Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوکاڑہ: ایک ہی رات میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی گرفتار

    اوکاڑہ: ایک ہی رات میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں ایک ہی رات کے دوران تین مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ شاہبور کی حدود 33 فور ایل میں ہوئی جہاں پولیس نے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ممتاز عرف تاجی زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم کے قبضے سے دو پیکٹ چرس برآمد کی گئیں۔

    دوسری کارروائی تھانہ سٹی دیپالپور کے علاقے نیو سبزی منڈی میں عمل میں آئی۔ پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم ذوالفقار نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں وہ زخمی ہو کر گرفتار ہوا۔ اس کے قبضہ سے ایک کلو چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔

    تیسری کارروائی تھانہ حویلی لکھا پولیس نے ناکہ پر کی، جہاں دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت پرویز عرف غلام مصطفی عرف "بگی” کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو ڈکیتی، چوری اور منشیات سمیت 24 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

    پولیس نے ہلاک ڈاکو کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

  • اوچ شریف:ہیلمٹ لازمی قرار، مارکیٹ میں مصنوعی قلت ،شہری پریشان

    اوچ شریف:ہیلمٹ لازمی قرار، مارکیٹ میں مصنوعی قلت ،شہری پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کا قانون عملی طور پر نافذ ہوتے ہی اوچ شریف میں ہیلمٹ کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری قانون کے مطابق ہیلمٹ خریدنے بازاروں کا رُخ کر رہے ہیں، مگر دکان داروں نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عام معیار کے ہیلمٹ، جو چند روز قبل 800 سے 1000 روپے میں دستیاب تھے، اب 3500 سے 4000 روپے میں بلیک پر فروخت ہو رہے ہیں۔ متعدد دکانداروں نے نہ صرف قیمتیں بڑھا دی ہیں بلکہ اسٹاک بھی چھپا دیا ہے، جس سے مصنوعی قلت پیدا ہو کر شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ”قانون نافذ ہونا اچھی بات ہے لیکن عوام کی جیبیں خالی کر کے نہیں۔”
    انہوں نے ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، جرمانے کیے جائیں اور دکانیں سیل کی جائیں تاکہ عام آدمی بھی مقررہ قیمت پر ہیلمٹ خرید سکے۔

    عوامی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قانون پر سختی سے عمل کرانے کے ساتھ ساتھ ریلیف اقدامات بھی کیے جائیں، ورنہ بلیک مارکیٹ اور بے تحاشہ مہنگائی شہریوں کے لیے مزید مسائل پیدا کر دے گی۔

  • گوجرانوالہ ریجن میں ٹریفک قوانین کی سخت کارروائیاں، 26 ہزار چالان

    گوجرانوالہ ریجن میں ٹریفک قوانین کی سخت کارروائیاں، 26 ہزار چالان

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ ریجن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف پولیس کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آرپی او گوجرانوالہ کے مطابق ٹریفک قوانین کی سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

    آرپی او کے مطابق ریجن بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران:26 ہزار 137 ٹریفک چالان کیے گئے۔3 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد جرمانے وصول کیے گئے۔

    ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر 1151 مقدمات درج ہوئے جبکہ 1148 ملزمان گرفتار کیے گئے۔9194 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال پر 253 چالان کیے گئے۔

    آرپی او کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ناگزیر ہے، اس لیے قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • گھوٹکی: پولیس کی بروقت کارروائی، شادی کے بہانے اغواء کا منصوبہ ناکام، شہری محفوظ

    گھوٹکی: پولیس کی بروقت کارروائی، شادی کے بہانے اغواء کا منصوبہ ناکام، شہری محفوظ

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنیر خیبرپختونخوا کے رہائشی شہری گل سید ولد جان سید کو اغواء ہونے سے بچا لیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر پولیس پکٹنگ اور گشت میں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ اہم کارروائی عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کھمبڑا ظہیر حسین بھٹو بمعہ پولیس ٹیم دورانِ چیکنگ موجود تھے۔ پولیس نے مشکوک صورتحال پر شہری سے پوچھ گچھ کی، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ گل سید کو چند روز سے نامعلوم نمبروں سے ایک عورت “ثمینہ” کے نام پر کالز آرہی تھیں، جو اسے شادی کا جھانسہ دے رہی تھی۔

    گل سید نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی نے اسے دوستی اور شادی کے وعدوں میں الجھا کر کچے کے علاقے میں بلایا تھا، جہاں اسے اغواء کیے جانے کا منصوبہ تیار تھا۔ پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ممکنہ اغواء کو ناکام بنادیا۔

    گل سید نے اپنی جان بچانے پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران اور پورے پولیس عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

    گھوٹکی پولیس نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کے لیے شاباشی کا اعلان بھی کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔

  • اوچ شریف: شہر تجاوزات کے شکنجے میں، میونسپل کمیٹی کی مبینہ چشم پوشی،شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف: شہر تجاوزات کے شکنجے میں، میونسپل کمیٹی کی مبینہ چشم پوشی،شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف شہر مکمل طور پر تجاوزات کی لپیٹ میں آ چکا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی مبینہ طور پر مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ احمد پور شرقیہ روڈ، خیرپور ڈاہا روڈ سمیت مرکزی شاہراہیں سریا، بجری، تعمیراتی سامان اور غیر قانونی اسٹالز سے بھر گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک نظام شدید درہم برہم ہو چکا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور فیلڈ اسٹاف تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بجائے بھتہ مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ’’نذرانے‘‘ وصول کیے جاتے ہیں جبکہ صرف کاغذی کارروائی دکھا کر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔

    مین شاہراہوں پر قائم نجی اسپتالوں، کلینکس، اسکولز اور دکانداروں کی خودساختہ پارکنگز نے اندرونِ شہر ٹریفک کو مکمل جام کر رکھا ہے۔ ہاتھی گیٹ بازار، موبائل مارکیٹ، سبزی و فروٹ منڈی اور مرکزی چوک تجاوزات کے نرغے میں آ کر گزرگاہوں کو تنگ ترین بنا چکے ہیں، جبکہ غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور ریڑھی بانوں نے سڑکوں کو یرغمال بنا دیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے مزید چشم پوشی کی تو شہر کی سڑکیں مکمل طور پر بند ہو جائیں گی اور کاروبار بری طرح متاثر ہوگا۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈی سی بہاولپور سے فوری اور سخت آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بیانات نہیں، عملی اقدام ضروری ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو شہری وسیع پیمانے پر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔

  • پسرور: تیزرفتار ٹویوٹا الٹ گئی، 7 افراد زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

    پسرور: تیزرفتار ٹویوٹا الٹ گئی، 7 افراد زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

    پسرور (باغی ٹی وی،وقاص اسلم) تحصیل پسرور میں ڈسکہ روڈ پر ٹوریاں والا اسٹاپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹویوٹا گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان پیش نہ آیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 25 سالہ زاہد، 15 سالہ عمیر، 4 سالہ زائشاہ، 47 سالہ راشد، 7 سالہ موسیٰ، 24 سالہ نمرہ اور 5 سالہ حسین شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو 1122 نے اسپتال منتقل کر دیا۔

    ریسکیو نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

  • والد کے قتل میں ملوث دو بیٹے گرفتار

    والد کے قتل میں ملوث دو بیٹے گرفتار

    خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو سگے بیٹوں نے گھریلو جھگڑے کی بنیاد پر اپنے ہی والد کو قتل کروانے کی سازش رچائی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اجرتی قاتل سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں مقتول کے دونوں بیٹے بھی شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ بیٹوں کا اپنے والد کے ساتھ اکثر گھریلو مسائل پر جھگڑا رہتا تھا، جس کے باعث انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت ایک اجرتی قاتل سے رابطہ کیا۔ ملزمان نے مالی لین دین کا وعدہ کرکے باقاعدہ طور پر قتل کرانے کا ٹھیکہ دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے، اور اب تک حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریوں اور انکشافات کا امکان بھی موجود ہے۔
    مزید بتایا گیا ہے کہ قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے بیانات میں واضح تضادات سامنے آئے، جس کے بعد ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو تنازعات کی شدت اور خاندانی رشتوں میں بگاڑ کی ایک افسوسناک مثال ہے۔

  • اوچ شریف: میڈیکل سٹور میں بڑی چوری،چور لاکھوں کی ادویات لے اُڑے

    اوچ شریف: میڈیکل سٹور میں بڑی چوری،چور لاکھوں کی ادویات لے اُڑے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)تھانہ اوچ شریف سے چند فرلانگ کے فاصلے پر احمد پور شرقیہ روڈ پر واقع خواجہ دلاور میڈیکل اسٹور اینڈ کلینک میں رات کے وقت چوری کی واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی ادویات اٹھا کر فرار ہوگئے۔

    متاثرہ دکاندار کے مطابق اوچ شریف میں چوری اور نقب زنی کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ دکاندار نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کو فوری گرفتار کر کے علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم کے سلسلے کو روکا جائے۔

    تھانہ اوچ شریف کے مہتمم فیصل امین نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
    واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوام نے تجارتی علاقوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • احمدپور شرقیہ: اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی

    احمدپور شرقیہ: اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر موٹر سائیکل اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ زخمی شخص کی شناخت محمود ولد حاجی حبیب (عمر 30 سال، سکونت موضع ممو آرائیں احمدپور شرقیہ) کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے معمولی خراشیں آئیں اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی۔

    ریسکیو سٹاف کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کو لواحقین ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی اپنے گھر منتقل کر گئے، ان کا گھر اڈا ظاہر پیر کے قریب واقع بتایا جاتا ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹریلر ڈرائیور سمیت واقعے کی قانونی کارروائی شروع کر دی۔

  • اوچ شریف: چوک بھٹہ میں فائرنگ،پولیس کے دو سب انسپیکٹر زخمی، منشیات فروش ہلاک

    اوچ شریف: چوک بھٹہ میں فائرنگ،پولیس کے دو سب انسپیکٹر زخمی، منشیات فروش ہلاک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چوک بھٹہ میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سب انسپیکٹرز زخمی جبکہ ایک منشیات فروش ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، صدر پولیس اسٹیشن احمدپور کی ٹیم منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے چوک بھٹہ پہنچی تو ملزمان نے اچانک پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپیکٹر افتخار (عمر 53 سال) ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جبکہ ایلیٹ فورس کے سب انسپیکٹر نذیر احمد بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔

    ریسکیو 1122 نے دونوں زخمی اہلکاروں کو جہانگیر رشید آباد کوٹلہ موسیٰ خان روڈ سے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے مزید علاج کے لیے داخل کر لیا گیا۔

    دوسری جانب پولیس کی جوابی فائرنگ میں منشیات فروش منظور موقع پر ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔