Baaghi TV

Blog

  • سینیٹ قائمہ کمیٹی کا  سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے  تعاون نہ کرنے کا نوٹس

    سینیٹ قائمہ کمیٹی کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے تعاون نہ کرنے کا نوٹس

    سینیٹ قائمہ کمیٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستانی اداروں سے تعاون نہ کرنے کا نوٹس لے لیا، وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے فوری بریفنگ طلب کرتے ہوئے کل اجلاس بھی بلالیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف کی ایکس پر اسرائیل مخالف پوسٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے،اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے حکمت عملی پر بریفنگ دیں گے، خواجہ آصف کی پوسٹ ایکس سے ہٹائے جانے پر بھی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی۔

    دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں ایف بی آر کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر نے کہا افسران کو بھاری تنخواہیں اسمگلنگ روکنے اور ٹیکس زیادہ اکٹھا کرنے کیلئے دی گئیں مگر پھر بھی ٹارگٹ پورا نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ جنگ سے پہلے ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے کا ٹارگٹ 500 ارب روپے کم تھا اب تو پہلے سے کہیں زیادہ ہوگیا ہوگا۔ سینیٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ افسران کو بھاری تنخواہ ضرور دیں مگر وہ ٹارگٹ بھی تو پورا کریں۔

  • سائبر فراڈ پر کمبوڈیا میں گرفتار 54 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی

    سائبر فراڈ پر کمبوڈیا میں گرفتار 54 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی

    پاکستان نے کمبوڈیا میں سائبر فراڈ کے ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیے گئے 54 پاکستانی شہریوں کا معاملہ نمٹا لیا-

    دفتر خارجہ کے مطابق یہ کارروائی پاکستان کے سفارتخانے کی مسلسل سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی، جس نے کمبوڈین حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور زیر حراست شہریوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی،یہ افراد آن لائن اسکام کمپاؤنڈ پر چھاپے کے بعد حراست میں لیے گئے تھے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈین حکومت نے خیرسگالی کے طور پر فیصلہ کیا ہے کہ گرفتار 54 پاکستانی شہریوں کو کسی قانونی کارروائی کے بغیر واپس بھیجا جائے گا، یہ فیصلہ حال ہی میں نافذ ہونے والے ‘آن لائن اسکیمز کے خلاف قانون’ کے تحت ممکن ہوا ہے، جس میں سخت سزائیں اور جرمانے شامل ہیں،پاکستان کا سفارتخانہ مسلسل ان افراد سے رابطے میں ہے اور ان کی وطن واپسی کے لیے فلائٹ انتظامات کیے جا رہے ہیں، یہ افراد جلد پاکستان روانہ کر دیے جائیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق کمبوڈیا میں اس نوعیت کے نیٹ ورکس کے خلاف حالیہ مہینوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اندازہ ہے کہ 200 سے زائد پاکستانی شہری مختلف کیسز میں وہاں موجود ہو سکتے ہیں،کمبوڈیا کے شہر سیئمریپ میں ہونے والی اس کارروائی میں ایسے مراکز کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر منظم آن لائن فراڈ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں ان مراکز میں غیر ملکی شہریوں کو ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے لایا جاتا ہے اور بعض اوقات انہیں دھوکے یا دباؤ کے ذریعے آن لائن دھوکہ دہی میں شامل کیا جاتا ہے۔

  • میکسیکو میں سابق ملکہ حسن کو ساس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا

    میکسیکو میں سابق ملکہ حسن کو ساس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا

    میکسیکو میں سابق ملکہ حسن کیرولائنا فلورس گومیز کو مبینہ طور پر ان کی ساس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 15 اپریل کو میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں پیش آیا واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 27 سالہ کیرولائنا اپنے گھر میں موجود تھیں جب ان کی ساس اچانک ان کے پیچھے آئیں اور فائرنگ کر دی۔

    رپورٹس کے مطابق جب مقتولہ کا شوہر اپنے بچے کو گود میں اٹھائے کمرے سے باہر آیا تو ملزمہ نے کہا کہ اس نے مجھے غصہ دلایا، اس پر شوہر نے جواب دیا کہ وہ میرا خاندان ہے، جس کے جواب میں ساس نے مبینہ طور پر کہا کہ تم میرے ہو، اس عورت نے تمہیں مجھ سے دور کر دیا ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزمہ موقع سے فرار ہو گئی، جس کی تلاش جاری ہے حکام اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا مقتولہ کے شوہر کا اس واقعے میں کسی قسم کا کردار یا معاونت شامل تھی یا نہیں۔

    واضح رہے کہ کیرولائنا فلورس گومیز نے 2017 میں مس ٹین یونیورس باخا کیلیفورنیا کا ٹائٹل جیتا تھا وہ سوشل میڈیا پر بطور کانٹینٹ کریئیٹر بھی سرگرم تھیں اور حال ہی میں ایک بچے کی ماں بنی تھیں۔

  • سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

    سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

    وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیاوزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن 120 دن میں کی جائے گی ، شہری درخواستوں کا اپ ڈیٹ اسٹیٹس معلوم کر سکیں گے، اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی اجازت نہیں ہو گی۔

    وزیر داخلہ نے نئے کنونشن سینٹر ، ایکسپو سینٹر اور اسلام آبار ارینا کی تعمیر کیلئے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ نئے کنونشن سینٹر ، ایکسپو سینٹر اور اسلام آبار ارینا کی تعمیر ایس سی او سمٹ سے قبل مکمل کی جائے۔

    اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں خدمت مرکز کیلئے اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، وزیر داخلہ نے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید اسپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے،وزیرداخلہ نے شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

  • اسٹاک ایکسچینج کا یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان

    اسٹاک ایکسچینج کا یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے یکم مئی 2026 کو یومِ مزدور (لیبر ڈے) کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل حکومتِ پاکستان کی جانب سے یومِ مزدور کے سلسلے میں دی گئی سرکاری چھٹی کے تحت کی جارہی ہےدریں اثنا اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یکم مئی کو تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق جمعہ کو ملک بھر میں تمام بینک بند رہیں گے،جبکہ حکومتِ نے یکم مئی 2026 کو یومِ مزدور (لیبر ڈے) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے،اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ دن سرکاری سطح پر منایا جائیگا اور تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔

    ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مزدوروں کی خدمات اور حقوق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے رواں سال یہ تعطیل جمعہ کو ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار کے ساتھ ملا کر سرکاری اور نجی ملازمین کو مسلسل تین دن کی چھٹی ملے گی جس سے ایک طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔

  • صدر مملکت  کی  ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او وانگ جیان سے ملاقات

    صدر مملکت کی ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او وانگ جیان سے ملاقات

    صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او وانگ جیان سے ملاقات ہوئی ہے

    صدر مملکت آصف زرداری نے چینی کمپنی کو پاکستان میں توانائی، صنعت اور زراعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت کی، ملاقات میں متبادل توانائی، واٹر ٹریٹمنٹ اور الیکٹرک وہیکل بیٹری سسٹم میں چینی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا،ہانگژو جن جیانگ گروپ کو پاکستان میں اپنے قدم جمانے اور کاروبار کو وسعت دینے کی ترغیب دی گئی، صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف شعبوں، بالخصوص جدید ٹیکنالوجی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہا ہے،پاک چین شراکت داری سے پائیدار ترقی اور صنعتی استحکام ممکن ہو گا،حکومتِ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی،

  • سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے استعفیٰ دے دیا

    سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے استعفیٰ دے دیا

    سری لنکا کرکٹ میں بڑی انتظامی تبدیلی، صدر شمی سلوا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر شمی سلوا کے ساتھ ادارے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شمی سلوا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے اپنے استعفوں سے متعلق باقاعدہ طور پر سری لنکا کے وزیرِ کھیل سنیل کمارا گاماگے کو آگاہ کر دیا ہے۔
    ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد سری لنکا کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں فوری تبدیلی کا امکان ہے اور ادارے کی ذمہ داریاں عارضی طور پر ایک عبوری انتظامیہ کے سپرد کی جائیں گی جو روزمرہ امور اور کرکٹ معاملات کو سنبھالے گی۔

    دوسری جانب سری لنکن میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شمی سلوا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے مستعفی ہونے کے بعد بینکر ایرن وکرامارتنے کو سری لنکا کرکٹ کی قیادت سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومتی اور کرکٹ حکام کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

  • وادی کیلاش یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل

    وادی کیلاش یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل

    پاکستان کے قدیم اور منفرد ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کروانے اور اسے محفوظ بنانے کی حکومتی کاوشیں ایک اہم سنگِ میل عبور کر گئی ہیں۔ خیبرپختونخوا کی خوبصورت وادیِ کیلاش کو باضابطہ طور پر یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، جسے ملک کے لیے ایک بڑی سفارتی اور ثقافتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

    یہ فیصلہ اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ وادیِ کیلاش نہ صرف ایک منفرد تہذیبی شناخت رکھتی ہے بلکہ یہ ایک ایسے قدیم اور نسبتاً محفوظ معاشرے کی نمائندگی بھی کرتی ہے جس نے وقت کے ساتھ اپنی روایات، رسومات اور ثقافتی ورثے کو برقرار رکھا ہوا ہے۔وادیِ کیلاش خیبرپختونخوا میں کوہِ ہندوکش کے دامن میں واقع ہے، جہاں بمبوریت، رمبور اور بریر جیسی حسین وادیوں میں کیلاش قبیلے کے لوگ آباد ہیں۔ یہ خطہ اپنی الگ زبان، مذہبی رسومات، تہواروں اور طرزِ زندگی کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔یونیسکو کی جانب سے اس خطے کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے جانے کے بعد پاکستان کے ثقافتی تنوع اور مذہبی ہم آہنگی کو عالمی سطح پر مثبت انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کی سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ مقامی ثقافت کے تحفظ اور عالمی سطح پر اس کی شناخت مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    یونیسکو کی جانب سے اس اعتراف کو پاکستان میں ثقافتی رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کی عالمی توثیق قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک کی سافٹ پاور میں اضافہ کرے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے وادیِ کیلاش کی قدیم تہذیب کو عالمی تحفظ حاصل ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے اس منفرد ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی راہیں مزید مضبوط ہوں گی۔

  • علی ظفر ہتکِ عزت کیس، میشا شفیع کی 50 لاکھ روپے ہرجانے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر

    علی ظفر ہتکِ عزت کیس، میشا شفیع کی 50 لاکھ روپے ہرجانے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر

    لاہور: معروف گلوکار علی ظفر کی جانب سے دائر کردہ ہتکِ عزت کے مقدمے میں نیا موڑ آ گیا ہے، جہاں اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیشن کورٹ نے کیس کے حقائق کا درست طور پر جائزہ نہیں لیا، جس کے باعث 50 لاکھ روپے ہرجانے کا فیصلہ قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں۔ اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے۔

    یہ مقدمہ اس تنازع سے متعلق ہے جس میں میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جبکہ علی ظفر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

    یاد رہے کہ سیشن کورٹ نے اپنے فیصلے میں مشاہدہ کیا تھا کہ میشا شفیع پیشیوں کے دوران عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں اور نہ ہی وہ اپنے الزامات کے حق میں خاطر خواہ شواہد پیش کر سکیں۔ اس کے برعکس علی ظفر نے اپنے گواہان عدالت میں پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو علی ظفر کو 50 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جسے اب لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

  • مکہ مکرمہ: ’میوزیم آف قرآن‘ میں نادر آٹھ رخی قرآنِ پاک کی نمائش

    مکہ مکرمہ: ’میوزیم آف قرآن‘ میں نادر آٹھ رخی قرآنِ پاک کی نمائش

    مکہ مکرمہ میں قائم میوزیم آف دی قرآن میں قرآنِ پاک کا ایک نہایت نادر اور منفرد نسخہ نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس نے زائرین اور محققین کی خصوصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    یہ منفرد قرآنِ پاک 13ویں صدی ہجری (19ویں صدی عیسوی) میں برصغیر میں تیار کیا گیا تھا، ایک ایسا دور جب خطاطی، آرائش اور جلد سازی کے فنون اپنے عروج پر تھے۔ اس نسخے کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا آٹھ رخی (اوکٹاگونل) ڈیزائن ہے، جو روایتی چوکور شکل کے برعکس اسلامی جیومیٹرک آرٹ اور فنِ خطاطی کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔نمائش میں پیش کیے گئے اس قیمتی نسخے کا سائز انتہائی مختصر ہے، جو اسے قدیم دور کے ’حمائل‘ زمرے میں شامل کرتا ہے۔ ایسے نسخے خاص طور پر سفر کے دوران آسانی سے ساتھ رکھنے یا بازو پر باندھنے کے لیے تیار کیے جاتے تھے، جس سے اس کی عملی افادیت بھی واضح ہوتی ہے۔

    یہ نادر نسخہ کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک اسٹڈیز کے ذخیرے کا حصہ ہے، جو دنیا بھر میں نایاب اسلامی مخطوطات کو جدید سائنسی طریقوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔یہ نمائش حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے وسیع ثقافتی منصوبے کا حصہ ہے، جو جبل النور کے قریب واقع ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مکہ مکرمہ کو اسلامی ثقافت کے عالمی مرکز کے طور پر اجاگر کرنا اور زائرین کو قرآنی تحریر کے تاریخی ارتقاء سے روشناس کرانا ہے۔ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے نایاب نسخے نہ صرف اسلامی تہذیب کے فنی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ ماضی کے علمی اور روحانی رجحانات کو سمجھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔