فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی اشیائے ضروریہ کے سرکاری طور پر مقررکردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایاجائے گا اس ضمن میں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے منفی رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی لہذا دکاندار صارفین سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خاں نیازی نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور،نازیہ موہل،خرم شہزادبھٹی،فیصل سلطان،ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی مقدس رانی،ایکسٹرااسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ عبدالرحمن،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیز،لائیوسٹاک،خوراک اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ تاجر تنظیموں کے نمائندے راؤہاشم،شاہد ممتاز باجوہ اور صارفین کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران مختلف اشیائے ضروریہ کی موجودہ بازاری قیمتوں اور ان کی دستیابی کے نرخوں کے اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا گیا اور صدر اجلاس نے کہا کہ تھوک وپرچون فروشوں،دکانداروں وتاجروں اور صارفین کی مشاورت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کی خلاف ورزی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے دکانداروں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ تعاون کریں تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے۔
Category: فیصل آباد
-
فیصل آباد، گھریلو کارکنان کی رجسٹریشن کا قانون لانے کا اعلان
فیصل آباد، صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل انصر مجید خاں نے کہا ہے کہ گھریلو کارکنان کی رجسٹریشن کا قانون موجود ہ پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے جس کی بدولت نہ صرف گھروں میں کام کرنے والے کارکنوں کو سماجی تحفظ حاصل ہوگا بلکہ گھروں کے مالکان کو تصدیق شدہ/ رجسٹرڈ افراد کو ملازم رکھنے میں آسانی و سہولت ہوگی۔انہوں یہ بات گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو جڑانوالہ روڈ پر ایک بینکوئٹ ہال میں منعقد ہوئی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لیبر شکیل شاہد،ارکان صوبائی اسمبلی لطیف نذر،میاں وارث عزیز،کمشنر سوشل سیکورٹی ثاقب منان،ڈویژنل کمشنر محمود جاویدبھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس)عاصمہ اعجاز چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور نیازی،ایس پی طارق سکھیرا،صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار حسین،ڈائریکٹرز سوشل سیکورٹی نارتھ،ایسٹ،ویسٹ محمد حسان،سردارشہزاد،احسان الحق،ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان ودیگر افسران کے علاوہ مزدور رہنما بابا لطیف انصاری،محمد اسلم وفا ودیگر نمائندے اور مزدوروں و گھریلو ملازمین مرد و خواتین کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل نے کہا کہ گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کا قانون وزیر اعظم عمران خان کی غریب پروری اور کارکنوں کی فلاح وبہبود کے ویژن کی تکمیل ہے جسے ابتدائی طور پر فیصل آباد،لاہور،راولپنڈی اورملتان کے اضلاع سے شروع کیا جارہا ہے اور مستقبل قریب میں اسکا دائرہ پورے صوبہ پنجاب تک پھیل جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ اس قانون کی بدولت گھریلو ملازمین کو دیگر ورکرز کی طرح صحت عامہ سمیت دیگرجملہ مراعات حاصل ہوں گی کیونکہ قبل ازیں یہ ورکرزگھروں کی چار دیواریوں کے اندر اپنی خواہشات کو دبا کر زندگی بسر کرنے پر مجبور تھے اب انہیں بھی سماجی حقوق حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا یہ سفر جاری رہے گا اور انہیں تعلیمی سہولیات کے علاوہ ان کی صحت کی سکریننگ اور مختلف متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔انہوں نے صنعتکاروں،تاجروں،کاروباری افراد سے کہا کہ وہ اس قانون پر عملدرآمد کے لئے تعاون کریں اور شہری گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن ضرور کرائیں تاکہ آجر اور اجیر کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت مزدوروں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں آسودہ زندگی بسر کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ ان ورکرز کے خون پسینے کی محنت سے ملک میں معیشت کا پہیہ چلتا ہے جنہیں کسی صورت نظر اندا زنہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے ورکرز ویلفیئر فنڈ میں مزید اصلاحات لائیں گے جبکہ قانون سازی کے ذریعے کم سے کم اجرت کی ادائیگی کویقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی امور کو جدت سے ہمکنار کیاجائے گا تاکہ شفافیت اور اعلیٰ نظم ونسق کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے یقین دلایا کہ لیبر قوانین پر عملدرآمد کویقینی بنائیں گے۔صوبائی وزیر محنت نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کے قانون کی بدولت ملازمین پر تشدد کے واقعات پرقابو پایاجاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمین پر تشددیا چائلڈ لیبر کو برداشت نہیں کیا جاسکتا اس سلسلے میں ظلم و زیادتی کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔کمشنر سوشل سیکورٹی ثاقب منان نے گھریلوملازمین کی رجسٹریشن کے قانون کے نمایاں پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس قانون کا اطلاق انتہائی سادہ اور آسان بنایا گیا ہے اورگھریلو ملازمین کی موبائل اپلیکیشن کے ذریعے رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق پنجاب میں پونے سات لاکھ گھریلو ملازمین کام کررہے ہیں جنکی رجسٹریشن سے انہیں سماجی تحفظ حاصل ہوگا جنہیں قانون کے تحت ماہانہ تنخواہ،اوقات کار،چھٹیوں کا حق حاصل ہوگا اور آجرواجیر کے مابین تنازعات حل ہوسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 1217گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے اور تیزی سے عملدرآمد کے نتیجہ میں آئندہ ماہ کے اندر یہ تعداد 50ہزارہوجائیگی۔انہوں نے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا کہ اس قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے صوبائی ٹاسک فورس کام کرے گی جبکہ دیگر متعلقہ اداروں کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری شکیل شاہد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خاں اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مزدورں کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لئے کوشاں ہیں کیونکہ یہی طبقہ معاشی وسماجی تبدیلی کے لئے انقلابی کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کے قانون کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل کسی حکومت کو گھریلو کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کا خیال نہیں آیا۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ مہذب معاشرے میں جبری مشقت کا تصور نہیں کیا جاسکتا اور کارکنوں کے تحفظ کے قوانین پر عملدرآمد سے سماجی ترقی کی رفتاربہتر ہوگی۔انہوں نے بچوں کی تعلیم وتربیت اور بہترین پرورش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہبود آبادی کے پروگرام پر عمل کرکے بچوں کا مستقبل روشن بنایا جاسکتا ہے۔این جی او”پتن“کی نمائندہ پروین لطیف انصاری نے گھریلو کارکنان کی رجسٹریشن کے قانون کے نفاذ اور عملدرآمد کوقابل تحسین قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں آگاہی مہم کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔اس موقع پر گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کے لئے خصوصی کیمپ لگایا گیا تھا جس پر ان کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔ -
فیصل آباد ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، چیئرمین ایف بی آر
فیصل آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، برآمدات کو پہلے بھی استثنیٰ تھا آج بھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زیرو ریٹنگ کی مراعات پہلی مرتبہ ختم نہیں ہوئیں۔ آج جو ٹیکسٹائل سیکٹر کی صورتحال ہے اس کے مدنظر فیصلہ کیا گیا، یہاں آنے کا مقصد ہے کہ زیرو ریٹنگ مراعات کے خاتمے پر بات کی جائے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوئی، جو بھی بہتر حل نکلے گا اس کی طرف جائیں گے۔ آگے بڑھنا ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، نیا ایف بی آر ان ہی افراد سے بنے گا جو آج موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایت ہے ایف بی آر کی جانب سے ہراساں کیا جاتا ہے، ایف بی آر والے کہتے ہیں ہم جائز ٹیکس کے لیے بات کرتے ہیں۔ جو بھی ہراساں کرنے میں ملوث ہوگا اسے ادارے میں نہیں رہنا چاہیئے، آہستہ آہستہ آٹو میشن پر جائیں گے، انسانی عمل دخل کم کریں گے۔ آتے ہی کہا تھا کسی کا بینک اکاؤنٹ بغیر وضاحت منجمد نہیں کیا جائے گا، سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے متعلق بہت شکایات تھیں اسے آٹو میٹ کر دیا۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے ابھی بھی چند کیسز زیر التوا ہیں، پہلی والی ایمنسٹی اسکیم کراچی اسلام آباد کی بنیاد پر تھی۔ موجودہ ایمنسٹی اسکیم کی پذیرائی ملک بھر میں ہوئی ہے۔ کسی قسم کا نیا ٹیکس نہیں لگایا، لگایا ہے تو بتائیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی نیا ٹیکس لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کام صرف وقتی طور پر چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے، بڑا آسان طریقہ تھا کہ سیلز ٹیکس ریٹ بڑھا دیا جاتا مگر ہم نے ایسا نہیں کیا، روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی ہوئی۔ روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات گورنر اسٹیٹ بینک بتا سکتے ہیں۔ پاکستان کو تاریخی جاری اور تجارتی خساروں کا سامنا ہے۔ -
فیصل آباد، پبلک ٹرانسپورٹس سٹینڈ میں مسافروں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایت
فیصل آباد، حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی ہدایات پر پبلک ٹرانسپورٹس سٹینڈ میں مسافروں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔سیکرٹری آرٹی اے ضمیر حسین نے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں کا دورہ کیا اور نمایاں جگہوں پر کرایہ نامے آویزاں،صاف ستھرے پبلک ٹائلٹس،بزرگ ومعذورافراد کیلئے ریمپس اور دیگر سہولیات کو چیک کیا۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ مسافروں کی سہولیات کاخیال رکھیں جس میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور عدم تعمیل کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے کرایوں پر عملدرآمد اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں میں مسافروں کے بیٹھنے،پینے کے صاف پانی،کرایہ نامے آویزاں،صاف پبلک ٹائلٹس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کا حکم دیا ہے جس پر سو فیصد عملدرآمد کرایاجارہا ہے۔
-
بجٹ میں اضافے کیخلاف فیصل آباد میں تاجروں کی طرف سے مکمل ہرتال
فیصل آباد میں تاجر تنظیموں نے مہنگائی اور بجٹ میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف دو روزہ شٹر ڈاؤن کی کال دیدی، شہر میں اہم کاروباری مراکز بند ہیں۔
فیصل آباد انجمن تاجران سپریم کونسل کی جانب سے 8 اور 9جولائی کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی ہے جس پر آج شہر کے مرکزی آٹھ بازار، ملحقہ کپڑے کی بڑی مارکیٹیں، غلہ منڈی اور دیگر کاروباری مراکز بند ہیں تاہم کچھ مارکیٹیوں میں چند دکانیں اور ہوٹلز کھلے ہیں۔کونسل کے سرپرست اعلیٰ اسلم بھلی کا کہنا ہے کہ دو روزہ ہڑتال کا فیصلہ شہر بھر کے کاروباری مراکز کی نمائندہ تنظیموں کی مشاورت اور دکانداروں کے اصرار پر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 فیصد سیلز ٹیکس نافذ کرنے سے کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں، ہول سیلرز اور پرچون فروشوں کا شناختی کارڈ فراہم کرکے سیلز ٹیکس کے نظام میں فوری طور پر رجسٹرڈ ہونا ممکن نہیں ہے۔ -

فیصل آباد سے بھی حج پرواز روانہ
فیصل آباد سے حج آپریشن کا آغاز کردیا گیا 108عازمین حج کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز جدہ روانہ ہو گئی.
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد سے حج آپریشن کا آغاز کردیا گیا108عازمین حج کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز جدہ روانہ ہو گئی. پاکستان سے 78 ہزار سے زائدعازمین کو 300 پروازوں سے حجاز مقدس پہنچایا جائیگا جبکہ چار پروازوں سے ایک ہزار 300 عازمین حجاز مقدس روانہ ہونگے۔ اسکے علاوہ 300خصوصی حج اورشیڈول پروازیں جدہ و مدینہ کیلئے چلائی جا رہی ہیں۔
کراچی سے 62، اسلام آباد سے 46، لاہور سے 51، پشاور سے 29، سیالکوٹ سے 12، ملتان سے 21، فیصل آباد سے 17 اور کوئٹہ سے 56 پروازیں عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔
پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن پانچ اگست کو مکمل ہوجائے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 17 اگست سے ہوگا اور اختتام 14 ستمبر کو ہوگا۔
-

شہریار آفریدی کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے، رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ کا ردعمل
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناءاللہ نے وزیرمملکت شہریارآفریدی کی پریس کانفرنس پرردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی حکومتی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نبیلہ ثناءاللہ نے کہاکہ میں اور میری بیٹی ہمیشہ دوسری گاڑی میں سفر کرتیں تھیں، آج جب رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی تو اُنکی طبیعت ناساز تھی، چیک اپ کےلیےاُنکےذاتی ڈاکٹرزکوبھی بورڈمیں شامل ہوناچاہیے،
انہوں نے کہاکہ میں بُلٹ پروف گاڑی میں سفرنہیں کرتی میں بلڈپریشرکی مریضہ ہوں. الزام کی تردیدکرتی ہوں کہ میں نےکبھی رانا ثنا ءاللہ کی گاڑی میں لمبا سفر کیا ہو، واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کو گاڑی میں ہیروئن سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور اے این ایف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی ہے.
-

فیصل آباد میں ایسا کیا ہوا کہ مشتعل مظاہرین نے پولیس چوکی کو آگ لگا دی؟ اہم خبر
فیصل آباد میں پولیس کی طرف سے مبینہ تشدد کے نتیجہ میں نوجوان کی موت واقع ہونے پر مشتعل مظاہرین نے پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا اور زبردست توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں نوجوان کی تشدد سے موت واقع ہونے پر لواحقین اور اہل علاقہ پچھلے تقریبا دس گھنٹے سے احتجاج کر رہے تھے. مشتعل مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی پولیس اہلکاروں نے بچوں کی لڑائی کے بعد گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا اور دوران تشدد سے مقصود نامی نوجوان وفات پا گیا۔ اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مشتعل مظاہرین نے چوکی میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور چوکی کو آگ لگا دی.
مظاہرین کے اچانک دھاوا بولنے پر پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نے بڑی مشکل سے وہاں سے بھاگ کر جان بچائی تاہم مشتعل مظاہرین نے پولیس چوکی کو نقصان پہنچایا اور وہاں چوکی کے باہر کھڑی وین کی بھی توڑ پھوڑ کی. اس واقعہ کے بعد سی پی او فیصل آباد نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ نوجوان کی موت پر اہل علاقہ ابھی تک سراپا احتجاج ہیں.
-

رانا ثناء اللہ کے بعد گرفتار کئے گئے لیگی رہنما کو رہا کر دیا گیا، پولیس کہاں لے گئی تھی؟ اہم خبر
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کے بعد گرفتار کئے گئے ن لیگی رہنما شیخ اعجاز احمد کو چھوڑ دیا ہے.
جس بیرک میں رانا ثناءاللہ کو رکھا گیا ہے وہاں کیا حالات ہیں؟ اہلیہ نبیلہ مریم نواز کے فون پر آبدیدہ ہو گئیں
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ اعجاز احمد نے کہاکہ پولیس نے 5 گھنٹوں تک سڑکوں پرگھمانے کےبعد امین پورانٹر چینج کے قریب انہیں چھوڑ دیا. انہوں نے کہاکہ مجھےاحتجاجی ریلی کی قیادت سےروکنے کے لیےحراست میں لیاگیا تھا.
رانا ثناء اللہ کو کب اور کیسے معلوم ہوا کہ ان کی گاڑی میں ہیروئن ہے؟ قمر الزمان کائرہ نے حیران کن دعویٰ کر دیا
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نےکہاکہ آپ کوحراست میں لینےکااوپرسےحکم ملا تھا. انہوں نے کہاکہ میں نے فون کر کے ڈرائیور اور دوستوں کواطلاع دی اوراب گھرپہنچا ہوں. واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد شیخاعجاز احمد نے احتجاج کا اعلان کیا تھا جس پر انہوں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا. کہاجارہا ہے کہ انہیں احتجاج سے روکنے کیلئے حراست میں لیا گیا تھا تاہم اب انہیں رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں.
-

رانا ثناء اللہ کے بعد مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما گرفتار، پولیس نے گرفتاری کی وجہ بتا دی
پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اے این ایف کی طرف سے گرفتا رکئے جانے کے بعد مسلم لیگ ن فیصل آباد کے صدر اور سابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے. انہیں نقص امن کے خدشہ کے پیش نظر حراست میں لیا گیا.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد پولیس کو خدشہ تھا کہ وہ ان کی گرفتاری کے خلاف مظاہرے کی قیادت کریں گے جس سے نقص امن کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے لہٰذا انہیں مقامی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے.
مسلم لیگ ن کے صدر شیخ اعجاز احمد نے رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے خلاف فیصل آباد میں احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے تاہم پولیس نے انہیں احتجاج سے قبل ہی گرفتار کر لیا ہے. شیخ اعجاز احمد نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے. فیصل آباد پولیس نے شیخ اعجاز احمد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے. واضح رہے کہ اے این ایف نے رانا ثناءاللہ کو گرفتار کرنے کے بعد ان کی گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے.