اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) جنرل رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ نوید حیدر اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بازار میں قائم ریڑھی بانوں سے ملاقات کی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بازار میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور منظم ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی سی سید حسن رضا نے تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے راستوں کو کشادہ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بازار شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے یہاں نظم و ضبط اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بانوں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔










