Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا بڑا کیس سامنے آگیا۔
    طمعِ نفسانی اور رشوت لے کر اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے، شہری سے اشٹام پیپر پر زبردستی دستخط کروانے اور جبراً رقم وصول کرنے کے الزام میں تھانہ سبزی منڈی کے ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد کو انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
    انکوائری رپورٹ میں الزامات درست ثابت ہونے پر ایس ایچ او انسپکٹر لقمان، سب انسپکٹر غلام فرید، اور اے ایس آئی خالد کو قصوروار قرار دے کر گرفتار کر لیا گیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم کے حکم پر تینوں افسران کو تھانہ سبزی منڈی کی حوالات میں بند کر دیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
    مقدمے میں اغوا، جبراً رقم وصولی اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والی کالی بھیڑوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملوث افسران جیل جائیں گے، کیونکہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں۔

  • گوجرانوالہ:معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کا بازاروں کا اچانک دورہ، گرانفروشوں کو سخت وارننگ

    گوجرانوالہ:معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کا بازاروں کا اچانک دورہ، گرانفروشوں کو سخت وارننگ

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس سلمیٰ بٹ نے گوجرانوالہ کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    دورے کے دوران سلمیٰ بٹ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا، ریٹ لسٹیں چیک کیں اور دکانداروں سے قیمتوں کے حوالے سے استفسار کیا۔

    انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو مقررہ نرخوں پر روزمرہ اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

    سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ مارکیٹ مانیٹرنگ میکانزم نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ قیمتوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو۔

  • گوجرانوالہ: مہنگائی میں نمایاں کمی، رمضان بازار پہلے سے زیادہ سستے ہوں گے . سلمیٰ بٹ

    گوجرانوالہ: مہنگائی میں نمایاں کمی، رمضان بازار پہلے سے زیادہ سستے ہوں گے . سلمیٰ بٹ

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی سلمی بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 کی نسبت اب مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے، خصوصاً دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کالے چنے کی قیمت میں 38 روپے اور بیسن کی قیمت میں 34 روپے فی کلو تک کمی ہوئی ہے، جبکہ مختلف سبزیوں کی قیمتیں بھی 100 سے 150 روپے تک کم ہو چکی ہیں۔

    سلمی بٹ نے کہا کہ رمضان بازاروں کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے اور اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ سستے بازار قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
    انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ افغانستان کا بارڈر بند ہونا تھا، تاہم اب ٹماٹر دیگر علاقوں سے آرہے ہیں اور ریٹ میں واضح کمی ہو چکی ہے۔

    سلمی بٹ کے مطابق پیاز اور ٹماٹر سیزنل آئٹمز ہیں جن کی قیمتیں آف سیزن میں بڑھ جاتی ہیں، مگر حکومت فارمنگ کے فروغ کے ذریعے ان اشیاء کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اشیائے خوردونوش کے ٹرکوں کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کو روکا جا سکے۔

    سلمی بٹ نے واضح کیا کہ سبزی منڈی میں آنے والے تمام ٹرکوں کی نیلامی شفاف طریقے سے ہوگی، اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
    ان کے مطابق، پنجاب بھر میں انتظامیہ پرائس کنٹرول کے لیے متحرک ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

  • گوجرانوالہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹی بی کے مکمل علاج پانے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم

    گوجرانوالہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹی بی کے مکمل علاج پانے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں ایم ایس ڈاکٹر عتیق احمد کی سربراہی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ایس ایف (Médecins Sans Frontières) کے تعاون سے پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت علاج مکمل کرنے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

    تقریب میں ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر میمونہ، ہیڈ آف پلمنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محبوب احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ منور حسین، ڈاکٹر زین، علی ریحان چیمہ، زیشان احمد سمیت دیگر معزز ڈاکٹرز اور اسٹاف نے شرکت کی۔

    ایم ایس ڈاکٹر عتیق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی بی ایک قابلِ علاج مرض ہے بشرطیکہ مریض مکمل علاج کریں اور ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں۔ انہوں نے ایم ایس ایف اور پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مریضوں میں شعور اجاگر کرنے اور علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر محبوب احمد نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پلمنالوجی ڈیپارٹمنٹ جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جہاں مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر علاج مکمل کرنے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرانوالہ کو ٹی بی سے پاک شہر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں اور عوامی آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: 12 سالہ بچے کے استحصال کی ویڈیو وائرل، ٹرانسجینڈر گرفتار

    گوجرانوالہ: 12 سالہ بچے کے استحصال کی ویڈیو وائرل، ٹرانسجینڈر گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں 12 سالہ بچے کو زبردستی ٹرانسجینڈر کمیونٹی میں شامل کرنے اور اس کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
    پولیس ترجمان کے مطابق پولیس پروٹیکشن سینٹر کی بروقت کارروائی کے دوران واقعے میں ملوث ٹرانسجینڈر کو حراست میں لے لیا گیا، جب کہ تھانہ دھلے پولیس نے مقدمہ درج کر کے 12 سالہ بچے کو بازیاب کر لیا۔

    تحقیقات کے مطابق ملزم نے بچے کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، جس سے عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔

    سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کا کہنا ہے کہ پولیس معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور ایسے مکروہ فعل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ:بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا رات گئے تھانہ صدر کا اچانک دورہ، مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار

    گوجرانوالہ:بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا رات گئے تھانہ صدر کا اچانک دورہ، مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار

    گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے رات گئے تھانہ صدر گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے تھانے کی مجموعی صورتحال پر گہرے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعدد خامیوں کی نشاندہی کی۔ لاک اپ میں ملزمان کی غیر معمولی تعداد کے باعث ہجوم اور بدنظمی کی کیفیت پائی گئی، جس پر چیئرپرسن نے ہدایت دی کہ زیرِ حراست افراد کی پراسیسنگ اور منتقلی میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے اور تمام کارروائی قانونی ضابطوں کے مطابق مکمل کی جائے۔

    تھانے میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ عمارت کے مختلف حصوں میں مکڑی کے جالے، گردوغبار اور کوڑا کرکٹ واضح طور پر نظر آیا جبکہ واش رومز کی حالت غیر اطمینان بخش قرار دی گئی۔

    دورے کے دوران ریکارڈ کی دیکھ بھال میں غفلت بھی سامنے آئی۔ روزنامچہ اور سرکاری رجسٹرز مکمل طور پر اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے تھے۔ مزید برآں، ڈیوٹی پر موجود بعض اہلکار بغیر وردی کے پائے گئے جبکہ کئی اہلکار ڈیوٹی کے اوقات میں تھانے سے غیر حاضر تھے، جس پر وضاحت طلب کی گئی کہ انہیں ریسٹ پر بتایا جا رہا ہے۔

    بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے ایس ایچ او کو سختی سے ہدایت کی کہ تھانے کی صفائی، ریکارڈ کی درستگی، اور عمارت کی مرمت و دیکھ بھال کے کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔ تمام اہلکاروں کو وردی میں رہتے ہوئے نظم و ضبط کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کا پابند بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر حاضر اہلکاروں کی لوکیشن اور مصروفیت کا ریکارڈ محرر اور ایس ایچ او کے پاس موجود ہونا لازمی ہے۔

    چیئرپرسن نے اس موقع پر کہا کہ پولیس اسٹیشنز کی حالت بہتر بنانا عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے، شفافیت، اور بہتر نظم و نسق کے لیے تمام ذمہ داران کو اپنے فرائض ایمانداری، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ رویے کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔

    انہوں نے مزید زور دیا کہ ایف آئی آر کے اندراج کو آئی جی آفس کے مقررہ ٹائم فریم کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد پولیس کے ادارے پر بحال ہو اور قانون کی حکمرانی مضبوط بنیادوں پر قائم کی جا سکے۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ میں گندگی، رش اور عملے کی غیرحاضری پر چیئرپرسن انسپکشن ٹیم برہم

    گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ میں گندگی، رش اور عملے کی غیرحاضری پر چیئرپرسن انسپکشن ٹیم برہم

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ کا اچانک دورہ کیا، جس کے دوران ناقص انتظامات اور غیر تسلی بخش حالات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں لاک اپ میں غیر معمولی تعداد میں افراد کو بند پایا گیا جس سے رش اور بدنظمی کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ زیرِ حراست افراد کی پراسیسنگ میں تاخیر ختم کی جائے اور تمام کارروائیاں محکمانہ ضوابط کے مطابق کی جائیں۔

    دورے کے دوران واش رومز اور تھانے کی صفائی ستھرائی انتہائی ناقص پائی گئی۔ جگہ جگہ گندگی، بدبو اور مچھروں کی موجودگی دیکھی گئی، حتیٰ کہ ایس ایچ او کے دفتر میں بھی یہی صورتحال تھی۔ عملے کی حاضری غیر تسلی بخش اور لاک اپ کی حالت خراب تھی۔

    معائنے کے دوران چیئرپرسن نے ایک ذہنی طور پر غیر متوازن شخص کو لاک اپ میں بند پایا، جس پر انہوں نے سخت نوٹس لیا اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مزید براں، تھانے میں تعینات چار خواتین اہلکاروں میں سے صرف ایک اہلکار موجود تھی۔ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے ہدایت کی کہ ہر وقت کم از کم دو خواتین اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے ایس ایچ او کو حکم دیا کہ تھانے میں فوری صفائی، فومیگیشن اور واش رومز کی حالت بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں، جبکہ عملے کی روزانہ حاضری اور رجسٹر کی درستگی کی مانیٹرنگ لازمی قرار دی۔

    چیئرپرسن نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام تھانوں میں صفائی، نظم و ضبط اور حاضری کے مؤثر نظام کے بغیر عوامی اعتماد اور محکمانہ شفافیت ممکن نہیں۔

  • گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں کینسر آگہی کیلئے “ہوپ کارنیوال” کا انعقاد

    گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں کینسر آگہی کیلئے “ہوپ کارنیوال” کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ذیلی ادارے جینم کینسر ہسپتال گوجرانوالہ میں کینسر آگہی کے سلسلے میں “ہوپ کارنیوال” اور فن فئیر کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں قریبی دیہات کی خواتین اور مختلف سکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہسپتال کی جانب سے خواتین کے مفت طبی معائنے کے لیے موبائل وین کا خصوصی انتظام کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے خواتین کی میموگرافی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے۔

    کارنیوال میں جھولے، گیمز، ملبوسات، کھانے پینے اور فوٹو گرافی کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ ڈائریکٹر جینم کینسر ہسپتال ڈاکٹر عاصمہ سہیل کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام ملک بھر میں کینسر کے 21 مراکز کام کر رہے ہیں۔

    تقریب میں سابق ڈائریکٹر و کنسلٹنٹ ڈاکٹر سہیل مراد، ہیڈ آف انکالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محسن رضا، محمد ارسلان اور دیگر لیڈی ڈاکٹرز بھی موجود تھیں۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ سول لائن پولیس کی کارروائی، بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

    گوجرانوالہ: تھانہ سول لائن پولیس کی کارروائی، بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

    گوجرانوالہ باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)تھانہ سول لائن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ اور سابقہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش علی رضا عرف وقاص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس موقع پر سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں پولیس اپنا بھرپور اور کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق، کارروائی پولیس کی منشیات کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی مہم کا حصہ ہے۔

  • گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں ورلڈ میموگرافی ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد

    گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں ورلڈ میموگرافی ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)جینم کینسر ہسپتال جو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا ذیلی ادارہ ہے، میں ورلڈ میموگرافی ڈے کے موقع پر خواتین میں چھاتی کے کینسر سے بچاؤ، تشخیص اور آگاہی سے متعلق سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریب سے کنسلٹنٹ انکالوجسٹ ڈاکٹر بتول شفیق، ہیڈ آف آنکالوجی ڈاکٹر محسن رضا، سابق ڈائریکٹر جینم ہسپتال ڈاکٹر سہیل مراد، ڈائریکٹر جینم کینسر ہسپتال ڈاکٹر عاصمہ سہیل، دیگر ماہر ڈاکٹرز، سائنس دانوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ واک جینم کینسر ہسپتال سے شروع ہو کر سیالکوٹ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے آگاہی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

    ڈاکٹر بتول شفیق نے کہا کہ اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 2022 کے اعدادوشمار کے مطابق ہر 100 کینسر مریضوں میں سے 16.5 فیصد خواتین کو چھاتی کا کینسر لاحق ہوتا ہے۔ روزانہ 20 سے 25 منٹ تیز واک کینسر کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ہے۔

    ڈاکٹر عاصمہ سہیل نے بتایا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت 21 کینسر سینٹرز ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، جہاں 70 سے 80 فیصد کینسر مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص سے کینسر کا علاج ممکن ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 2.3 ملین خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ ایشیائی ممالک میں پاکستان اس مرض کی بلند ترین شرح رکھنے والا ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کینسر سے بچاؤ کے لیے تازہ پھل، سبزیاں، سادہ اور متوازن غذا اپنائیں، فاسٹ فوڈ، بڑا گوشت اور مرغن کھانوں سے پرہیز کریں۔ خواتین 20 سال کی عمر کے بعد اپنی چھاتی کا خود معائنہ کریں اور 40 سال کے بعد سالانہ میموگرافی ٹیسٹ ضرور کروائیں۔

    ڈاکٹر عاصمہ سہیل نے مزید کہا کہ کینسر کی پہلی، دوسری اور تیسری اسٹیج میں علاج ممکن ہے، لہٰذا کسی بھی گلٹی یا جسمانی تبدیلی کی صورت میں فوری معائنہ کروائیں۔ حاملہ خواتین بھی کینسر کا علاج کرا سکتی ہیں۔ کینسر سے گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ "ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ کینسر کے خلاف آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔” سیمینار کے اختتام پر شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔