Baaghi TV

Category: فیصل آباد

  • غیرقانونی نیلی بتی،ریوالونگ لائٹس اور رنگدار شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز

    فیصل آباد(اے پی پی)حکومتی ہدایات کی روشنی میں محرم الحرام کے ۱ٓغاز کے باعث فیصل آباد میں سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے غیرقانونی نیلی بتی،ریوالونگ لائٹس اور رنگدار شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز کردیا گیاہے جبکہ درجنوں گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران ان سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیاگیاہے اور انہیں وارننگ دی گئی ہے کہ اگر دوبارہ مذکور ہ گاڑیوں پر رنگدار شیشے، غیر قانونی نیلی بتیاں، ریوالونگ لائٹس یا ہوٹرز نصب کئے گئے تو ان گاڑیوں کو سرکاری تحویل میں لے لیاجائیگا اور ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سمیت بھاری جرمانوں سے بھی گریز نہیں کیاجائیگا۔ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ محرم الحرام کے ۱ٓغاز کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ٹریفک رولز کی سختی سے پابندی کاحکم جاری کیا گیاہے جس کے تحت محرم الحرام کے حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس نے غیرقانونی نیلی بتی،ریوالونگ لائیٹس اور رنگدار شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس حوالے سے تما م ٹریفک وارڈنز کو سخت ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کارروائی اور کارکردگی کا جائزہ ٹریفک سرکلز کی سطح ُپر لیاجارہاہے۔انہوں نے تما م شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں پر غیر قانونی نیلی بتی، ریوالونگ لائٹس اور رنگدار شیشوں کے استعمال سے گریز کر یں تاکہ وہ کسی بھی پریشانی یا قانونی کاروائی سے محفوظ رہ سکیں۔

  • ماتمی جلوسوں کے راستوں میں اینٹ، روڑا، پتھر وغیرہ جمع کرنے پر پابندی

    فیصل آباد (اے پی پی)ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر کے تمام 36 اضلاع میں عشرہ محرم اور یوم عاشور کے تعزیہ، ذوالجناح، علم اور دیگر ماتمی جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارات میں اینٹ، روڑا، پتھر وغیرہ جمع کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ عزاداری کے جلو سوں کے راستوں میں سریا، ڈنڈے، سوٹے وغیرہ بھی سٹاک نہیں کئے جا سکیں گے۔فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈی سیز و ڈی پی اوز کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مذکورہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروائیں اور اس ضمن میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

  • عشرہ محرم کے دوران خوف و ہراس،سنسنی خیزی اور افواہیں پھیلانے پر پابندی

    فیصل آباد (اے پی پی)عشرہ محرم الحرام کے دورا ن امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت فیصل ۱ٓباد سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں خوف وہراس اور سنسنی خیز بے بنیاد اور حقائق کے منافی افواہیں پھیلانے،امن وامان میں خلل ڈالنے والے قابل اعتراض تحریروں پر مبنی بینرز، پمفلٹس، پوسٹرز، ہینڈ بلز کی اشاعت،لٹریچر کی تقسیم اور وال چاکنگ کرنے پر فوری طور پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ داخلہ کے ان احکامات کے تحت کسی بھی ضلع کی ریونیو حدود میں محرم الحرام کے جلوسوں ومجالس کے علاوہ دیگر مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے،قابل اعتراض اور مذہبی منافرت پر مشتمل آڈیوو وڈیوکیسٹس کی ریکارڈنگ،فروخت اور چلانے، اشتعال انگیز تقاریر کرنے، نعرے لگانے اور آتشیں اسلحہ ودیگر ہتھیاروں کی نمائش و لیکرچلنے کی ممانعت ہوگی جبکہ محرم کے جلوسوں ومجالس وغیرہ دیکھنے کیلئے مکانوں ودکانوں اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر جمع ہونے اور محرم جلوسوں ومجالس کے راستوں پر ہر قسم کی تجاوزات کھڑی کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

  • جڑانوالہ میں مستحق خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقیسم

    فیصل آباد: صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے چک 560گ ب تحصیل جڑانوالہ میں مستحق خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے۔چوہدری عمران یوسف اور دیگر پارٹی کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام غریب خاندانوں کو علاج معالجہ کے سلسلے میں موجودہ حکومت کا انقلابی اقدام ہے جس کے تحت کوئی مستحق مہنگے سے مہنگے علاج سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور ہسپتالوں کو عوامی توقعات کے مطابق بنایا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والوں کومبارکباد دی اور کہا کہ حلقہ کے دیگر مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔

  • ایم سی گرلز سکول ملت کالونی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک

    فیصل آباد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایم سی گرلز ایلیمینٹری سکول ملت کالونی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔پرنسپل ادارہ ثروت جبیں نے ریلی کی قیادت کی جبکہ اساتذہ کرام، طالبات بھی شریک تھیں۔اس موقع پر طالبات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔رئیس ادارہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وحشیانہ فعل سے بھارت کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بھارتی ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ وہ بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

  • علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک

    علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک منعقد ہوئی۔واک کی قیادت ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبید اسلم اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر صائمہ ارم نے کی۔واک میں یونیورسٹی سٹاف ودیگر افراد کی کثیر تعدادکشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پرآگئی۔اس موقع پر کشمیر ہمارا ہے سارے کا سارا ہے کے نعرے بھی لگائے گئے۔ڈاکٹر عبید اسلم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان کا ہر شہری کٹ مرنے کو تیار ہے اورشہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا۔صائمہ ارم نے کہاکہ کشمیری بھائیوں سے محبت ہمارے دلوں سے کبھی کم نہیں ہوگی،سیکولر بھارت کا بدنما چہرہ دنیا کے سامنے آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

  • ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب محمدالطاف بلوچ کا سول ڈیفنس آفس کا دورہ

    فیصل آباد( )ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب محمدالطاف بلوچ نے سول ڈیفنس آفس کا دورہ کیا اور محکمانہ کارکردگی پر بریفنگ لی۔سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس نے ڈائریکٹر کو چھ ماہ کی محکمانہ رپورٹ پیش کی۔ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے آفس کے سٹور کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود اشیاء کی صفائی اور ان کی حفاظت کویقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے کمبائنڈ کنٹرول اینڈ رپورٹ سنٹر کو بھی چیک کیا اور تزئین وآرائش وجنگی حالات کے عین مطابق اقدامات پر سول ڈیفنس آفیسر کی کارکردگی کو سراہا۔ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے تنظیم شہری دفاع کے عہدیداران سے بھی میٹنگ کی۔چیف وارڈن شیخ محمد امجد ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم شہری دفاع کے بلامعاوضہ ڈیوٹی سرانجام دینے والے رضا کاروں کے لئے رضا کارفنڈ قائم کیا جائے گا اس ضمن میں پانچ رکنی کمیٹی سول ڈیفنس آفیسر کی سربراہی میں قائم کی جارہی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے کر رپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بیماری کاشکارہونے والے رضا کاروں کی مالی امداد بھی اسی فنڈز سے کی جائے گی۔ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے سول ڈیفنس آفس کے احاطہ میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

  • کشمیریوں سے اظہار یکجہتی:  گورنمنٹ کالج میاں چنوں کے طلبا نے ریلی کا اہتمام کیا

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی: گورنمنٹ کالج میاں چنوں کے طلبا نے ریلی کا اہتمام کیا

    میاں چنوں: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گورنمنٹ کالج میاں چنوں کے طلبا نے ریلی کا اہتمام کیا۔ جس میں گورنمنٹ ڈگری کالج میاں چنوں کے پرنسپل ڈاکٹر طارق محمود ودیگر اساتذہ نے خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ریلی ڈگری کالج سے شروع ہو کر ٹی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر طلبا کی کثیر تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے طلبا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیرکی آزادی اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ طلبا نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نعرے بھی بلند کئے۔

    اس موقع پرطلبا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنمنٹ ڈگری کالج میاں چنوں کے پرنسپل ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ اب کشمیر کی آزادی دور نہیں۔ مودی نے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔ کشمیر میں 26روز سے کرفیو عائد ہے۔ لوگوں اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ میڈیا اور مواصلاتی نظام مکمل بند کر کے کشمیر کو دنیا سے الگ کر رکھا ہے۔

    کشمیریوں کی نسل کشی کے لیے آر ایس ایس کے غنڈوں کو وادی میں پہنچایا جا رہا ہے۔چند ہی دنوں میں ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سینکڑوں افراد پیلٹ گن کا شکار ہو چکے ہیں۔

    عالمی برادری بھارت کی غنڈہ گردی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کرنے سے قاصر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی منزل اب دور نہیں۔ اب بہت جلد کشمیر ہندو بنیا سے آزاد ہو کر پاکستان بنے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم عالمی سطح پر کشمیر کے مقدمے کو اٹھائے اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار بھی ادا کریں۔

  • راناثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کو پیش کیا جائے گا عدالت

    راناثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کو پیش کیا جائے گا عدالت

    اے ٹی سی فیصل آباد میں راناثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کو پیش کیا جائے گا

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راناشہریارکو شہری آصف بٹ قتل کیس کے الزام میں عدالت میں پیش کیا جائے گا ماحمد شہر یار کے ساتھ ملزم رانا خالد اور علی رضا کو بھی عدالت میں پیش کیاجائےگا

    رانا ثناء اللہ کے داماد کو پولیس نے لاہور سے اسوقت حراست میں لیا تھا جب وہ انسداد منشیات کی عدالت میں رانا ثناء اللہ سے ملنے کے لئے آئے تھے،

    رانا شہر یار کو عدالت میں پیش کر کے آج ان کا مزید ریمانڈ لینے کی استدعا کی جائے گی،

    مسلم لیگ ن پر ایک اور جمعہ بھاری

    واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کو انسداد منشیات فورس نے گرفتار کیا تھا بعد ازاں عدالت میں پیش کیا ،رانا ثناء اللہ لاہور کی کیمپ جیل میں قید ہیں، رانا ثناء اللہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ جب رانا ثناء اللہ کو روکا گیا تو انہوں نے بدتمیزی کی اور گریبان پکڑے، رانا ثناء اللہ نے ناجائز اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی، رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے 21 کلو منشیات ملی جس میں سے 15 کلو ہیروئن بھی شامل تھی، رانا ثناء اللہ کے خلاف مخبر کی اطلاع پر کاروائی کی گئی خبرنےاطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے راناثنااللہ کی گاڑی کوروکنے کیلئےحکمت عملی مرتب کی گئی موٹروے سےآنیوالی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی

    رانا ثناء اللہ کے لئے ایک اور مشکل،نیب نے بھی اثاثوں کا ریکارڈ طلب کر لیا

    رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے خلاف اسمبلی میں قرارداد جمع

    نیب نے رانا ثناء اللہ کے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے، نیب نے رانا ثناء اللہ کے اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کر دیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کو ایک فہرست بھیج کر رانا ثناء اللہ کے اثاثوں کی ملکیت کا ریکارڈ طلب کیا ہے. نیب کی جانب سے بھجواگئی گئی فہرست ڈی سی نے محکمہ ریونیو کو بھیج کر جواب طلب کر لیا.

    منشیات کیس، رانا ثناءاللہ کے بعد ایک اور بڑی گرفتاری، ن لیگ میں کھلبلی مچ گئی

    قبل ازیں وزارت اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے پنجاب پولیس کو مراسلے کے بعد پنجاب پولیس نے تمام ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ن لیگی رکن قومی اسمبلی اور دیگر گرفتار ملزمان کے کرمینل ریکارڈ، منی لانڈرنگ ،دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ تعلق، فنڈنگ اور منیشات کی لین دین کا ریکارڈ طلب کیا ہے.

    رانا ثناء‌اللہ کو گرفتار کر کے کہاں‌ لیجایا گیا ہمیں‌ نہیں‌ معلوم؟ داماد شہریار

    اے این ایف نے بھی رانا ثناء اللہ کے حوالہ سے چالان عدالت میں جمع کروا دیا ہے، اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کو چالان میں قصور وار قرار دے دیا ہے

  • منشیات کیس میں گرفتار رانا ثناء اللہ کو بڑا صدمہ

    منشیات کیس میں گرفتار رانا ثناء اللہ کو بڑا صدمہ

    منشیات کیس میں گرفتار ن لیگی رکن اسمبلی رانا ثناء اللہ کو بڑا صدمہ، رانا ثناء اللہ کے سسر وفات پا گئے

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے سسر رانا یوسف وفات پا گئے، ان کی نماز جنازہ اتوار کو فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں دس بجے ادا کی جائے گی. رانا ثناء اللہ کے سسر کی وفات کے بعد انکی پیرول پر رہائی کی خبریں بھی سامنے آئیں تا ہم جیل انتظامیہ نے رانا ثناء اللہ کو رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے.

    واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کو اے این ایف نے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ،عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر رانا ثناء اللہ کو جیل بھجوا دیا تھا. .

    رانا ثناء اللہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ جب رانا ثناء اللہ کو روکا گیا تو انہوں نے بدتمیزی کی اور گریبان پکڑے، رانا ثناء اللہ نے ناجائز اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی، رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے 21 کلو منشیات ملی جس میں سے 15 کلو ہیروئن بھی شامل تھی، رانا ثناء اللہ کے خلاف مخبر کی اطلاع پر کاروائی کی گئی خبرنےاطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے راناثنااللہ کی گاڑی کوروکنے کیلئےحکمت عملی مرتب کی گئی موٹروے سےآنیوالی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی