Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں چک 241 گڑھا بہرام کے نوجوان وسیم اکرم کو کلیان پور کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

    ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اپنے گاؤں سے بستی دانش مندان کی طرف جا رہے تھے۔ جب وہ کلیان پور کے قریب پہنچے تو ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ڈاکو ان کی موٹر سائیکل 125 لے کر فرار ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہری اپنے تحفظ کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:ایک ہی بارش نے شہر کو ڈبو دیا، انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی

    ڈیرہ غازیخان:ایک ہی بارش نے شہر کو ڈبو دیا، انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) ایک ہی طوفانی بارش نے ڈیرہ غازی خان شہر کو پانی میں ڈبو دیا۔ شہر کی اہم سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، جبکہ شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ اس صورتحال نے ضلعی انتظامیہ کے بارش سے نمٹنے کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔

    گولائی کمیٹی، مشرف چوک، دربار قادریہ اور بمبے چوک سمیت کئی علاقوں میں پانی ہی پانی نظر آیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگ اپنے گھروں اور دکانوں میں پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔

    دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی جانب سے جاری کردہ سرکاری خبر میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ بارش سے پیدا ہونے والے مسائل کے بروقت حل کے لیے متحرک ہے۔ ضلعی کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر نے خود اس کا دورہ کر کے کیمروں کی مدد سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

    سرکاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کوہ سلیمان رینج میں بارشوں کے بعد رود کوہیوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ لیکن عملی طور پر انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آئی، کیونکہ پورا شہر پانی میں ڈوبا رہا اور شہریوں کو کوئی مدد فراہم نہیں ہو سکی۔ یہ واقعہ انتظامیہ کی تیاریوں اور حقیقت کے درمیان موجود واضح فرق کو نمایاں کرتا ہے۔

  • جہلم، ایک ہی گھر کے چار افراد کی جان لے لی گئی

    جہلم، ایک ہی گھر کے چار افراد کی جان لے لی گئی

    جہلم: کوٹھا پرانا گاؤں میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک ہی گھر کے 4 افراد کو بے رحمی سے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمام مقتولین کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ واردات انتہائی منصوبہ بندی اور سنگدلی کے ساتھ کی گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں تاکہ مزید حقائق سامنے آسکیں۔

    ابتدائی طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی اس اندوہناک واقعہ کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • لڑکیوں کا روپ دھارنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    لڑکیوں کا روپ دھارنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں سوشل میڈیا پر خواتین کا لباس پہن کر ویڈیوز بنانے والے نوجوان کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت عبدالمعیز کے نام سے ہوئی ہے، جو صوابی کے علاقے بامخیل کا رہائشی ہے عبدالمعیز مبینہ طور پر خواتین کا روپ دھار کر سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز شیئر کر رہا تھا، جن میں وہ مختلف پوز اور انداز میں خود کو لڑکی ظاہر کرتا تھا، یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں اور عوامی حلقوں میں سخت تشویش اور بے چینی پیدا ہو رہی تھی مقامی لوگوں کی شکایات پر چوکی بامخیل کے انچارج عامر خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالمعیز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ ایسی کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے،سوشل میڈیا پر اخلاقیات اور مقامی روایات کے منافی مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور ایسے افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے والدین اور معاشرتی طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوانوں پر نظر رکھیں اور انہیں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی طرف راغب کریں۔

  • ہنی مون کے دوران شوہر کا قتل، بیوی سمیت ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

    ہنی مون کے دوران شوہر کا قتل، بیوی سمیت ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

    شمال مشرقی بھارتی ریاست میگھالیہ میں ہنی مون کے دوران شوہر کے بہیمانہ قتل میں ملوث بیوی اور اس کے ساتھیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

    اندور کے تاجر راجہ رگھونشی کی شادی 11 مئی کو سونم سے ہوئی تھی، دونوں 21 مئی کو ہنی مون کے لیے شیلانگ پہنچے، تاہم 26 مئی کو لاپتہ ہو گئے۔ 2 جون کو راجہ کی لاش سوہرا کی وی سوڈونگ آبشار کے قریب گہری کھائی سے ملی۔تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ سونم اپنے مبینہ عاشق راج کشواہا کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانے کی سازش میں شامل تھی۔ پولیس کے مطابق سونم نے 20 لاکھ روپے میں 3 کرائے کے قاتل ہائر کیے، جنہوں نے اس کی موجودگی میں قتل کی واردات انجام دی۔

    میگھالیہ پولیس نے 790 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کرایا، جس میں سونم، اس کے عاشق کشواہا، تین دوستوں ویشال سنگھ چوہان، آکاش سنگھ راجپوت، آنند کورمی اور دیگر 3 افراد کو نامزد کیا گیا۔راجہ کے بھائی وپن رگھونشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ سونم، کشواہا اور ان کے ساتھیوں کو سزائے موت دی جائے۔

    پولیس کے مطابق 5 ملزمان کو مدھیہ پردیش اور اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا جبکہ شواہد مٹانے کے الزام میں مزید 3 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    غزہ: اسرائیل کا 10 لاکھ شہریوں کو انخلا کا حکم، بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز

    کراچی: کیش وین سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

    غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تیزی، مزید 40 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تیزی، مزید 40 فلسطینی شہید

  • خاتون کو بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے والا ڈلیوری بوائے  گرفتار

    خاتون کو بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے والا ڈلیوری بوائے گرفتار

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک ڈلیوری بوائے نے خاتون کے بیٹے کی گردن پر چاقو رکھ کر زبردستی نازیبا ویڈیو بنائی اور بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 22 سالہ گورو کے نام سے ہوئی ہے، جو گلستان پور گاؤں کا رہائشی اور متاثرہ خاتون کے گھر دودھ اور کریانے کا سامان پہنچاتا تھا۔ ایک روز وہ زبردستی گھر میں داخل ہوا اور خاتون کو برہنہ ہونے پر مجبور کیا، اس دوران موبائل فون سے ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔خاتون نے پولیس کو بتایا کہ گورو بار بار ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرتا رہا اور دھمکی دیتا تھا کہ یا تو اس کی بیٹی کو اغوا کر لے گا یا ریکارڈنگ شوہر کو بھیج دے گا، جو احمد آباد میں ملازمت کرتا ہے۔ بعد ازاں ملزم نے ویڈیوز خاتون کے شوہر کو بھی بھیج دیں اور انہیں وائرل کردیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گورو کو سورج پور کے علاقے سے گرفتار کر کے موبائل فون برآمد کر لیا ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمات بھی درج کر دیے گئے ہیں۔

    جسٹس منصور علی شاہ کا چیف جسٹس کو خط، اہم سوالات اٹھا دیے

    مریم نواز کا گجرات کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،متاثرین سے ملاقات

    برطانیہ: کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل، یویٹی کوپر وزیر خارجہ مقرر

    خیبرپختونخوا میں گورننس کا وجود نہیں رہا، مولانا فضل الرحمان

  • گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ(سٹی رپورٹر،اجمل خاں) گوجرہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شہر میں ایک بار پھر دو مختلف واقعات میں نامعلوم چوروں نے دو موٹر سائیکلیں چرا لیں۔ ان واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور وہ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، محلہ قادری دربار کے رہائشی زین نے اپنی موٹر سائیکل گھر کے باہر کھڑی کی ہوئی تھی کہ موقع پا کر نامعلوم چور اسے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اسی طرح، چک نمبر 363 ج ب میں ایک اور شہری اسرار کی موٹر سائیکل بھی اس کے گھر کے باہر سے چوری کر لی گئی۔ چور دونوں وارداتوں میں کامیاب رہے اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    پولیس کو ان وارداتوں کی اطلاع دے دی گئی ہے، لیکن تاحال کسی بھی واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر، محمد اجمل) سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج،لاکھوں روپے کی واردات، پولیس کی کارکردگی پر سوال، تاجران نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

    تفصیلات کے مطابق گوجرہ شہر میں ایک معروف تاجر اور سینئر صحافی شیخ محمود احمد کے ساتھ ہونے والی مسلح ڈکیتی کا سراغ نہ لگنے پر تاجر برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ یہ واردات تقریباً ایک سال قبل محمود ٹریڈر کی دکان پر پیش آئی تھی مگر تاحال لوٹا گیا مال و زر برآمد نہیں ہو سکا۔

    شیخ محمود احمد نے نیشنل بینک والی گلی میں محمود ٹریڈر کے نام سے دکان بنا رکھی ہے۔ تقریباً ایک سال قبل، تین نامعلوم ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہو کر تمام افراد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا تھا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔

    تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس دیگر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا مال و زر برآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

    متاثرہ تاجر شیخ محمود احمدانصاف کے حصول کے لیے متعدد بار ڈی پی او کی کھلی کچہریوں میں بھی پیش ہو چکے ہیں، مگر انہیں تاحال کوئی خاص شنوائی یا داد رسی نہیں ملی۔

    ڈکیتی کی رقم اور ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مقامی تاجر حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس کی کارکردگی کو نااہلی قرار دیا ہے۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں، ڈکیتی کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کروائیں، اور لوٹا گیا مال و زر جلد از جلد برآمد کروائیں۔

  • گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

    گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

    گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ،بھارت سے چھوڑا گیا پانی، دریائے ستلج اور چناب بپھر گئے، جنوبی پنجاب تباہی کی لپیٹ میں،پنجاب کے دریاؤں میں تباہ کن طغیانی، بند ٹوٹ گئے، درجنوں علاقے زیر آب،سیلابی ریلا بے قابو، ملتان، بہاولپور، چنیوٹ اور جھنگ میں بستیاں ڈوب گئیں،ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 884 اموات، خطرہ مزید بڑھ گیا

    باغی ٹی وی کے نمائندگان کے مطابق بھارت کی جانب سے دریاؤں میں چھوڑے گئے اضافی پانی اور مسلسل مون سون بارشوں کے باعث پنجاب اور ملک بھر میں تباہ کن سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ سلیمانکی اور اسلام ہیڈورکس پر بھی اونچے درجے کے سیلاب سے بہاولپور کی چار تحصیلیں زیر آب آ گئیں۔ دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر انتہائی اونچے اور ہیڈ بلوکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے مقامات پر پانی کی سطح بلند ہے، چنیوٹ میں پانی کا بہاؤ ساڑھے پانچ لاکھ کیوسک سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔

    ملتان میں قاسم بیلا کے قریب شجاع آباد کینال تین گنا زیادہ پانی کے دباؤ سے اوور فلو ہو گئی، شیر شاہ بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، جہاں مکین گھروں سے بھی نہ نکل پائے ۔ سکندری نالے اور اکبر فلڈ بند کے علاقوں میں بھی پانی داخل ہو گیا، اکبر پور اور بستی کوتوال سمیت متعدد علاقے ڈوب گئے۔ جھنگ کے شورکوٹ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ریلوے پل سے پانی ٹکرانے پر شورکوٹ-خانیوال سیکشن دوسرے روز بھی بند رہا۔

    پنڈی بھٹیاں میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جہاں 5 لاکھ 57 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ احمد پور سیال میں موضع سمند وانہ بند ٹوٹنے سے علاقے زیر آب آگئے۔ لیاقت پور میں دریائے سندھ اور چناب کے ریلوں سے تباہی ہوئی۔ اوچ شریف میں دریائے ستلج کا پانی مزید 20 بستیوں میں داخل ہو گیا، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

    ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، چنیوٹ میں اب تک 1312 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے تاہم پانی کی شدت کے باعث کئی مقامات تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی۔

    ادھر ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب سے 26 جون سے اب تک 884 افراد جاں بحق اور 1181 زخمی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں 489 ہوئیں، پنجاب میں 223، سندھ میں 58، بلوچستان میں 26، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 38 افراد جان سے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں 6 سے 8 ستمبر اور سندھ میں 7 سے 9 ستمبر کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

  • پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ڈیرہ غازیخان میں رودکوہیوں پر فلیش فلڈنگ الرٹ

    پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ڈیرہ غازیخان میں رودکوہیوں پر فلیش فلڈنگ الرٹ

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر ) مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل کے دوران پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے 6 سے 9 ستمبر تک مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے بعد صوبہ بھر کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پہلے ہی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں 7 سے 9 ستمبر کے دوران رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا امکان بھی موجود ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر نہ کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔