Baaghi TV

Category: حیدرآباد

  • ٹھٹھہ:سندھی ثقافت ہماری قدیم وراثت ہے اور ہم اس پر فخر کرتے ہیں،ایس ایس پی

    ٹھٹھہ:سندھی ثقافت ہماری قدیم وراثت ہے اور ہم اس پر فخر کرتے ہیں،ایس ایس پی

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں) ثقافتی دن پر شاندار ریلی کا انعقاد،ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی سربراہی میں پولیس اور عوام کی بھرپور شرکت

    تفصیل کے مطابق سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں پولیس افسران، اہلکاروں، سماجی رہنماؤں، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے اجرک پہنے جوش و خروش سے شرکت کی۔

    ریلی پولیس ہیڈکوارٹرز مکلی سے شروع ہو کر مکلی غلام اللہ روڈ سے ہوتی ہوئی پبلک پارک مکلی پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قومی گیتوں پر رقص کیا اور اپنی ثقافت سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "سندھی ثقافت کا دن ہمارے لیے عید کی مانند ہے۔ یہ 5 ہزار سال پرانی تہذیب ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔”

    ریلی کا انعقاد آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات کے مطابق کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے عوام نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔

  • کیا کوئی شخص گولیاں، شاٹ گن لے کر مظاہرے میں شریک ہوتا ہے؟ شرجیل میمن

    کیا کوئی شخص گولیاں، شاٹ گن لے کر مظاہرے میں شریک ہوتا ہے؟ شرجیل میمن

    پیپلز پارٹی کے رہنما ، سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاوسنگ پروجیکٹ سندھ میں بننا شروع ہوگیا ہے

    حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے لئے جس طرح کام کیا، وہ مثالی تھا، وومین بینک، خواتین ہاریوں کو زمین مفت دینے کا اقدام، بینظیر کو شہید کیا گیا، آصف زرداری صدر بنے تو ہر وزیراعظم پر 58 ٹوبی کی تلوار لٹکتی تھی جو انہوں نے ختم کی، اور اپنی پاور پارلیمنٹ کو دے کر پارلیمنٹ کو مضبوط کیا، صدر زرداری نے احساس محرومیاں بلوچستان کی ختم کیں، یہ قومی لیڈر ہیں جو عوامی مسائل کو سمجھتے ہیں اور قوم کی امیدوں پرپورا اترتے ہیں، سی پیک آصف زرداری نے شروع کیا،بلاول وزیر خارجہ بنے تو انہوں نے پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں جس طرح پیش کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کیلئے کچھ کیا، ن پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے شہداء کی لازوال میراث ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی تھی جس کا مقصد مسلم ممالک کو متحد کرنے کے لیے اپنا الگ بلاک بنانا تھا۔ اگر بھٹو شہید نہ ہوتے اور یہ بلاک قائم ہوتا تو فلسطین اور لبنان کی موجودہ صورتحال بہت مختلف ہوتی۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور ملک کی معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ سکے اور اس شعبے میں ترقی کی راہ ہموار ہو۔ پیپلز پارٹی حکومت کی جانب سے ہر سطح پر تعمیراتی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع مل سکیں۔ ہ پارٹی کی قیادت، بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سیلاب زدگان کے لیے 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں جو کہ ڈونرز کی مدد سے بنائے جا رہے ہیں۔

    شرجیل انعام میمن نے آصف علی زرداری کی سیاست کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا اور ملک میں جمہوری عمل کو آگے بڑھایا۔ سی پیک منصوبہ بھی آصف زرداری کی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے جس نے پاکستان کی معیشت کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں اور دونوں ملکوں چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی ہمیشہ جھوٹ بولنے کی سیاست کرتی آئی ہے اور اس کے قائدین نے کئی بار عوام کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے دعوے کے مطابق 300 افراد مارے گئے ہیں تو ان کی فہرستیں کہاں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو ان افراد کی تدفین ہوئی اور نہ ہی ان کے نام سامنے آئے۔تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی کوشش کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی شخص گولیاں اور شاٹ گن لے کر مظاہرے میں شریک ہوتا ہے؟ اگر کسی کے گھر کے باہر ایسے افراد آتے ہیں تو کیا ان کا استقبال پھولوں سے کیا جائے گا؟ یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان کی جانب سے طالبان اور اسرائیل کی حمایت میں بیانات آئے ہیں، جو کہ ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان کا قانون کسی بھی سیاسی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے جس پر حکومت کو سختی سے کارروائی کرنی چاہیے۔

    شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک کی معیشت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہے گی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم اور اس کے رہنماؤں کی طرف سے مسلسل کوششیں ملک کو ایک مستحکم اور ترقی یافتہ مستقبل کی طرف لے جائیں گی۔

  • ٹھٹھہ: ایس ایس پی کا اردلی روم، 15 اہلکاروں کو سزائیں

    ٹھٹھہ: ایس ایس پی کا اردلی روم، 15 اہلکاروں کو سزائیں

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،نامہ نگاربلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے دفتر میں اردلی روم کا انعقاد کیا، جس میں پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے گئے اور زیر التوا شوکاز نوٹسز اور انکوائریوں کے قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلے کیے گئے۔

    اردلی روم میں غیر حاضری، ڈیوٹی میں غفلت اور مس کنڈکٹ سمیت منظم جرائم کی سرپرستی میں ملوث 15 پولیس اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئیں۔ ڈاکٹر عمران خان نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ اپنی ڈیوٹی دیانتداری سے سرانجام دیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے اعلان کیا کہ پولیس اہلکاروں کے ویلفیئر، چھٹی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہر بدھ کو ہفتہ وار اردلی روم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پولیس فورس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

  • غلام اللہ: 13 سالہ مزدور بچے پربہیمانہ تشدد،گرم چائے انڈیل دی، 40 فیصد جسم جھلس گیا

    غلام اللہ: 13 سالہ مزدور بچے پربہیمانہ تشدد،گرم چائے انڈیل دی، 40 فیصد جسم جھلس گیا

    ٹھٹھہ (نامہ نگار بلاول سموں کی رپورٹ) غلام اللہ کے ایک ہوٹل میں کام کرنے والے 13 سالہ مولا بخش درس پر ہوٹل مالک اور عملے کا ظالمانہ تشدد سامنے آیا ہے، جس نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہوٹل مالک ابراہیم چانڈیو کے حکم پر بیرے ابلی چانڈیو نے معصوم لڑکے پر ابلتی ہوئی گرم چائے ڈال دی، جس کے نتیجے میں بچے کا 40 فیصد جسم بری طرح جھلس گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکے کو معمولی غلطی پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    زخمی بچے کے والد اللہ بخش درس نے بتایا کہ ان کا بیٹا شدید تکلیف میں ہے اور اسے فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    لواحقین نے ہوٹل مالک ابراہیم چانڈیو اور بیرے ابلی چانڈیو کے خلاف تھانہ غلام اللہ میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ غلام اللہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ابلی چانڈیو کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے نذرانہ لیکر ہوٹل مالک کو گرفتار نہیں کیا اور اس کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے

    علاقے کے شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے اور معصوم بچے کے لیے انصاف یقینی بنایا جائے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کریک ڈاؤن، 22 منشیات فروش اور گٹکا سپلائر گرفتار

    ٹھٹھہ: پولیس کریک ڈاؤن، 22 منشیات فروش اور گٹکا سپلائر گرفتار

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں )ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور گٹکا سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کارروائی کے دوران 19 گٹکا فروشوں اور انڈین گٹکا سپلائرز سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر 22 ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    اس کارروائی کے دوران 9770 پیکٹ انڈین عاداب گٹکا، 4650 پیکٹ گٹکا ماوا، 103 کلو گٹکا مٹیریل، 40 ساشے تمباکو پتی، 510 گرام چرس، 40 بیگز دیسی شراب، ایک ڈاٹسن پک اپ اور ایک سوزوکی پک اپ بھی برآمد کی گئی۔ ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کی گئی اس کارروائی کا مقصد منشیات فروشوں، گٹکا سپلائرز اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے دائرے میں لانا تھا۔

    آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کے تحت یہ کریک ڈاؤن کیا گیا۔ مختلف تھانوں بشمول ٹھٹھہ، مکلی، کینجھر، جھمپیر، گاڑہو، گھوڑاباڑی، دہابیجی، گھارو، ساکرو، کیٹی بندر اور سی آئی اے ٹھٹھہ پولیس نے مربوط کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں کریم بخش نوتیار، حبیب گندرو، حاجن لغاری، گل حسن عرف گل ماچھی، رحیم شاہ پٹھان، اکرم کھیو، عبد الطیف ملاح، محمد عثمان خاصخیلی، اختر شاہ پٹھان، سفیع اللہ شاہ پٹھان، منصور حسین جوکھیو، طیب کنبھار، محمد جمن سوڈھو، وحید شاہ، شاہین حسین بہاری شیخ، عامر علی راجپوت، حفیظ عرف سھنو جوکھیو، عبد المجید کنبھار اور دلدار خاصخیلی شامل ہیں۔ منشیات فروشوں میں منظور جاکھرو، سرفراز شاہ اور شاہد ملاح شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف گٹکا ایکٹ، نارکوٹکس ایکٹ اور منشیات آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ٹھٹھہ پولیس کی یہ کارروائی عوامی سلامتی اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہے گی۔

  • نوجوان نسل سوشل میڈیا کو اچھے کاموں کےلئے استعمال کرے، شرجیل میمن

    نوجوان نسل سوشل میڈیا کو اچھے کاموں کےلئے استعمال کرے، شرجیل میمن

    حیدرآباد، سندھ کے سینئر وزیر، وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کو اچھے کاموں کےلئے استعمال کرے، مایوس نہ ہوں، اچھے دن آنے والے ہیں

    اسرا یونیورسٹی میں ورلڈ سسٹینبل ٹرانسپورٹ ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا،اسرا یونیورسٹی کی جانب سے پائیدار ٹرانسپورٹ کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے کیلئے جلد پروگرام لائیں گے، پاکستان کا بڑا مسئلہ بجلی کا ہے جس کا حل بھی سندھ حکومت نے دیا،تھر کے کوئلے سے سستی بجلی بنائی جارہی ہے، حیدرآباد میں آج پولیس افسران سے ملوں گا، میں نے کہا تھا کہ میڈیا کے دوست بھی کمیٹی میں آ جائیں، جہاں نشہ مل رہا میں ساتھ چلنے کو تیار ہوں، منشیات کے خاتمے کے لئے جان بھی گئی تو اللہ کی امانت ہے

    حکومتوں کو گن پوائنٹ کے ذریعے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا، شرجیل میمن
    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ 24 نومبر کو پھر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، طلبا کو سیاست میں آنا چاہئے، سیاست بری چیز نہیں لیکن چند لوگ جو سیاست کو آلودہ کرتے ہیں وہ بری چیز ہے، 24 نومبر والی کال بھی میں سمجھتا ہوں کہ اس سے کچھ نہیں ہو گا، حکومتوں کو گن پوائنٹ کے ذریعے یرغمال نہیں بنا سکتے،ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک ہو، امریکی عوام نے انہیں چنا، جو ہمارے دوست خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ وہ صدر اس لئے بنا کہ کسی کو چھڑائے گا تو اس خوش فہمی سے نکلیں، یہ وہی لوگ جو کسی کے غلام نہیں کے نعرے لگاتے تھے اب امریکی غلامی میں کیوں جا رہے، امریکہ کے لئے اپنا مفاد ہے وہ اپنے ملک کے لئے کام کریں گے،

    بدمعاشی کرکے ریاست سے اپنی باتیں نہیں منوائی جاسکتیں،شرجیل میمن

    غیر قانونی بس اڈوں کیخلاف آپریشن سے کراچی کے ٹریفک دباؤ میں کمی آئی، شرجیل میمن

    پی ٹی آئی احتجاج کی کال انارکی پھیلانے کی کوشش ہے، شرجیل میمن

    اب کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑکوں پر نہیں چل سکے گی،شرجیل میمن

    شرجیل میمن نے 26ویں ترمیم کو بلاول بھٹو کا دور اندیش اقدام قرار دیا

    چاہتے ہیں کہ دعوے کم اور کام زیادہ کر کے دکھائیں،شرجیل میمن

    عمران خان اسرائیل ایجنٹ نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت کا حصہ ہے، شرجیل میمن

    پی ٹی آئی ہمیشہ آمریت کی آلہ کار رہی ہے،شرجیل میمن

  • ٹھٹھہ: گٹکا گودام پر چھاپہ، مٹیریل فروش گرفتار، بھاری مقدار میں گٹکا برآمد

    ٹھٹھہ: گٹکا گودام پر چھاپہ، مٹیریل فروش گرفتار، بھاری مقدار میں گٹکا برآمد

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار بلاول سموں کی رپورٹ) ٹھٹھہ پولیس نے منشیات اور غیر قانونی گٹکا فروشی کے خلاف جاری مہم کے دوران اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انچارج سی آئی اے ٹھٹھہ انسپکٹر ممتاز علی بروہی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خضرحیات مسجد کے قریب واقع محمود میمن کے گٹکا گودام پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں گٹکا مٹیریل فروش ملزم فیروز ولد شریف مگسی کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران 1340 پیکٹ تمباکو پتی، 24 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کیے گئے۔ ملزم کے خلاف ٹھٹہ تھانے میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ کارروائی آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر عمل میں لائی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق منشیات، جرائم پیشہ عناصر، اور عادی مجرمان کے خلاف ٹھٹھہ پولیس کی کریک ڈاؤن مہم پوری قوت سے جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ علاقے کو جرائم سے پاک کرنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

    ملزم کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں گٹکا برآمدگی کو منشیات کے کاروبار کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ گٹکا مافیا کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: امن و امان کی بحالی کے لیے ضلع بھر میں پولیس کا سرچ آپریشن

    ٹھٹھہ: امن و امان کی بحالی کے لیے ضلع بھر میں پولیس کا سرچ آپریشن

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار بلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کارروائی آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کے احکامات کی روشنی میں کی گئی۔

    آپریشن کے دوران ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں ہوٹلوں، مسافرخانوں اور متعدد گاڑیوں کی تلاشی لی گئی، جبکہ مشکوک افراد کی جدید ٹیکنیکل سسٹم CRI اور تلاش سافٹ ویئر کے تحت تصدیق کی گئی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن اور ناکہ بندی کی جا رہی ہے۔

    پولیس نے عوام کو ہدایت کی کہ اگر انہیں کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع ملے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • ٹھٹھہ: ٹریژری آفیسر کی غفلت سے محکمہ جنگلات کے ملازمین تنخواہوں سے محروم، احتجاج

    ٹھٹھہ: ٹریژری آفیسر کی غفلت سے محکمہ جنگلات کے ملازمین تنخواہوں سے محروم، احتجاج

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ٹریژری آفیسر ٹھٹھہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے محکمہ جنگلات ٹھٹھہ کے ملازمین کی تنخواہیں 12 تاریخ گزرنے کے باوجود تاحال جاری نہیں ہو سکیں، جس کے نتیجے میں ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    محکمہ جنگلات کے ملازمین کی یونین کے رہنما رحمت اللہ خشک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے ہر ماہ ٹریژری آفس ٹھٹھہ کے چیک وقت پر پاس نہیں کیے جاتے اور بینکوں میں نہیں بھیجے جاتے، جس کے باعث تنخواہوں میں تاخیر ہو جاتی ہے اور ملازمین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ماہ بھی ٹریژری آفیسر کی غفلت اور بلا وجہ تاخیر کی وجہ سے 12 تاریخ گزرنے کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں، جس سے ملازمین کی حالت انتہائی نازک ہو گئی ہے۔

    ملازمین نے ٹریژری آفیسر ٹھٹھہ کے اس اقدام کے خلاف آج صبح 11 بجے احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت مختیار جماری، ادریس خاصخیلی اور رحمت اللہ خشک نے کی۔ مظاہرین نے سخت نعریبازی کرتے ہوئے فوری طور پر محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو احتجاج مزید شدید ہو گا۔ دھرنے میں شریک ملازمین نے ڈی سی ٹھٹھہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور غریب ملازمین کو ان کی اجرتیں ادا کی جائیں۔

  • ٹھٹھہ: گھریلو تشدد اور انسانی حقوق پر اہم اجلاس، مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا عزم

    ٹھٹھہ: گھریلو تشدد اور انسانی حقوق پر اہم اجلاس، مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا عزم

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار بلاول سموں) سیکریٹری ہیومن رائٹس سندھ تحسین فاطمہ کی زیرِ صدارت گھریلو تشدد اور انسانی حقوق کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس دربار ہال مکلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر سیکریٹری تحسین فاطمہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں حقوق انسانی کی پامالی کو روکنے کے لیے محکمہ ہر وقت کوشاں ہے اور متاثرین کو فوری انصاف دلانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ہیومن رائٹس سندھ آغا فخر حسین، انچارج شکایت سیل انسانی حقوق ٹھٹھہ و سجاول الطاف حسین تنیو، اور مختلف ضلعی و حکومتی افسران موجود تھے۔

    شرکاء میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹھٹھہ غلام دستگیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹھٹھہ فراز احمد عباسی، اور دیگر افسران شامل تھے۔ اجلاس میں سکولوں، صحت، پانی، منشیات، ماحولیات، اور مینگروز کی کٹائی جیسے اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران شرکاء نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔

    تحسین فاطمہ نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ کے قوانین جیسے کہ گھریلو خواتین پر تشدد کی روک تھام، کم عمری کی شادی اور بچوں کے تحفظ کے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور شکایات کا فوری جواب دینے کی ہدایت دی۔

    ڈائریکٹر ہیومن رائٹس آغا فخر حسین نے کہا کہ ٹھٹھہ کو ہیومن رائٹس کے حوالے سے ماڈل ضلع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔