فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی ) تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ اسلام پورہ میں غریب محنت کش کی تیرہ سالہ بیٹی اوباش درندوں کی ہوس کا شکار بن گئی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا لیکن ملزمان کے اثرورسوخ کی وجہ سے تفتیش کا عمل سست روی کا شکار ہوگیا۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 66 ج ب محلہ اسلام پورہ میں میں بد نام زمانہ منشیات فروش نجمہ نامی خاتون کے اوباش بیٹے محسن نے اپنے دوست نومی کے ساتھ مل کر کر غریب محنت کش یونس مسیح کی تیرہ سالہ بیٹی ماریہ کو گھر سے اغوا کرکے اپنے ڈیرے پر لے جاکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔ اہل خانہ کی جانب سے15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع کرنے پر متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او نے موقع پر پہنچ کر محسن نامی درندے کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ملزم نومی موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگیا پولیس نے میڈیکل رپورٹ کروانے کے بعد ملزمان کے خلاف لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی ماریہ کے غریب والدین کا کہنا ہے کہ محسن کی والدہ نجمہ ان کے علاقہ میں عرصہ دراز سے ہیروین اور چرس وغیرہ کی فروخت کا دھندا کرتی ہے جس کے دیگر جرائم پیشہ عناصر اور پولیس کے چند اہلکاروں کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں ہے جسکی بنا پر غنڈہ گرد عناصر کی طرف سے اہل خانہ کومقدمہ واپس لینے کے لئے جان سے مار دینے جیسی سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں اور پولیس بھی تفتیش کے دائرہ کار کو آگے بڑھانے میں سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہے متاثرہ لڑکی کے کے والدین نے وزیراعظم عمران خان ،وزیراعلی پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لاتے ہوے انہیں کیفر کردار تک پہنچاکر انہیں انصاف دیا جائے#
Category: فیصل آباد
پاور لومز مالکان سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر مال فروخت نہ کرنے کا اعلان کر دیا
فیصل آباد (اے پی پی) پاور لومز مالکان نے یکم اگست بروز جمعرات سے رجسٹرڈ خریداروں کو 17فیصد اور نان رجسٹرڈ خریداروں کو 20 فیصد سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر مال فروخت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں شناختی کارڈ کی شرط بھی لازمی قرار دیدی گئی ہے۔ چیئر مین آل پاکستان پاورلومز ایسوسی ایشن خالد محمود چیمہ نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ یکم جولائی2019ء سے رجسٹرڈ انوائس پر 17فیصد اور نان رجسٹرڈ انوائس پر 20فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ ہو گیا ہے تاہم آل پاکستان کاٹن پاور لومزایسوسی ایشن نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دوسری ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر فی الحال سیلز ٹیکس کا نفاذ یکم اگست2019 ء تک ملتوی کروا دیا ہے لیکن اس ضمن میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاور لومز مالکان یکم اگست 2019ء کے بعد کوئی بھی مال رجسٹرڈ خریدار کو 17فیصد اور نان رجسٹرڈ کو 20فیصد سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر فروخت نہیں کریں گے نیز اس سلسلہ میں شناختی کارڈ کی شرط بھی لازمی ہو گی۔
موسم برسات میں گیسٹرو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت
فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ صحت نے موسم برسات کے دوران گیسٹرو (اسہال)، ہیضہ، یرقان جیسی مہلک امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام الناس سے فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ بارشوں کے دوران پانی کو اچھی طر ح ابال کر پینے کیلئے استعمال کیا جائے، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھو لئے جائیں، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھا جائے، باسی و گلے سڑے اور کچے پھل و سبزیاں، کھلے مشروبات، رنگ دار گولے و قلفی اور دیگر غیر معیاری بازاری اشیاء کھانے سے گریز کیا جائے اور گھر کے اندرونی و بیرونی ماحول کو صاف ستھرا رکھاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اسہال کی صورت میں نمکو ل کا کثرت سے استعمال کیا جائے، دستوں کی صورت میں نرم غذا کھانے، پینے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سمیت فوری طور پرقریبی ماہر طب و کوالیفائیڈ میڈیکل افسر سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کلاس نہم کے سالانہ امتحانی نتائج کااعلان کب کریں گے؟
فیصل آباد( اے پی پی) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ساہیوال،ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کلاس نہم کے سالانہ امتحانی نتائج کااعلان 19 اگست بروز پیر کوکریں گے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ نتائج کی تیاری انتہائی شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے اور پہلی بار مذکورہ نتیجہ نہ صرف ہر قسم کی اغلاط سے پاک ہو گا بلکہ کسی طالب علم کا رزلٹ بھی لیٹر آن نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ رزلٹ کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تیار کیاگیاہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ رزلٹ کی سی ڈیز فیصل آباد بورڈ کی مقرر کردہ بینک برانچز میں 200 روپے فیس جمع کروا کر 19اگست کو صبح 10بجے حاصل کی جا سکیں گی۔انہوں نے بتایاکہ رزلٹ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہو گا جبکہ طلباء و طالبات موبائل فون ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی اپنا رزلٹ گھر بیٹھے معلوم کر سکیں گے۔
پنجاب بھر کے تمام کالجز اور ہائیر سیکنڈری سکولز میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے داخلے شروع
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی) فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان ہوتے ہی فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے تمام گرلز و بوائز کالجز اور ہائیر سیکنڈری سکولز میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کی کلاسز میں داخلوں کاآغاز کردیاگیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے رواں سال 10فیصد اضافی داخلوں کا بھی ہدف مقررکیاگیاہے جس کیلئے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کالجز، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اورتمام گرلز و بوائز کالجز اور ہائر سیکنڈری سکولز کے پرنسپلز کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کااعلان ہوتے ہی طلباء وطالبات کی بڑی تعدا د نے پراسپیکٹس کے حصول کیلئے متعلقہ تعلیمی اداروں کا رخ کرلیاہے جہاں انہیں انتہائی مہنگے داموں پراسپیکٹس وداخلہ فارم فراہم کئے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء پیرنٹس ایسوسی ایشن فیصل آباد ڈویژن کے صدر ایم اے ثاقب نے میڈیاسے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب سے انتہائی مہنگے داموں پراسپیکٹس کی فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی کا بھی مطالبہ کیاہے۔
فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کے معائنہ کیلئے انسپکشن چوکیاں قائم کرنیکا حکم
فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی) فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کے معائنہ کے لئے ضلع کے داخلی راستوں پر انسپکشن چوکیاں قائم کرنیکا حکم دیدیا گیاہے جس کے تحت ضلع میں کانگووائرس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنا نے سمیت دیگر شہروں سے آنے والے قر با نی کے جانوروں کی مکمل سکریننگ کی جائے گی۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد طارق خان نیازی نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو جاری کی جس میں کانگو وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے محکمانہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر‘ جنرل منیجر فیصل آباد کیٹل مارکیٹس مینجمنٹ کمپنی‘ فوکل پرسن الائیڈ ہسپتال‘ ڈسٹرکٹ کو۱ٓرڈینیٹر‘ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ضلع میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا لہٰذا کانگووائرس سے بچنے کیلئے وسیع پیمانے پر حفاظتی و انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے ضلعی محکمہ لائیو سٹاک کے افسران سے کہا کہ وہ کانگو وائرس کو چیک کرنے کیلئے جامع پلان ترتیب دیں اور ضلع کے داخلی راستوں پر قائم چوکیوں پر سٹاف کی 24 گھنٹے ڈیوٹی لگا کر ہر جانور کو چیک اور سپرے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کلیرنس رپورٹ کے بغیر مویشیوں کی کوئی گاڑی ضلع میں داخل نہیں ہونی چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل کی سطح پر مویشیوں / جانوروں کو چیک کرکے حفاظتی ٹیکے اور سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے اور علاج معالجہ کیلئے ضروری ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی انسپکشن کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی موبائل ٹیمیں بھی گلی محلوں میں سرگرم عمل رہنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے افسران کو کانگو وائرس سے بچنے سے متعلق شہریوں میں شعور پیدا کرنے سے متعلق آگاہی سیمینارز منعقد کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حفاظتی تدابیر کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹس بھی شہریوں میں تقسیم کئے جائیں تاکہ ہر گھر تک انسدادی و احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات پہنچ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے الائیڈ و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ کانگووائرس کے مریض کی تشخیص و علاج کیلئے ضروری انتظامات کو چوکس رکھیں۔
فیصل آباد کے متعدد ایس ایچ اوز کے تبادلے
فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی) فیصل آباد کے متعدد ایس ایچ اوز کے تبادلے. میاں اصغر علی ایس ایچ او تھانہ کوتوالی تعینات، مہر ریاض کوتوالی سے ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ تعینات، انچارج انویسٹیگیشن کوتوالی علی عمران ایس ایچ او ریل بازار تعینات، رضوان شوکت ریل بازار سے ایس ایچ او کھڑیانوالہ تعینات، احمد عدنان پولیس لائن سے ایس ایچ او روڈالہ روڈ، احمد منیل کو پولیس لائن سے ایس ایچ او منصور آباد تعینات، شعیب احمد کو منصور آباد سے ایس ایچ او صدر سمندری، ایس ایچ او صدر سمندری ڈیوٹی سر انجام دینے والے آفتاب وسیم کو معطل کرکے پولیس لائن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے
فیصل آباد، پھلوں اور سبزیوں کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیکنگ کا منصوبہ تیار
فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں پھلوں، سبزیوں کی جدید ٹیکنالوجی سے تیاری اورعالمی معیار کے مطابق ان کی پیکنگ کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کیلئے ابتدائی طورپر 4کروڑ 50لاکھ روپے کی رقم بھی جاری کر دی گئی ہے نیز اس منصوبے کو پنجاب فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ڈویلپمنٹ کا نام دیا گیاہے۔ پراجیکٹ کے ذرائع نے بتایاکہ اس منصوبہ پر ابتدائی مرحلے میں ساڑھے 4کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائیگی جس کا مقصد کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور استعمال کی ترغیب دینے سمیت انہیں پیشہ وارانہ مہارت اور انفراسٹرکچر فراہم کرناہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس منصوبہ کے انتہائی مثبت نتائج حاصل ہونے کا بھی امکان ہے۔
حکومت کا کاشتکاروں کو دوبلین روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال 2019-20 ء کے دوران ایکسپورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس پیداکرنے کے لئے صوبہ کے ترقی پسند کاشتکاروں کو 2 بلین روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت ترقی پسند کاشتکاروں کو ایکسپورٹ کوالٹی کی سبزیوں، آم، سٹرس فروٹ، چاول پیداکرنے کیلئے دنیاکا جدید ترین انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی نیز مذکورہ معاونتی اقدام سے کاشتکار جدید زرعی آلات اور ایکسپورٹ کیلئے تمام تر لوازمات خرید کر زرعی اجناس پیداکرسکیں گے۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں ترقی پسند کاشتکاروں کو 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی جس کے برعکس 30فیصد رقم کسانوں کو خود خرچ کرناہو گی۔ انہوں نے کہاکہ زرعی اجناس تیار کرنے کیلئے کاشتکاروں کو اپنے فارمز پر انفراسٹرکچر بھی بنانا ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ جلد صوبائی سطح پر شیڈول کے اعلان کے بعد محکمہ زراعت توسیع کے حکام ہر ضلع کی سطح پر زرعی اجناس کے ترقی پسند کاشتکاروں سے درخواستیں وصول کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ سبسڈی کے حصول کیلئے سبزی کے ترقی پسند کاشتکاروں کے پاس کم ازکم 100ایکڑ، چاول کے کاشتکاروں کے پاس 250 ایکڑ، آم اور سٹرس فروٹ کے باغبانوں کے پاس 200ایکڑرقبہ کا ہونا ضروری ہو گا۔
فیصل آباد، محکمہ تعلیم پنجاب نے نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجوں کو داخلے نہ کرنے کی ہدایت کردی
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر الحاق شدہ اور نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجوں کو انٹر میڈیٹ کلاسز میں طلباء و طالبات کے داخلے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ میٹرک کا امتحان پا س کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے الحاق شدہ و رجسٹرڈ کالجز میں داخلوں کی بھی اپیل کی گئی ہے تاکہ بعد ازاں طلباء و طالبات کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے سمیت انہیں کسی قسم کی مشکل و پریشانی سے بھی بچانا ممکن ہو سکے۔محکمہ تعلیم ہائیر ایجوکیشن کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر الحاق شدہ و نان رجسٹرڈ پرائیویٹ گرلز اینڈ بوائز کالجز میں طلباء و طالبات کے سال اول کے داخلوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور تمام نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز کی انتظامیہ کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ اپنے اداروں میں فرسٹ ایئر کلاسز میں داخلوں سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ تمام نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز میں فرسٹ ایئر کے داخلوں کے لئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجسٹریشن کروانا اور متعلقہ اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ سے الحاق کرنا لازمی قرار دے دیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بہت سے نان رجسٹرڈ تعلیمی اداروں نے مختلف ہائیر کلاسز میں سینکڑو ں طلباء و طالبات کے داخلے کرتے ہوئے ان سے لاکھوں کروڑوں روپے بٹور لئے جبکہ بعد ازاں ان تعلیمی اداروں کے مالکان سٹوڈنٹس سے فیسیں لے کر بھاگ گئے جس سے طلباء و طالبات کو تعلیمی نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصان کا بھی سامنا کرناپڑا۔ انہوں نے بتایاکہ رواں سال نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز طلباء و طالبات کا داخلہ نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ مستقبل میں کسی بھی مشکل یا پریشانی سے بچنے کیلئے فوری طور پر قواعد کے مطابق متعلقہ ادارہ کی رجسٹریشن چیک کریں اور اس کی تصدیق ڈائریکٹوریٹ کالجز یا محکمہ ہائر ایجوکیشن سے کر لی جائے۔