Baaghi TV


کراچی ہیٹ ویو 2015، اموات 5000 سے زائد ہونے کا دعویٰ

heatwave

‎کراچی میں 2015 کی شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے ایک بار پھر چونکا دینے والا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار سے زائد تھی۔ یہ دعویٰ ایدھی فاؤنڈیشن کے ریکارڈ کے حوالے سے سامنے آیا، جس نے سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ اموات کی نشاندہی کی ہے۔
‎یہ انکشاف پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام عالمی یوم مزدور کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں کیا گیا، جہاں "ماحولیاتی تبدیلی اور مزدوروں کے حقوق” کے موضوع پر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ ماحولیاتی تبدیلی میں کوئی کردار نہیں رکھتا، لیکن اس کے باوجود سب سے زیادہ متاثر یہی طبقہ ہوتا ہے۔
‎سیمینار میں بتایا گیا کہ 2015 کی گرمی کی شدید لہر کے دوران سرکاری طور پر تقریباً 300 اموات رپورٹ کی گئیں، تاہم ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اصل تعداد 5 ہزار سے زیادہ تھی۔ مقررین کے مطابق ان اموات میں اکثریت محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی تھی، جو شدید گرمی اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
‎مقررین نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان میں واضح ہو رہے ہیں اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں ایسے سانحات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے، خاص طور پر مزدور طبقے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

More posts