Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متحرک اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مہر عظیم ہوٹل کے مختلف حصوں خصوصاً کچن کا معائنہ کیا، جہاں صفائی کے غیر معیاری انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔ ان خلاف ورزیوں پر ہوٹل انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اسی طرح نواحی علاقے ستگھرہ میں واقع کولڈ ڈرنکس فیکٹری میں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر فیکٹری مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور مضر صحت مٹیریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کے مرتکب کاروباروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: غیرت کے نام پر فائرنگ، تین افراد شدید زخمی

    اوچ شریف: غیرت کے نام پر فائرنگ، تین افراد شدید زخمی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے شمس کالونی میں غیرت کے نام پر فائرنگ کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ شہر میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ملزم محمد جعفر ولد لعل حسین قوم عباسی، سکنہ شمس کالونی، نے اپنی بیوی فوزیہ بی بی اور ساتھی محمد سلیم ولد غلام حیدر قوم پوترار کے ہمراہ غیرت کے شبہ پر حملہ کیا۔ ملزمان رکشے پر سوار ہو کر شمس کالونی میں واقع درزی سعید احمد ولد غلام حیدر بلوچ کی دکان پر پہنچے۔ محمد جعفر نے دکان کے باہر اتر کر سعید احمد پر 30 بور پستول سے فائر کیا جو سیدھا اس کی گردن پر لگا، نتیجتاً وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    ملزمان اس کے بعد رکشے پر ہی چند قدم دور فیصل لطیف ولد حاجی عبدالطیف انور کی دکان پر پہنچے، جہاں حاجی عبدالطیف اپنے بیٹے فیصل کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد جعفر نے دوبارہ فائرنگ کی، جس سے حاجی عبدالطیف کے دائیں کندھے کے نیچے گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس ہولناک حملے میں ایک راہگیر محمد آصف ولد خادم حسین قوم مغل پٹھان، جو قریبی حمام کے باہر موجود تھا، کو بھی بائیں ٹانگ پر گولی لگی۔

    واقعے کے فوراً بعد شہری محمد اکرم ولد اللہ بخش اور محمد عثمان ولد خدا بخش بلوچ نے مضروبین کو سنبھالا اور فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے اور مدعی فیصل لطیف کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔

    درخواست کے مطابق محمد جعفر کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے درزی سعید احمد اور حاجی عبدالطیف کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، جس پر اس نے قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے دن دہاڑے تین افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔

    واقعے کے بعد شمس کالونی اور اطراف میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیرت کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے والے درندہ صفت افراد کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں عدل، انصاف اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی فضا کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً محرم الحرام کے پیشِ نظر۔

    کارروائی کے دوران گوگیرہ پولیس نے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ 4 خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 پستول، ایک رائفل اور 15 گولیاں برآمد کی گئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائی میں سٹی دیپالپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں ایک منشیات فروش سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شراب فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 76 لیٹر شراب قبضے میں لے لی گئی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جوا کھیلنے میں ملوث 11 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ عارضی قیام گاہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ یہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے خان کالونی میں واقع ایک سکریپ کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جل کر خاکستر ہو گیا۔ آگ علی ٹرسٹ ہسپتال کے قریب واقع گودام میں لگی، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک سروس اور دو فائر وہیکلز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے پانی کی مدد سے فائر فائٹنگ شروع کر دی، اور کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فوری کارروائی کی بدولت گودام میں موجود 17 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جلنے سے محفوظ رہا۔

    آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر مقامی افراد نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

  • ننکانہ : ہیڈ بلوکی روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، ایک نوجوان جاں بحق، 6 افراد زخمی

    ننکانہ : ہیڈ بلوکی روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، ایک نوجوان جاں بحق، 6 افراد زخمی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے علاقے ہیڈ بلوکی روڈ پر تیز رفتار رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ عدنان ارشد کے طور پر ہوئی ہے۔

    زخمی ہونے والوں میں 60 سالہ صغراں بی بی، 27 سالہ شاہزیب، 12 سالہ نور، 30 سالہ وقاص، 25 سالہ کلثوم اور 2 سالہ اویس شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے۔

  • ڈسکہ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، ریسکیو آپریشن جاری

    ڈسکہ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، ریسکیو آپریشن جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسکہ میں تھانہ موترہ کے علاقے موترہ کے مقام پر نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید گرمی کے باعث دونوں نوجوان نہانے کے لیے نہر پر آئے تھے اور موترہ پل کے قریب نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے۔

    ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈوبنے والے نوجوانوں کی شناخت 27 سالہ عطا اللہ اور 19 سالہ رضوان کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ آلو مہار گاؤں کے رہائشی اور آپس میں ماموں بھانجا تھے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو تلاش کیا جا سکے۔ واقعہ کے باعث علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے۔

  • ہری پور میں سوشل میڈیا انفلوئنسر سے  مبینہ اجتماعی زیادتی،  مقدمہ درج

    ہری پور میں سوشل میڈیا انفلوئنسر سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج

    خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں ایک 26 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کو نوکری کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    متاثرہ خاتون کی شکایت پر خانپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 34، 376، 392 اور 506 شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق واقعہ بدھ کی شام 8 بجے تحصیل خانپور میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ ایک ملزم نے ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے ذریعے رابطہ کیا اور خانپور کے ایک ہوٹل میں نوکری کی پیشکش کی۔

    انہوں نے بتایا کہ انٹرویو کے بہانے بس اسٹاپ بلایا گیا، جہاں پہنچنے پر ملزمان نے انہیں گاڑی میں زبردستی بٹھا کر چند میل دور لے جا کر اسلحے کے زور پر کپڑے اتارنے پر مجبور کیا۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ گاڑی ایک نامعلوم شخص چلا رہا تھا جبکہ دوسرا ملزم اگلی سیٹ پر موجود تھا، بعد ازاں دونوں نے متاثرہ خاتون کا ریپ کیا اور اس کا موبائل فون، تین ہزار روپے نقدی اور سونے کا لاکٹ لے کر سڑک کنارے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

    لندن میں ایرانی سفارتخانے کے باہر تصادم، دو زخمی، آٹھ گرفتار

  • تنگوانی: بازار کاروکاری تنازع پر میدانِ جنگ بن گیا، متعدد زخمی، پولیس خاموش

    تنگوانی: بازار کاروکاری تنازع پر میدانِ جنگ بن گیا، متعدد زخمی، پولیس خاموش

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی شہر کا مصروف ترین بازار اس وقت میدانِ جنگ بن گیا جب پرانی کاروکاری کے تنازع پر بھلکانی اور بنگلانی قبائل کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ دونوں جانب سے لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق جھگڑا اچانک شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے بازار میں بدنظمی پھیل گئی۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں فریقین کے پانچ افراد جن میں خادم حسین اور امتیاز حسین شامل ہیں شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال تنگوانی منتقل کیا گیا۔

    واقعے کے بعد بھی تنگوانی پولیس کی جانب سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، جس پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بازار میں دن دیہاڑے لاٹھیوں کا کھیل اور پولیس کی خاموشی قابلِ مذمت ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری کارروائی کرے، مقدمات درج کرے، اور شہر میں امن و امان بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ مستقبل میں کوئی قبیلہ یا گروہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ کرے۔

  • ٹھٹھہ: ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ماں اور نوزائیدہ جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

    ٹھٹھہ: ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ماں اور نوزائیدہ جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں کی رپورٹ)سجاول سے تعلق رکھنے والی ماں اور نوزائیدہ کی زندگی ہسپتال کی دہلیز پر دفن، مبینہ غفلت پر عوام کا احتجاج، مرف کے ہسپتال نظام پر سوالیہ نشان

    گوٹھ ٹیمانی، بٹھورو روڈ سجاول کی رہائشی حاملہ خاتون یاسمین زوجہ اکرم ملاح کی زندگی سول ہسپتال مکلی میں ڈاکٹروں اور عملے کی مبینہ غفلت کی نذر ہو گئی جبکہ اس کا نوزائیدہ بچہ بھی ماں کے ساتھ ہی دم توڑ گیا۔ متاثرہ خاندان انصاف کے لیے دہائیاں دے رہا ہے جبکہ پورے علاقے میں محکمہ صحت کی مجرمانہ خاموشی پر شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یاسمین کو تکلیف کے باعث پہلے سجاول ہسپتال لایا گیا، جہاں سے اسے فوری طور پر ٹھٹھہ سول ہسپتال مکلی ریفر کر دیا گیا۔ وہاں گائنی وارڈ میں بروقت علاج نہ ہونے، مبینہ غیرذمہ دارانہ آپریشن اور عملے کی لاپروائی کے نتیجے میں نوزائیدہ بچہ پیدا ہوتے ہی دم توڑ گیا جبکہ خاتون کی حالت نازک ہو گئی۔

    زخموں سے چور خاتون کو کراچی ریفر تو کر دیا گیا لیکن 1122 ایمبولینس میں مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث وہ راستے میں دم توڑ گئی۔ مزید بے حسی یہ کہ خاتون کی میت کو دوبارہ اسی ہسپتال لایا گیا جہاں سے اسے زندہ نکالا گیا تھا۔ سرکاری ایمبولینس کے ذریعے اس کی لاش واپس گوٹھ ٹیمانی پہنچائی گئی، جہاں کہرام مچ گیا۔

    مرحومہ کے شوہر اکرم ملاح نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
    "میری بیوی بالکل تندرست تھی، سرکاری ہسپتال کی لاپرواہی نے میرے گھر کا چراغ بجھا دیا۔ یہ صرف ایک ماں اور بچے کی موت نہیں، یہ انسانیت کا قتل ہے۔ ہمیں انصاف چاہیے!”ورثاء اور اہلِ علاقہ نے ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ:

    * مرف کے زیرانتظام سول ہسپتال مکلی میں ہونے والی غفلت کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کرائی جائے،
    * ذمہ دار ڈاکٹروں اور عملے کو فوری معطل کر کے مقدمہ درج کیا جائے،
    * سرکاری ہسپتالوں کو نجی این جی اوز کے حوالے کرنے کی پالیسی پر ازسرنو غور کیا جائے،
    * 1122 ایمبولینس سروس کی کارکردگی کا سخت آڈٹ کرایا جائے۔

    یاد رہے کہ جب سے سول ہسپتال مکلی کو مرف (NGO) کے حوالے کیا گیا ہے، ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک، علاج میں تاخیر اور اموات کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لیکن تاحال حکومت سندھ اور محکمہ صحت کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایک اور ماں اور بچہ جان سے جائیں گے تب نوٹس لیا جائے گا؟

    عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • علی پور: مبینہ پولیس مقابلے میں مطلوب ڈاکو ہلاک، لواحقین کا ماورائے عدالت قتل کا الزام

    علی پور: مبینہ پولیس مقابلے میں مطلوب ڈاکو ہلاک، لواحقین کا ماورائے عدالت قتل کا الزام

    اوچ شریف(باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ صدر علی پور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب ڈاکو کالو عرف کالی ڈاہا ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور ہسپتال منتقل کرتے وقت دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ رات تھانہ سیت پور کی حدود میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، لیکن تعاقب کے دوران تھانہ صدر علی پور میں دوبارہ مقابلہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے جواب میں حفاظتی جوابی کارروائی کی گئی، جس میں کالو زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق کالو سکنہ سلطان پور کے خلاف تھانہ سیت پور اور خیرپور سادات میں درجن سے زائد مقدمات درج تھے۔

    دوسری جانب، ہلاک ہونے والے کے لواحقین نے پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کالو کو گھر سے حراست میں لیا گیا اور مقابلے کا "ڈرامہ” رچایا گیا۔ مقامی سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔