Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بڑے ترقیاتی منصوبے، بشمول موٹرویز، کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتال اور دانش اسکول، ن لیگ کی قیادت کے ویژن کا نتیجہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ "قاتل روڈ” کے نام سے مشہور سڑک، جو ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے لیے سہولت کا باعث بنے گی، ن لیگ کا ایک اور تحفہ ہے، جس پر 121 ارب روپے لاگت آئے گی۔ علاوہ ازیں، ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یوں دونوں منصوبے مجموعی طور پر 123 ارب روپے میں مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں کا افتتاح وزیراعظم میاں شہباز شریف 22 فروری کو خود کریں گے۔

    رانا ثناء اللہ نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی دیرینہ ضرورت تھے، مگر گزشتہ چار سالہ دورِ حکومت میں انہیں نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی ترقیاتی کام کر چکی ہے اور اب ایک بار پھر خطے کی ترقی کے لیے سرگرم ہے۔

    پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت ہیومن ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عام آدمی کو آسان کاروبار، اپنی چھت، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ اور گرین ٹریکٹر جیسے منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کو بھی ان ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ حصہ دیا جائے گا۔

    بلوچستان کے بارکھان واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ دہشت گردی ہے، جس کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں اور ان کا جلد خاتمہ ہوگا۔

    مریم نواز کے ممکنہ وزیراعظم بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فیصلہ عوام اور پارٹی کرے گی، لیکن مریم نواز کی محنت اور عوامی خدمت انہیں مزید عزت بخشے گی۔

    قبل ازیں، رانا ثناء اللہ نے سرکٹ ہاؤس میں مقامی پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے متوقع دورے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔ مقامی قیادت نے عوامی مسائل اور ترقیاتی تجاویز بھی پیش کیں۔ رانا ثناء اللہ نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کے دورے میں ڈیرہ غازی خان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا، جو علاقے کے بنیادی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت، انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت، انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ ڈیرہ غازی خان کے تناظر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کے لیے ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، جس میں لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، بارڈر سیکیورٹی اور ممکنہ تھریٹ الرٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مسلسل سرچنگ اور سوئپنگ جاری رکھی جائے۔ ہوٹل، سرائے اور نئے کرائے داروں کی سخت نگرانی کی جائے جبکہ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے افراد کی تین مراحل پر مشتمل سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے آر پی او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کومبنگ اور سرچ آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے بارڈر چیک پوسٹوں کو مزید مؤثر بنانے، سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو بڑھانے اور ہر مشکوک گاڑی اور فرد کی جامع تلاشی لینے پر زور دیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

    بین الصوبائی چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنایا جائے اور صوبائی، ڈویژنل و ضلعی داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے سخت نگرانی کی جائے۔
    سیکیورٹی پر مامور اہلکار اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور ڈیوٹی کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت اور خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔

    ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ان اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وزیراعظم کے دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: گرلز کالج وڈور چونگی پر ٹریکٹر ٹرالیوں کاقبضہ، حادثات معمول بن گئے

    ڈیرہ غازی خان: گرلز کالج وڈور چونگی پر ٹریکٹر ٹرالیوں کاقبضہ، حادثات معمول بن گئے

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) گرلز کالج وڈور چونگی کے قریب ٹریکٹر ٹرالیوں کی بے ہنگم آمدورفت کے باعث حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔گذشتہ کئی سالوں میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ کئی معصوم بچے ان حادثات کی نذر ہو کر اپنا روشن مستقبل کھو چکے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کے باعث ٹریکٹر ٹرالیوں کا راج ہے۔ اگر کبھی کبھار کوئی ٹریفک وارڈن تعینات بھی کیا جاتا ہے تو اس کی ڈیوٹی محض دو دن کے لیے ہوتی ہے اور اس دوران بھی چالان کرنے پر ہی توجہ دی جاتی ہے۔ شہریوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔

    یہ ٹرالیاں نہ صرف رہائشی آبادی کے لیے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے بلکہ یہاں واقع مقامی مہاجر قبرستان کے جنازوں کے گزرنے میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں۔ جنازوں کے ساتھ آنے والے افراد کو راستہ تک نہیں ملتا مگر ٹریکٹر ٹرالی مالکان بے خوف اپنی جگہ پر قابض ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا اور یوں لگتا ہے کہ قانون نام کی کوئی چیز یہاں موجود نہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے اور عوام کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان: عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس آپریشن کو ڈیرہ غازی خان کی کالونیوں میں بھی بڑھایا جائے۔ خاص طور پر یو سی 17 کی عبداللہ ٹاؤن میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔

    ذرائع کے مطابق عبداللہ ٹاؤن کی گلیوں میں لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر بڑی بڑی سیڑھیاں اور گٹر بنا کر گلیوں کو بلاک کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کوبائیک چلانا تو دور کی بات ہے پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ گلی نمبر ایک میں پانچ فٹ کا گٹر گلی کے اوپر بنایا گیا ہے جس کے ساتھ چار فٹ کی سیڑھی بھی بنا دی گئی ہے۔ اس طرح کی ناجائز تجاوزات کو روکنے کی کوششوں کے باوجود مالک مکان نے اسے اپنی نگرانی میں تعمیر کروایا اور ہمسایوں کی شکایات کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ کارروائی جاری رکھی۔

    مقامی رہائشیوں نےCEO میونسپل کارپوریشن جواد الحسن گوندل سے درخواست کی ہے کہ وہ عبداللہ ٹاؤن کا بھی دورہ کریں اور یہاں کی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مقامی رہائشیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

  • ڈیرہ غازی خان: کمشنر کا انسداد تجاوزات مہم رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان: کمشنر کا انسداد تجاوزات مہم رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسداد تجاوزات مہم کو ماہ رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب رمضان پیکج اور دیگر اہم معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عارضی و پختہ تجاوزات کو ختم کرنے کے بعد شہر کی بیوٹیفکیشن اور مارکیٹوں میں روزگار کے فروغ کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات نے مارکیٹوں کا حسن ماند کر دیا تھا، لیکن اب ان کا خاتمہ کر کے ٹریفک کی روانی اور بازاروں میں بہتری لائی جائے گی۔

    کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر چھوٹے گاؤں تک صفائی کے اقدامات پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ماہ رمضان کے دوران ماڈل بازار، سہولت بازار اور اہم بازاروں میں چینی اور دیگر ضروری اشیاء کے سٹالز لگانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

  • ڈی جی خان:خالدرسول کا 4 سالہ صحافتی دور مثالی، خانیوال تبادلے پرخوبصورت  پیغام

    ڈی جی خان:خالدرسول کا 4 سالہ صحافتی دور مثالی، خانیوال تبادلے پرخوبصورت پیغام

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی)خالدرسول کا صحافتی خدمات کا 4 سالہ دور مثالی رہا، خانیوال تبادلے پر خوبصورت پیغام

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں خالدرسول نے بطور انفارمیشن آفیسر اپنے چار سالہ دور میں صحافیوں کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کیے اور ہمیشہ احترام و محبت کے رشتہ کو فروغ دیا۔ انہوں نے کسی بھی صحافتی گروپ بندی یا تقسیم کا حصہ بننے کی بجائے، تمام صحافیوں کی عزت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اگر کسی مسئلے پر اختلافات ہوتے تو وہ پیار و محبت کے ساتھ دلیل سے قائل کرنے کی کوشش کرتے۔

    خالدرسول نے اپنی ڈیرہ غازیخان میں تعیناتی کے دوران تمام افسران، ملازمین اور صحافیوں کے ساتھ بہترین وقت گزارا اور سب کے ساتھ احترام و محبت کا رشتہ برقرار رکھا۔ اپنے تبادلے کے حوالے سے خالدرسول نے کہا کہ "خانیوال تبادلے کے بعد میں سب کی بہترین یادیں سمیٹ کر جا رہا ہوں۔ تمام احباب کے مثالی تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں اور دعا گو ہوں کہ خدا ہمیں اپنی بے پایاں رحمتیں اور فضل دے۔”

    خالدرسول کا یہ پیغام ان کی کامیاب اور مثالی خدمات کی ایک جھلک پیش کرتا ہے جس سے نہ صرف صحافتی برادری کو فائدہ پہنچا بلکہ تمام افسران اور ملازمین کے ساتھ بھی ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا۔

  • کوٹ چھٹہ: جامعہ سلطانیہ میں 13ویں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ

    کوٹ چھٹہ: جامعہ سلطانیہ میں 13ویں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ

    کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹرمریدحسین ٹالپور) جامعہ سلطانیہ تعلیم القرآن تالپور روڈ خانپور میں 13واں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ منعقد ہوا، جس میں قرآن کریم مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی گئی۔ تقریب میں علماء، قراء، مشائخ عظام اور معزز مہمانوں سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطیبِ پاکستان حضرت مولانا محمد جعفر قریشی نے خطاب کیا اور قرآن کریم کی عظمت، حفاظ کرام کی فضیلت اور مدارس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے ایمان افروز بیان نے محفل کو چار چاند لگا دیے اور سامعین پر گہرا اثر چھوڑا، یہاں تک کہ کئی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔

    جلسے کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ حق نواز تالپور نے حاصل کی۔ معروف نعت خواں محمد اسماعیل نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کر کے روحانی سماں باندھ دیا۔

    منتظمین میں قاری محمد جمیل سلطانی، قاری محمد اشرف، ڈاکٹر عبدالرشید فوجی، رمضان شاکر، ڈاکٹر عبدالوحید قریشی، مولانا عبدالرحیم دایات، قاری وقار احمد لودھی، قاری فاروق احمد عطاری، قاری محمد ساجد فیضی تالپور، مولانا ساجد حسین فیضی بستی فوجہ شامل تھے۔

    مہمانانِ خصوصی میں پیر سید محمد عارف شاہ، محمد ابراہیم خان، حاجی اللّٰہ وسایا خان لنڈ، ڈاکٹر مرید حسین تالپور، ڈاکٹر محمد اقبال بھٹہ، غلام سرور خان تالپور، خادم حسین تالپور، ظفر حسین پروزانی، حسین بخش تالپور، محمد شفیع خان، محمد حسین خان یارے آنی، حاجی سیف اللّٰہ خان رمدانی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    دستار بندی کے موقع پر محمد ذیشان، محمد شہزاد، محمد نعیم، محمد طاہر، محمد شاکر اور محمد احسان کو اعزاز بخشا گیا۔ مقررین نے حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو سراہا اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    یہ روح پرور تقریب شرکاء کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ بن گئی، جہاں قرآن کی روشنی سے دلوں کو منور کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

  • ملتان: فیصل موورز ہائی روف وین، ٹرک اور کار میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    ملتان: فیصل موورز ہائی روف وین، ٹرک اور کار میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی )ملتان سے ڈی جی خان آنے والی فیصل موورز وین، ٹرک اور کار میں تصادم ہوگیا۔ حادثہ ملتان کے علاقے ناگ شاہ چوک کے قریب پیش آیا، جس میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو کنٹرول روم کو حسن سوالی PSO پٹرول پمپ کے قریب حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی قریبی اسٹیشن سے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ موقع پر پہنچ کر ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا۔

    جاں بحق ہونے والے افراد میں: 1. احمد کمال ولد وجاہت حسین، عمر 30 سال ،2. زاہد صدیقی ولد عبدالغفور، عمر 58 سال ،3. نامعلوم مرد، عمر 50 سال ،4. حسیب اللہ ولد نامعلوم، عمر 40 سال (فیصل موورز کا ڈرائیور) ،5. نامعلوم شخص، عمر 45 سال ،6. عادل ولد محمد اسلم، عمر 21 سال شامل ہیں

    جبکہ زخمی ہونے والے افراد میں 1. اسامہ اشرف ولد اشرف، عمر 28 سال ،2. صویرہ اسامہ زوجہ اسامہ، عمر 25 سال ،3. جمال خان ولد قمر خان، عمر 40 سال ،4. سکندر جمال ولد جمال خان، عمر 12 سال شامل ہیں

    موقع پر طبی امداد حاصل کرنے والے زخمی افراد 1. ایمل خان ولد ہشام، عمر 28 سال ،2. ضیا ولد رحیم بخش، عمر 23 سال ،3. عرفان ولد زبیر، عمر 30 سال شامل ہیں

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے متاثرہ گاڑیوں کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی۔

  • ڈیرہ غازیخان: این جی اوز کو این او سی کے بغیر کام کی اجازت نہیں،  ایک ماہ کی مہلت

    ڈیرہ غازیخان: این جی اوز کو این او سی کے بغیر کام کی اجازت نہیں، ایک ماہ کی مہلت

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ضلع ڈیرہ غازی خان میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو این او سی کے بغیر کام کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ این او سی کی تجدید کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔

    یہ اعلان ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے این جی اوز کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفادِ عامہ کے منصوبوں کے لیے این جی اوز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم کسی بھی منصوبے کے آغاز سے قبل انتظامیہ کو مکمل آگاہی دینا لازم ہوگا۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام این جی اوز کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا، اور ان کے سربراہان کو ہر اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ باہمی مشاورت سے علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔

    محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومت تنہا تمام مسائل کا حل نہیں نکال سکتی، لہٰذا این جی اوز حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں تاکہ فلاحی منصوبے مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہو سکیں۔

    یہ اقدامات علاقے میں شفافیت، منصوبوں کی مؤثریت اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: موٹرسائیکل اور اے پی وی میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    ڈیرہ غازی خان: موٹرسائیکل اور اے پی وی میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) سخی سرور کے قریب بیبلی پمپ پر موٹر بائیک اور اے پی وی کے درمیان خوفناک تصادم میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع دی گئی، جس پر فوری طور پر ایک موٹر بائیک ایمبولینس اور دو ایمبولینسیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کی گئیں، جبکہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے پر معلوم ہوا کہ احسن اکبر (17 سالہ) شدید سر کی چوٹوں کے باعث موقع پر جاں بحق ہوچکا تھا، جبکہ حمزہ اکبر (38 سالہ) کو معمولی زخم آئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی لاش کو لواحقین کی درخواست پر ان کے گھر چوک چورہٹہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو آپریشن میں دو ایمبولینسز (DGA-11, DGA-03, DGB-708) نے حصہ لیا