Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کی جان لے لی

    ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کی جان لے لی

    تھانہ روات کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے باپ نے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لڑکی کے والد نے اسے موبائل فون پر ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا، تاہم جب لڑکی نے اکاؤنٹ نہ ڈیلیٹ کیا تو والد نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔

    واقعے کے بعد ابتدائی طور پر فیملی نے لڑکی کی موت کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس کی جانچ پڑتال کے دوران حقائق سامنے آ گئے۔ پولیس نے موقع واردات سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ایف آئی آر میں درج ہے کہ ملزم نے اپنی بیٹی کو زبردستی اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، جب کہ لڑکی کے انکار پر اس نے گولی چلا دی۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی عمر صرف 16 سال تھی اور یہ واقعہ سماجی و خاندانی مسائل کی پیچیدگیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے معاملات میں جلد اطلاع دیں تاکہ جان لیوا واقعات کو روکا جا سکے۔

  • علی پور:کچے کے ڈاکوؤں کی یلغار، 180 بھینسیں لوٹ کر فرار . پولیس بے بس

    علی پور:کچے کے ڈاکوؤں کی یلغار، 180 بھینسیں لوٹ کر فرار . پولیس بے بس

    مظفرگڑھ (باغی ٹی وی) کچے کے جرائم پیشہ عناصر نے ایک بار پھر مظفرگڑھ پولیس کی رٹ کو چیلنج کر دیا۔ گذشتہ روزتحصیل علی پور کے موضع لنگرواہ میں 30 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر مقامی لوگوں کی 180 بھینسیں لوٹ لیں اور باآسانی فرار ہو گئے۔ واردات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ عوام کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ افراد نے واردات کے کئی گھنٹے بعد اطلاع دی، جس کے باعث ڈاکو باآسانی کچے کے علاقوں میں داخل ہو گئے۔ جائے واردات پہلے سے جاری کچے آپریشن کے علاقے میں واقع ہے، تاہم اس کے باوجود ڈاکوؤں کی منظم یلغار نے پولیس کی حکمتِ عملی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکو بوسن اور دیگر جرائم پیشہ گینگز سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے مظفرگڑھ اور راجن پور کے کچے دریائی علاقوں میں ناکہ بندیاں کر دی گئی ہیں، اور پولیس تعاقب میں ہے۔

    مظفر گڑھ پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ کچے کے گینگ کا خاتمہ ہی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد خود کچے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور پولیس ٹیموں کو جدید ہتھیاروں، ڈرونز اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ ان سنگین وارداتوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پولیس آپریشن کی بات کرتی ہے، مگر کچے کے جرائم پیشہ گروہوں کا نیٹ ورک مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں مستقل بنیادوں پر سخت فوجی طرز کا آپریشن شروع کیا جائے تاکہ ان وارداتوں کا مستقل خاتمہ ممکن ہو۔

    مزید یہ کہ حالیہ واردات نے پولیس کی موجودہ حکمت عملی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، کیونکہ ڈاکو دن دہاڑے اتنی بڑی تعداد میں مویشی لوٹ کر فرار ہو گئے اور کئی گھنٹوں تک کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آئی۔ عوامی حلقے سوال کر رہے ہیں کہ آخر کب تک شہری کچے کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر رہیں گے؟

    ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ کارروائی بروقت ممکن ہو سکے۔ کچے کے ان بدنام زمانہ گینگس کا خاتمہ اب صرف پولیس کا نہیں، بلکہ پورے ریاستی نظام کا امتحان بن چکا ہے۔

  • اوچ شریف:باغی ٹی وی کی خبر پربڑاایکشن،خیرپور ڈاہا میں غیر قانونی پٹرول و گیس دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد سیل

    اوچ شریف:باغی ٹی وی کی خبر پربڑاایکشن،خیرپور ڈاہا میں غیر قانونی پٹرول و گیس دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد سیل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)باغی ٹی وی کی چشم کشا رپورٹ پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی، اوچ شریف کے نواحی علاقے خیرپور ڈاہا میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے غیر قانونی پٹرول و گیس کاروبار کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کی زیر قیادت فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران دو غیر قانونی گیس سلنڈر شاپس سیل کر دی گئیں جبکہ متعدد منی پٹرول پمپس بند کر دیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خیرپور ڈاہا چوک بھٹہ پر کی گئی، جہاں غیر محفوظ پٹرول کی ترسیل، ناقص اسٹوریج اور کسی بھی حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے موقع پر موجود افراد کو متنبہ کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور یہ مہلک کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی فیول ایجنسیاں اور گیس دکانیں بند کی جائیں گی، اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ایسے دیگر خطرناک کاروباری مراکز کی نشاندہی کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مکمل سروے کیا جا رہا ہے، اور عنقریب دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام پٹرول ایجنسیوں اور گیس شاپس کا ریکارڈ مرتب کر کے رجسٹریشن، سیفٹی چیک اور لائسنسنگ کا عمل سخت کیا جائے گا۔ بغیر اجازت کاروبار کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    علاقہ مکینوں، سماجی حلقوں اور شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے باغی ٹی وی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس نے جرأت مندانہ رپورٹنگ کے ذریعے خطرناک مسائل کو اجاگر کیا۔ عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات وقتی نہیں بلکہ پائیدار اور مسلسل جاری رہیں گے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: خاتون پر وحشیانہ تشدد، زیورات و موبائل لوٹ لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

    اوچ شریف: خاتون پر وحشیانہ تشدد، زیورات و موبائل لوٹ لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)موضع اوچ گیلانی میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک گھریلو خاتون شبانہ بی بی زوجہ محمد طارق پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اس کے طلائی زیورات اور قیمتی موبائل فون لوٹ لیا، بعدازاں خاتون اور اس کے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر فرار ہو گئے۔

    متاثرہ خاتون نے تھانہ اوچ شریف میں دی گئی درخواست میں بتایا کہ محمد بلال نامی شخص کافی عرصے سے اسے ہراساں کر رہا تھا۔ شوہر محمد طارق کی جانب سے بلال کو روکنے پر اس نے ساتھیوں امیر بخش، احمد یار، اقبال اور دیگر کے ہمراہ شبانہ بی بی کے گھر پر حملہ کیا۔ ملزمان زبردستی گھر میں گھسے، خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کی انگلی سے طلائی انگوٹھی اتاری، قیمتی موبائل چھینا، اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

    واقعے کے دوران شوہر محمد طارق جب بیوی کی چیخ و پکار سن کر پہنچے تو انہیں بھی ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے شدید زد و کوب کیا گیا۔ اطلاع پر تھانہ اوچ شریف پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 379/25 درج کر لیا جس میں دفعات 148، 149، 354، 337ف، 506، 457، اور 379 ت پ شامل کی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

    متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، لوٹا گیا سامان واپس دلوایا جائے اور ان کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شدید خوف میں زندگی گزار رہے ہیں اور انصاف کے بغیر ان کی سلامتی خطرے میں ہے۔

    علاقہ مکینوں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری اور سخت ایکشن لیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرأت نہ ہو۔ پولیس نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: بی آئی ایس پی میں 50 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف، مسلم لیگ ن کا کارروائی مطالبہ

    ٹھٹھہ: بی آئی ایس پی میں 50 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف، مسلم لیگ ن کا کارروائی مطالبہ

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عبداللہ جاکرو، ضلع ٹھٹھہ کے نائب صدر عبداللہ صابرو، اور مسلم لیگ لیبر ونگ کے جنرل سیکریٹری یعقوب سمون نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا سنگین انکشاف کیا ہے۔

    رہنماؤں کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں 86 ہزار سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں، تاہم ہر قسط کے موقع پر خواتین کے وظیفے اور بچوں کے تعلیمی وظائف میں سے 2000 سے 3000 روپے تک ناجائز طور پر کاٹے جا رہے ہیں، جس سے اندازاً فی قسط 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے نجی ایجنٹس اور ڈیوائس ہولڈرز کھلے عام نہ صرف رقوم کاٹ رہے ہیں بلکہ خواتین سے بدتمیزی اور تضحیک آمیز سلوک بھی کیا جا رہا ہے۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پروگرام کے ضلعی افسران بھی اس بدعنوانی میں برابر کے شریک ہیں، جبکہ ڈی جی سندھ اور ڈی سی ٹھٹھہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    رہنماؤں نے مزید انکشاف کیا کہ بی آئی ایس پی میں بڑی تعداد میں غیر مستحق اور جعلی افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی فوری انکوائری کی ضرورت ہے تاکہ اصل حقدار خواتین کو ان کا حق بغیر کسی کٹوتی یا تذلیل کے فراہم کیا جا سکے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے وزیرِاعظم پاکستان، چیئرمین بی آئی ایس پی، اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بدعنوان مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران شہریوں اور سماجی حلقوں نے بھی اس مطالبے کی تائید کی اور مطالبہ کیا کہ ٹھٹھہ میں شفافیت کے ساتھ بی آئی ایس پی کی ازسرنو جانچ پڑتال کی جائے۔

  • میرپورخاص: مخدوش عمارتیں فوری خالی کرائی جائیں، فیصل سومرو کی ہدایت

    میرپورخاص: مخدوش عمارتیں فوری خالی کرائی جائیں، فیصل سومرو کی ہدایت

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فیصل علی سومرو کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات اور مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

    اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر چیتن لاکھانی نے بتایا کہ 2012 میں میرپورخاص شہر کی 7 عمارتوں کو باقاعدہ طور پر مخدوش و خطرناک قرار دیا جا چکا ہے، اور مالکان کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، لیکن اب تک وہ عمارتیں خالی نہیں کی گئیں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل علی سومرو نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر تیز بارشوں کے دوران یہ عمارتیں گر گئیں تو قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا بڑا نقصان ہو سکتا ہے، لہٰذا ان عمارتوں کی فوری خالی کرائی جائے۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو حکم دیا کہ تمام خطرناک عمارتوں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس کو فراہم کی جائے تاکہ ان کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

    فیصل سومرو نے عمارتوں کے مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی عمارتیں فوری خالی کر دیں، تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

  • گھوٹکی: تتر لینے گئے دو نوجوان کشمور کچے سے اغواء، پولیس نے بحفاظت بازیاب کرا لیا

    گھوٹکی: تتر لینے گئے دو نوجوان کشمور کچے سے اغواء، پولیس نے بحفاظت بازیاب کرا لیا

    میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل اغواء ہونے والے دو نوجوانوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیابی کی یہ کارروائی ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن رفیق احمد سومرو نے خفیہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاھد حسین ولد سجن چانڈیو اور سجاول ولد محمد لقمان چانڈیو، جو کہ تتر بازی کے شوقین تھے، چند روز قبل کشمور کے کچے کے علاقے میں شکار کے لیے گئے تھے جہاں وہ نامعلوم اغواء کاروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اغواء کار مغویوں کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر ایس ایچ او رفیق احمد سومرو نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کی۔ تھانہ بی سیکشن کی حدود میں کندہ کوٹ کشمور پل کے قریبی کچے علاقے میں اغواء کاروں کا گھیرا تنگ کر کے پولیس نے دو مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

    پولیس کے پہنچنے پر اغواء کار مغویوں کو چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بعد ازاں مغویوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ تتر لینے کے لیے کچے گئے تھے، جہاں انہیں اغواء کیا گیا۔

    پولیس نے مغویوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب آپریشن پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس بروقت اور جرأت مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے گھوٹکی پولیس کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: کرپشن کیس، ضمانتیں خارج، نائب تحصیلدار اور پٹواری گرفتار

    سیالکوٹ: کرپشن کیس، ضمانتیں خارج، نائب تحصیلدار اور پٹواری گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) اینٹی کرپشن سیالکوٹ کے سرکل آفیسر ملک ندیم منور کی دبنگ کارروائی، کرپشن کیس میں ملوث نائب تحصیلدار جاوید محمود باگڑی اور پٹواری خالد بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان پر موضع بھانو پنڈی، جامکے چیمہ میں زمین کی غلط نشاندہی اور بدعنوانی کے الزامات تھے۔

    جامکے چیمہ بیگ چک سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل محمد زبیر بھٹی ایڈووکیٹ کی شکایت پر مقدمہ نمبر 8/25 درج کیا گیا تھا، جس میں اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ نے آج سماعت کے دوران دونوں ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔

    سرکل آفیسر ملک ندیم منور جو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جانے جاتے ہیں، نے میرٹ پر انکوائری کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو قصوروار قرار دیا اور عدالت سے ضمانت منسوخ کروانے کے بعد پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق گیارہ کسوٹہ اور زمین کی نشاندہی میں جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمے میں دیگر ممکنہ شریک ملزمان کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    عوامی اور وکلاء حلقوں نے اینٹی کرپشن کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو۔

  • یزمان: ٹی وی کا سوئچ لگاتے ہوئے 12 سالہ بچی کرنٹ سے جاں بحق

    یزمان: ٹی وی کا سوئچ لگاتے ہوئے 12 سالہ بچی کرنٹ سے جاں بحق

    بہاولپور (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل یزمان کے نواحی گاؤں 47/ڈی بی چک کُد والا میں افسوسناک واقعہ، 12 سالہ بچی رمشہ کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی گھر میں ٹی وی کا سوئچ لگانے کی کوشش کر رہی تھی کہ اچانک زور دار کرنٹ لگنے سے زمین پر گر گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب رمشہ تنہا کمرے میں سوئچ بورڈ کے قریب کھڑی تھی۔ کرنٹ لگنے کے فوراً بعد ایک مقامی فرد، جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہے، نے فوری طور پر سی پی آر (Cardiopulmonary Resuscitation) دے کر بچی کی جان بچانے کی کوشش کی۔ اسی دوران ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی، جو کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی کو فوری طبی امداد کے ساتھ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال یزمان منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جب بچی کو اٹھایا گیا تو اس کے وائیٹل سائنز موجود نہیں تھے، تاہم راستے میں بھی سی پی آر جاری رکھی گئی۔

    اس دلخراش واقعے کے بعد گاؤں کی فضا سوگوار ہو گئی۔ بچی کی ناگہانی موت پر اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ شدت غم سے نڈھال ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ معصوم رمشہ کی رحلت نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جب کہ مقامی افراد نے حادثے کی وجہ ممکنہ ناقص وائرنگ یا بجلی کے انتظامات میں کوتاہی کو قرار دیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو بجلی کی تنصیبات کی فوری جانچ اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے سانحات سے بچا جا سکے۔

  • مظفرآباد: اسکول وین بے قابو ہوکرکھائی میں گرگئی، 26 بچے زخمی

    مظفرآباد: اسکول وین بے قابو ہوکرکھائی میں گرگئی، 26 بچے زخمی

    مظفرآباد کی وادی جہلم میں نجی اسکول کی وین بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی، حادثے میں 26 بچے زخمی ہوگئے۔

    ایس ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد کےمطابق واقعہ جہلم چکارکے قریب پیش آیا، نجی اسکول وین بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی، چکار کے نجی اسلامیہ پبلک اسکول کی وین، جس میں لڑکے اور لڑکیاں سوار تھے، طلبہ کو ان کے گھروں کو لے جا رہی تھی جب تمبریال موڑ کے قریب حادثہ پیش آیا، اندازہ ہے کہ موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور سڑک سے نیچے جاگری جس سے وین سوار تقریباً تمام افراد زخمی ہو گئے۔

    ایس ایس پی کے مطابق، 16 زخمی بچوں کو چکار کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جبکہ ڈرائیور اور 13 بچوں کو ہٹیاں بالا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،وین کے ڈرائیور کی شناخت سجاد شاہ کے نام سے ہوئی ہے، اور دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، تاہم، باقی طلبہ خطرے سے باہر ہیں،اگر اونچے درخت نہ ہوتے تو وین مزید نیچے لڑھک سکتی تھی، جس کے نتیجے میں زیادہ نقصان ہوسکتا تھا۔

    سابق کرکٹر محمد یوسف نے برانڈ لانچ کردیا

    واضح رہے کہ چکار، آزاد کشمیر کی وادی جہلم میں واقع ایک قصبہ اور ہل اسٹیشن ہے، جو سطح سمندر سے 1607 میٹر (5272 فٹ) کی بلندی پر واقع ہے اور ریاستی دارالحکومت مظفر آباد سے تقریباً 46 کلومیٹر (29 میل) کے فاصلے پر ہے،ایک سرمائی تفریحی مقام ہونے کی وجہ سے، چکار کے تعلیمی اداروں میں دیگر علاقوں کے برعکس موسم گرما کی طویل تعطیلات نہیں ہوتیں۔

    زرعی شعبے کی پیداوار میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِ اعظم