Baaghi TV

Category: فیصل آباد

  • فیصل آباد چیمبرآف کامرس میں پہلے وومن انٹر پرینوئر پراڈکٹس ایگزی بیشن کا افتتاح

    فیصل آباد چیمبرآف کامرس میں پہلے وومن انٹر پرینوئر پراڈکٹس ایگزی بیشن کا افتتاح

    فیصل آباد (عثمان صادق) خواتین انٹر پرینوئر کی مصنوعات کی نمائشوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیر سے نہ صرف خواتین کے کاروبار کا دائر ہ کار وسیع ہوگا بلکہ انہیں خریداروں سے براہ راست رابطوں میں بھی آسانی ہو گی۔ یہ بات فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی سابق نائب صدر محترمہ شمع احمد نے مسزعقیلہ عاطف کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر کے آڈیٹوریم میں پہلے وومن انٹر پرینوئر پراڈکٹس ایگزی بیشن کا ربن کاٹ کے افتتاح کرتے ہوئے بتائی۔ اس نمائش کا اہتمام فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آبادی کے تناسب سے معاشی سرگرمیوں میں حصہ دلانے کیلئے وومن چیمبر بھر پور کوششیں کر رہا ہے جس سے پورے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے علاوہ معاشی ترقی کی رفتار کو بھی تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس حوالے سے وومن چیمبر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں خواتین کی ترقی کیلئے اہم خدمات سر انجام دی ہیں جبکہ حکومت اور سٹیٹ بینک نے خواتین کو سرمایے کی فراہمی کیلئے کئی پالیسیاں تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان تعلیم یافتہ خواتین پر زور دیا کہ وہ وومن چیمبر کے پلیٹ فارم سے اپنے مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ اُن کے حل کیلئے قومی سطح پر آواز بلند کی جا سکے۔ اس سے قبل فیصل آباد وومن چیمبر کی صدر محترمہ نگہت شاہد نے کہا کہ مائکرو، چھوٹے اور درمیانے درجہ کا کاروبار کرنے والی خواتین کی مصنوعات کی تشہیر کیلئے قومی اور علاقائی سطح پر نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد کی سرکردہ کاروباری خواتین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ”ایک ٹیم اور ایک مقصد“ کے نعرے کے تحت کام کر رہی ہیں جن سے بہت جلد اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے اس نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میں سینئر نائب صدر محترمہ صوبیہ عقیل، نائب صدر محترمہ فرحت نثار، محترمہ عائشہ مسعود، محترمہ حنا بابر کی خدمات کو سراہا جبکہ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے بھی نمائش دیکھی اور خواتین کی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ خواتین کی بڑی تعداد نے اس نمائش کو دیکھا جبکہ اس سلسلہ میں مصنوعی جیولری، فیشن ڈریسز، ہوم ٹیکسٹائل، جوتوں، فوڈ پراڈکٹس کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔

  • پنجاب باکسنگ کوچنگ کیمپ 20 نومبر سے فیصل آباد میں شروع ہوگا

    پنجاب باکسنگ کوچنگ کیمپ 20 نومبر سے فیصل آباد میں شروع ہوگا

    فیصل آباد(عثمان صادق) پنجاب باکسنگ کوچنگ کیمپ 20 نومبر سے فیصل آباد میں شروع ہوگا سیکرٹری میڈیا کوآرڈینیٹرز پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن محمد زبیر رشید کے مطابق پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پنجاب باکسنگ کوچنگ کیمپ 20 تا 28 نومبر 2021ء کو اولمپئن عثمان اللہ خان سپورٹس ہال کلیم شہید پارک نڑ والا روڈ فیصل آباد میں منعقد ہوگا۔کیمپ پنجاب کے نو ڈویژنز راولپنڈی، گوجرانولہ، لاھور، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سے ٹرائلز کے بعد 26 مرد اور 10 خواتین باکسرز کو منتخب کیا گیا تھا۔ سیکرٹری جنرل پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کرنل ریٹائرڈ محمد ناصر اعجاز تنگ نے محمد زبیر رشید کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے فائنل ٹرائلز میں کامیاب باکسرز 30 نومبر تا5دسمبر تک لاھور میں منعقدہ ڈی ایچ اے نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔

  • یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز میرٹ پر لگائے ہیں اورسفارشی کلچر کو ختم کیا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب

    یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز میرٹ پر لگائے ہیں اورسفارشی کلچر کو ختم کیا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب

    فیصل آباد(عثمان صادق)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تاریخ میں محلات،بڑے عہدوں اور دولت رکھنے والے نہیں انسانیت کی خدمت کر نیوالے ہی زندہ رہتے ہیں، جذبہ اور محنت ہو تو دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا۔یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز میرٹ پر لگائے ہیں اور یونیورسٹیز میں سفارشی کلچر کو جڑوں سے ختم کیا جارہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑ ھانے کے مواقعے فراہم کر نے کے لئے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔وہ بدھ کے روز گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے پہلے کانووکیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر چیئر مین اینٹی نارکوٹکس پنجاب حاجی رمضان پرویز،کمشنر زاہد حسین،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق،کنٹرولر امتحانات پروفیسر رضوانہ تنویر رندھاوا،رجسٹرار یونیورسٹی آصف علی،بانی وائس چانسلر ڈاکٹر ذکر حسین،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے جبکہ گورنر پنجاب و یونیورسٹی چانسلر چوہدری محمدسرور نے مختلف شعبہ جات میں فارغ الحتصل ہونیوالی طالبات میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر میڈلز بھی تقسیم کئے اور ان کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میں سو فیصددعویٰ سے کہتاہوں کسی سفارش کے بغیر میں نے سو فیصد میرٹ پر پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز کے 20سے زائد وائس چانسلرزلگائے ہیں اور ہمارا مشن یونیورسٹیز میں ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے جہاں بھی کوئی غیر قانونی کام ہوگا وہاں سخت ایکشن لیا جائے گا کیونکہ شفافیت اور میرٹ سے ہی ادارے مضبوط ہوتے ہیں یونیورسٹیز میں میرٹ لانے کی وجہ سے آج پنجاب کی یونیورسٹیز کا شمار دنیا کی بہتر ین پانچ سو یونیورسٹیز میں ہورہا ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میں یونیورسٹیز سے فارغ التحصیل ہونیوالی طالبات سے کہنا چاہتاہوں وہ جس بھی شعبے میں جائیں وہاں انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے عہدے سے انصاف کریں کیونکہ تاریخ میں صرف انسانیت کی خدمت کر نیوالے ہی زندہ رہتے ہیں مجھے اس بات پر بھی فخر ہے کہ پاکستانی خواتین صرف اپنے ملک ہی نہیں دنیا میں بھی اپنے ملک کانام روشن کر رہی ہیں۔ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو جائیداد میں حصہ دینے سمیت انکے دیگر حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ کسی بھی ملک میں جب تک خواتین مضبوط نہیں ہوتیں وہ ملک بھی مضبوط نہیں ہوتے موجودہ حکومت خواتین کی مضبوط ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے کہا کہ ہم یونیورسٹی میں اعلی اور معیادی تعلیم کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور آج گور رنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادہائر ایجوکیشن رینکنگ کے مطابق پنجاب میں پہلے اور پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہے انشاء اللہ ہم مزید کامیابیوں کیساتھ آگے بڑھیں گے آج یونیورسٹی سے ڈگریاں لینے والی طالبات پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے ساتھ ساتھ خواتین کی مضبوطی اور تعلیم کو عام کر نے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر یں۔

  • ریسکیو 1122 پر فیک کال کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ

    ریسکیو 1122 پر فیک کال کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ

    فیصل آباد (عثمان صادق) ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر بڑھتی ہوئی غیر ضروری کالز کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ آئند ہیلپ لائن 1122 پر رانگ کال کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر احتشام واہلہ کے زیر صدارت اہم اجلاس سینٹرل ریسیکو اسٹیشن میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ جس میں ایمرجنسی آفیسر آپریشنز غلام شبیر (آپریشنز) سمیت تمام افسران نے شرکت کی ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر بڑھتی ہوئی غیر ضروری کالز کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ آئند ہیلپ لائن 1122 پر رانگ کال کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاۓ گی۔ واضح رہے کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ایکٹ 2006 کے مطابق ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر جھوٹی کال کرنے والے شخص کو 6 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے تک جرمانہ بھی ہوسکتا ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کہ غیر ضروری کالز کی وجہ سے کنٹرول روم آپریٹرز پر اضافی بوجھ پڑتا ہے اور مستحق افراد کو ایمرجنسی کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کرنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے. ریسکیو فیصل آباد کو روزانہ کی بنیاد پر پانچ ہزار کے قریب مجموعی کالز موصول ہوتی ہیں جن میں سے ایمرجنسی کی کال صرف 300 ہیں. عوام کو چاہئے کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر کال کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

  • فیصل آباد کی انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔مسٹر آندریس سفیر اٹلی

    فیصل آباد کی انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔مسٹر آندریس سفیر اٹلی

    فیصل آباد(عثمان صادق) فیصل آباد کی معیاری ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برانڈنگ اور فیشن انڈسٹری کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات اٹلی کے سفیر مسٹر آندریس فریریز نے فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ سے ایک ملاقات کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کےعمل میں وقتی تعطل آیا تاہم اب وہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس سے قبل عاطف منیر شیخ نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبہ کے درمیان براہ راست رابطوں پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے متعدد ٹیکسٹائل اداروں میں اس وقت بھی اٹلی کی مشینیں استعمال ہورہی ہیں جبکہ اٹلی نے فیصل آبا کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں جدید ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سنٹر بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کے ماہرین فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو عالمی منڈیوں میں اپنے برانڈ متعارف کرانے میں بھی مدد دے سکتے ہیں جبکہ فیشن ڈیزائنگ کے شعبہ میں بھی ووطرفہ تعاون سے پاکستان بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اٹلی کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تاکہ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ اور علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون میں اٹلی کی طرف سے ٹیکسٹائل کی مشینری مقامی طور پر تیار کرنے پر بھی بات چیت کی جاسکے۔

  • قومی معیشت کی بحالی کیلئے ایس ایم ای سیکٹر کو مزید متحرک کر دار ادا کرنا ہو گا.عبدالرزاق داؤد مشیروزیراعظم

    قومی معیشت کی بحالی کیلئے ایس ایم ای سیکٹر کو مزید متحرک کر دار ادا کرنا ہو گا.عبدالرزاق داؤد مشیروزیراعظم

    فیصل آباد (عثمان صادق) قومی معیشت کی بحالی کیلئے ایس ایم ای سیکٹر کو مزید متحرک کر دار ادا کرنا ہو گا جبکہ حکومت اس شعبہ کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات کامرس اور سرمایہ کاری بارے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے ایس ایم ای بارے جامع پالیسی کی تشکیل کے سلسلہ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں صنعت و پیداوار بارے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے مختلف چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کی طرف سے اس سلسلہ میں پیش کی جانے والی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ حکومت ان پر سنجیدگی سے غور کرے گی تاکہ اس شعبہ کو ٹھوس اور مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے بتایا کہ ملکی برآمدات میں نوے فیصد حصہ ایس ایم ای سیکٹر کا ہے مگر محدود وسائل سے کام کرنے والے اِن اداروں کا سرمایہ حکومتی ٹیکسوں کے چکر میں پھنس جانے سے انھیں مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اس شعبہ کیلئے زیر و ریٹنگ کی سہولت بحال کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں پہلے ٹیکس دینے اور پھر اس کی واپسی کیلئے دفتروں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ایس ایم ای شعبہ کی مالی حیثیت کا بھی از سر نو تعین کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا محور یہی شعبہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس شعبہ کے دیگر مسائل کی بھی نشاندہی کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت اِن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

  • خواتین کو معاشی دھارے کا متحرک اور پیداواری حصہ بنانے کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ نیا اور جدید ذریعہ ہے

    خواتین کو معاشی دھارے کا متحرک اور پیداواری حصہ بنانے کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ نیا اور جدید ذریعہ ہے

    فیصل آباد (عثمان صادق) خواتین کو معاشی دھارے کا متحرک اور پیداواری حصہ بنانے کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ نیا اور جدید ذریعہ ہے جبکہ فیصل آباد وومن چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کو اپنی ممبرز اور تعلیم یافتہ طالبات کو اس بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دینی چاہیے۔ یہ بات محترمہ صفورا زینب نے وومن چیمبر کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹنگ اور بزنس پر موشن دو الگ الگ شعبے ہیں اور ہمیں اِن کے فرق کو سمجھتے ہوئے اپنے مطلوبہ سیکٹر پر توجہ دینی چاہیے تاکہ اِن سے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ اِس کے ذریعے آن لائن میسر سہولتوں سے ہی اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کی جا سکتی ہے اور اِس مقصد کیلئے جگہ جگہ گھومنے کی ضرورت نہیں۔ تاہم اس ذریعہ کے مؤثر استعمال سے ہی مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہر چھ سیکنڈ بعد ایک نیا اکاؤنٹ کھل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شارٹ میسج استعمال کرنے والوں کی تعداد 4.4ارب جبکہ انسٹاگرام کے ایکٹو یوزر کی تعداد 1.7ارب ہے۔ اسی طرح روزانہ 95ملین تصاویر روزانہ اَپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ 53منٹ کے اوسط وقت میں 71فیصدملینلزاور 71فیصد امریکی بزنس مین اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں۔ اس سے قبل وومن چیمبر کی صدر محترمہ نگہت شاہد نے کہا کہ انہوں نے کاروباری خواتین کی آگاہی اور نوجوان طالبات کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے کیلئے ایک جامع پروگرام شروع کر رکھا ہے جس کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ بارے بھی آگاہی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے استعمال سے خواتین کواپنے کاروبار کیلئے مردوں کی ضرورت بھی نہیں رہے گی اور وہ تمام کام از خود ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے ہی کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا اور جدید ذریعہ ہے جس سے طالبات کو لازمی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی آگاہی تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ آخر میں نائب صدر محترمہ فرحت نثار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس تقریب میں سینئر نائب صدر محترمہ صوبیہ عقیل، محترمہ شمع احمد، حنا خاں، ہما خالد اور دیگر خواتین نے بھی شرکت کی۔

  • ڈچ فنڈ برائے ماحول اور ترقی سے لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ کیا جا سکے گا.ڈائریکٹرورلڈ وائلڈلائف فنڈ پاکستان

    ڈچ فنڈ برائے ماحول اور ترقی سے لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ کیا جا سکے گا.ڈائریکٹرورلڈ وائلڈلائف فنڈ پاکستان

    فیصل آباد (عثمان صادق) 160ملین یورو کے ڈچ فنڈ برائے ماحول اور ترقی سے ایسے قابل عمل اور منافع بخش منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ کیا جا سکے گا۔ یہ بات ورلڈ وائلڈلائف فنڈ پاکستان کے ڈائریکٹر جنگلی حیات ڈاکٹر طاہر رشید نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ڈچ فنڈ کے بارے میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے دنیا کو 4.2کھرب ڈالر کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں امیر ملکوں نے 1.7کھرب ڈالر دیئے ہیں جبکہ تیسری دنیا کے ملک اپنی اقتصادی مجبوریوں کی وجہ سے اس میں اپنا حصہ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں کے پاس اپنے عوام کی غذائی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے وسائل نہیں وہ ماحول کے تحفظ کیلئے بھاری بھر کم اخراجات کیسے برداشت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے 160ملین یورو کا ڈچ فنڈ برائے ماحول و ترقی قائم کیا گیا ہے جو ایسے ماحول دوست اور منافع بخش منصوبوں کیلئے سرمایہ مہیا کرے گا جولوگوں کیلئے روزگار بھی مہیا کریں گے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی سٹڈی کیلئے 60ہزار یورو کی گرانٹ دی جائے گی جبکہ پائلٹ پراجیکٹ کیلئے مزید 3لاکھ 50ہزار یوروکی گرانٹ دی جا سکتی ہے۔ اِس کے بعداِس منصوبے کیلئے مارکیٹ کے مطابق قرض بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت چھ ملکوں میں اِن منصوبوں پر کام کر رہا ہے جبکہ اَب انڈیا اور انڈونیشیا اَب اس میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے چاول کی فصل کی باقیات کو آگ لگانے سے ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کے 17شہروں میں اس فنڈ کے ذریعے چاول کی فصل کی باقیات کو انرجی اور بجلی بنانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس طرح جہاں ماحول کو پہنچنے والے نقصان سے بچاجا رہا ہے وہاں متعلقہ کسانوں کو معقول رقم بھی مل رہی ہے۔ انہوں نے انڈس ڈیلٹا میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ پاکستان کیلئے 7ملین یورو کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں یا منظوری کے قریب ہیں۔ انہوں نے کھارے پانی کے منافع بخش استعمال کے منصوبے کے بارے میں بتایا کہ اس پر 14.9ملین یورو کی گرانٹ ملے گی جبکہ شوگر ملوں کے بیگاس کو بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے قابل استعمال بنایا جائے گا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سینئر منیجر فریش واٹر پروگرام سہیل علی نقوی نے بتایا کہ آئی ایل او کے تعاون سے ٹیکسٹائل اور لیدر کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ صنعتوں کے گندے پانی کو ٹریٹ کر کے زرعی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے منصوبے بھی شروع کئے جا سکتے ہیں۔ اس سے قبل ایگزیکٹو ممبر ثناء اللہ نیازی نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کا مختصر تعارف پیش کیا جبکہ محمد فاضل نے مہمانوں کا شکریہ اد اکیا۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جبکہ ڈاکٹر طاہر رشید نے محمد فاضل کو ڈبلیو ڈبلیو ایف کی شیلڈ دی جبکہ ثناء اللہ نیازی کو بھی اجرک پہنائی گئی۔

  • کرونا میں کمی کے باعث مختلف ملکوں کے درمیان ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔ہائی کمشنر ساؤتھ افریقہ

    کرونا میں کمی کے باعث مختلف ملکوں کے درمیان ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔ہائی کمشنر ساؤتھ افریقہ

    فیصل آباد (عثمان صادق) کرونا میں کمی کے باعث مختلف ملکوں کے درمیان ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔ ساؤتھ افریقہ اور پاکستان کو بھی اِن مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کو ٹورازم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا چاہیے۔ یہ بات ساؤتھ افریقہ کے ہائی کمشنر میتھو تھو زالی ماڈی کیزا نے فیصل آباد وومن چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران فی میل انٹر پرینورز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے پاکستان گورنمنٹ کی ”Look Africa“کی پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی خواتین کو ساؤتھ افریقہ میں کاروبار ی خواتین سے روابط بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گو پاکستان ٹیکسٹائل میں جدید مہارت رکھتا ہے مگر غیر روایتی منڈیوں میں زیادہ ٹریڈ کا پوٹینشل موجود ہے اور ان پر ان کا فوکس ہونا چاہیے تاکہ غیر روایتی اشیاء کو برآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں قدرتی حسن اور برف سے ڈھکی پہاڑوں کا حسین منظر دستیاب ہے اور ہمیں اس پوٹینشل کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لانا چاہیے۔ فیصل آباد وومن چیمبر کی صدر محترمہ نگہت شاہد نے ساؤتھ افریقہ کے ہائی کمشنر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے روڈ میپ کا تفصیل کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد وومن چیمبر کا ایک وفد ساؤتھ افریقہ بھیجنا چاہتی ہیں تاکہ وہاں کی کاروباری خواتین سے ملاقات کر کے باہمی تجارت کے مواقع حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے ساؤتھ افریقہ کے ہائی کمشنر سے امید ظاہر کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس ڈیلی گیشن کے سلسلہ میں مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا زیادہ سے زیادہ فوکس وومن انٹر پرینوئرشپ ڈویلپمنٹ بڑھانا ہے اور اس سلسلہ میں 15نومبر کو آل پاکستان وومن پریزیڈنٹس کی کانفرنس بھی منعقد کر رہی ہیں۔ نائب صدر محترمہ فرحت نثار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ سینئر نائب صدر محترمہ صوبیہ عقیل، محترمہ شمع احمد اور دیگر خواتین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

  • 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کورونا ویکسینیشن مہم کے آخری ایام میں ویکسین ضرور لگوائیں۔ ثاقب منان

    12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کورونا ویکسینیشن مہم کے آخری ایام میں ویکسین ضرور لگوائیں۔ ثاقب منان

    فیصل آباد(عثمان صادق)سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب ثاقب منان نے ہدایت کی کہ ریچ ایوری ڈور(ریڈ)کورونا ویکسینیشن مہم کے آخری ایام میں بھی 12 سال سے زائد عمر کے رہ جانے والے افراد کو ویکسین لگانے کے لئے ٹیمیں سرگرم عمل رہنی چاہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ویکسینیٹ ہونے سے وباء کی روک تھام یقینی ہو۔انہوں نے یہ ہدایت ڈی سی آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ریڈ مہم کے اہداف پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرکاشف محمود،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز امداد اللہ چوہدری، سیکرٹری آرٹی اے محمد سروراور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب نے مہم کے اہداف اور حاصل کردہ ٹارگٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور سرکاری ونجی سکولوں وکالجوں میں طالب علموں کی کوریج کو تیز کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے آؤٹ ریچ اور فکسڈ ٹیموں کو متحرک رکھنے اور ابھی تک کم پروفارمنس والے علاقوں پر فوکس کرکے ہدف حاصل کرنے کی ہدایت کی۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب نے بتایا کہ ضلع میں ریڈ مہم تیز رفتاری سے جاری ہے اور اب تک مہم کے دوران ساڑھے 7 لاکھ افراد کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے جبکہ مہم کے اختتام تک 10 لاکھ افراد کی ویکسینیشن ہوجائے گی جبکہ مہم سے قبل بھی ویکسینیشن کا عمل بلا تعطل جاری تھا اور 12 نومبر تک ضلع میں مجموعی طور پر 50 لاکھ افراد ویکسینٹ ہوجائیں گے۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام الناس سے پرزور اپیل کی کہ رہ جانے والے افراد اپنی قومی ذمہ داری اداکرتے ہوئے ویکسین لگوائیں کیونکہ کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ریڈ کمپین کے دوران ضلع زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوانے کے حوالے سے ٹاپ اضلاع میں شامل ہے جس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے انتظامیہ کو تاکید کی گئی ہے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے بتایا کہ ضلع کے 48 سرکاری اور 85 نجی کالجز کے تمام طالب علموں کو تقریبا دونوں ڈوزلگ چکی ہیں تاہم فرسٹ ایئر اور تھرڈ ایئر میں داخلہ کے لئے اپلائی کرنے والوں (ویکسینیشن نہ ہونے کے حامل) کو فیس ووچر دینے سے قبل ویکسین لگائی جارہی ہے۔بعدازاں سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب نے محلہ شریف پورہ سمیت دیگر علاقوں میں جاکر آؤٹ ریچ وفکسڈ ٹیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔