Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • گوجرانوالہ: تھانہ دھلے پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    گوجرانوالہ: تھانہ دھلے پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ دھلے پولیس نے گوجرانوالہ میں بدنام زمانہ ریکارڈیافتہ منشیات فروش عامر شہزاد کو گرفتار کر کے ایک شاندار کارروائی انجام دی ہے۔

    ملزم کے قبضے سے 12 کلو 500 گرام چرس، 1030 گرام افیون، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں پولیس اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ نے اس کامیاب کارروائی کو عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

  • سکھر پولیس میں احتسابی عمل، کرپٹ اور ناقص کارکردگی والے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات

    سکھر پولیس میں احتسابی عمل، کرپٹ اور ناقص کارکردگی والے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات

    سکھر (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایات پر محکمہ پولیس میں احتسابی عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے سکھر رینج کے متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر قانونی سرگرمیوں اور کارکردگی میں ناکامی کے الزامات پر محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اہم فیصلے جاری کیے ہیں۔ یہ اقدامات محکمہ جاتی انکوائری رپورٹس کی بنیاد پر کیے گئے ہیں۔

    ہیڈ کانسٹیبل غلام شبیر اعوان اور کانسٹیبل لدھو خان منگنیجو کو اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کے الزامات پر ایک سال کی سروس ختم کرتے ہوئے ضلع گھوٹکی منتقل کر دیا گیا۔ اسی طرح کانسٹیبل مست علی پھلپوٹو اور شیر زادہ پٹھان کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر دو سال کی سروس ختم کرنے کے بعد ضلع گھوٹکی ٹرانسفر کیا گیا۔

    اس کے علاوہ متعدد برطرف اہلکاروں اور افسران کی بحالی کی اپیلیں مسترد کی گئیں۔ اے ایس آئی منظور احمد سیٹھار کی رینک بحالی کی اپیل اور محمد اسحاق چاکرانی و عدنان علی منگی کی غیرحاضری کی وجہ سے بحالی کی درخواستیں رد کی گئی ہیں۔ برطرف کانسٹیبل جمیل احمد مہر کی اپیل پر ان کی برطرفی کو کمپلسری ریٹائرمنٹ میں تبدیل کیا گیا۔

    کچھ اہلکاروں کی سزاؤں میں نرمی بھی کی گئی۔ انسپیکٹر اعجاز علی مخدوم کی میجر پنشمنٹ کو مائنر پنشمنٹ میں تبدیل کرتے ہوئے ایک سال کا انکریمنٹ روکنے کا حکم دیا گیا۔ سب انسپیکٹر نوید مصطفیٰ جمانی اور سب انسپیکٹر اللہ داد چاچڑ کی سزا کو سینشور (تنبیہ) میں تبدیل کیا گیا جبکہ سب انسپیکٹر صفدر عباس اور انسپیکٹر ذوالفقار علی مہر کے شوکاز نوٹس فائل کیے گئے اور انہیں آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی۔ برطرف اے ایس آئی منظور احمد لانگا کی بحالی منظور کر کے انہیں دوبارہ نوکری پر بحال کیا گیا اور سزا سینشور میں تبدیل کی گئی۔

    ڈی آئی جی سکھر رینج نے مزید 30 سے زائد افسران و اہلکاروں کے سکھر رینج کے مختلف اضلاع میں ٹرانسفر کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے واضح کیا کہ غفلت، لاپرواہی، کرپشن یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور محکمہ پولیس میں نظم و ضبط کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ اچھی کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو انعامات اور تحسین سے نوازا جائے گا۔

  • منڈی بہاؤالدین: 2 مبینہ پولیس مقابلے، 1 ہلاک، 1 زخمی گرفتار

    منڈی بہاؤالدین: 2 مبینہ پولیس مقابلے، 1 ہلاک، 1 زخمی گرفتار

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب) تھانہ میانہ گوندل اور پاہڑیانوالی میں دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب ایک خطرناک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    پاہڑیانوالی ناکہ پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں اورنگزیب عرف رنگو ہلاک ہو گیا۔ رنگو 28 سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    دوسری کارروائی پنڈی راواں میں ہوئی جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر سیدھی فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں خضر حیات کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ خضر حیات 19 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔

    پولیس کے مطابق واقعات میں فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

  • اوباڑو پولیس کی کارروائی، چوری کی موٹر سائیکل برآمد، تین ملزمان گرفتار

    اوباڑو پولیس کی کارروائی، چوری کی موٹر سائیکل برآمد، تین ملزمان گرفتار

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)تھانہ اوباڑو پولیس نے بہترین کارروائی کرتے ہوئے چوری کے مقدمے میں مطلوب تین ملزمان کو مسروقہ موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر روپوش اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں کرائم نمبر 219/2025 دفعہ 381A ت۔پ کے مقدمے میں مطلوب ملزمان — ساجد علی عرف ماجد علی ملک، محمد اسلم ملک اور محمد علی ملک کو گرفتار کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ملزمان نے مورخہ 12 نومبر 2025 کو میر حسن ولد وزیر احمد چوہان، مسلم کالونی اوباڑو کی موٹر سائیکل فیضان پنجتن پاک مدرسہ، ریتی روڈ نزد بائی پاس اوباڑو سے چوری کی تھی۔

    پولیس نے مسروقہ موٹر سائیکل قانونی کارروائی کے بعد اصل مالک کے حوالے کر دی۔

  • قصور: دورانِ تفتیش ملزم کی ویڈیو بنا کر وائرل کرنے والے اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج

    قصور: دورانِ تفتیش ملزم کی ویڈیو بنا کر وائرل کرنے والے اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج

    قصور (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) تھانہ بی ڈویژن قصور میں دورانِ تفتیش گرفتار ملزم کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے اے ایس آئی عمر فاروق کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واقعہ سامنے آتے ہی درجنوں شہری بھی اے ایس آئی کی دیگر مبینہ زیادتیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے تھانے پہنچ گئے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق چند روز قبل ایک تفتیش کے دوران اے ایس آئی نے ملزم کی ویڈیو موبائل فون سے ریکارڈ کی تھی، جسے بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا گیا۔ ابتدائی انکوائری میں اے ایس آئی کا یہ عمل غیر قانونی، غیر پیشہ ورانہ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف قرار پایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست کسی بھی شخص کی ویڈیو بنانا یا اسے عام کرنا نہ صرف خلافِ ضابطہ ہے بلکہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ ترجمان کے مطابق واقعے کی بنیاد پر اے ایس آئی عمر فاروق کو معطل کر دیا گیا ہے اور محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

    مزید برآں ویڈیو وائرل ہونے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے ایک اسپیشل انکوائری ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔

    اعلیٰ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی عزتِ نفس کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور ایسے غیر اخلاقی و غیر قانونی اقدامات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • کچھی،گھر میں دھماکا، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

    کچھی،گھر میں دھماکا، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

    بلوچستان کے ضلع کچھی کی تحصیل سنی میں ایک گھر کے اندر ہونے والے دھماکے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔

    ڈی ایس پی جان محمد کے مطابق لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے پیش آیا، تاہم اس کی نوعیت جانچنے کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گھر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے بارودی مواد گھر میں نصب کیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں

    پشاور میں گیس پائپ لائن دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    جے یو آئی (ف) رہنما فرخ کھوکھر غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر گرفتار

    بھارتی ہراسانی سے تنگ کشمیری شہری کی خودسوزی، خاندان انصاف کا متقاضی

  • پشاور میں گیس پائپ لائن دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    پشاور میں گیس پائپ لائن دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    پشاور کی تحصیل حسن خیل میں جمعرات کی شب گیس پائپ لائن میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد پائپ لائن میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق متاثرہ لائن 24 انچ قطر کی تھی، جو علاقے میں گیس کی ترسیل کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، جبکہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران شہریوں کو متاثرہ مقام کے قریب نہ جانے اور محفوظ فاصلے پر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سی سی پی او کے مطابق سوئی گیس حکام کو فوری طور پر سپلائی بند کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے تاکہ آگ کے پھیلاؤ اور کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو سروسز، فائر بریگیڈ اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ایمرجنسی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں آنے تک علاقے میں نگرانی جاری رہے گی

    جے یو آئی (ف) رہنما فرخ کھوکھر غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر گرفتار

    بھارتی ہراسانی سے تنگ کشمیری شہری کی خودسوزی، خاندان انصاف کا متقاضی

    اگلے احتجاج میں اجتماعی دم و استخارہ ہوگا، شیر افضل مروت کا انکشاف

  • اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی۔

    آپریشن کے دوران قبرستان کی چار دیواری سے متصل تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے واضح کیا کہ قبرستانوں کے اطراف کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر، قبضہ یا تجارتی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آینده قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ایک روزہ کارروائی نہیں بلکہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

    وسیم جاوید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قبرستانوں کے تقدس کا خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں نظم و ضبط اور مقدس مقامات کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے علیحدہ علیحدہ ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    سیالکوٹ میں بڈیانہ روڈ پر دو تیز رفتار کاروں نے مبینہ طور پر ریس کے دوران رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ان کا کزن شامل ہے، جبکہ حادثے کے بعد دونوں کاروں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

    چارسدہ کے ترنگزئی بائی پاس پر اسکول وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں دو طالب علم جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔ زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

    صوابی کے شیوہ اڈہ چوک میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اوور اسپیڈنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔

  • گھوٹکی: پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ جاری

    گھوٹکی: پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ جاری

    گھوٹکی (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن تیز کر دیا گیا۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کر رہے ہیں۔

    تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں واقع کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو اور اغواء کار بخت علی عرف بختو سندرانی کے خلاف بھاری نفری کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے۔
    ذرائع کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم بختو سندرانی متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، جن میں اغواء برائے تاوان، پولیس اہلکاروں کی شہادتیں، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔

    آپریشن میں ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ، سب ڈویژن رونتی، سب ڈویژن کچو بنڈی اور سب ڈویژن گھوٹکی کے ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
    پولیس اور رینجرز کی ٹیموں کے ساتھ اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے سخت مزاحمت کا سامنا کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل ڈاکوؤں نے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں اللہ والی مسجد کے قریب سے ایک شہری کو اغواء کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کچے میں کارروائی مزید تیز کر دی۔