فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ٹیچر سلمیٰ امبر ‘ رزلٹ ٹمپرنگ‘ اختیارات کے ناجائز استعمال ‘ طلبہ کو بلیک میل کرنے‘ طالبات کو جنسی حراساں کرنے اور کرپشن میں ملوث نکلی۔ وزیر اعظم عمران خان کے پورٹل پر شکائت میں صورتحال سامنے آنے پر یونیورسٹی حکام نے انکوائری کی تو سلمیٰ امبر پر لگنے والے تمام الزامات ثابت ہوگئے ۔ یونیورسٹی کی ڈینز کمیٹی کی میٹنگ میں بھی سلمیٰ امبر اپنے پر لگنے والے الزامات کی تردید میں ایک بھی ثبوت نہ دے سکی۔ جس پر ایکشن لیتے ہوئے وائس چانسلر نے سلمیٰ امبر کو ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ٹیچر کے عہدے سے فارغ کردیا تاہم سلمیٰ امبر کی رٹ پٹیشن پر لاہور ہائیکورٹ نے سنڈیکیٹ کا اجلاس بلا کر اس بارے حتمی فیصلہ کرنے کا حکم دیا تو یونیورسٹی انتظامیہ نے سنڈیکیٹ کا اجلاس بلانے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ تفصیل کے مطابق جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ٹیچر سلمیٰ امبر کے حوالے سے الزامات سامنے آرہے تھے کہ وہ ہائیر کلاسز کے رزلٹ میں ٹمپرنگ کرنے میں ملوث پائی جارہی ہیں۔ ان کے حوالے سے یہ بھی سامنے آیا کہ وہ طلباءو طالبات کو بلیک میل کرنے اور اس نام پر طلبہ سے مختلف ذاتی مفادات حاصل کرتی ہیں۔ سلمیٰ امبر کے حوالے سے یہ بھی سامنے آتا رہا ہے کہ وہ کلاس میں طالبات کے حوالے سے ایسی غیر اخلاقی گفتگو کرتی ہیں جو جنسی حراساں کرنے کے زمرے میں آتی ہے۔ اس بارے میں ایک طالبہ کی شکائت پر ان کیخلاف یونیورسٹی کی ضابطہ اخلاق کمیٹی میں انکوائری بھی ہوئی مگر انہوں نے طالبہ کو بلیک میل کرکے شکائت واپس لینے پر مجبور کردیا۔ سلمیٰ امبر کے یونیورسٹی فنڈز میں خورد برد کرنے کی شکایات بھی سامنے آچکی ہیں جبکہ ان کے حوالے سے متعدد غیر اخلاقی معاملات کی انکوائری بھی یونیورسٹی میں چل رہی ہے۔ سلمیٰ امبر کے حوالے سے یہ شکایات وزیر اعظم عمران خان کے پورٹل پر سامنے آئیں تو وزیر اعظم آفس نے یونیورسٹی کو اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا۔ ابتدائی انکوائری میں ہی تمام الزامات کے ثبوت سامنے آنے لگے تو یونیورسٹی نے اس معاملے کی انکوائری کیلئے چیئرمین داخلہ کمیٹی ‘ڈائریکٹر ایڈوانس سٹیڈیز‘ ڈین سوشل سائنسز اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ اس کمیٹی میں بھی سلمیٰ امبر پر لگنے والے تمام الزامات ثبوتوں کے ساتھ ثابت ہوئے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے چار رکنی کمیٹی کے فیصلہ کیخلاف سلمیٰ امبر کی اپیل پر یونیورسٹی کی اعلیٰ اختیاراتی ڈینز کمیٹی کو معاملے کی انکوائری اور سلمیٰ امبر کی اپیل کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ۔ ذرائع کے مطابق 31مئی کو ہونیوالے اجلاس میں ڈینز کمیٹی نے اس معاملے کا جائزہ لیا اور اتفاق رائے سے سلمیٰ امبر کی اپیل مسترد کردی اور تمام الزامات ثابت ہونے سلمیٰ امبر کیخلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔ ڈینز کمیٹی کی سفارشات پر سلمیٰ امبر کو ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ٹیچر کے عہدے سے ہٹا دیا اور ماس کمیونیکشن ڈپارٹمنٹ کے چیئر مین و ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر عاصم محمود نے ڈپارٹمنٹ میں نیا انچارج ٹیچر / کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر اشرف اقبال کو مقرر کردیا۔ وائس چانسلر کے اس حکم نامے کیخلاف سلمیٰ امبر نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو عدالت عالیہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کو سات دن کے اندر سنڈیکیٹ کا اجلاس بلا کر اس بارے فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے سنڈیکیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر امین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کچھ بھی قانون کے خلاف نہیں کرے گی۔ انکوائری وزیراعظم پورٹل پر معاملہ سامنے آنے پر کی گئی ہے اور انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا گیا ہے اب بھی عدالت عالیہ کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا اور قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔
Category: فیصل آباد

فیصل آباد میں گیس لیکج سے دو زندگیاں رائیگاں
گیس بھرنے سے فیصل آباد می دھماکہ خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
تفصیلات کے مطابق دھماکا گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ جلانے کے بعد ہوا، آگ کی لپیٹ میں آکر 70 سالہ خاتون اور 24 سالہ لڑکا زخمی ہوگیاجنہیں طبی امداد کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، ریسکیو ذرائع کے مطابق مزید 4 افراد بھی ملبے تلے دب کر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
فیصل آباد میں لیکج کے باعث گیس بھرنے سے مکان میں دھماکا ہوگیا، دھماکے کی وجہ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو کے مطابق گلستان کالونی میں واقع مکان میں دھماکے سے عمارت منہدم ہوکر ملبے کا ڈھیر بن گئی جبکہ ملحقہ مکان کا کچھ حصہ بھی گھر گیا۔
فیصل آباد، مختلف میڈیکل سٹورز اور عطائی ڈاکٹرز کیخلاف کیسز ٹرائل کیلئے ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ ایکٹ کی مختلف خلاف ورزیوں کی پاداش میں 15میڈیکل سٹورز کے مالکان اور عطائی ڈاکٹرز کے خلاف کیسز ٹرائل کے لئے ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے اور سنگین خلاف ورزی کے مرتکب نوید فارمیسی سمندری کے پروپرائٹرنوید علی کے خلاف مقدمہ درج،دستاویزات کی تصدیق کے سلسلے میں 5میڈیکل سٹور/کلینک کے کیسز موخر اور 5کوارننگ دی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں مجموعی طور پر 26میڈیکل سٹورز/کلینکس کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا جن کے خلاف ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے انسپکشن رپورٹس تیار کی گئی تھیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سیکرٹری بورڈ عارف شہزاد،ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر،غلام سرور،ڈرگ انسپکٹرز محسن اصغر،خالد مصطفی،محمدذیشان اور پنجاب پولیس کے نمائندہ آفیسر بھی موجود تھے۔صدراجلاس نے ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے مرتکب میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف انسپکشن رپورٹس کاجائزہ لیتے ہوئے ڈرگ انسپکٹرز سے کہا کہ جعلی وغیر معیاری ادویات فروخت وتیار کرنے والوں کے خلاف ٹھوس کیسز تیار کرکے ڈرگ کورٹ میں موثر پیروی کریں تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر اس قبیح فعل کا قلع قمع کیاجاسکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل نگرانی کرتے ہوئے نشہ آور ادویات کی فروخت میں ملوث میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کریں۔انہوں نے سیل کئے گئے میڈیکل سٹورز وکلینکس کی چیکنگ کرنے کی بھی تاکید کی۔
فیصل آباد میں انسداد ڈینگی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سردار سیف اللہ ڈوگرکی ہدایت پر ضلع بھرمیں انسداد ڈینگی مہم بھرپورانداز میں جاری ہے اور اینٹی ڈینگی ٹیمیں باقاعدگی سے مختلف مقامات پر سرویلنس کرکے ڈینگی کے ذرائع کا خاتمہ کررہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان محمود کی زیرنگرانی ٹیموں نے ان ڈور اورآؤٹ ڈور سرویلنس کے علاوہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کی اور ذرائع کاصفایا کیا گیا۔انہوں نے مختلف جگہوں پر کھڑے پانی سے سیمپلز بھی حاصل کئے جبکہ کباڑخانوں،ٹائر شاپس اور پودوں کی نرسریوں کا دورہ کرکے دکانداروں کو صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر عدنان محمود نے کہا کہ بارشوں اور درجہ حرارت کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہذا شہری گھروں میں کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہنے دیں اور فالتو سامان کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ صفائی کویقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے۔
شدیدبارشوں یا دریاؤں کی طغیانی کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت
فیصل آباد، قائمقام ڈویژنل کمشنر/ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ موسم برسات کے حوالے سے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں فلڈ کنٹرول پلان کے تحت ضروری انتظامات کو جامع انداز میں فعال رکھاجائے تاکہ شدیدبارشوں یادریاؤں کی طغیانی کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو آپریشن میں کوئی دقت نہ ہو۔انہوں نے یہ ہدایت کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں فلڈ کنٹرول پلان کاجائزہ لیاگیا۔ایڈیشنل کمشنرز محبوب احمد،خادم حسین جیلانی،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی،سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد کے علاوہ محکمہ انہاراوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔قائمقام ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم کو فعال رکھا جائے اور بارشوں کی پیش گوئی پر تمام تر وسائل کوفوری متحرک کریں۔انہوں نے ضلع جھنگ اور چنیوٹ میں سیلاب کے حوالے سے سابقہ تجربات کو مدنظررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دریاؤں،نہروں وندی نالوں کے کناروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ تجاوزات کو ختم اور سیلاب کی صورت میں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا اور ان کے جان ومال کے تحفظ کے لئے انسدادی واحتیاطی اقدامات میں کمزوری نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ریلیف کیمپس کے قیام کے انتظامات مکمل رکھنے،ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز فعال،وبائی امراض کے حفاظتی ٹیکے لگانے،مویشیوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شدید بارشوں اور دریاؤں کی طغیانی کے باعث ہنگامی حالات سے احسن انداز میں نپٹنے کے لئے تمام محکموں میں باہمی رابطہ مضبوط ہونا چاہیے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی لمحہ دشواری نہ ہو۔انہوں نے واسا،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیزاوراریگیشن کی تمام مشینری کو ہمہ وقت فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت دیگر مشینری آسانی سے دستیاب رہنی چاہیے۔قائمقام کمشنر نے شہرمیں برساتی نالوں کی صفائی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واسا کے زیراہتمام کرائسس مینجمنٹ کیمپس غیر معمولی طور پر فعال رکھنے کے علاوہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری اخراج،سڑکوں پر گرنے والے درختوں کو تیزرفتاری سے ہٹانے اوربلاتاخیر صفائی ستھرائی کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں متعلقہ محکمے کی کارکردگی مثالی ہونی چاہیے۔انہوں نے دوران بارش اور بعدازاں حفاظتی وانسدادی آپریشن کو جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی،پانی کے اخراج اور خوشگوار ماحول برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کریں۔

فیصل آباد جی سی یونیورسٹی، ہراسانی کی شکایت پر خاتون ٹیچر کو ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا
فیصل آباد کی جی سی یونیورسٹی کی جانب سے ہراسانی کی شکایت درج کروانے پر خاتون ٹیچر کو ہی ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہراسانی کی شکایت شعبہ ابلاغ عامہ کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سلمیٰ عمبر کی جانب سے کی گئی تھی جبکہ انہیں اب عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے. ڈاکٹر سلمیٰ عمبر نے یونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عدالت میں رٹ دائرکر دی ہے. جی سی یونیورسٹی کی خاتون ٹیچر کی طرف سے ایک طالب علم کے خلاف انہیں ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی جس پر تحقیقات کی گئیں اورڈسپلن کمیٹی نے جرم ثابت ہونے پر ہراسانی میں ملوث طالبعلم کو معطل کر کے یونیورسٹی میں داخلہ بند کردیا تھا۔
ڈاکٹر سلمیٰ نے رٹ پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈسپلنری کمیٹی نے میرے حق میں فیصلہ دیا مگر وائس چانسلر نے مجھے ہی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ شعبہ ابلاغ عامہ ڈیپارٹمنٹ میں ایم فل کے طالبعلم وسیم نواز نے 15 مئی کو ڈاکٹر سلمیٰ عمبر کے دفتر اور برآمدے میں انہیں گالیاں دیں تھیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں طالبعلم کو جھگڑا کرتے اور ہنگامہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے برطرف کئے جانے پر ڈاکٹر سلمیٰ عمبر نے سخت احتجاج کیا ہے اور عدالت میں رٹ دائر کی ہے.
حج آپریشن 2019ء کے لئے سرگودھا روڈ میں قائم کئے جانے والے حاجی کیمپ میں تمام تر انتظامی و حفاظتی اقدامات جلد مکمل کرنے کہ ہدایت
فیصل آباد، حج آپریشن 2019ء کے لئے کوآپریٹو کالج سرگودھا روڈ میں قائم کئے جانے والے حاجی کیمپ میں تمام تر انتظامی وحفاظتی اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے اس سلسلے میں متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد نے ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر کے ہمراہ ڈی سی آفس میں منعقدہ اجلاس میں حج آپریشن کے سلسلے میں مختلف محکموں کے ذمہ انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی ڈائریکٹر حج ذکاء اللہ باجوہ بھی موجود تھے جبکہ سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،سول ڈیفنس،پنجاب وٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن،واسا،پی ایچ اے،ریسکیو1122،کوآپریٹو کالج،سپیشل برانچ،کسٹم،پی آئی اے،سول ایوی ایشن،پی ٹی سی ایل،فیسکو،سوئی گیس اور دیگر محکموں /اداروں کے افسران نے شرکت کی۔صدر اجلاس نے کہا کہ حاجی کیمپ میں تمام تر سیکورٹی آلات کی موجودگی،پولیس فورس کی تعیناتی،شہری دفاع کے رضاکاروں سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکارچوکس انداز میں ڈیوٹی دینے کے لئے تمام تر انتظامات شروع کردیں۔انہوں نے حاجی کیمپ میں صفائی ستھرائی،پانی کے چھڑکاؤ،سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور دیگر ضروری سہولیات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حاجی کیمپ میں عازمین حج کی دیکھ بھال اور آرام کا خصوصی خیال رکھنے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے۔انہوں نے فیسکو کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی،واسا کو سیوریج نظام کی درستگی کے لئے اقدامات کرنے،فیصل آباد پارکنگ کمپنی کو پارکنگ کے بہترین انتظامات،محکمہ صحت کو ڈیوٹی روسٹر تیار کرنے کی بھی تاکید کی۔ڈائریکٹر حج نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی عازمین حج کے لئے انتظامات مثالی ہونے چاہیں۔انہوں نے حاجی کیمپ میں بجلی کی سپلائی کے لئے سٹینڈبائی جنریٹرز کا بندوبست رکھنے،موسم سرگرما کے پیش نظر ائیر کنڈیشنڈ کا انتظام کرنے اور تمام متعلقہ محکموں کو اپنے ذمہ ٹاسک ذمہ داری سے ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنا فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ ان سے کوآرڈینیشن کویقینی بنایا جاسکے۔
گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کو موبائل ایکسرے مشین کا عطیہ فراہم کردیا گیا
گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کو موبائل ایکسرے مشین کا عطیہ فراہم کردیا گیا ہے جس سے مریض بچوں کے بیڈپر جا کر ایکسرے کرنے کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔یہ عطیہ پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر کے حوالے کیا گیا۔اس موقع پر سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس چوہدری نواز،صدر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن چوہدری سرفراز احمد،ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈاکٹر افتخار احمد اوٹھی،ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر اسماء،اے ایم ایس ڈاکٹر عابد،ڈی ایم ایس ڈاکٹر آصف،ڈاکٹر فاطمہ ودیگر ڈاکٹر بھی موجودتھے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر نے عطیہ فراہم کرنے پر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے لئے موبائل ایکسرے مشین ناگزیر تھی کیونکہ نرسری سے بچے کو ایکسرے کے لئے شفٹ کرنے سے چراثیم سے متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے لہذااس مشین سے اب بچے کے بیڈ پر جا کر ایکسرے ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کو جدید ترین مشینری اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور بچوں کی مختلف پیچیدہ بیماریوں کی سہولیات میسر ہیں یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد کے علاوہ سرگودھا اوردیگر اضلاع سے بھی مریض بچوں کے علاج کے لئے رجوع کیا جاتا ہے۔صدر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن چوہدری سرفراز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کی فلاح وبہبود اور ہسپتال کی ترقی کے لئے فلاحی خدمات جاری رکھی جائیں گی۔
کمرشل/کاروباری عمارتوں/پلازوں کی تعمیر کے امور کو قانونی دائرہ کار میں رکھا جائے اور نقشوں کی منظوری کے بغیر کوئی عمارت تعمیر نہیں ہونی چاہئے
فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ کمرشل /کاروباری عمارتوں /پلازوں کی تعمیر کے امورکو قانونی دائرہ کار میں رکھا جائے اس سلسلے میں نقشوں کی منظوری کے بغیر کوئی کمرشل عمارت تعمیر نہیں ہونی چاہیے اورمتعلقہ محکمے/ادارے ذمہ داریوں کو پورا کریں۔انہوں نے یہ ہدایت ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے امورکاجائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،سی او میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد کے علاوہ پنجاب پولیس،سول ڈیفنس،ایف ڈی اے،واسا،ریسکیو1122،ہاؤسنگ،ٹریفک پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف شاہرات پر کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے امورکا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کے لئے ڈیزائن ونقشوں کی منظوری کے سلسلے میں متعلقہ محکمے مروجہ قوانین کے تحت اچھی طرح انتظامی وتکنیکی چھان بین کر کے این او سی جاری کریں تاکہ منظم شہری ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کے سٹریکچر پلان کی انجینئرز سے دوہری تصدیق کے علاوہ درکار تقاضوں کو لازمی چیک کرلیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منظورشدہ نقشوں کی حامل زیر تعمیر عمارتوں کو وقفے وقفے سے چیک کریں اور نقشہ کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اجلاس کے دوران کمرشل وکاروباری عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے 19کیسز کاجائزہ لیا گیا اور کمیٹی نے سرگودھا روڈ،کینال روڈ،بلال روڈ اور دیگر شاہرات پر دکانوں،پلازوں ودیگر کاروباری سرگرمیوں کے لئے 9کیسز کی منظوری دی جبکہ دیگر درخواستوں کو متعلقہ قواعدوضوابط اورگائیڈز لائینز مکمل نہ ہونے پر موخر کردیا گیا
ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیراہتمام خواتین کیلئے اوپن مہندی کا مقابلہ انعقاد
ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیراہتمام پروین شاکر کمپلیکس میں اوپن مہندی کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں 32مختلف تعلیمی اداروں کی سو سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس)عاصمہ اعجاز چیمہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔آرگنائزر محمد صادق،تنویر پراچہ اور دیگر بھی موجود تھے۔اوپن مہندی مقابلہ میں نجی ادارہ کی زریں ذوالفقار نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے 3ہزارروپے اور ٹرافی حاصل کی جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹوٹ شہباز نگر چک 6ج ب کی ربیعہ اریج دوسرے اور صنعت زارکی اقصیٰ شہزادی تیسرے نمبر پرآئیں جنہیں باالترتیب 2ہزار اور 15سو روپے بمعہ ٹرافی کا انعام دیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کررہی ہے اور مہندی مقابلے کاانعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے خواتین کی طرف سے بنائے گئے مہندی کے دلکش اور خوبصورت ڈیزائن بھی دیکھے اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی ہدایات پر خواتین کے مابین ایسے مقابلے تسلسل کے ساتھ منعقد کرائے جائیں گے۔

