Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • احمد پور شرقیہ: 30 لاکھ کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی، ڈاکو فرار

    احمد پور شرقیہ: 30 لاکھ کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی، ڈاکو فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ میں 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی

    تحصیل احمد پور شرقیہ میں ڈکیتی کی واردات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ دو مسلح ڈاکوؤں نے شہری محمد عمران سے 30 لاکھ روپے چھین لیے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محمد عمران بینک سے بڑی رقم نکال کر اپنی گاڑی میں جا رہا تھا۔ ڈاکوؤں نے اس کی گاڑی کا پیچھا کیا اور شہر کے اندر آ کر گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی۔

    محمد عمران نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شہری کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے احمد پور شرقیہ کے مقامی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

    پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اس واقعہ کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے پولیس سے فوری حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف: گیس سلنڈر کی دکان پر کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

    اوچ شریف: گیس سلنڈر کی دکان پر کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے علاقے للو والی پل کے قریب ایک گیس سلنڈر کی دکان پر کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گیس سلنڈر کی دکان پر کام کرنے والے دو نوجوانوں محمد اسحاق اور اکرام کو کرنٹ کا سامنا ہوا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق محمد اسحاق کو کرنٹ اس وقت لگا جب وہ دکان پر موجود تھا۔ اکرام نے اسحاق کو بچانے کی کوشش کی لیکن اس دوران وہ بھی کرنٹ کی زد میں آ گیا۔ کرنٹ لگنے سے محمد اسحاق موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اکرام کی حالت تشویشناک رہی۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر اکرام کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    مقامی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور دکان میں کرنٹ لگنے کے اس واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوام نے دکانوں کی حفاظتی تدابیر پر سوالات اٹھائے ہیں۔

  • اوچ شریف :موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ سے موٹر سائیکل رکشہ کو آگ لگ گئی

    اوچ شریف :موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ سے موٹر سائیکل رکشہ کو آگ لگ گئی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کی موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک موٹر سائیکل رکشہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم مقامی تاجروں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا لیا، جس سے بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔

    رپورٹ کے مطابق موبائل مارکیٹ میں ایک موٹر سائیکل رکشہ کپڑوں کے بورے منیر کلاتھ ہاؤس پہنچانے کے لیے نکلا ہی تھا کہ اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رکشے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے نے مارکیٹ میں موجود تاجروں اور خریداری کے لیے آئے ہوئے افراد کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ آگ کی لپیٹ میں آنے والا رکشہ مکمل طور پر شعلوں میں گھِر چکا تھا جس کے باعث آس پاس موجود دکانداروں اور مارکیٹ میں موجود افراد نے فوراً مدد کے لیے ایک دوسرے کو آواز دی۔

    مارکیٹ کے تاجروں نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں شروع کر دیں۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دستیاب وسائل سے آگ بجھانے کی کوشش کی اور بروقت اقدام سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ تاجروں کی فوری اور موثر کارروائی نے نہ صرف مارکیٹ کے دیگر حصوں کو محفوظ رکھا بلکہ کسی بڑے مالی اور جانی نقصان سے بھی بچاؤ ممکن بنایا۔

  • اوچ شریف: صدیوں بعد بھی تاریخی شہر کی عظمت برقرار،امیر تیمور

    اوچ شریف: صدیوں بعد بھی تاریخی شہر کی عظمت برقرار،امیر تیمور

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)صدیوں پرانا تاریخی شہر، اولیاء کرام کے مزارات اور طرز تعمیر کی عظمت برقرارہے.امیر تیمور

    تفصیل کے مطابق صدیوں پرانی تاریخ کا حامل شہر اوچ شریف آج بھی اپنی عظمت اور روحانیت کے باعث دنیا بھر میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بہاولپور امیر تیمور ے گزشتہ روز شہر کا دورہ کیا اور دربار حضرت محبوب سبحانی پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے تاریخی مقامات جیسے کہ مقبرہ بی بی جیوندی، بہاول حلیم اور نوریا جیسے شاہکاروں کا بھی وزٹ کیا اور اولیاء کرام کی تعلیمات اور تاریخ پر مفصل بریفنگ لی۔

    مہمان وفد نے تاریخی شہر کی خوبصورتی اور روحانی ماحول کو سراہا اور مسجد حضرت جلال الدین سرخ پوش بخاریؒ کی منفرد طرز تعمیر، دیواروں اور چھتوں پر کیے گئے شاندار نقش و نگار میں گہری دلچسپی لی۔ دورے کے دوران ہاتھی گیٹ بازار، الشمس چوک، دربار روڈ، اور ٹینکی چوک روڈ پر جاری اینٹی انکروچمنٹ اور صفائی مہم کی تعریف بھی کی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ میاں عثمان امین، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف قاضی نعیم اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی گئی۔

    حکومت تاریخی شہر کی ترقی اور سیاحوں و زائرین کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ یہ عظیم شہر اپنی قدیم شان و شوکت کو برقرار رکھ سکے۔

  • اوچ شریف: خاندانی دشمنی پر فائرنگ، تین افراد زخمی

    اوچ شریف: خاندانی دشمنی پر فائرنگ، تین افراد زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) خاندانی دشمنی پر فائرنگ، تین افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے خیرپور ڈاھا میں خاندانی دشمنی کے باعث دو گروپوں میں لڑائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں جاوید، آصف اور فقیر بخش شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کو کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ تین افراد کو گولیاں لگی ہیں تاہم کالر موقع پر موجود نہیں تھا۔ کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اوچ شریف سے ایمبولینس روانہ کر دی۔ موقع پر پہنچنے کے بعد ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔

  • اوچ شریف: چائلڈ لیبر ایکٹ ردی کاغذ، بچوں سے کھلے عام جبری مشقت، حکومتی ادارے خاموش

    اوچ شریف: چائلڈ لیبر ایکٹ ردی کاغذ، بچوں سے کھلے عام جبری مشقت، حکومتی ادارے خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر حکومتی ادارے مکمل طور پر ناکام نظر آ رہے ہیں۔ معصوم بچوں کو دیہاڑی اور کھانے کے عوض جبری محنت مشقت پر مجبور کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی و ضلعی انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، لیبر انسپکٹرز پر ماہانہ منتھلی لینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جس کے باعث وہ بچوں سے جبری مشقت کروانے والوں کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہیں۔

    اوچ شریف کے مختلف کاروباری مراکز، ورکشاپس، بھٹہ خشت، چائے کے ہوٹل، بیکری، اور کباڑ خانوں سمیت کئی مقامات پر کمسن بچوں سے سخت محنت کروائی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائی کے احکامات دیے ہیں، مگر لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی مبینہ بے حسی اور منتھلی معاملات کی وجہ سے یہ احکامات محض کاغذی کاروائی بن کر رہ گئے ہیں۔ نتیجتاً، سکول جانے کی عمر کے بچے اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔

    متعدد بار بچوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں لیکن لیبر ڈیپارٹمنٹ کی مجرمانہ خاموشی کے باعث کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لیبر کے افسران کی ملی بھگت اور بااثر افراد کی سرپرستی کے سبب چائلڈ لیبر میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔

    اوچ شریف کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ میں فرض شناس اور ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ جبری مشقت کا شکار بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر کارروائی نہ کی گئی تو یہ معصوم بچے ہمیشہ کے لیے علم و ترقی سے محروم رہ جائیں گے۔

  • اوچ شریف: پولیس چوکی غیر فعال، جرائم میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف: پولیس چوکی غیر فعال، جرائم میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) تھانہ اوچ شریف کی حدود میں قومی شاہراہ پر واقع پولیس چوکی مقبول شہید کی غیر فعالیت کے باعث علاقے میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہ چوکی محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، چوکی مقبول شہید گزشتہ کچھ عرصے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کچے کے علاقوں سے یہاں گزر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ کپاس کے سیزن کے دوران آڑھتی اور بیوپاری حضرات روزانہ لٹنے پر مجبور ہیں۔ چوکی کی عمارت اب چوروں، ڈاکوؤں اور نشے کے عادی افراد کا مرکز بن چکی ہے، جہاں سے یہ عناصر دیگر ملحقہ علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کرتے ہیں۔

    اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر چوکی مقبول شہید کو دوبارہ فعال بنایا جائے اور پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں، تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور علاقے میں امن و امان بحال ہو۔

  • اوچ شریف: سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، عوام میں تشویش

    اوچ شریف: سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، عوام میں تشویش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں سیوریج کے گندے پانی سے بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا انکشاف ہوا ہے۔ اس مضر صحت سبزیوں کو مقامی سطح پر استعمال کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی سپلائی کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقے کے لوگ اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر شدید پریشان ہیں اور اسے انسانی صحت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق حسینی چوک اور اس کے گرد و نواح کے رقبے پر سیوریج کے گندے پانی سے سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں۔ یہاں اگائی جانے والی سبزیوں کو اوچ شریف کے مختلف بازاروں میں فروخت کے لیے بھیجا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں عوام ان مضر صحت سبزیوں کے کھانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سبزیوں کے استعمال سے متعدد خطرناک امراض جیسے کہ ہیپاٹائٹس، معدے کے امراض اور جلدی مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    تشویش کی بات یہ ہے کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے کاشتکاروں کو گندے پانی کی سپلائی پر مبینہ طور پر معاوضہ بھی وصول کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بلاخوف و خطر سیوریج کا پانی فصلوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل سرکاری افسران کی چشم پوشی اور عدم توجہی کے سبب جاری ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سخت کمی ہے۔

    اوچ شریف کے باشعور عوام نے اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر فوری پابندی عائد کی جائے اور میونسپل کمیٹی کو گندے پانی کی فراہمی کے حوالے سے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ علاوہ ازیں عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور مضر صحت سبزیوں کی فروخت کے سلسلے کو روکا جائے۔

    شہریوں کی جانب سے اس سنگین معاملے پر جلد اقدامات نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے تاکہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

  • اوچ شریف:کپاس کی لکڑیوں سے بھری ٹرالیاں، شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ

    اوچ شریف:کپاس کی لکڑیوں سے بھری ٹرالیاں، شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) اوچ شریف میں کپاس کی لکڑیوں سے بھری ٹرالیاں،شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ بن گئی ہیں

    تفصیل کے مطابق شہر میں کپاس کی لکڑیوں سے بھری اوور لوڈ ٹرالیوں کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ یہ ٹرالیاں نہ صرف شہر کی گرین بیلٹ کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ شہریوں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

    یہ ٹرالیاں شہر کے اہم علاقوں جیسے للووالی پل، حسینی چوک اور غوث الاعظم چوک سے گزرتی ہوئی الشمس چوک تک پہنچتی ہیں۔ سڑک کے کنارے لگے درختوں اور پودوں کو یہ ٹرالیاں روند ڈالتی ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے کچھ اہلکار ان ٹرالی والوں سے رشوت لے کر انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔ دوسری طرف میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی اس مسئلے پر آنکھیں بند کرکے اسے نظرانداز کر رہا ہے۔

    ان اوور لوڈ ٹرالیوں کی وجہ سے شہر میں حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹرالیاں نہ صرف دیگر گاڑیوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خود ان ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کو بچانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

  • اوچ شریف: وضوخانے سے متصل بجلی کا کھمبا مدرسے کے طلبہ اور نمازیوں کے لیے خطرہ بن گیا

    اوچ شریف: وضوخانے سے متصل بجلی کا کھمبا مدرسے کے طلبہ اور نمازیوں کے لیے خطرہ بن گیا

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) خستہ حال بجلی کے کھمبے سے مدرسے کے طلبہ اور نمازیوں کو خطرہ، فوری تبدیلی کا مطالبہ

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے علاقے امیر آباد میں مدرسہ عربیہ امیر المدارس کے وضو خانے کے قریب بجلی کا کھمبا خستہ حالی کے باعث کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ بن چکا ہے، جس سے مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور نمازیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی رہائشیوں عبد الحمید خان، سمیع اللہ، عبد الستار، حماد، اعظم اور ارشاد احمد نے بتایا کہ واپڈا کو متعدد بار اس کھمبے کے حوالے سے شکایات دی گئیں، لیکن واپڈا کی جانب سے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    رہائشیوں کا کہنا ہے کہ واپڈا ملازمین نے کھمبے کی تبدیلی کے لیے مبینہ طور پر رقم کی ڈیمانڈ کی، جو ان کے لیے ادا کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور مدرسے کے نزدیک موجود خطرناک کھمبے کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ علاقے کے مکینوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔