Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: عالمی یوم خوراک پر فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار، ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

    گوجرانوالہ: عالمی یوم خوراک پر فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار، ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ میاں رحمت علی گریجوایٹ کالج میں عالمی یوم خوراک کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

    تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی محمد سجاد گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمیر ارشد اور ماہرینِ غذائیت نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ خوراک کی حفاظت ایک قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے، بچوں اور نوجوانوں کیلئے غذائیت سے بھرپور اشیاء کی فراہمی اور جنک فوڈ کے استعمال میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے خطاب میں کہا کہ ملاوٹ کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے، عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے فوڈ اتھارٹی کی خدمات مثالی ہیں۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق شرکاء کو غذائی تحفظ، غذائیت کی کمی سے بچاؤ اور صحت بخش خوراک کے متعلق آگاہی دی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اچھی اور صحت بخش خوراک کے حصول کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کیونکہ خوراک صرف پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ قوموں کی صحت اور ترقی کی بنیاد ہے۔

  • گوجرانوالہ : بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار کا انعقادہوا

    گوجرانوالہ : بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار کا انعقادہوا

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر عدنان اشرف نے خطاب میں بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جن میں سے 40 سے 45 فیصد مریضوں کی تشخیص آخری مرحلے میں ہوتی ہے۔

    ترقی یافتہ ممالک میں بروقت میموگرافی کی بدولت بچاؤ کی شرح 90 سے 95 فیصد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگاہی پھیلائیں اور مریضوں سے ہمدردی کا رویہ اپنائیں۔

    سیمینار میں دیگر مقررین نے بھی چھاتی کے کینسر، ذہنی صحت، ماں کے دودھ کی افادیت اور صنفی امتیاز کے خاتمے پر روشنی ڈالی۔ آگاہی سیشنز 10 سے 15 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

  • گوجرانوالہ :کمشنر کا راہوالی کینٹ میں انسدادِ پولیو مراکز کا دورہ

    گوجرانوالہ :کمشنر کا راہوالی کینٹ میں انسدادِ پولیو مراکز کا دورہ

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے راہوالی کینٹ میں انسدادِ پولیو مہم کے مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے عملے کی کارکردگی، ریکارڈ اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی قطرے پلائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکے۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حفاظت اور سہولیات پر زور دیا۔

    محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ کوئی بچہ قطرے پلانے سے محروم نہ رہے اور نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔ کمشنر نے اجتماعی عزم اور عوامی تعاون کو پولیو کے خاتمے کی کنجی قرار دیا۔

  • گوجرانوالہ: غریب محنت کش کی بیوی چار ماہ سے لاپتہ، پولیس کے عدم تعاون پر شہری سراپا احتجاج

    گوجرانوالہ: غریب محنت کش کی بیوی چار ماہ سے لاپتہ، پولیس کے عدم تعاون پر شہری سراپا احتجاج

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی نامہ نگار: محمد رمضان نوشاہی) غریب محنت کش کی بیوی چار ماہ سے لاپتہ، پولیس کے عدم تعاون پر شہری سراپا احتجاج
    تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کی حدود میں واقع چک اگو کا رہائشی غریب محنت کش محمد نعیم گزشتہ چار ماہ سے اپنی گمشدہ بیوی کی تلاش میں دربدر پھر رہا ہے۔ بیوی کی گمشدگی کے بعد اُس نے رشتہ داروں، دوستوں اور پولیس سے مدد کی اپیل کی، مگر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

    محمد نعیم کے مطابق اُس نے اپنی بیوی کی تلاش میں اپنی تمام جمع پونجی خرچ کر دی، مگر پولیس کے عدم تعاون نے اُسے سخت مایوس کر دیا ہے۔ اُس نے بتایا کہ وہ روزانہ انصاف کی امید میں تھانے کے چکر لگاتا ہے، لیکن ہر بار خالی ہاتھ لوٹ آتا ہے۔

    متاثرہ شہری نے الزام لگایا کہ جب وہ پولیس کے پاس مدد کے لیے گیا تو بجائے سنجیدگی کے اُس کا مذاق اُڑایا گیا اور کوئی تعاون فراہم نہیں کیا گیا۔ پولیس کے اس رویے سے دل برداشتہ محنت کش اب سراپا احتجاج ہے اور انصاف کے لیے فریاد کر رہا ہے۔

    محمد نعیم نے اپنے کمسن بیٹے حبیب کے ہمراہ وزیرِاعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر ہدایات جاری کی جائیں تاکہ اُس کی بیوی کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے اور اسے انصاف مل سکے۔

  • گوجرانوالہ: پنجاب وشو ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی انتخابات مکمل، نئی باڈی کا اعلان

    گوجرانوالہ: پنجاب وشو ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی انتخابات مکمل، نئی باڈی کا اعلان

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ پنجاب وشو ایسوسی ایشن اور پنجاب سپورٹس بورڈ کی زیرِ سرپرستی گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈسٹرکٹ وشو باڈی کے انتخابات پرامن ماحول میں مکمل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات پنجاب سپورٹس بورڈ کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن میں DSO رانا سجاد، TSO فرمان اور پنجاب وشو ایسوسی ایشن کے پریزائیڈنگ آفیسر طارق (گجرات) نے ابزرور کی حیثیت سے شرکت کی۔

    ڈسٹرکٹ وشو باڈی کے انتخابات میں عرفان لطیف چوہدری صدر، گلفام جنرل سیکریٹری، محمد طیب مہر اور نوید سہیل ایگزیکٹو ممبران و انچارج میڈیا سیل، جبکہ محمد شکیل ایڈووکیٹ فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے۔

    ڈویژنل باڈی میں چوہدری ذیشان الیاس صدر، عرفان لطیف چوہدری جنرل سیکریٹری، محمد طیب مہر اور نوید سہیل ایگزیکٹو ممبران و انچارج میڈیا سیل، جبکہ محمد ظفر فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے۔

    منتخب نمائندگان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ گوجرانوالہ کو کھیلوں کے میدان میں دوبارہ اس کے کھوئے ہوئے مقام اور عروج پر لے جانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

  • گوجرانوالہ: عالمی یومِ ڈاک کی پروقار تقریب، محکمہ ڈاک کے محنتی عملے کو خراجِ تحسین

    گوجرانوالہ: عالمی یومِ ڈاک کی پروقار تقریب، محکمہ ڈاک کے محنتی عملے کو خراجِ تحسین

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)9 اکتوبر 2025ء کو عالمی یومِ ڈاک کے موقع پر جنرل پوسٹ آفس گوجرانوالہ (جی پی او) میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف پوسٹ ماسٹر گوجرانوالہ رضوان الحق قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ڈاک ایک ایسا ادارہ ہے جو برسوں سے دلوں کو جوڑے ہوئے ہے، کبھی گھوڑوں، اونٹوں اور سائیکلوں کے ذریعے پیغام رسانی ہوتی تھی اور آج جدید ٹیکنالوجی نے اسے نئے دور میں داخل کر دیا ہے، مگر ڈاکیا آج بھی احساسات اور جذبات کا امین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ پر فخر ہےکیونکہ یہ ادارہ عوامی خدمت، مالی اور ڈیجیٹل حل کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، جو اس سال کے عالمی موضوع "لوگوں کے لیے ڈاک: مقامی خدمت، عالمی رسائی” کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔

    تقریب کے آخر میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

  • وزیرآباد،جہیز کم لانے پر دلہن کو تیزاب پلا دیا گیا،شوہر،ساس گرفتار

    وزیرآباد،جہیز کم لانے پر دلہن کو تیزاب پلا دیا گیا،شوہر،ساس گرفتار

    وزیرآباد کے نواحی علاقے کالا سکّے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نئی نویلی دلہن رخسار کو مبینہ طور پر اس کے سسرالیوں نے تیزاب پلانے کے بعد قتل کر دیا۔ اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

    گوجرانوالہ کی رہائشی 22 سالہ رخسار کی شادی 12 ستمبر 2025ء کو کالا سکّے کے رہائشی الطاف حسین سے ہوئی تھی۔ شادی کے چند ہی دن بعد سسرالیوں کے رویے میں تبدیلی دیکھی گئی، اور مقتولہ کے اہلِ خانہ کے مطابق یہ تنازعہ جہیز میں کمی کے باعث شروع ہوا۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ رخسار کے سسرالی خصوصاً اس کی ساس اور دیور اسے جہیز کے حوالے سے طعنے دیتے اور ذہنی طور پر اذیت دیتے رہے۔ مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ رخسار کو اس کے شوہر الطاف حسین اور ساس نے زبردستی تیزاب پلایا، جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔رخسار کو فوری طور پر ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد نگر چھٹہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کے دوران شوہر الطاف حسین اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ملزم شوہر الطاف حسین نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رخسار نے خود تیزاب پیا، ہم نے اسے کسی قسم کی زبردستی نہیں کی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ مقتولہ کے اہلِ خانہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

  • گوجرانوالہ: پریس کلب عالم چوک کی جانب سے وکلاء کے اعزاز میں عشائیہ

    گوجرانوالہ: پریس کلب عالم چوک کی جانب سے وکلاء کے اعزاز میں عشائیہ

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ کے مقامی اخبارات کے دفتر میں پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر پریس کلب چوہدری عظمت اللہ مہر اور ممبر میڈیا اسٹینڈنگ کمیٹی برائے چیمبر آف کامرس کی جانب سے علی اشرف خاں ایڈووکیٹ اور رانا اشعر اعظم ایڈووکیٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ تقریب میں معزز مہمانوں کا شاندار استقبال پھولوں کی مالا پہنا کر اور ڈھول کی تھاپ پر کیا گیا۔

    تقریب میں پی پی 70 کے سینئر نائب صدر طارق اشرف خان، مسلم لیگ (ن) کے سابق چیئرمین اور پی پی 70 کے صدر رانا محمد اعظم، حاجی زبیر، حاجی انجم، حاجی انور، اشعر اعظم خان، علی اشرف خان، امیر حمزہ، اشتیاق احمد خان، حاجی غلام حسین اور اسد علی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شرکاء میں سینئر صحافی راجہ افضال عزیز، رانا عثمان، عثمان ساگر، شاہد زہیب ظفر بھنڈر، حمزہ قیوم چوہدری، ماسٹر نعمت علی جٹ، چیئرمین یو ایچ آر او ضلع گوجرانوالہ چوہدری محمد بلال باجوہ، صدر ڈویژن گوجرانوالہ پاکستان چوہدری غنظنفر علی گھمن اور جٹ اتحاد فیڈریشن پاکستان کے رہنما شامل تھے۔

    مہمانوں کا استقبال کرنے والوں میں صدر پریس کلب چوہدری عظمت اللہ مہر، چیئرمین طارق عزیز چوہان، سینئر صحافی حاجی ظہیر عباس، جنرل سیکرٹری محمد افضل مغل، نائب صدر ہارون جٹ، جوائنٹ سیکرٹری سید ناصر شاہ، سیکرٹری انفارمیشن رانا شہزاد احمد، سیکرٹری فنانس رانا اشفاق احمد، ایگزیکٹو ممبران ملک مظہر حسین، ارسلان تارڑ، ملک محمد شاہد، عمر سلیم، چوہدری امانت علی ڈوگر اور وکٹوریا پاوا میکر شامل تھے جنہوں نے معزز مہمانوں کو پھولوں کی مالا پہنائی اور پتیاں نچھاور کیں۔

    آخر میں تمام شرکاء نے چوہدری عظمت اللہ مہر کا شاندار عشائیہ دینے پر شکریہ ادا کیا، جبکہ صدر پریس کلب نے علی اشرف خان اور رانا اشعر اعظم کو چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی چیمبر آف کامرس بننے پر مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاجی ظہیر عباس نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کروائی۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ اروپ پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر سائیکل چوری گینگ کے 5 کارندے گرفتار

    گوجرانوالہ: تھانہ اروپ پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر سائیکل چوری گینگ کے 5 کارندے گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)تھانہ اروپ پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے سرغنہ سمیت پانچ ارکان کو گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان میں شفیق خان، رضا خان، حمزہ خان، سلمان خان اور ریاض خان شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 15 عدد چوری شدہ موٹر سائیکل، 2 رکشے اور 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔ ایس ایچ او اروپ انسپکٹر صفدر عطاء کی زیرِ نگرانی ٹیم نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

    سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ بورڈ میں امتحانات میں شفافیت،  بائیو میٹرک سسٹم کا آغاز

    گوجرانوالہ بورڈ میں امتحانات میں شفافیت، بائیو میٹرک سسٹم کا آغاز

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے میٹرک امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب میں پہلی بار بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔

    اس جدید نظام کے تحت امتحانی امیدواروں کی حاضری اور شناخت بائیو میٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی، جس سے نقالی، جعلی امیدواروں کی شرکت اور دیگر بے ضابطگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ امتحانی نظام میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ کی محنت کا منصفانہ صلہ دیا جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے گوجرانوالہ بورڈ صوبے بھر میں ایک مثالی مقام حاصل کرے گا۔ کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ماہرین تعلیم اور والدین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کو بڑھائے گا اور طلبہ کو قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔