Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ پر کارروائی، ایک شخص گرفتار

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ پر کارروائی، ایک شخص گرفتار

    اوکاڑہ ( نامہ نگارملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کی پارکنگ میں زائد فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے خود موقع پر پہنچ کر ایکشن لیا۔

    کارروائی کے دوران پارکنگ سٹینڈ پر لوگوں سے زیادہ پیسے وصول کرنے والا ایک اہلکار گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ ہسپتالوں کی پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں کے پارکنگ سٹینڈ کے مالکان قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • نارنگ منڈی: بجلی چوروں کا بوجھ ایماندار صارفین پر ڈال دیاگیا، شہری سراپا احتجاج

    نارنگ منڈی: بجلی چوروں کا بوجھ ایماندار صارفین پر ڈال دیاگیا، شہری سراپا احتجاج

    نارنگ منڈی (نامہ نگار، محمد وقاص قمر)نارنگ میں لیسکو انتظامیہ کی جانب سے کالاخطائی روڈ کے درجنوں دیہات کو سٹی فیڈر میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بجلی چوری کا نقصان ایماندار صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔

    نارنگ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ نئے شامل کیے جانے والے دیہات میں بجلی چوری کی شرح بہت زیادہ ہے، اور اس کا بوجھ ان صارفین کو اٹھانا پڑے گا جو باقاعدگی سے اپنے بل جمع کراتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگا اور کسی بھی فالٹ کی صورت میں بجلی کی بحالی میں بھی گھنٹوں لگیں گے۔ پہلے سے ہی معمولی فالٹ تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے، نئے علاقوں کی شمولیت کے بعد یہ کام مزید دشوار ہو جائے گا۔

    شہریوں نے کہا کہ لیسکو کا یہ فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چند ماہ قبل بھی اسی طرح کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جسے عوامی احتجاج کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی نمائندے اس فیصلے پر فوری نوٹس لیں اور اسے واپس کرائیں۔

  • ننکانہ: شاہکوٹ میں ڈکیتی کی واردات،پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ: شاہکوٹ میں ڈکیتی کی واردات،پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے علاقے شاہکوٹ میں تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    پولیس کو 15 پر اطلاع ملی کہ تین نامعلوم افراد ایک شہری سے واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ تعاقب کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس نے اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملزمان اپنے ہی ایک ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ایک ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے واردات میں چھینا گیا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔

    پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان وہی تھے جنہوں نے گذشتہ روز دو پولیس کانسٹیبلز کو زخمی کر کے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

  • سیالکوٹ تا ہیڈ مرالہ روڈ پر حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا، ڈمپر اور ٹریکٹر ٹرالیاں بے لگام

    سیالکوٹ تا ہیڈ مرالہ روڈ پر حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا، ڈمپر اور ٹریکٹر ٹرالیاں بے لگام

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ سے ہیڈ مرالہ جانے والی سڑک پر ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ گوہد پور سے لے کر ہیڈ مرالہ تک، ڈیمپر اور اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں اس طرح بے قابو ہو کر چلائی جا رہی ہیں جیسے یہ سڑک صرف انہی کی ملکیت ہو۔ ان بھاری گاڑیوں کی لاپرواہی سے کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو چکے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ٹریفک پولیس کی غفلت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی مصروف شاہراہ ہے، لیکن ٹریفک پولیس کی عدم توجہی کے باعث ڈیمپر اور ٹریکٹر ٹرالی مافیا نے اسے "حادثات کی گلی” بنا دیا ہے۔

    شہریوں نے ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ گوہد پور سے ہیڈ مرالہ تک ٹریفک اہلکاروں کو مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے تاکہ بھاری گاڑیوں کی نگرانی ہو سکے اور عام شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد نہ کرایا گیا تو حادثات کا یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں ہو گا۔

    اس کے علاوہ، اوور لوڈنگ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی اور ڈیمپر والے مقررہ حد سے کئی گنا زیادہ سامان لے کر سڑک پر دوڑاتے ہیں، جس سے نہ صرف حادثات ہوتے ہیں بلکہ سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جو جانیں اب تک ضائع ہو چکی ہیں وہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، لیکن اگر انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیا تو مزید ہونے والی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی سب سے قیمتی ہے اور اس کی حفاظت سب سے اہم ہے۔

  • ننکانہ صاحب: سیلابی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

    ننکانہ صاحب: سیلابی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) فراز احمد نے منڈی فیض آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔

    اس دورے میں ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی تھے۔ افسران نے نواں کوٹ اور جٹاں دا واڑہ کے علاقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلیف کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے آلات کا بھی معائنہ کیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ایریگیشن اور لائیو سٹاک سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

  • رحیم یار خان،بس اور ایمبولینس میں تصادم،6 افراد کی موت

    رحیم یار خان،بس اور ایمبولینس میں تصادم،6 افراد کی موت

    رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے قریب مسافر بس اور ایمبولینس کے درمیان شدید ٹکر ہونے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس کے ڈرائیور نے ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کی، لیکن اسی دوران ایمبولینس سے ٹکر ہوگئی۔ ایمبولینس میں سوار ریسکیو اہلکار خان پور سے رحیم یار خان آرہے تھے۔ریسکیو کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان نے بتایا کہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور غیرمتوقع تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

    حادثے کی جگہ پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • کراچی  پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے آگ لگ گئی، 10 افراد زخمی

    کراچی پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے آگ لگ گئی، 10 افراد زخمی

    کراچی کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوگئے-

    کراچی کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر تاج کمپلیکس کے قریب واقع آتش بازی کے سامان کے گودام میں سہ پہر کے وقت دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمع 1 ایمبولینس اور 2 فائر بریگیڈ ٹرک کے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ان میں سے بیشتر افراد شیشے کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئے۔

    سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہےترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوشش کی جائے، کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرکراچی کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے،شہر اور آبادی کے درمیان ایسے کسی بھی مواد کی تیاری کی اجازت نہیں جو نقصان کا باعث بنےوزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر قابو پاکر مجھے اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

    سیلاب متاثرین ہمارے اپنے ہیں ان کے لیے ہر حد تک جائیں گے، علی امین گنڈاپور

  • گھوٹکی کا نوجوان فوجی اہلکار ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید

    گھوٹکی کا نوجوان فوجی اہلکار ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سے تعلق رکھنے والا نوجوان فوجی اہلکار امتیاز علی چنہ کراچی میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہو گیا۔ اس افسوسناک خبر کے بعد گھوٹکی اور اس کے گردونواح میں غم و سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

    شہید امتیاز علی چنہ کا تعلق گھوٹکی تعلقہ کے گاؤں دیہہ چنگل سے تھا۔ وہ ایک بہادر، محب وطن اور فرض شناس سپاہی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک موت سے نہ صرف ان کا خاندان بلکہ پوری برادری صدمے کی کیفیت میں ہے۔

    شہید کی میت کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں دیہہ چنگل لایا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں رشتہ داروں، عزیزوں، معززینِ علاقہ اور گاؤں کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر شخص نے اپنے بہادر بیٹے کو نم آنکھوں سے الوداع کیا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امتیاز علی چنہ کی شہادت خاندان کے ساتھ ساتھ پورے علاقے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ تاہم، ان کی ملک کے لیے دی گئی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • اوکاڑہ : سیلاب متاثرین کا انخلاء جاری، 468 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا

    اوکاڑہ : سیلاب متاثرین کا انخلاء جاری، 468 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

    ریسکیو 1122 کے 45 اہلکار 6 مختلف ریسکیو پوسٹوں پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور اب تک 468 سیلاب متاثرین کو بحفاظت منتقل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، 29 مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں سے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور گہرے پانی میں نہ جانے کی اپیل کی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم اے (PDMA) کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں اور اپنی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی بھی درخواست کی۔

  • دریاۓ ستلج میں سیلابی صورتحال،کمشنر ساہیوال کا اٹاری کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

    دریاۓ ستلج میں سیلابی صورتحال،کمشنر ساہیوال کا اٹاری کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اوکاڑہ کے علاقے اٹاری میں دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور متاثرین کی منتقلی اور ریلیف کیمپوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کمشنر کو سیلابی صورتحال اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ محکمہ انہار کے افسران نے پانی کے بہاؤ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ حکام نے بتایا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کا اخراج ایک ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 69 ہزار کیوسک اور اخراج 58 ہزار کیوسک ہے۔

    کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ان کیمپوں میں متاثرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ریسکیو، ہیلتھ، لائیو سٹاک اور سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلابی صورتحال کے دوران گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں۔ کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ سیلاب متاثرین کی سہولت کے لیے 12 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور پانی کا بہاؤ معمول پر آنے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔