Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان افروز کا سفاک قاتل گرفتار

    اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان افروز کا سفاک قاتل گرفتار

    اسلام آباد پولیس نے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا،

    اندھے قتل میں ملوث قاتل فیروز جھنگ کا رہائشی ہے۔ملزم فیروز قتل کی واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔ملزم ریپ کیس، موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں سابقہ چالان یافتہ ہے۔ملزم ہاسٹل میں واردات کے لئے داخل ہوا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کیا جائے گا۔یہ واقعہ رواں سال اپریل کے مہینے میں پیش آیا تھا جب جب ایمان نجی ہاسٹل میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ مقیم تھی ۔

    پولیس کے مطابق اسلام آباد کی اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں جھنگ سے تعلق رکھنے والاملزم واردات کی نیت سے فیروز ہاسٹل میں داخل ہوا تو وہاں موجودلڑکیوں نے شورمچادیا جس پر ملزم نے انہیں خاموش رہنےکا کہا تاہم لڑکیوں نے مزاحمت کی تواس نےفائرنگ کردی ۔پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کی ایک گولی 22 سالہ ایما ن کولگی تھی اوروہ موقع پردم توڑ گئی جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا اورواردات کےبعدروپوش رہا تاہم اب پولیس نے جدیدٹیکنالوجی کی مددسےملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔

  • اوکاڑہ: غیرت کے نام پر خالہ ،بھانجی قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: غیرت کے نام پر خالہ ،بھانجی قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی حدود موضع کھرل کلاں میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی، جس میں خالہ اور بھانجی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتولین کی شناخت 27 سالہ سدرہ بی بی دختر اظہر اور 28 سالہ شمائلہ بی بی دختر مولا بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین آپس میں خالہ بھانجی تھیں اور گھر میں موجود تھیں کہ شمائلہ کا بھائی محمد احمد بوٹا ایک نامعلوم شخص کے ہمراہ پہنچا اور مبینہ طور پر غیرت کے نام پر دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد احمد بوٹا کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دوہرے قتل کے اصل محرکات تفتیش اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

  • میرپورخاص: گولی لگنے سے شخص زخمی، حیدرآباد ریفر

    میرپورخاص: گولی لگنے سے شخص زخمی، حیدرآباد ریفر

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص کے علاقے جھلوری کے رہائشی گل خان مری کو گولی لگنے کے باعث سول ہسپتال میرپورخاص منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق گل خان مری کو سینے میں گولی لگی تھی۔

    ابتدائی تحقیقات میں واقعہ خودکشی کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔ ہسپتال میں موجود قریبی رشتہ دار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گل خان مری نے خود کو گولی مار کر زخمی کیا۔ سول ہسپتال میرپورخاص میں ضروری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریض کو فوری طور پر دوسرے شہر منتقل کرنا پڑا، جس پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور گولی چلنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

  • گوجرانوالہ: اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں ہوائی فائرنگ، مقدمہ درج

    گوجرانوالہ: اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں ہوائی فائرنگ، مقدمہ درج

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)اسلامیہ گریجوایٹ کالج گوجرانوالہ کا گراؤنڈ، جہاں کبھی طلبہ کی صحت و سرگرمیوں کا مرکز ہوا کرتا تھا، اب بدامنی اور ہوائی فائرنگ کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔ حالیہ واقعے میں ایک فٹبال میچ کے دوران آزادانہ طور پر آتشی اسلحہ استعمال کیا گیا، جس سے نہ صرف شور و غل میں اضافہ ہوا بلکہ ہوائی فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس تھانہ باغبان پورہ نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1365/25 درج کر لیا ہے۔

    مقامی افراد اور عینی شاہدین کے مطابق گراؤنڈ کو فٹبال میچز کے نام پر کرائے پر دیا جا رہا ہے، جس میں بیرونی افراد سے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں۔ ان میچز کے دوران ہنگامہ آرائی، غیر اخلاقی حرکات اور قانون شکنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ مقامی آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ کالج پرنسپل اکرم ورک کی مبینہ سرپرستی میں یہ تمام معاملات انجام پا رہے ہیں، جس سے تعلیم و تربیت کا یہ ادارہ ایک تجارتی سرگرمی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

    اہل علاقہ نے شکوہ کیا ہے کہ گراؤنڈ کا اصل حق دار، یعنی بزرگ شہری، مریض، خواتین اور بچے جو صحت مند سرگرمیوں اور چہل قدمی کے خواہاں ہیں، انہیں اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے، حالانکہ حکومت کی ہدایات کے مطابق عوامی سہولیات تک رسائی ان کا قانونی حق ہے۔

    علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں بدامنی، اسلحے کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بزرگوں و شہریوں کے لیے گراؤنڈ کا سیر و تفریح کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ یہ مقام دوبارہ امن و سکون کا مظہر بن سکے۔

  • اوچ شریف:موٹر وے پر افسوسناک حادثہ، ہائی روف ٹریلر سے ٹکرا گئی، نوجوان زخمی

    اوچ شریف:موٹر وے پر افسوسناک حادثہ، ہائی روف ٹریلر سے ٹکرا گئی، نوجوان زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) سیر و تفریح کا خوشگوار خواب اس وقت خوفناک حادثے میں بدل گیا جب سکھر سے اسلام آباد جانے والی ایک فیملی کی ہائی روف وین موٹر وے پر جھانگڑہ انٹرچینج کے قریب ایک کھڑے ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کا سبب ڈرائیور کو اچانک نیند کا آ جانا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث گاڑی قابو سے باہر ہو گئی اور ٹریلر سے جا ٹکرائی۔

    اس افسوسناک واقعے میں 28 سالہ نوجوان محمد حامد ولد محمد ماجد شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اس کے بائیں پاؤں پر گہرا زخم اور دائیں ران پر شدید خراشیں آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی کو رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    حادثے کے بعد موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے متاثرہ گاڑی کو ہٹایا اور ٹریفک کو بحال کیا۔ فیملی کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم حادثے کے باعث شدید ذہنی صدمے کا شکار ہیں۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے جبکہ حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • رکنی بارکھان میں موٹر سائیکل بم دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    رکنی بارکھان میں موٹر سائیکل بم دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    رکنی (باغی ٹی وی رپورٹ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے مرکزی شہر رکنی میں ایک افسوسناک بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور نو افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ شہر کی مرکزی شاہراہ بارکھان روڈ پر اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل میں نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے غالباً ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ سڑک کنارے کھڑی ایک پک اپ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ایک 12 سالہ بچہ لقمان شامل ہے جو سخی سرور کا رہائشی تھا اور اپنے والد سے ملاقات کے لیے بارکھان روڈ پر آیا ہوا تھا۔ دوسرا جاں بحق ہونے والا نوجوان محمد مراد سندھی کے نام سے شناخت ہوا ہے جو رکنی بازار میں آم کی ریڑھی لگاتا تھا اور محنت مزدوری کے لیے شہر میں موجود تھا۔

    زخمیوں میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے عاطف تنویر ولد عبدالحمید بھٹی، محمد زاہد، علی داد (سکنہ کھر)حنیف ولد کمالان، لعل خان گورچانی، اسماعیل ولد حکیم خان، لعلو ولد دراہی، نور بخش ولد قادر بخش (سکنہ راڑہ شم) اور کریم بخش ولد مراد بخش (سکنہ رکنی) شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔ رکنی اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

  • گھوٹکی: ٹرالر سے ہزاروں گولیاں برآمد، 3 اسلحہ اسمگلر گرفتار

    گھوٹکی: ٹرالر سے ہزاروں گولیاں برآمد، 3 اسلحہ اسمگلر گرفتار

    میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ بی سیکشن پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر نیشنل ہائی وے پر کندھ کوٹ-کشمور روڈ کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 خطرناک ملزمان کو اسلحے کے بھاری ذخیرے سمیت گرفتار کر لیا۔

    ڈی ایس پی گھوٹکی زاہد حسین میرانی، ایس ایچ او رفیق احمد سومرو اور ان کی ٹیم نے کارروائی کے دوران ناکہ بندی کر کے میاں والی کے رہائشی تین افراد محمد عمران ولد محمد اسلم نیازی، مزمل حسین ولد محمد حنیف شاہ، اور ظفر اقبال ولد احمد یار کلیار کو ایک ٹرالر (TLV 549) سمیت گرفتار کر لیا۔ ٹرالر سے دو ہزار کلاشنکوف اور جی تھری رائفلز کی گولیاں برآمد ہوئیں، جنہیں ملزمان پنجاب سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    پولیس نے ملزمان کو اسلحہ سمیت تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 50/2025 بجرم دفعہ 23 سندھ آرمز ایکٹ درج کر لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسلحہ اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔ پولیس کی یہ کارروائی گھوٹکی میں اسلحہ کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

  • گھوٹکی: اوباڑو پولیس کی بڑی کارروائی، ایرانی اسمگل شدہ تیل سے بھرا ٹینکر برآمد، 2 ملزمان گرفتار

    گھوٹکی: اوباڑو پولیس کی بڑی کارروائی، ایرانی اسمگل شدہ تیل سے بھرا ٹینکر برآمد، 2 ملزمان گرفتار

    میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں جرائم کی روک تھام کے لیے گھوٹکی پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ حساس ادارے کی نشاندہی پر تھانہ اوباڑو پولیس نے نیشنل ہائی وے پر رینی کینال پل کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ایرانی تیل سے بھرا ٹینکر قبضے میں لے لیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پنجاب سے سندھ آنے والے آئل ٹینکر نمبر 3145 MNS کو تحویل میں لیا گیا، جس میں 5000 لیٹر اسمگل شدہ ایرانی تیل موجود تھا۔ اس غیر قانونی تیل کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، جسے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت غازی خان ولد حاجی خان سرکی (سکنہ سنجرپور، تحصیل صادق آباد، ضلع رحیم یار خان) اور صُفیان ولد محمد یاسین آرائیں (سکنہ صادق آباد، ضلع رحیم یار خان) کے طور پر ہوئی ہے۔ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 97/2025 بجرم دفعہ 279، 285، 286 ت پ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔ پولیس کی اس کارروائی کو علاقے میں اسمگلنگ کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • اوچ شریف: ترنڈ بشارت میں خستہ حال بجلی کا کھمبا انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گیا

    اوچ شریف: ترنڈ بشارت میں خستہ حال بجلی کا کھمبا انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں واقع ضلع کونسل ہیلتھ ڈسپنسری کے قریب نصب بجلی کا خستہ حال کھمبا اہلِ علاقہ کے لیے ایک مستقل جان لیوا خطرہ بن چکا ہے۔ سیمنٹ اور بجری سے بنا یہ کھمبا بری طرح شکست و ریخت کا شکار ہے، جس کے اندر سے آہنی سریے ظاہر ہو چکے ہیں۔ یہ نہ صرف بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ بن سکتا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔

    مقامی شہریوں کے مطابق کھمبا طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مگر محکمہ واپڈا اور متعلقہ اداروں نے تاحال کوئی مرمتی کارروائی نہیں کی۔ درجنوں خواتین، بچے اور بزرگ روزانہ اس خطرناک کھمبے کے قریب سے گزرتے ہیں، اور کسی بھی لمحے بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اس خستہ حال کھمبے کو تبدیل کیا جائے یا مرمت کی جائے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

  • سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور (بیوروچیف شاہدریاض+نامہ نگارحبیب خان ) بچوں کی ہلاکت کے دلخراش واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے والدین اور عوام کو شدید دکھ اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

    سیالکوٹ میں سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ محلہ حیات پورہ، بلو مہر والی گلی میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے 9 سالہ محمد حسین اور 10 سالہ محمد حنان ایمن آباد روڈ فروٹ منڈی کے قریب واقع ایک سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں رزاق فوری موقع پر پہنچے اور انکوائری شروع کی، جبکہ سوئمنگ پول کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

    ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ بچوں کے والدین اور علاقہ مکینوں نے ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی سوئمنگ پولز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ بچوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

    دوسری جانب بہاولپور کی تحصیل اوچ شریف کے علاقے خانقاہ شریف میں 6 سالہ معصوم بچہ محمد عمر کھیلتے ہوئے پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق، واقعہ کے وقت بچہ گھر میں کھیل رہا تھا جب وہ پنکھے کی زد میں آ گیا۔ ریسکیو ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن شکیل حسن کی قیادت میں موقع پر پہنچی، تاہم بچہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ غمزدہ اہل خانہ نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔

    ان دل دہلا دینے والے واقعات نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔