Baaghi TV

Blog

  • کرکٹ تو ٹھیک ، مگر نوکری کیا کروگے؟ گرل فرینڈ کے سوال پر کھلاڑی حیران

    کرکٹ تو ٹھیک ، مگر نوکری کیا کروگے؟ گرل فرینڈ کے سوال پر کھلاڑی حیران

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر بھونیشور کمار نہ صرف اپنی شاندار باؤلنگ بلکہ اپنی دلچسپ محبت کی کہانی کے باعث بھی خبروں میں آ گئے ہیں۔ حال ہی میں آئی پی ایل میں 200 وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کرنے والے بھونیشور کمار کی ذاتی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق، شادی سے قبل ان کی اہلیہ نوپور ناگرنے انہیں ایک ایسا سوال پوچھا جس نے خود اسٹار کرکٹر کو بھی حیران کر دیا۔ نوپور نے بھونیشور سے پوچھا: “کرکٹ تو ٹھیک ہے، لیکن آپ مستقبل میں جاب کیا کریں گے؟” اس غیر متوقع سوال پر بھونیشور کمار کچھ لمحوں کے لیے ہکا بکا رہ گئے۔بھونیشور کمار نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس وقت وہ رنجی ٹرافی کھیل رہے تھے اور ہندوستان کے لیے کھیلنے کا خواب رکھتے تھے۔ انہوں نے بڑی مشکل سے نوپور کو قائل کیا کہ کرکٹ ہی ان کا پیشہ اور مستقبل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نوپور اس وقت ایک سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کر رہی تھیں، اس لیے وہ ایک مستحکم کیریئر کے بارے میں سنجیدہ تھیں۔

    یہ محبت کی کہانی بچپن سے شروع ہوئی۔ دونوں ایک ہی محلے میں پلے بڑھے اور کم عمری میں ہی ایک دوسرے کو جاننے لگے۔ وقت کے ساتھ یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ نوپور نے انکشاف کیا کہ بھونیشور نے انہیں تین بار پرپوز کیا پہلے میسج، پھر فون کال، اور آخر میں آمنے سامنے،کچھ عرصے تک یہ رشتہ گھر والوں سے پوشیدہ رکھا گیا، تاہم بعد میں دونوں خاندانوں نے اس رشتے کو قبول کر لیا۔ بالآخر 23 نومبر 2017 کو میرٹھ میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

  • حاملہ ہونے کے باوجود اداکارہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم شوٹنگ میں

    حاملہ ہونے کے باوجود اداکارہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم شوٹنگ میں

    کیپ ٹاؤن: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی آنے والی فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جنہوں نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون، جنہوں نے حال ہی میں اپنے دوسرے حمل کا اعلان کیا ہے، اس کے باوجود اپنے مصروف شیڈول کے تحت فلمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ ان دنوں جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔فلم کے سیٹ سے لیک ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کو ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر میں دیپیکا نارنجی لباس میں نظر آ رہی ہیں جبکہ ان کا بیبی بمپ بھی واضح دکھائی دے رہا ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، ایک تبصرہ میں لکھا گیا ، دونوں کا انداز شاندار ہے،جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ واہ، شاہ رخ 60 کی عمر میں بہت اچھے لگ رہے ہیں۔ ایک اور مداح نے لکھا کہ یہ دونوں بہت اچھے لگ رہے ہیں، ان کا اسٹائل بالکل پرفیکٹ ہے

    دوسری جانب شاہ رخ خان سفید اور نیلی دھاری دار شرٹ اور نیلی پینٹ میں ملبوس دکھائی دیے، جب کہ شوٹنگ کے مقام پر بڑی تعداد میں مداح بھی جمع ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے دونوں اداکاروں کی کیمسٹری کو سراہتے ہوئے اسے "لاجواب” قرار دیا۔

    رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون کا کام کا شیڈول پہلے سے منظم کیا گیا ہے، اور وہ نہ صرف گانے کی شوٹنگ بلکہ فلم کے ایکشن سے بھرپور کلائمکس سینز میں بھی حصہ لیں گی۔ فلم میں ابھیشیک بچن اور سہانا خان بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم ’کنگ‘ کی کاسٹ میں دیگر بڑے نام بھی شامل ہیں اور اسے 24 دسمبر 2026 کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔ یہ فلم اس حوالے سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ اس میں شاہ رخ خان پہلی بار اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔

  • لاہور،القاعدہ سے تعلق  رکھنے والا شخص  مزنگ سےگرفتار

    لاہور،القاعدہ سے تعلق رکھنے والا شخص مزنگ سےگرفتار

    لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم القاعدہ سے مبینہ تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے بین شدہ کتب اور دیگر مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 27 اپریل 2026 کی صبح تھانہ سی ٹی ڈی لاہور کی حدود میں کی گئی۔ ابتدائی اطلاعی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکار معمول کی گشت اور اشتہاری ملزمان کی تلاش میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع میں بتایا گیا کہ مزنگ کے علاقے میں واقع مسجد حنفیہ خوشید مغل سرائے کے قریب ایک مشتبہ شخص کالعدم تنظیم القاعدہ کے لیے لوگوں کو اکسانے اور ممنوعہ لٹریچر تقسیم کرنے میں مصروف ہے۔اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے پولیس ٹیم نے فوری طور پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم محمد سعد بن ریاض ولد محمد ریاض سکنہ بہاولپور کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے پانچ عدد بین شدہ کتب، ایک مبینہ ممبرشپ کارڈ اور نقدی برآمد ہوئی۔ جامہ تلاشی کے دوران ملزم سے بین شدہ کتابیں” شہید اسامہ صحرا سے سمندر تک ” برآمد ہوئیں اور مذکورہ کے ٹراؤزر کی دائیں سائیڈ والی جیب سے القاعدہ کا ممبر شپ کارڈ برآمد ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے مواد کو قبضے میں لے کر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے شواہد کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی بھی قسم کی شدت پسندی یا غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
    firrr

  • فیصل موورز ،ٹکٹ مہنگا،سہولیات غائب،خاتون صحافی سعدیہ خالد پھٹ پڑیں

    فیصل موورز ،ٹکٹ مہنگا،سہولیات غائب،خاتون صحافی سعدیہ خالد پھٹ پڑیں

    نجی بس سروس فیصل موورز کی جانب سے مہنگے ٹکٹوں کے باوجود سہولیات کی عدم فراہمی پر مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے خاتون صحافی سعدیہ خالد کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے دورانِ سفر بس سروس کے ناقص انتظامات کو بے نقاب کیا ہے

    ویڈیو بیان میں خاتون صحافی سعدیہ خالد کا کہنا تھا کہ وہ لاہور سے اسلام آباد سفر کر رہی تھیں اور انہوں نے مہنگی ٹکٹ اس امید پر خریدی کہ انہیں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس نکلی۔ ان کے مطابق بس میں نہ تو وعدے کے مطابق فری وائی فائی دستیاب تھا اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب عملے سے اس حوالے سے شکایت کی گئی تو ان کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ تھا۔ بس اٹینڈنٹ نے شکایت سننے کے بجائے انہیں ٹکٹ پر درج ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا، مگر مذکورہ نمبر بھی بند پایا گیا۔سعدیہ خالد کا کہنا تھا کہ کمپنی مسافروں سے ڈبل قیمت وصول کرتی ہے اور سہولیات کے نام پر صرف دعوے کیے جاتے ہیں بس میں لگی اسکرین پر صرف ڈرامے اور فلمیں دیکھنے کی سہولت موجود تھی جبکہ باقی تمام وعدے محض اشتہاری دعوے ثابت ہوئے

    سعدیہ خالد نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مبینہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مسافروں کو ان کے حقوق کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی ویڈیو پر شدید ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر نجی ٹرانسپورٹ کمپنیاں بھاری کرایہ وصول کرتی ہیں تو انہیں معیاری سروس فراہم کرنا بھی یقینی بنانا چاہیے۔سعدیہ خالد کی ویڈیو پر کمنٹ میں عباس ملک کا کہنا تھا کہ ایک اور چیز جو آپ مس کر گئیں ان کی گاڑیوں کا تاخیر سے ٹرمینل سے نکلنا معمول کی بات ہے ۔جب ٹرمینل پر اس حوالے سے پوچھا جائے کہ گاڑی کیوں لیٹ ہے تو ان کاعملہ مسافروں کو ایک دوسرے کی طرف بھیجتا ہے کہ فلاں کے پاس جائیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز ،وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کو نوٹس لینا چاہیے

  • ٹیکسلا،مدرسے کے قاری کی 14 سالہ طالب علم سے زیادتی

    ٹیکسلا،مدرسے کے قاری کی 14 سالہ طالب علم سے زیادتی

    تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مدرسے کے 14 سالہ طالب علم کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پولیس نے طالب علم کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق مدعی جاوید خان نے پولیس کو بیان دیا کہ ان کا 14 سالہ بیٹا، جو نویں جماعت کا طالب علم ہے، گوہڈ موڑ ٹیکسلا میں واقع ایک مدرسے میں حفظ قرآن کر رہا ہے۔ 28 اپریل 2026 کو شام کے وقت جب ان کا بیٹا مدرسے سے واپس گھر آیا تو اس کی حالت غیر تھی اور وہ کافی سہما ہوا تھا،طالب علم نے اپنے والدین کو بتایا کہ مدرسے کے استاد زین علی ولد ذوالفقار احمد نے اسے مدرسے کی چھت پر واقع کمرے میں لے جا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ بچے کے مطابق، ملزم نے اسے واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

  • پاکستان اور اسلام آباد کے لیے میرے دل میں بہت احترام ہے، ٹرمپ

    پاکستان اور اسلام آباد کے لیے میرے دل میں بہت احترام ہے، ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے بات چیت ہورہی ہے مگر آگے نہیں بڑھ رہی، ایران کی نئی تجاویز سے مطمئن نہیں ہیں، نہیں چاہتے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوں۔

    صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ وہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہبازشریف کی بہت عزت کرتے ہیں،پاکستان اور اسلام آباد کے لیے میرے دل میں بہت احترام ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے لیے بھی بے حد احترام ہے۔ وہ ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں، اس وقت ہماری توجہ مذاکرات پر ہے۔،ایران ہم سے ڈیل کرنا چاہتا ہے، ایران کی قیادت تقسیم ہوچکی ہے، میں نہیں چاہتا کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوں، ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتے تو دنیا کوآج زیادہ خطرہ ہوتا، ایران کی قیادت میں کوئی کچھ کہتا ہے اور کوئی کچھ، ایران کی موجودہ قیادت الجھن کا شکار ہے، ایران کی نیوی، فضائیہ سب کچھ تباہ ہوچکا ہے، ایرانیوں کو یہ بھی آئیڈیا نہیں کہ ان کی قیادت کس کے پاس ہے، ایران کے خلاف فوجی آپریشن میں ہم نے کامیابی حاصل کی ، ایران کے خلاف فوجی آپریشن میں ہم نے کامیابی حاصل کی، ایران سے مذاکرات جاری ہیں، یقین نہیں کسی نتیجے پر پہنچ سکیں گے، ایران پر ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں، انہیں تباہ کر دیں یا معاہدہ کر لیں، ایران کے ساتھ ٹیلی فون کے ذریعے مذاکرات کر رہے ہیں، ایران ایسی چیزیں مانگ رہا ہے جن سے میں اتفاق نہیں کر سکتا۔

  • سابق سینیٹر مشتاق احمد  کی اسرائیلی حراست سے رہائی ہو گئی،اسحاق ڈار

    سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی حراست سے رہائی ہو گئی،اسحاق ڈار

    اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی پر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے، جنہیں اسرائیلی قابض افواج نے دیگر انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے ہمراہ پر غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا۔

    اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ، مشتاق احمد خان کی رہائی ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے یونانی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کریٹ، یونان میں ان کی سہولت کاری کی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ترکیہ کی قیادت اور حکومت کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے مشتاق احمد خان کی استنبول منتقلی اور وہاں سے پاکستان واپسی کے انتظامات میں بھرپور تعاون کیا۔وزیر خارجہ نے دفتر خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے کی مؤثر کارروائی کو بھی سراہا، جن کی کوششوں سے یہ ممکن ہوا۔اسحاق ڈار نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور غزہ کے محصور عوام کے لیے بھیجی جانے والی امداد میں رکاوٹ ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    انہوں نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

  • باجوڑ،فتنۃ الخوارج کا کرکٹ گراؤنڈ پرکواڈ کاپٹر سے حملہ،تین افراد زخمی

    باجوڑ،فتنۃ الخوارج کا کرکٹ گراؤنڈ پرکواڈ کاپٹر سے حملہ،تین افراد زخمی

    خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فتنۃ الخوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ کو نشانہ بنایا گیاہے سکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے ماموند میں نام نہاد فتنہ الخوارج نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔

    مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں کرکٹ میچ جاری تھا اور نوجوان کھیل میں مصروف تھے۔ اچانک ہونے والے اس حملے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ مہینوں کے دوران ماموند اور سلارزئی کے علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال تشویشناک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ اور اپریل کے دوران بھی ان علاقوں میں مارٹر گولے فائر کیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ماضی میں قیمتی جانی نقصان بھی ہو چکا ہے، جس میں تین خواتین اور چھ بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور اس کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز شدت پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فورسز نہ صرف حملہ آوروں بلکہ ان کے ٹھکانوں اور معاون انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔

  • کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی تقریب، نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو خراجِ تحسین

    کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی تقریب، نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو خراجِ تحسین

    کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی ایک باوقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم، نظم و ضبط اور ہمہ جہت تربیت کے شاندار مظاہر دیکھنے کو ملے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عاطف مجتبیٰ (آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ) تھے، جنہوں نے تقریب میں بطور خاص شرکت کی۔

    اس موقع پر کیڈٹس کے والدین، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، پشین کے ڈپٹی کمشنر، مقامی عمائدین اور سول و ملٹری افسران کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی، جس سے تقریب کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔تقریب کا آغاز کیڈٹس کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو شاندار گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا، جس نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد کیڈٹس نے مختلف عملی سرگرمیوں، جسمانی تربیت، پریڈ اور تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے کیڈٹ کالج پشین کے اعلیٰ تعلیمی و تربیتی معیار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی جیسے اوصاف سے آراستہ کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اداروں کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری راستہ فراہم کیا جا سکے۔

    تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ والدین اور دیگر شرکاء نے کیڈٹس کی محنت، خود اعتمادی اور اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہتے ہوئے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔آخر میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کیڈٹ کالج پشین جیسے تعلیمی ادارے بلوچستان کی نوجوان نسل کی کردار سازی، ذہنی و جسمانی نشوونما اور قومی جذبے کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔

  • 
یورپی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف، ٹرمپ کا بڑا اعلان

    
یورپی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف، ٹرمپ کا بڑا اعلان

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے عالمی تجارتی تعلقات میں ایک نئی کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
    ‎صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین طے شدہ تجارتی معاہدے کی مکمل پابندی نہیں کر رہی، جس کے باعث امریکا کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے یورپی گاڑیوں پر محصولات میں نمایاں اضافہ نافذ کر دیا جائے گا۔
    ‎ٹرمپ کے مطابق اگر یورپی کمپنیاں امریکا میں گاڑیاں اور ٹرک تیار کریں تو انہیں کسی قسم کے ٹیرف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو امریکی معیشت اور صنعت کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ امریکا میں اس وقت کئی آٹوموبائل اور ٹرک کے کارخانے زیر تعمیر ہیں، جن میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک ریکارڈ سرمایہ کاری ہے اور ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے امریکی کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر جوابی اقدامات بھی سامنے آ سکتے ہیں، جس سے عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔