Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تھانہ بمبانوالہ کی حدود میں سی سی ڈی سرکل ڈسکہ کے سب انسپکٹر جمشید اختر کی قیادت میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران دو خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے۔

    ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر جمشید اختر اپنی ٹیم کے ہمراہ گوئندکے روڈ پر موجود تھے کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو روکا گیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے قریبی کھیتوں کی طرف فرار کی کوشش کی اور مختلف اطراف سے فائرنگ کرتے رہے۔

    جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ رکنے پر دو ملزمان — ذوہیب اور شفاقت عرف اسحاق گجر — مردہ حالت میں پائے گئے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم کے سو سے زائد مقدمات درج تھے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر شواہد جمع کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ کے علاقے کوکالا ایجنسی، نواں پینڈ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق افراد کی شناخت 20 سالہ ابو بکر اور ان کی 45 سالہ والدہ جمیلہ کے طور پر ہوئی ہے، جو اکبرآباد چوک سے پسرور روڈ کی طرف جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • گوجرہ:  منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ: منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں منشیات فروشی کے سنگین معاملے پر پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل اور عوامی غصے کی لہر دوڑ گئی۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب پولیس اور منشیات فروشوں کے گٹھ جوڑ کی ایک مبینہ آڈیو کلپ وائرل ہو گئی۔

    انجمن تاجران گوجرہ کے سیکرٹری جنرل شیخ امجد ضیاء نے اس حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انجمن تاجران متعدد بار پولیس حکام سے اپیل کر چکی ہے کہ گوجرہ کو منشیات فروشی سے پاک کیا جائے، مگر بدقسمتی سے پولیس کی خاموشی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ منشیات فروشی کے اس مکروہ دھندے میں متعلقہ اہلکاروں کی ملی بھگت بھی شامل ہے۔

    شیخ امجد ضیاء نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوجرہ میں مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں جاری منشیات فروشی کی غیر جانبدار تحقیقات کروائیں، اور اس جرم میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے گوجرہ کی نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اور کئی ماؤں کے لختِ جگر نشے کے باعث اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔


    انہوں نے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ گوجرہ کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور نوجوان نسل محفوظ ہو۔

  • بہاولپور: ڈی ایچ اے کے قریب کار حادثہ، ایک جاں بحق، تین نوجوان شدید زخمی

    بہاولپور: ڈی ایچ اے کے قریب کار حادثہ، ایک جاں بحق، تین نوجوان شدید زخمی

    بہاولپور / اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈی ایچ اے بہاولپور کے مین گیٹ کے قریب ششمہائی کینال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رحمت کالونی کے رہائشی چار نوجوان بی کے اے 540 نمبر پلیٹ والی سوفٹ کار میں سوار تھے کہ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق کار کا ڈرائیور 20 سالہ سمیر ولد محمد ناصر شدید زخمی حالت میں گاڑی کی فرنٹ سیٹ میں پھنس گیا تھا، جسے ریسکیو اہلکاروں نے خصوصی آپریشن کے ذریعے نکالا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ منتقلی دم توڑ گیا۔

    دیگر زخمیوں کی شناخت 22 سالہ فلک شیر ولد حمید، 21 سالہ ذیشان ناصر، اور 20 سالہ دانش اکرم کے طور پر ہوئی ہے، جو سب کے سب رحمت کالونی کے رہائشی ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)شمس آباد ٹول پلازہ بہاولپور لنک روڈ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار موٹرسائیکل کے سامنے اچانک ایک آوارہ کتا آ گیا، جس کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد کامران ولد محمد اشفاق، عمر 18 سال، اور محمد اشفاق ولد غلام رسول، عمر 60 سال، دونوں رہائشی جلال پور کے طور پر ہوئی ہے۔

    ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو RHC مبارک پور منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں مزید طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

    حادثے کی وجہ سڑک پر آوارہ کتوں کی موجودگی بتائی جا رہی ہے، جو مسافروں کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ شہریوں اور مسافروں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے قریب اشرف شوگر مل کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ عبدالحمید ولد منظور احمد، عمر 36 سال، ساکن اڈا نور پور چوک، سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ دوسرا موٹرسائیکل سوار مشتاق ولد علی احمد، عمر 45 سال، ساکن خانقاہ شریف، متعدد فریکچرز کا شکار ہوا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو فوری طبی امداد دے کر بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ پولیس کی کارروائی، منشیات فروش اور پتنگ فروش گرفتار، اسلحہ و چرس برآمد

    گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ پولیس کی کارروائی، منشیات فروش اور پتنگ فروش گرفتار، اسلحہ و چرس برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)تھانہ کینٹ پولیس نے منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش اشرف عرف اچھو کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 3 کلو 580 گرام چرس، ایک رائفل 222 بور، ایک 30 بور پسٹل اور متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔

    ایس پی سول لائن محمد عمران خان کی زیر ہدایت، ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر غازی عدنان اعجاز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ گشت و ناکہ بندی کے دوران مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی۔ گرفتار ملزم اشرف عرف اچھو نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بیرونِ اضلاع سے منشیات لا کر گوجرانوالہ میں فروخت کرتا تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    اسی طرح پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ملزم نعیم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضہ سے 27 عدد رنگ برنگی پتنگیں اور 2 عدد ڈور کی گوٹیں برآمد ہوئیں۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ قانون شکن عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس کا یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • اوکاڑہ: خانہ بدوشوں میں رشتے کا تنازع، سالا اور بہنوئی قتل

    اوکاڑہ: خانہ بدوشوں میں رشتے کا تنازع، سالا اور بہنوئی قتل

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ کے نواحی گاؤں چک خان محمد میں رشتے کے تنازع پر خانہ بدوش قبیلے کے دو افراد قتل ہو گئے۔ مقتولین شاہد اور فرمائش آپس میں سالا اور بہنوئی تھے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شاہد نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ بہنوئی فرمائش کی جھگی میں جا کر دستی اسلحہ سے فائرنگ کی اور اسے قتل کر دیا۔ فائرنگ کے بعد شاہد کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ مقتول کے عزیز و اقارب نے قاتل شاہد کو موقع پر ہی پکڑ لیا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ گوگیرہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ مقتول فرمائش کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا جبکہ قاتل شاہد کو زخمی حالت میں پولیس حراست میں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    ڈی پی او کے نوٹس پر پولیس نے مقتول فرمائش کی والدہ کی درخواست پر شاہد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ نمبر 723/25 درج کر لیا۔ دوسری جانب شاہد کی موت کے بعد اس کے ورثاء کی درخواست پر کراس ورژن بھی درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس تھانہ گوگیرہ نے دوہرے قتل کے اس پیچیدہ کیس کی میرٹ اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق دونوں فریقین کے بیانات، شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

  • ہیڈ مرالہ: سیر کے دوران افسوسناک حادثہ، 4 سالہ بچی ڈوب گئی، ریسکیو آپریشن جاری

    ہیڈ مرالہ: سیر کے دوران افسوسناک حادثہ، 4 سالہ بچی ڈوب گئی، ریسکیو آپریشن جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) نارووال سے فیملی کے ہمراہ ہیڈ مرالہ سیر کے لیے آئی چار سالہ حرم فاطمی دختر بابر دریائے چناب میں ڈوب گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیملی پکنک منانے ہیڈ مرالہ پہنچی جہاں کنارے پر کھڑی ایک کشتی میں بیٹھ کر تصاویر بنائی جا رہی تھیں کہ اسی دوران کمسن بچی اچانک کشتی سے نیچے گر گئی اور پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی نگرانی میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال بچی کا سراغ نہیں مل سکا۔

    اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقے کی فضا افسردہ ہو گئی ہے۔

  • قصور: 19 وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

    قصور: 19 وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

    قصور (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) سی سی ڈی ٹیم پتوکی کی کامیاب کارروائی میں 03 مقدمات میں اشتہاری اور 19 وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ غلام دستگیر عرف دستگیری ولد رانا منگت، سکنہ خانکے موڑ پھولنگر کے طور پر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر 5 سے 6 ڈاکو درخت رکھ کر شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اسی دوران سی سی ڈی ٹیم پتوکی نے خفیہ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ریڈنگ پارٹی تشکیل دی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ باقی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    سی سی ڈی ٹیم نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی قصور نے اس موقع پر کہا کہ سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔