Baaghi TV

Category: فیصل آباد

  • فیصل آباد میں مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام سیمینار

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو مستحکم بنانے کے لئے نوجوان طلباء کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے جن میں عزم وہمت اور حب الوطنی کا جذبہ بیدار رہنا چاہئے تاکہ پاکستان کو درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجز کا مقابلہ کرکے امن وترقی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بات مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیراہتمام جامعہ قاسمیہ غلام محمد آباد میں منعقدہ”استحکام پاکستان طلباء سیمینار“سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔آر پی او غلام محمود ڈوگر،ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر،میاں خیال کاسترو،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی،چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ودیگر قائدین مولانا شبیر احمد عثمانی،حافظ محمد امجد،میاں طیب ایڈووکیٹ،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا مشتاق لاہوری،حافظ مقبول،مولانا عمر قاسمی،مولانا اعظم فاروق،مولانا عابد فاروقی،مولانا یاسر علوی،مولانا نعیم طلحہ،مولانا قاسم فاروقی،مولانا ثاقب عزیز،قاری ممتاز احمد،مولانا عامر اشرف،مولانا اسحاق ڈھڈی،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری،حافظ سعید میو،مولانا رسال الدین آزاد،پیر عبدالقیوم نقشبندی،مولانا قاسم عمار ودیگر کے علاوہ بڑی تعداد میں مدرسہ کے طلباء اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے دینی مدرسہ میں استحکام پاکستان طلباء سیمینار کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی عمدہ سوچ اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کے لئے اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد ویکجتہی کو برقرار رکھیں اور کسی بھی تعصب یا گروہ بندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نفرتوں کو مٹا کر محبت ویگانگت کی فضاء کو تقویت دی جائے۔انہوں نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ کسی بھی آلودہ باتوں کا اثر نہ لیں اور اپنی سوچ وکردار کی سمت درست رکھتے ہوئے حصول علم پر گہری توجہ مرکوزکریں۔آر پی او غلام محمود ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور اللہ تعالیٰ اس کا حامی وناصر ہے لیکن ہمیں استحکام پاکستان کے لئے بھرپور محنت و قومی خدمت کا پختہ عزم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء اس ملک کی اندرونی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں لہذا انہیں منفی قوت کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنے اور نظریاتی سرحدوں میں مداخلت کرکے سوچ بدلنے کی کوشش میں ہیں جن کو ناکام بنانے کے لئے مذہبی ہم آہنگی،ملی وحدت کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوں نے یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں استحکام پاکستان کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے لہذا استحکام پاکستان کے لئے اتحاد واتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی تقریبات مناتے وقت اپنی سوچ کو صرف جھنڈیوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ پاکستان کو مستحکم بنانے کے لئے اپنے حصے کے کردار کو عملی طور پر ثابت کرنا ہے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کے کامیاب دورہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانیوں کو اقوام عالم میں سر اٹھا کر بات کرنے پر فخر حاصل ہواہے۔انہوں نے امن وآشتی ومذہبی رواداری کے فروغ کے سلسلے میں مرکزی علماء کونسل کے کردار کو سراہا۔ایم پی اے میاں خیال کاسترونے کہا کہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے ہمیشہ امن وسلامتی اور بھائی چارے کو مقدم رکھا تاہم استحکام پاکستان کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کالی بھیڑوں کا صفایا کرنا ہوگا۔انہوں نے طلباء کی ذہنی آبیاری کے لئے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے سیمینار میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام قومی وحدت کے فروغ اور قیام پاکستان میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم سے 14،اگست تک مختلف شہروں میں استحکام پاکستان سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کی سلامتی،عزت وتوقیر پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور مرکزی علماء کونسل فرقہ واریت،انتہاپسندری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ کردار ادا کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ پیغام پاکستان اعلامیہ کے تحت تمام مکاتب فکر کے 18سو سے زائد علماء کرام و مشائخ عظام کے متفقہ فتوی کے مطابق ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانا اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں علماء کرام اتحاد بین المسلمین اوراتحاد وملت کے لئے ہمہ تن سرگرم عمل ہیں۔سیمینار سے میاں محمد طیب ایڈووکیٹ ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں سے حاصل کیاگیا تھا جس کے تحفظ کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ قبل ازیں جامعہ قاسمیہ میں زیر تعلیم طلباء کے گروپ نے خوش الحانی سے ملی نغمہ پیش کیا اور بعدازاں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی‘قومی یکجہتی اور امن وآشتی کے لئے دعا اور شہدائے پاکستان کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

  • فیصل آباد میں شجرکاری مہم زور و شور سے جاری

    فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی )پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ایاز لاشاری نے عید گاہ ماڈل ٹاؤن میں پود لگایا۔ اس موقع پر زونل خطیب قاری فتح محمد راشدی‘ مینجر اوقاف محسن حسنین اور امام مسجد سمیت مقامی شہری بھی موجود تھے۔ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے اظہار خیال کرتے ہوئے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ڈویژن بھر میں مزارات اور محکمہ اوقاف کی دستیاب اراضی پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد کے آئمہ حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خطبات میں شجرکاری کا درس دیں کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ درخت لگانے کے کار ثواب میں ضرور حصہ لیں۔

  • فیصل آباد میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں 8 لاکھ پودے لگانے کی تیاری شروع

    فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی )وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں ڈویژن بھر میں 8 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس کا افتتاح محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام گٹ والا فاریسٹ پارک میں بیک وقت مختلف اقسام کے پانچ سو پودے لگا کر کیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر جاوید محمود بھٹی نے اس موقع پر گاب کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجہیہ الدین احمد‘ ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید‘ اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) مصور خان نیازی‘ کنزرویٹر فاریسٹ سردار فدا حسین‘ ڈائریکٹر فاریسٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ گٹ والا سردار ثناء‘ ڈی ایف او ریسرچ انوار الحق اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اپنے سٹاف اور سول سوسائٹی کے افراد کے ہمراہ پودے لگائے۔ ڈویژنل کمشنر محمودجاوید بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے کیونکہ درختوں کی کمی پورا کرنے کے لئے وسیع بنیادوں پر شجرکاری کی ضرورت ہے لہذا ہر شہری کو پودا لگا کر اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سر سبز پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لئے عزم و جذبے کے ساتھ پودے لگا کر ان کی بھر پور انداز میں آبیاری کی جائے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ شجرکاری کے لئے شہریوں میں احساس و ترغیب پیدا کرنے کے لئے بھر پور آگاہی مہم پر عمل کریں اور درخت لگانے کے متعلق مکمل تکنیکی رہنمائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں چاروں اضلاع کی انتطامیہ پی ایچ اے‘ مختلف سرکاری محکموں‘ نجی اداروں کی طرف سے پودے لگا کر مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں گے اس سلسلے میں شجرکاری تحریک شروع کر دی گئی ہے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجہیہ الدین احمد نے بتایا کہ رواں شجرکاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار‘ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو لاکھ 80 ہزار‘ جھنگ میں دو لاکھ 75 ہزار اور ضلع چنیوٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی معلومات کے لئے ڈویژن کے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شجرکاری کی معلومات پر مبنی شہریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔

  • فیصل آباد میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں پودے لگا دئیے گئے

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )وزیراعظم عمران خان کی ”پلانٹ فار پارکستان“مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی اور چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذر نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی میں پودے لگائے۔سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،پرنسپل ادارہ میاں عبدالرؤف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن سردار محمد ساجد،اساتذہ اور طالب علم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم ماحولیاتی تحفظ اور وطن عزیز کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے انتہائی اہم انقلابی اقدام ہے جو کو مربوط اندازمیں کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے شجرکاری مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگا کر اسکی نگہداشت کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ درختوں کی اہمیت وافادیت سے آگاہ رہیں اور ملک کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔چیئرمین پی ایچ اے /ایم پی اے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم پر بھرپور انداز میں عملدرآمدجاری ہے اور موسم برسات کی مہم کو بھی کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اشجار قدرت کا خوبصورت شاہکار ہیں اور پلانٹ فار پاکستان مہم میں حکومت سمیت تمام طبقات کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ موسم برسات کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں وسیع تعداد میں پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے افتتاح کے موقع پر 18مختلف تعلیمی اداروں میں مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے ہیں۔

  • فیصل آباد میں محکمہ لائیو سٹاک نےشہر کے داخلی و خارجی راستوں پر عارضی چیک پوسٹ قائم کر دئیے

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) محکمہ لائیوسٹاک نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم عارضی چیک پوسٹ پر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 16 ہزار 784 جانوروں کو چچڑوں سے بچاؤ کا سپرے کیا جبکہ ممکنہ سیلابی علاقوں میں 32 لاکھ60ہزار235چھوٹے بڑے جانوروں کو منہ کھر، گل گھوٹو، چوڑے مار کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جا چکے ہیں ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمود اختر نے بتایا کہ 27لاکھ 753 بڑے اور 5لاکھ45ہزار482چھوٹے جانوروں کی ویکسینیشن کی گئی ہے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری سے انجام دیں۔انہوں نے ما ہا نہ کار کردگی رپور ٹس کا بھی جائزہ لیااور ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو فراہم کی جا نے سہولیات میں تعطل نہیں آنا چاہئے۔

  • فیصل آباد میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی واک

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے زیر اہتمام بچوں کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک منعقد ہوئی جو کوہ نور پلازہ جڑانوالہ روڈ سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کی قیادت ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اعجاز اسلم ڈوگر نے کی جبکہ ڈی ایس پیز ٹریفک ساجدہ اعوان‘ زاہدہ پروین‘ سماجی رہنما ڈاکٹر جعفر حسن مبارک‘ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر روبینہ اقبال چیمہ‘ وقاص وڑائچ‘ عبدالقیوم کے علاوہ این جی اوز کے نمائندے اور شہری بھی شریک تھے۔ واک کے شرکاء بچوں نے تعلیم ہمارا بنیادی حق ہے۔ چائلڈ لیبر نامنظور اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر نے کہا کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو متحرک ہے اور سڑکوں‘ چوراہوں پر بھیک مانگنے والے بچوں کو تحویل میں لے کر ان کے ورثاء کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ لاوارث‘ بے سہارا بچوں کے بارے میں ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع کریں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیورو میں مقیم بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی طرف سے ڈی گراؤنڈ‘ ستیانہ روڈ‘ ریلوے اسٹیشن چوک اور دیگر جگہوں پر شہریوں میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

  • فیصل آباد، پولیس نے3 منشیات فروش گرفتار کرکے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرلی

    فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد پولیس نے گذشتہ 24گھٹنوں کے دورا
    ن منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں کارروائیوں میں 3 منشیات فروش گرفتار کرکے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرلی۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ تھانہ منصور آباد پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم جمیل مسیح کوگرفتارکیاجس کے قبضہ سے58لیٹر شراب برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ نمبر611/19بجرم3/4PHOتھانہ جھنگبازار پولیس نے شراب فروش ملزم ناتن مسیح کوگرفتار کر کے اس کے قبضہ سے10لیٹر شراب برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ نمبر639/19بجرم3/4PHO اور تھانہ صدر سمندری پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم محمد علیم کوگرفتارکیاجس کے قبضہ سے10لیٹر شراب برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ نمبر291/19بجرم3/4PHO درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • فیصل آباد میں پولیس نے 11 مجرم و اشتہاری گرفتار کرلئے

    فیصل آباد( اے پی پی) فیصل آبادپولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران11مجرم و اشتہاری گرفتارکرلئے ہیں۔ سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور نمائش کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں میں 14عدد پسٹلقبضہ میں لے کر متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 540 گرام چرس اور87لیٹر شراب برآمدکرتے ہوئے ملزمان گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج اور ضابطہ کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

  • فیصل آباد، موٹر وے ایم ٹو پر تیزرفتار کار کو حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 3 افراد زخمی

    فیصل آباد (اے پی پی) موٹر وے ایم ٹو پر ایک کار تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایک شخصجاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122کے ذرائع نے بتایاکہ کار سوار موٹر وے ایم ٹو پر جا رہے تھے کہ ایم ٹو لاہور ملتان موٹر وے پر سمندری انٹر چینج کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار کا ٹائر پنکچر ہونے کی وجہ سے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک 55 سالہ کار سوار عبدالقیوم ولد اشرف جاں بحق جبکہ اس کے ساتھ سوار35سالہ اکرم ولد اسلم،40سالہ احتشام ولد اختر اور 45سالہ عبدالوحید ولد قادر بخش زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے حکام اور ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال سمندری منتقل کردیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دیگر تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • فیصل آباد، تیر رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر، نوجوان جاں بحق

    فیصل آبار (اے پی پی) فیصل آباد کے علاقہ جھنگ روڈ پر بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور ایک راہیگر شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس تھانہ جھنگ بازار اور ریسکیو 1122کے ترجمان نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 26سالہ علی شاہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی عمارت کے قریب جھنگ روڈ پر جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے چنگ چی رکشہ کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ حادثے میں 35سالہ راہگیر شدید زخمی ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور جاں بحق و زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا۔ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔