Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • کراچی ،سوئی گیس کے دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی

    کراچی ،سوئی گیس کے دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی

    نیو کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں رہائشی عمارت میں سوئی گیس کے دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ مکان سے گیس پریشر بڑھانے کی موٹر برآمد ہوئی ہے، شبہ ہے کہ موٹر کے باعث گیس گھر میں بھر گئی تھی، جس کے بعد ماچس جلانے سے دھماکا ہوا۔حکام نے بتایا کہ دھماکے سے قریبی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا، جب کہ جس مکان میں دھماکا ہوا وہاں مزدور رہائش پذیر تھے۔ پانچ افراد ملبے تلے دب کر اور ایک شخص جھلس کر زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا.

    قومی ایئر لائن کی نجکاری اگلے ماہ مکمل ہونے کا امکان، 4 کمپنیاں میدان میں

    حماس کی ثالث ممالک سے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کی اپیل

    صدر زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

  • ٹھٹھہ: پولیس کا بڑا ایکشن، کیش سنیچنگ گینگ گرفتار، 5 لاکھ نقدی، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

    ٹھٹھہ: پولیس کا بڑا ایکشن، کیش سنیچنگ گینگ گرفتار، 5 لاکھ نقدی، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

    ٹھٹھہ (بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس کی شاندار کارروائی کے نتیجے میں خطرناک کیش سنیچنگ گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران تین ایکٹو کرمنلز کو دھر لیا، جن کے قبضے سے چھینی گئی رقم میں سے 5 لاکھ روپے، دو پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 5 اکتوبر 2025 کی رات تھانہ ٹھٹھہ کی حدود خونی تلاء کے قریب چار نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر نورانی میڈیکوز کے مالک غضنفر علی میمن سے 18 لاکھ روپے چھین کر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 340/2025، دفعات 392 اور 397 تعزیراتِ پاکستان کے تحت متاثرہ کے بھائی منصور احمد میمن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی خصوصی ہدایت پر سینئر افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ایس ڈی پی او وحید بیگ لاڑک، ایس ایچ او ماجد علی کورائی، انچارج سی آئی اے عبدالجبار لغاری، انسپکٹر فیصل شفیع میمن، سب انسپکٹر راجا ظفر راجپوت، اے ایس آئی شاہ رخ کنبھاٹی اور دیگر افسران شامل تھے۔

    ٹیم نے جدید ٹیکنیکل سسٹم اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ٹھٹھہ شہر کے مختلف مقامات سے تین ملزمان محمد حسن عرف بابو، عمران لونگ سموں اور غلام مصطفیٰ دایو کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے متعدد ڈکیتی، راہزنی اور سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

    پولیس کے مطابق دو فرار ملزمان اشرف اور اکرم ہاشم پارہیڑی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی نے کیس ٹریس کرنے اور کامیاب کارروائی پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • قصور: پیرا فورس کا کریک ڈاؤن، ناپ تول میں ہیراپھیری پر پٹرول پمپس کو 2 لاکھ 2 ہزار جرمانہ

    قصور: پیرا فورس کا کریک ڈاؤن، ناپ تول میں ہیراپھیری پر پٹرول پمپس کو 2 لاکھ 2 ہزار جرمانہ

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)ڈپٹی کمشنر عمران علی کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس غضنفر نوید کی زیر نگرانی پٹرولیم مصنوعات کے ناپ تول میں ہیراپھیری کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیرا فورس ٹیم نے مین دیپالپور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے۔ دورانِ چیکنگ متعدد پٹرول پمپس پر ناپ تول کے پیمانوں میں کمی بیشی اور پیمائش میں دھوکہ دہی پکڑی گئی۔ موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دو لاکھ دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر غضنفر نوید نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول پمپس کے پیمانوں میں ہیراپھیری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو ان کے پیسوں کے عوض درست مقدار میں ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مقدار میں کمی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ کسی بھی خلاف ورزی پر پٹرول پمپس کو سیل کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

    پیرا فورس کی کارروائیوں سے عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ ناپ تول میں فراڈ کرنے والے مافیا کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

  • پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، مصطفیٰ آباد میں زہریلا دودھ تیار کرنے والا ملزم گرفتار، 800 لیٹر مضرِ صحت دودھ تلف

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، مصطفیٰ آباد میں زہریلا دودھ تیار کرنے والا ملزم گرفتار، 800 لیٹر مضرِ صحت دودھ تلف

    قصور ( باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز باقر رسول انور کی زیر نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مصطفیٰ آباد کے علاقے میں فیضان ملک یونٹ پر چھاپہ مار کر 800 لیٹر زہریلا دودھ موقع پر تلف کردیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق دورانِ کارروائی کیمیکلز ملا کر دودھ تیار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ موقع سے دودھ والی گاڑی، دودھ تیار کرنے والا سامان اور دیگر کیمیکل مواد قبضہ میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پانی، گھی، پاوڈر اور کیمیکل ملا کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کرتا تھا جو لاہور سمیت دیگر شہروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ اس غیرمعیاری اور مضرِ صحت دودھ سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے تھے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز باقر رسول انور نے کہا کہ عوام کو صاف ستھری، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، اور کسی بھی قیمت پر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف شکایات فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج یا ٹال فری نمبر 1223 پر درج کروائیں تاکہ معاشرے کو زہریلی خوراک سے پاک بنایا جا سکے۔

  • بہاولنگر میں پولیس کی بڑی کارروائی، اے کیٹگری کا خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار

    بہاولنگر میں پولیس کی بڑی کارروائی، اے کیٹگری کا خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار

    بہاولنگر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے اے کیٹگری کے خطرناک اشتہاری ملزم طاہر عرف طاری کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق طاہر عرف طاری نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر آفیسر کالونی کے قریب گن پوائنٹ پر تاجر سے نقدی اور قیمتی سامان چھین لیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس تھانہ سٹی اے ڈویژن نے جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل کوششوں کے بعد سات ماہ کی محنت سے واردات کو ٹریس کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ایسے تمام اشتہاری مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹول پلازہ کے قریب خوفناک حادثہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    احمد پور شرقیہ: ٹول پلازہ کے قریب خوفناک حادثہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف نامہ نگار (باغی ٹی وی حبیب خان)احمد پور ٹول پلازہ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین اور ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار چنی گوٹھ سے احمد پور جا رہا تھا کہ یو ٹرن پر اچانک موڑ کاٹنے کے دوران پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ہنڈا سوک کار سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل سوار کا دایاں پاؤں کٹ کر الگ ہو گیا اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر سی پی آر کرتے ہوئے لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت اللہ دتہ ولد عبد الکریم، عمر تقریباً 65 سال، سکنہ فیروز پمپ کے ایل پی روڈ احمد پورشرقیہ کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کے بعد موٹر وے پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔

  • ڈیرہ غازی خان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ایک ہزار لٹر ناقص دودھ تلف، دو گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ایک ہزار لٹر ناقص دودھ تلف، دو گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان) عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ دودھ کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز حبیب الرشید کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوٹ چھٹہ میں ملک شاپ پر بڑی کارروائی کی۔

    معائنے کے دوران 1 ہزار لٹر غیر معیاری دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ چلر، فریزر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران شاپ مالک موقع سے فرار ہو گیا تاہم دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے شاپ کی پروڈکشن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق لیب رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں دودھ کو فوڈ اتھارٹی کے معیار کے مطابق غیر معیاری قرار دیا گیا۔

    ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں دن رات عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش فراہم کی جا سکیں۔

  • بہاولنگر: اربن یونٹ منیجر کی شاندار کارروائی، جعلی نوکریوں کا بڑا گینگ گرفتار، لاکھوں کی نوسربازی بے نقاب

    بہاولنگر: اربن یونٹ منیجر کی شاندار کارروائی، جعلی نوکریوں کا بڑا گینگ گرفتار، لاکھوں کی نوسربازی بے نقاب

    بہاولنگر(باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر میں نوسربازی کے ایک بڑے گروہ کا انکشاف ہوا ہے جو جعلی نوکریوں کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے میں مصروف تھا۔ اربن یونٹ کے ڈسٹرکٹ منیجر ہمایوں شان بھٹی کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں مرکزی نوسر باز کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے سامنے جعلی نوکریوں کا دھندہ چلانے والا نوسر باز نظیر احمد مختلف شہریوں کو اربن یونٹ میں بھرتی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتا رہا۔ پنجاب سٹی پریس کلب بہاولنگر میں متاثرین محمد طلحہ، نوشابہ، کشف صبا اور 105 فتح چشتیاں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نظیر احمد نے ان سے سپروائزر کی بھرتی کے نام پر فی کس 70 ہزار روپے وصول کیے، جن کی کیش ٹرانزیکشنز کے واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔

    متاثرین کے مطابق نظیر احمد ایک پرانا اور عادی نوسر باز ہے، جو ماضی میں بھی شہریوں کو کبھی بینظیر انکم سپورٹ اسکیم کے نام پر اور کبھی سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے جعلی آرڈرز دکھا کر لوٹتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے چشتیاں، ڈاہری والا، ہارون آباد، فقیر والی، کھچی والا اور فورٹ عباس سمیت متعدد علاقوں میں شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا رکھا تھا۔

    ار بن یونٹ کے ڈسٹرکٹ منیجر ہمایوں شان بھٹی نے شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے نوسر باز کو گرفتار کروا دیا۔ متاثرین نے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈی پی او بہاولنگر سے مطالبہ کیا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور لوٹی گئی رقم متاثرین کو واپس دلائی جائے۔

    شہریوں نے حکومت اور پولیس حکام سے اپیل کی کہ جعلی نوکریوں کے اس دھندے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ آئندہ کسی شہری کو ایسے دھوکے کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

  • شیر شاہ میں رہائشی عمارت کے آئل ڈپو میں آگ، 5 افراد جھلس گئے

    شیر شاہ میں رہائشی عمارت کے آئل ڈپو میں آگ، 5 افراد جھلس گئے

    شیر شاہ کے علاقے میں رہائشی عمارت کے اندر واقع آئل ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریبی مکانات کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

    واقعے میں 5 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔کے ایم سی کے چیف فائر آفیسر کے مطابق فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق آگ نے متاثرہ مکانات کو جزوی طور پر متاثر کیا، جبکہ گیس لائن سے اخراج کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، جس کے بعد علاقے میں گیس اور بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد گلی میں آئل پھیل گیا، جس سے کئی افراد متاثر ہوئے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا.

    کراچی، افغان کیمپ میں ہنگامہ آرائی، تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا

    اسرائیل نے مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ حکام کے حوالے کردیں

  • اوکاڑہ: محکمہ لائیو اسٹاک کی بروقت کارروائی، مردہ جانور کا گوشت فروخت ہونے سے قبل برآمد، ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: محکمہ لائیو اسٹاک کی بروقت کارروائی، مردہ جانور کا گوشت فروخت ہونے سے قبل برآمد، ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں محکمہ لائیو اسٹاک نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مردہ جانور کا گوشت کھانے سے بچا لیا۔ کارروائی کے دوران 8 من وزنی مردہ گائے بند گاڑی میں لے جاتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق تھانہ گوگیرہ کی حدود سے عبیداللہ نواز نامی شخص ایک مردہ گائے کو بند گاڑی میں اوکاڑہ شہر لے جا رہا تھا تاکہ اس کا گوشت فروخت کیا جا سکے۔ اطلاع ملنے پر محکمہ لائیو اسٹاک نے مجسٹریٹ ڈاکٹر وقار یونس کی قیادت میں کارروائی کی اور موقع پر پہنچ کر مردہ گائے سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مردہ جانور کا گوشت بنا کر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ پولیس نے ملزم عبیداللہ کے خلاف تھانہ گوگیرہ میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا، جبکہ مردہ جانور اور مضر صحت گوشت کو تلف کر دیا گیا۔

    محکمہ لائیو اسٹاک کی بروقت کارروائی سے شہری حرام اور مضر صحت گوشت کھانے سے محفوظ رہے۔ شہریوں نے اس اقدام پر محکمہ لائیو اسٹاک اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔