Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • پسرور: بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی، ہزاروں لائسنس جاری

    پسرور: بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی، ہزاروں لائسنس جاری

    پسرور (باغی ٹی وی،نامہ نگاروقاص اسلم ) تحصیل پسرور میں بڑی تعداد میں شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے متعلقہ دفاتر کا رخ کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی عدنان قاسم نے بتایا کہ 27 تاریخ سے بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی کے مطابق اب تک تقریباً 25 ہزار کے قریب ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کے پاس ابھی تک لائسنس موجود نہیں، وہ اپنا اصل شناختی کارڈ لے کر تھانہ صدر پسرور آئیں، جہاں 10 سے 15 منٹ میں لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔

    ڈی ایس پی عدنان قاسم نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکلوں کی نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف بھی اب سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • سکھرپولیس کی سندھ پنجاب بارڈر پر کارروائی، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں چار مغوی  بازیاب

    سکھرپولیس کی سندھ پنجاب بارڈر پر کارروائی، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں چار مغوی بازیاب

    سکھر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی سربراہی میں سندھ پنجاب بارڈر پر ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی گئی، جس میں چار اغوا شدہ افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے علاقے سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو دھوکے سے بلا کر اغوا کر لیا گیا تھا، جن کی ویڈیو بھی ڈاکوؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی اور ان سے تاوان طلب کیا جا رہا تھا۔ اغوا ہونے والے افراد کا ذریعہ معاش کھوجی کتوں کے ذریعے مجرموں کی نشاندہی کرنا بتایا جاتا ہے، جبکہ ان کے اغوا کا مقدمہ صادق آباد میں درج تھا۔

    ڈی آئی جی سکھر رینج کی نگرانی میں ہونے والی اس ٹارگٹڈ کارروائی میں ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتراں کی قیادت میں پنجاب پولیس، ڈی پی او راجن پور، ایس ایس پی کشمور اور سندھ رینجرز کے باہمی تعاون سے پولیس مقابلے کے دوران مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ ڈاکوؤں کے گروہوں کے خلاف جاری آپریشن منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • فرانس :30 بچوں کو زہر دینے والے ڈاکٹر کو عمر قید اور جرمانہ

    فرانس :30 بچوں کو زہر دینے والے ڈاکٹر کو عمر قید اور جرمانہ

    فرانسیسی عدالت نے ایک ڈاکٹر کو 30 بچوں اور بالغ مریضوں کو جان بوجھ کر زہر دینے کا الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنادی۔

    عالمی میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم نے یہ انتہائی ظالمانہ اقدامات محض اپنے ساتھی طبی عملے کو بدنام کرنے اور ان پر شبہات ڈالنے کے لیے کیے،استغاثہ نے بتایا کہ ڈاکٹر پیچیئر ایک نفسیاتی طور پر پیچیدہ شخصیت کا حامل تھا اور وہ خود کو بہترین ڈاکٹر ثابت کرنے کے جنون میں مبتلا تھا۔

    فیصلے کے تحت فریڈرک پیچیئر کو پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیاسزا پانے والا اینستھیزیا کا ماہر ڈاکٹر 53 سالہ فریڈرک پیچیئر تھا جو 2008 سے 2017 کے درمیان فرانسیسی شہر بیسانکن کے 2 نجی کلینکس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔

    عدالتی کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فریڈرک پیچیئر نے آپریشن سے قبل یا دوران مریضوں کو ایسی دوائیں دیں جن سے ان کے جسم میں پوٹاشیم کی خطرناک مقدار بڑھ گئی،اس کے نتیجے میں متعدد مریضوں کو اچانک دل کے دورے پڑے، جو بظاہر پُراسرار اور ناقابلِ فہم معلوم ہوتے تھے۔

    تحقیقات میں ثابت ہوگیا کہ متاثرہ مریضوں میں بچے بھی شامل تھے جنھیں معمول کے آپریشن کے بعد صحت یاب ہو جانا چاہیے تھا مگر وہ غیر متوقع طور پر شدید طبی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئے،عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے اپنے پیشے، اعتماد اور انسانی جانوں کا بدترین استحصال کیا، اس لیے کسی نرمی کی گنجائش نہیں۔

    عدالت کو بتایا گیا جن 30 مریضوں کو زہر دیا گیا ان مریضوں میں سے 12 افراد جانبر نہ ہو سکے اور دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے، عدالت کے باہر موجود متاثرہ خاندانوں نے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ سزا ان کے پیاروں کی کمی کو کبھی پورا نہیں کر سکتی۔

  • لاہور: کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    لاہور: کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    لاہور:پولیس نے باغبانپورہ کے علاقے میں بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ باغبانپورہ پولیس کو بچی کے والد عظیم کی درخواست موصول ہونے پر نا معلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم حمزہ کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے کہا کہ ملزم نے باہر گلی میں کھیلتی ہوئی کم سن بچی کو اٹھا کر دوسری گلی میں لے جا کر زیادتی کرنے کی کوشش کی اور ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو اٹھایا ہوا دیکھا جا سکتا ہےملزم حمزہ کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑنے فوری کاروائی پر ایس ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض ویڈیوز بنانے اور پھیلانے میں ملوث ملزمان گرفتار

    سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض ویڈیوز بنانے اور پھیلانے میں ملوث ملزمان گرفتار

    اسلام آباد:نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض ویڈیوز بنانے اور پھیلانے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ملزمان نے متاثرہ خاتون کی اجازت کے بغیر قابلِ اعتراض ویڈیوز ریکارڈ کیں اور بعد ازاں انہیں عوامی طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل کیا، متاثرہ خاتون اور اس کے اہلِ خانہ کو بلیک میل اور ہراساں کیا جاتا رہا انکوائری نمبر 1094/25 اور مقدمہ نمبر 340/25 درج کیا گیا، مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20 اور 21 بمعہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت درج کیاگیا ۔

    گرفتار ملزمان میں محمد شکیل اور شاہینہ بی بی شامل ہیں، تفتیش کے دوران یہ بھی ثابت ہوا کہ جرم میں استعمال ہونے والا موبائل نمبر ملزمہ کے نام پر رجسٹرڈ تھا ملزمان نے جعلی شناخت کے ذریعے قابلِ اعتراض مواد کو سوشل میڈیا پر نشر کیا اور مختلف ذرائع سے متاثرہ خاتون کے اہلِ خانہ کو ارسال کر کے ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق خواتین کی عزت و وقار اور نجی زندگی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف: سیلاب متاثرین سردی میں “مہنگائی کے شکنجے” میں، امداد کے وعدے دھوکہ بن گئے

    اوچ شریف: سیلاب متاثرین سردی میں “مہنگائی کے شکنجے” میں، امداد کے وعدے دھوکہ بن گئے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے حالیہ سیلابی ریلے سے بری طرح متاثر ہوئے، جہاں متعدد مکانات منہدم ہو گئے اور گھریلو سامان پانی کی نذر ہو گیا۔ سیلاب سے متاثرہ خاندان اس وقت شدید سردی کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بھی سامنا کر رہے ہیں، جس نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    متاثرین کے مطابق سرد موسم میں بچوں اور بزرگوں کو گرم رکھنے کے لیے کمبل اور رضائی کی اشد ضرورت ہے، تاہم مارکیٹ میں ان اشیاء کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ غریب اور سیلاب زدہ خاندان انہیں خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ ایک متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ وہ کم از کم اپنے بچوں کو سردی سے بچانا چاہتے ہیں، لیکن نہ مہنگی رضائیاں ان کی پہنچ میں ہیں اور نہ ہی سستے لنڈا بازار سے کچھ حاصل ہو پا رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں معیاری کورین کمبل تو بہت مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ عام کمبل بھی چھانٹی کے بعد زیادہ قیمت پر دستیاب ہیں۔ اس صورتحال نے سیلاب متاثرین کو مزید بے بس کر دیا ہے۔

    ایک متاثرہ خاتون نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سردی کی شدت نے زندگی مشکل بنا دی ہے اور کمبلوں کی مہنگائی ایک نئے عذاب کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر صرف منافع کمانے میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ خاندان اپنے بچوں کو گرم رکھنے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

    دوسری جانب متاثرین نے حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ متاثرہ افراد کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے کچے مکانات کے منہدم ہونے پر 5 لاکھ روپے اور پکے مکانات پر 10 لاکھ روپے امداد کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم عملی طور پر کچے اور پکے دونوں طرح کے مکانات کے متاثرہ خاندانوں کو صرف 75 ہزار روپے دیے گئے، جو نہ مکانات کی بحالی کے لیے کافی ہیں اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کے سامان کی خریداری کے لیے۔

    ایک متاثرہ شخص نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے وعدوں پر بھروسہ کیا، مگر دی جانے والی امداد نے ان کی مشکلات کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ سر چھپانے کو گھر ہے، نہ مناسب لباس اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کا کوئی انتظام۔

    سیلاب متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کمبل، رضائیاں، گرم کپڑے اور مناسب مالی امداد فراہم کی جائے، بصورت دیگر سردی اور مہنگائی کے اس سنگین بحران میں کئی خاندان مزید خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی،  ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ راوی کی پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے دو اہم کارندوں محمد اشرف عرف تکلی اور ممتاز کو دھر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے مال مسروقہ میں 2 لاکھ روپے نقد رقم، 2 موٹر سائیکلیں اور 2 موبائل فون شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد 30 بور پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھانہ راوی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر وارداتوں کے سراغ اور مزید ریکوری کی قوی امید ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: علی پور روڈ پر المناک ٹریفک حادثہ، نوجوان خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    اوچ شریف: علی پور روڈ پر المناک ٹریفک حادثہ، نوجوان خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)علی پور روڈ، انڈس ہائی وے پر للو والی موڑ کے قریب مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان آمنے سامنے شدید تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع صبح 9 بج کر 7 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 7 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے BPA-27، BPA-34، BPA-35، BF-6 اور APR-1 روانہ کیے گئے۔

    ریسکیو عملے کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت رمشا بی بی زوجہ محمد شریف، عمر 20 سال، ساکن ترنڈہ محمدپناہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں حادثے کے باعث جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں اور متعدد فریکچرز آئے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔ متوفیہ کی ڈیڈ باڈی کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    حادثے میں محمد شریف ولد مظفر احمد، عمر 27 سال، معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا گیا، جبکہ تین دیگر معمولی زخمی افراد ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی قریبی ہسپتال منتقل ہو چکے تھے۔

    حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے ریسکیو اور پولیس کی مدد سے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے انڈس ہائی وے پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رفتار کی نگرانی، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

  • کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں،حنا پرویز بٹ

    کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں،حنا پرویز بٹ

    چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں اور ایسے درندہ صفت افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    لاہور کے علاقے اچھرہ میں 9 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ بچی کے گھر کا دورہ کیا اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی، حنا پرویز بٹ نے بچی کے والد اور دیگر اہلِ خانہ سے تفصیلی گفتگو کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور انصاف کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

    حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت ہے کہ بچوں اور خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، اس مقدمے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش کے تمام مراحل قانون کے مطابق آگے بڑھائے جا رہے ہیں،کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں اور ایسے درندہ صفت افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کو قانونی، نفسیاتی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن بالکل واضح ہے کہ پنجاب میں کوئی بچی، کوئی خاتون خود کو غیر محفوظ محسوس نہ کرے۔ بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو مثال بنایا جائے گا۔

  • گھوٹکی:ڈاکوؤں کا مسافر کوچ پر حملہ، متعدد افراد اغوا

    گھوٹکی:ڈاکوؤں کا مسافر کوچ پر حملہ، متعدد افراد اغوا

    گھوٹکی میں گڈوکشمور روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کرکے 25 مسافروں کو اغوا کرلیا۔

    کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو گڈو کشمور لنک روڈ ایم فائیو پر پر مسلح افراد نے مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور گاڑی رکنے کے بعد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا بس رکنے کے بعد ڈاکو 25 مسافروں کو اغوا کر کے لے گئے جبکہ جبکہ فائرنگ سے متعدد زخمی بھی ہوئےواقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور ڈاکوؤں کا تعاقب جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کے اغوا کی حتمی تعداد کے بارے میں فوری کچھ نہیں بتاسکتے عینی شاہد مسافر کے مطابق ڈاکو مسافروں کو گنے کی فصل میں اغوا کر کے لے کر گئے ہیں،ڈاکوؤں نے مسافر کوچ اور دیگر گاڑیوں میں موجود درجنوں مسافروں کو لوٹ مار کی اور فائرنگ بھی کرتے رہے، جبکہ فائرنگ سے متعدد زخمی بھی ہوئے،بیشتر مسافر خوف کے عالم میں کماد کی فصل میں چھپ کر جان بچائی۔

    سندھ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا، تھانہ ماچھکہ کی پولیس نفری اور موٹر وے پولیس کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے۔