Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچشریف: یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچشریف: یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچشریف کے علاقے یونین کونسل کوٹ خلیفہ میں تعینات سیکریٹری محمد عمران کو انٹی کرپشن ٹیم نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے بستی ماہی آرائیں کے رہائشی جہانگیر سے اس کی بہن کے برتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

    جہانگیر کی شکایت پر انٹی کرپشن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور ملزم سے رشوت کی رقم برآمد کرلی۔ چھاپے کے دوران رقم لینے کے تمام شواہد بھی حاصل کر لیے گئے، جس کے بعد محمد عمران کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    عوامی حلقوں نے انٹی کرپشن ٹیم کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے کرپشن کا خاتمہ اور حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔

  • اوچ شریف: غیر معیاری آئسکریم اور قلفیوں کی فروخت عروج پر، بیماریاں پھیلنے لگیں

    اوچ شریف: غیر معیاری آئسکریم اور قلفیوں کی فروخت عروج پر، بیماریاں پھیلنے لگیں

    اوچ شریف ,باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) موسم سرما کے آخری ایام میں غیر معیاری قلفیاں اور آئسکریم بیچنے والوں نے دھڑلے سے کاروبار شروع کر دیا، معصوم بچے بیمار، ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی۔

    شہر اور گردونواح میں مضر صحت کیمیکل اور غیر معیاری رنگوں سے بنی آئسکریم اور قلفیاں فروخت کی جا رہی ہیں، جعلی جوس بھی کھلے عام دستیاب ہیں۔ چھوٹے بچے، خواتین اور بزرگ گیسٹرو، نزلہ زکام، ہیپاٹائٹس اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    عوام کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، مضر صحت اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل۔

  • اوچ شریف: پھیری والوں کا لاؤڈ اسپیکر کا بے دریغ استعمال، عوام کا سکون برباد

    اوچ شریف: پھیری والوں کا لاؤڈ اسپیکر کا بے دریغ استعمال، عوام کا سکون برباد

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ریڑھی بانوں، گدھا گاڑیوں، چنگ چی رکشوں اور موٹرسائیکلوں پر نصب لاؤڈ اسپیکرز کی اونچی آوازوں نے شہریوں کا سکھ چین چھین لیا۔ علی الصبح سبزی، کپڑے اور منیاری کا سامان بیچنے کے لیے شور شرابے سے شہری شدید پریشان ہیں۔

    حکومت پنجاب کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال پر پابندی کے باوجود انتظامیہ خاموش ہے۔ جبکہ مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سخت پابندی ہے، مگر ریڑھی بانوں پر کوئی قدغن نہیں۔

    شہریوں کا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ – ان کا کہنا ہے کہ بلاجواز شور پر پابندی عائد کر کے شہریوں کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔

  • اوچ شریف: گندگی اور ناقص سیوریج نے شہر کو جوہڑ بنا دیا، شہری پریشان

    اوچ شریف: گندگی اور ناقص سیوریج نے شہر کو جوہڑ بنا دیا، شہری پریشان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا عملہ صفائی کے بجائے تنخواہوں تک محدود، شہر گندگی اور ناکارہ سیوریج کے باعث بدبو اور بیماریوں کی لپیٹ میں آ گیا۔

    محلہ اکبر ٹاؤن، سحر پبلک اسکول والی گلی سمیت کئی علاقے گٹروں کے گندے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جس سے نمازیوں، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعفن اور گندگی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو چکے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کے عملے کی عدم دلچسپی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔

    شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری کارروائی کا مطالبہ – ان کا کہنا ہے کہ سیوریج لائنوں کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات ملے۔ گندے پانی میں گرنے سے بچے جلدی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور ناقص نکاسی آب کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔

    شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد صفائی کے انتظامات بہتر نہ کیے گئے تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر 5 سالہ بچہ جاں بحق

    اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر 5 سالہ بچہ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بیٹ احمد میں افسوسناک حادثہ، ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر 5 سالہ ریحان ولد شہباز جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بچہ سڑک کنارے دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آ گیا اور شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔جہاں بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا.

  • اوچ شریف: خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے اشتہاری ملزم کوگرفتار کرلیا

    اوچ شریف: خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے اشتہاری ملزم کوگرفتار کرلیا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم رضا حسین ولد اللہ داد بلوچ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم تھانہ سٹی لودھراں میں درج مقدمہ نمبر 1944/23 میں مطلوب تھا۔

    اے ایس آئی محمد ساجد گھلیجہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے محض چند گھنٹوں میں ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ دھوڑکوٹ کے حوالے کر دیا، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اے ایس آئی محمد ساجد گھلیجہ نے اس کامیابی کا کریڈٹ پولیس کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم کے خاتمے کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔

  • اوچ شریف: ناقص صفائی ،دارارقم اسکول کو وارننگ، سیل کرنے کا عندیہ

    اوچ شریف: ناقص صفائی ،دارارقم اسکول کو وارننگ، سیل کرنے کا عندیہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ضلعی فوکل پرسن برائے ڈینگی، ہیلتھ انسپکٹر عمران حیدر سیال نے انسداد ڈینگی مہم کے تحت دارارقم اسکول، عمر ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا اور اسکول کے سربراہ باسط کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

    انسپکٹر عمران حیدر سیال نے اسکول میں پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا، جہاں ناقص صفائی اور غفلت پر انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان کی صحت و زندگی سے کسی کو کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔”

    سکول انتظامیہ کو فوری طور پر صفائی کے نظام کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، بصورت دیگر اسکول کو سیل کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ ہیلتھ انسپکٹر نے واضح کیا کہ”بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسکول انتظامیہ کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے گا۔”

    دورے کے دوران وارننگ لیٹر اور لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے عمران حیدر سیال نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں صحت و صفائی کے معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف کارروائی، مزاحمت پر مقدمہ درج

    اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف کارروائی، مزاحمت پر مقدمہ درج

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران شدید مزاحمت پر مقامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    گزشتہ روز میونسپل کمیٹی اور ایڈمنسٹریٹر کی زیر نگرانی الشمس چوک سے للو والی پل تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، تاہم مقامی افراد نے سخت مزاحمت کی۔ بلڈنگ میٹریل ہٹانے پر ملک جاوید، ملک پرویز، ملک جمیل، ملک نواز، جام بھورل، سجاد عرف سجی سمیت 10 نامعلوم افراد نے ہاتھا پائی شروع کر دی اور احتجاجاً ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر تجاوزات کے حق میں دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے میں ملوث رہے ہیں۔ انفورسمنٹ انسپکٹر (بلڈنگ) سجاد ابراہیم کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    نامزد افراد کے خلاف تھانہ اوچ شریف میں دفعہ 341 (راستہ بلاک کرنا)، 435 (آگ لگانا)، 506 (دھمکیاں دینا)، 186 (کارِ سرکار میں مداخلت) اور 148/149 (غنڈہ گردی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوچ شریف: حافظ محمد زکریا کی "منزل مسابقہ” میں شاندار کامیابی،والدین اور شہر کانام روشن

    اوچ شریف: حافظ محمد زکریا کی "منزل مسابقہ” میں شاندار کامیابی،والدین اور شہر کانام روشن

    اوچ شریف (باغی ٹی وی) پسماندہ علاقے اوچ شریف کے ہونہار طالبعلم حافظ محمد زکریا نے کراچی میں منعقدہ عظیم الشان "منزل مسابقہ” میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف کے لیے فخر کا موقع فراہم کیا۔

    یہ مقابلہ مدرسہ صدیقیہ، جامع مسجد صدیق اکبر، اسکاؤٹ کالونی، گلشنِ اقبال میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے حفظِ قرآن کے متعدد طلبہ نے شرکت کی۔ حافظ محمد زکریا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی، جو ان کی محنت، لگن اور قرآن سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔

    حافظ محمد زکریا ایک علمی اور دینی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اوچ شریف میں واقع مدرسہ عربیہ امیر المدارس کے مدیرِ اعلیٰ قاری محمد صادق کے پوتے ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    اس موقع پر حافظ محمد زکریا کے خاندان کے بزرگ حاجی جندوڈہ خان، رسول بخش خان، قاری محمد رمضان عثمانی، محمد ظفر خان، قاری مجیب الرحمٰن، محمد بابر علی صدیقی، قاری سیف اللہ اور مولانا سمیع اللہ عثمانی نے ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، عزم اور ایمان کے ساتھ کوئی بھی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

    حافظ محمد زکریا کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، اساتذہ اور اوچ شریف کے شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد دی۔ ان کی جیت نے نہ صرف قرآن کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے یہ پیغام بھی دیا کہ لگن اور محنت کے ساتھ ہر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: غیرت کے نام پر 37 سالہ شخص قتل، مقدمہ درج

    احمد پور شرقیہ: غیرت کے نام پر 37 سالہ شخص قتل، مقدمہ درج

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں غیرت کے نام پر ایک شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں محلہ اسلام پورہ میں پیش آیا، جہاں 37 سالہ محمد الطاف کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول محمد الطاف کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قتل کی وجوہات خاندانی تنازع یا غیرت کے معاملات ہو سکتے ہیں، تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔