنسی زیادتی اور انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں ملوث بدنام امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کی موت سے متعلق ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی بلکہ ممکنہ طور پر ان کا گلا دبایا گیا تھا یہ دعویٰ ان کی موت کے حوالے سے جاری بحث کو ایک بار پھر تازہ کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین اگست 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس وقت سرکاری طور پر ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا، تاہم اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

    دوسری جانب ایپسٹین سے مبینہ تعلقات کے معاملے پر عالمی لاجسٹکس کمپنی ڈی پی ورلڈ کے سربراہ سلطان احمد بن سلیم مستعفی ہو گئے ہیں رپورٹس کے مطابق ایپسٹین سے متعلق جاری دستاویزات میں ان کا نام بھی سامنے آیا تھا۔

    حال ہی میں امریکی محکمہ انصاف نے ایپسٹین کیس سے متعلق نئی فائلز جاری کی ہیں جن میں کمسن بچوں سے جنسی زیادتی اور انسانی اسمگلنگ کے الزامات کی تفصیلات شامل ہیں ان دستاویزات کے بعد اس کیس سے جڑے مختلف افراد پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

  • 
ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ شروع

    
ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ شروع

    اڈیالہ جیل میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کی تصدیق جیل انتظامیہ نے کر دی ہے۔
    ذرائع کے مطابق مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم معائنے میں شریک ہے، جبکہ اسلام آباد کے معروف اسپتالوں کے ڈاکٹرز بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے تفصیلی معائنے کے لیے ہولی فیملی اسپتال سے خصوصی طبی آلات بھی جیل منتقل کیے گئے ہیں تاکہ مکمل طبی جانچ ممکن بنائی جا سکے۔
    ‎جیل حکام کے مطابق طبی معائنے کی رپورٹ مرتب کیے جانے کے بعد متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا۔

  • فیلڈ مارشل کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    فیلڈ مارشل کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس (CDF) نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر مختلف اہم ملاقاتوں میں شرکت کی۔

    فیلڈ مارشل اور سی ڈی ایف نے متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جرمن حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران فیلڈ مارشل اور سی ڈی ایف نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ مسٹر الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی پالیسی کے مشیر مسٹر گنٹر ساٹر اور وفاقی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقات کی، ان ملاقاتوں میں عصری سیکیو رٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ و کثیرالجہتی مکالمے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔

    مزید برآں، چیف آف آرمی اور سی ڈی ایف نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگوئیار فریرے کے ساتھ بھی مفید ملاقات کی جس میں دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل اور سی ڈی ایف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

  • ویلنٹائن ڈے :سوکیش چندر شیکھر کا  جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفہ

    ویلنٹائن ڈے :سوکیش چندر شیکھر کا جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفہ

    منی لانڈرنگ کیس میں قید بھارتی شہری سوکیش چندر شیکھر نے ویلنٹائن ڈے پر اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفے میں دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوکیش چندر شیکھر اس وقت 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید ہیں تاہم انہوں نے جیل سے جیکولین فرنینڈس کو ایک محبت نامہ لکھا جس میں مہنگے تحفے کا ذکر کیا گیا ، خط میں انہوں نے اداکارہ کو ’’بیبی بوما‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور اپنے مبینہ تعلق کا دوبارہ اظہار کیا۔

    سوکیش نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جیکولین فرنینڈس کیلئے ایئربس ایچ سیریز کا ایک لگژری ہیلی کاپٹر خریدا ہے جس کی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے ہے، جبکہ اس ہیلی کاپٹر کو اداکارہ کے نام کے ابتدائی حروف "JF” کے ساتھ خصوصی طور پر ڈیزائن بھی کیا گیا ہے یہ قیمتی تحفہ ان کی ذاتی کمائی سے خریدا گیا ہے اور اس کا مقصد اداکارہ کو شوٹنگ کے لیے دور دراز مقامات تک آسان سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    خط میں سوکیش نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جیل کی سلاخوں کے باعث وہ اداکارہ سے دور ہیں لیکن ان کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی، یہ تحفہ ان کی محبت کی علامت ہے اور وہ ہر مشکل کے باوجود جیکولین کو یاد کرتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ کو مہنگے تحائف دینے کا دعویٰ کیا ہو، اس سے قبل بھی وہ جیکولین فرنینڈس کو قیمتی تحائف اور جائیداد دینے کے دعوے کر چکے ہیں، تاہم اداکارہ کی جانب سے اس تازہ خط یا مبینہ تحفے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • لاہور جمخانہ انتخابات : دو پینلز کی 6،6 نشستیں

    لاہور جمخانہ انتخابات : دو پینلز کی 6،6 نشستیں

    لاہور جم خانہ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے انتخابات میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلمان صدیق، میاں مصباح الرحمن گروپ اور مناپلی بریکر پینل نے 12 میں سے 6،6 نشستیں حاصل کر کے برابری قائم کر دی۔

    جمخانہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دو مختلف پینلز برابر نشستیں لے کر سامنے آئے ہیں،گزشتہ روز ہونے والے انتخاب میں تین مختلف پینلز کے مجموعی طور پر 39 امیدوار مدِ مقابل تھے کلب کے تقریباً 55 سو ممبران میں سے 3158 ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، جس سے انتخابی عمل میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوئی۔

    مناپلی بریکر پینل کے ڈاکٹر علی رزاق 1772 ووٹ لے کر سرفہرست رہے سلمان صدیق 1733 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر کامیاب قرار پائے جبکہ میاں مصباح الرحمن نے 1700 ووٹ حاصل کیے واجد عزیز خان 1693، کامران لاشاری 1637، سردار احمد نواز سکھیرا 1549 اور سرمد ندیم 1536 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ دیگر کامیاب امیدواروں میں ڈاکٹر جواد ساجد (1328)، تسنیم نورانی (1297)، میاں پرویز بھنڈارا (1268)، ضیاء الرحمن خان (1220) اور مسز سمیرا نذیر (1201) شامل ہیں۔

    نتائج کے بعد دونوں گروپس کے درمیان چیئرمین کے عہدے کے لیے جوڑ توڑ اور مشاورت کا سلسلہ تیز ہونے کا امکان ہے۔

  • سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج،  جماعت اسلامی کیخلاف مقدمہ درج

    سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج، جماعت اسلامی کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی:جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہراحتجاج دھرنے اورہنگامہ آرائی کے خلاف آرام باغ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقدمہ 34 نامزد ملزمان سمیت 325 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا سرکارمدعیت میں مقدمے میں ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ،سڑک بند کرنے،کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اورانسداد دہشت گردی سمیت دیگردفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

    احتجاجی دھرنے کے دوران پولیس ایکشن کے دوران جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے 30 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس افسران و ملازمان زخمی بھی ہوئے۔

    مقدمے متن کے مطابق جماعت اسلامی کی سینئیر قیادت صفیان دیلا،عثمان شریف ، فیضان ،جواد شعیب اوردیگرنامعلوم سینیئرقیادت دھرنے اوراحتجاج کی سرپرستی کررہے تھےاوراپنی تقریروں کے ذریعے اشتعال پھیلاتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے۔

    احتجاج میں 300 سے 325 افراد شامل تھے دوران تقریراوردھرنے میں شامل افراد جو کہ ڈنڈوں ، لاٹھیوں اوراسلحہ سے مسلحہ ہوکراچانک مشتعل ہوگئے بلوا اورہنگامہ آرائی پراترآئے اورپولیس پرحملہ بول دیا جس کے نتیجے میں انسپکٹر راجہ مسعود،ایس ایچ او پریڈی ایوب میرانی ،ایس ایچ او انسپکٹر شاہ فیصل خان ، پو لیس کانسٹیبل زوہیب زخمی ہوئے۔

    متن کے مطابق مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے اینٹی رائٹ کا استعمال کیا گیا اورمیگا فون کے ذریعے اعلانات کیے گئے کہ ہنگامہ آرائی نہ کریں اور منتشرہوجائیں لیکن ہجوم مشتعل رہااس کے بعد گیس شیلوں کے ذریعے ہجوم کومنشر کیا گیا۔ دوران ہنگامہ آرائی 30 افراد کوگرفتار کیا گیا جبکہ دیگر نامعلوم موقع پر سے فرار ہو گئے۔

    موقع پرسے 30 بور پستول کے 5 چلیدہ خون ، نائن ایم ایم پستول کے 5 چلیدہ خول ، 15 ڈنڈے ، مختلف سائز کے 35 پتھر،79گیس شیل کے خول پولیس قبضے میں لیے گئیے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے گورئمنٹ پراپرٹی کو نقصان ہوا۔

  • دوربین سے رمضان کا چاند دیکھنے کی کوشش نہ کریں،ماہرین فلکیات کا انتباہ جاری

    دوربین سے رمضان کا چاند دیکھنے کی کوشش نہ کریں،ماہرین فلکیات کا انتباہ جاری

    متحدہ عرب امارات کے ماہرینِ فلکیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ 17 فروری کورمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے دوران دوربین یا بائنوکولرز کا غیر محفوظ استعمال آنکھوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ 17 فروری کو سورج گرہن بھی ہوگا اور غروبِ آفتاب کے وقت چاند سورج کے انتہائی قریب ہوگا جس کے باعث براہِ راست یا بالواسطہ سورج کی تیز شعاعیں آنکھوں پر پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے انٹرنیشنل آسٹرونومی سینٹر جو ابوظہبی میں قائم ہے، کے مطابق 17 فروری کو ریاض میں غرو بِ آفتاب کے وقت سورج اور چاند کے درمیان زاویائی فاصلہ تقریباً ایک درجے کے قریب ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق اس صورتحال کا مطلب یہ ہے کہ اگر باریک ہلال موجود بھی ہو تو وہ سورج کے قرص سے تقریباً آدھا درجہ فاصلے پر ہوگا ایسی صورتحال میں اگر کوئی شخص دوربین کو ہلال کی سمت کرے تو سورج یا اس کی تیز روشنی دوربین کے میدانِ نظر میں آ سکتی ہے جو بینائی کیلئے شدید خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    دوسری جانب دبئی آسٹرونومی گروپ کی آپریشنز مینیجر خدیجہ الحریری نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ سورج گرہن دن کے وقت ہوگا تاہم غروبِ آفتاب کے وقت بھی چاند سورج کے بے حد قریب ہوگا، اس لیے غیر محفوظ طریقے سے مشاہدہ کرنا خطرناک ہو سکتا ہے اگر کوئی شخص سور ج کےمکمل غروب ہونے کا انتظار بھی کرے تو اُس وقت تک چاند کا نچلا کنارہ افق سے نیچے جا چکا ہوگاجس کے باعث ہلال دیکھنا عملی طور پر ممکن نہیں رہے گا۔

    واضح رہے کہ سائنسی حساب کی بنیاد پر بعض ممالک نے رمضان المبارک کی ممکنہ تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے جو ممکنہ طور پر 19 فروری ہو سکتی ہے، ماہر ین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ہلال یا گرہن کا مشاہدہ صرف محفوظ طریقوں اور ماہرین کی رہنمائی میں کیا جائے۔

  • امریکی ناظم الامور   امریکا-پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم

    امریکی ناظم الامور امریکا-پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم

    امریکی ناظم الامور نیٹالی اے بیکرنے صبح کی کافی کے دوران اپنی ذاتی زندگی اور کام کے بارے میں کچھ دلچسپ باتیں شیئر کیں۔

    نیٹالی اے بیکر نے کہا کہ سفارتی مصروفیات کے باوجود عوام کے قریب رہنا پسند کرتی ہوں۔ امریکی ناظم الامورنے نئے سلسلے NBExplores Pakistan ‘ کے آغاز کا بھی اعلان کیا،نیٹالی بیکر نے پاکستانی عوام سے اپنے تعلق کو "دل سے قریب” قرار دیا انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کاروبارکرنے والی امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ اجلاس کی تیاری کر رہی ہوں، امریکی کمپنیاں پاکستان میں روزگا رکے مواقع پیدا کریں گی پاکستان بھرمیں لنکن کارنرکے ذریعے امریکامیں تعلیم اور ثقافت کے حوالے سے آگاہی فراہم کررہے ہیں،م یں عربی، ہسپانو ی ،کچھ فارسی اور تھوڑی تھوڑی اردوبھی بول لیتی ہوں۔

  • طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں کا وین ڈرائیور پر شدید تشدد

    طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں کا وین ڈرائیور پر شدید تشدد

    بھکر کے نواحی علاقے برکت والا میں کالج طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے وین ڈرائیور پر شدید تشدد کیا۔

    پولیس کے مطابق چند اوباش افراد نے طالبات کو تنگ کرنے کی کوشش کی، جس پر وین ڈرائیور قاسم نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں منع کیا ڈرائیور کے روکنے پر ملزمان طیش میں آگئے اور اپنے دیگر ساتھیوں کو بلا کر قاسم پر تشدد کیا۔ بتایا گیا ہے کہ 4 افراد نے ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے آدھ موا حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق نے فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا –

    ڈی پی او شہزاد رفیق نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور اوباش عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

  • نجی کمپنی کے مالک کی ساتھی کیساتھ مل کر ملازم حاملہ خاتون  سے اجتماعی زیادتی

    نجی کمپنی کے مالک کی ساتھی کیساتھ مل کر ملازم حاملہ خاتون سے اجتماعی زیادتی

    لاہور: کاہنہ میں حاملہ خاتون سے اجتماعی زیادتی پر کاہنہ پولیس نے 15 کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے زیادتی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو جوہر ٹاؤن سے ٹریس کیا گیا مقدمے کی کارروائی کی نگرانی ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی خود کر رہی تھیں، متاثرہ خاتون سات ماہ کی حاملہ تھی اور نجی کٹرنگ کمپنی کے ساتھ بطور ویٹر منسلک تھی، کٹرنگ کمپنی کے مالک نے بہانے سے خاتون کو ڈیفنس روڈ پر واقع نجی سوسائٹی کے ایک گھر بلایا، جہاں اس نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ایک ملزم نے خاتون کو زیادتی سے منع کرنے پر تھپڑ بھی مارا واقعے پر تھانہ کاہنہ میں دفعہ 375A کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے گرفتار ملزمان عباس اور اعظم کو مزید تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے، ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔