Baaghi TV

Category: کراچی

  • اسپتال میں‌ داخل مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے اہم خبر

    اسپتال میں‌ داخل مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے اہم خبر

    جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت میں بتدریج بہتری ہے، ڈاکٹرز نے اُن کے متعدد ٹیسٹ کیے جن میں سے کچھ کی رپورٹس آگئیں جبکہ چند کا انتظار ہے۔

    جے یو آئی ترجمان نے بتایا کہ ’ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو مزید چند روز اسپتال میں علاج جاری رکھنے کا مشورہ دیا‘۔

    دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر و رہنما مسلم لیگ ن سردار ایاز صادق، شاہ اویس نورانی نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔
    ایک روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹی وفد کے ہمراہ گلدستہ بھیجا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کو دو روز قبل شدید بخار اور طبیعت ناسازی کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا تھا کہ وہ انفیکشن کی وجہ سے شدید بخار میں مبتلا ہیں، جو کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔

    اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو میں رکھا ہے اور ان کے ‏مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں، ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم کی زیرنگرانی مولانا فضل الرحمان کا علاج جاری ہے۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل مولانا فضل الرحمان جماعتی دورے پر کراچی پہنچے تھے ، جس کے بعد طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں اسپتال ‏میں داخل کروایا گیا ہے ۔

  • کراچی،رینجرز اورپولیس کی کاروائی بھتہ خورگروہ کےانتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    کراچی،رینجرز اورپولیس کی کاروائی بھتہ خورگروہ کےانتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    کراچی:رینجرز اورپولیس نے مشترکہ کاروائی سے بھتہ خورگروہ کےانتہائی مطلوب ملزم گرفتار کر لئے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ،رینجرز اورپولیس نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاوَن میں مشترکہ کارروائی کی ترجمان رینجر نے بتایا کہ کارروائی کےدوران بھتہ خورگروہ کےانتہائی مطلوب ملزم گرفتار کئے گئے ہیں-

    ترجمان رینجر نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے14 جون کوتیسر ٹاوَن کےتاجرسے بھتہ طلب کیا تھا ملزم نے بھتہ نہ دینے پرجان سے مارنے اور بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی-

    جس کے بعد تاجر نے فوری رینجرز ہیلپ لائن کو اطلاع دی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا گرفتار ملزم ناصر کوقانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیاگیا ہے-

  • تاجر کو اغوا کرنے والی پولیس موبائل کا ڈرائیور ڈی ایس پی نکلا

    تاجر کو اغوا کرنے والی پولیس موبائل کا ڈرائیور ڈی ایس پی نکلا

    : کراچی کے علاقہ صفورا چورنگی کے قریب تاجر کو اغوا کرنے والی پولیس موبائل کا ڈرائیور ڈی ایس پی نکلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقہ صفورا چورنگی کے قریب دکاندار کو اغوا کرکے تاوان طلب کرنے والے ڈی ایس پی اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں ڈی ایس پی سمیت تین ساتھی اہلکاروں کو نامزد کیا گیا۔
    پولیس افسر پر دکاندار کو موبائل میں اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کا الزام ہے، سچل کی حدود صفورا گوٹھ سے کباڑی کو بغیر نمبر پلیٹ موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی موبائل چلارہا تھا اور دکاندار کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر گھمایا جاتا رہا، پولیس نے دکاندار کے پاس موجود رقم ہتھیالی اور اس کے ماموں کو فون کرکے مزید پیسے منگوائے۔
    دکاندار کے رشتے داروں نے 25 ہزار تاوان ادا کرکے اسے ڈی ایس پی سے چھڑوایا تھا۔ پولیس کو رقم ادا کرنے والوں نے موبائل فون سے ویڈیو بنالی تھی، تاجر کی درخواست پر ایس ایس پی ایسٹ کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شہر قائد میں شہری کو اغوا کر کے لوٹنے کے معاملے میں پولیس اہلکار ہی ملوث نکلے تھے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں تعینات سب انسپکٹر عبدالرحمان اور ایس آئی یو کے اہلکار امجد نے لیاری چیل چوک سے شہری کو اغوا کیا۔
    پولیس اہلکاروں نے شہری کو سپرہائی وے لے جا کر ڈرا دھمکا کر 25 لاکھ روپے چھینے اور شہری کو وہیں چھوڑ دیا۔ شہری کی اطلاع پر پولیس حکام نے ایس ایچ او کلاکوٹ کو مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے سب انسپکٹر عبدالرحمن اور کانسٹیبل امجد پر تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

  • کراچی میں وکیل پر کتوں کا حملہ، مالک کو گرفتار کرنے کا حکم

    کراچی میں وکیل پر کتوں کا حملہ، مالک کو گرفتار کرنے کا حکم

    عدالت نے کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل مرزا علی اختر پر حملہ کرنے والے پالتو کتوں کے مالک کی درخواست ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے سینئر وکیل مرزا علی اختر پر حملہ کرنے والے پالتو کتوں کے مالک ہمایوں خان کی درخواست ضمانت منسوخ کی۔ عدالت نے پولیس کو ملزم ہمایوں خان کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کی غفلت کی وجہ سے خطرناک کتوں نے وکیل کو کاٹا، کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے وکیل کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ہمایوں خان کے پالتو کتوں نے سینئر وکیل مرزا اختر علی کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دو کتوں کو وکیل پر حملہ کرتے دیکھا گیا تھا۔

    کراچی بار ایسوسی ایشن نے پالتو کتوں کی جانب سے سینئر وکیل کو کاٹنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ،مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ امور پر گفتگو

    وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ،مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ امور پر گفتگو

    وزیراعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے ملاقات کی اور کراچی و حیدر آباد میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز مختص کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
    وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں متعلقہ حلقوں کے مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ امور پر گفتگو کی گئی۔

    ایم کیو ایم وفد نے حیدر آباد میں یونیورسٹی کے لیے فنڈز مختص کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    ایم کیو ایم نے کراچی،حیدر آباد میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز مختص کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

  • کراچی کے نالوں کے اطراف لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک پہنچ گئی

    کراچی کے نالوں کے اطراف لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک پہنچ گئی

    شہر قائد کے گجر اور اورنگی ٹاؤن نالے کے اطراف لوگوں کو بے گھر کیے جانے پر اقوام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نالوں کے اطراف برسوں سے آباد لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک بھی پہنچ گئی ہے، یو این سے وابستہ انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایک لاکھ لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں اور غربت میں اضافہ ہوگا۔

    اقوام متحدہ نے مطالبہ کر دیا ہے کہ کراچی کے برساتی نالوں کوچوڑا کرنے کے لیے لوگوں کی بے دخلی کو فوراً روکا جائے۔

    یو این ماہرین نے کہا کہ کراچی میں گجر نالے اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن فوری روکا جائے، نالوں کو چوڑا کرنے کے لیے لوگوں کے مکانات توڑے جا رہے ہیں، اس سے ایک لاکھ افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ نالوں کے اطراف بستیوں کو مسمار کرنے سے پہلے متاثرین سے نہ تو مشاورت کی گئی، نہ ہی انھیں متبادل دیاگیا، اور نہ معاوضہ۔

    اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے کہا کہ شہریوں کو اتنے بڑے پیمانے پر بے دخل کرنے کی قانونی وجہ بھی غیر واضح ہے، لوگوں کو بے گھر کرنے سے غربت میں مزید اضافہ ہوگا، نالوں کی صفائی سے اب تک 66 ہزار 500 افراد متاثر ہو چکےہیں۔

    اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں اسٹے آرڈر کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

  • گورنر سندھ سےسعودی عرب کے سفیر کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

    گورنر سندھ سےسعودی عرب کے سفیر کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

    گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

    دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت باہمی تجارت، سرمایہ کاری،ماحولیات، توانائی پر تبادلہ خیال کیا۔

    گفتگو میں دوطرفہ تعاون و ہم آہنگی کے پہلوؤں کو مذید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں ان کو بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

    اس موقع پر گورنرسندھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں ۔
    پاک سعودیہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم و مضبوط ہوئے ہیں۔
    دونوں ممالک مذہب اور بھائی چارے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ اور تعاون جاری رکھا۔ پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔سعودی سرمایہ کار پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔سعودی سرمایہ کاری سے روزگار ، غربت میں کمی اور معاشی خوشحالی میں مدد ملی ہے۔

    سعودی سفیرنواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب خطہ میں پاکستان کو مضبوط ملک دیکھنا چاہتا ہے۔اس ضمن میں سعودی عرب اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

  • ماڈل تھانے ختم کرنے کا فیصلہ، آج سے آغاز

    ماڈل تھانے ختم کرنے کا فیصلہ، آج سے آغاز

      شہر قائد میں محکمہ پولیس نے ماڈل تھانے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، فیصلے کے بعد کراچی کے پہلے ماڈل تھانے کو ختم کر دیا گیا۔

      پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے زبانی احکامات جاری ہو گئے ہیں، پیر کے روز باقاعدہ آرڈر جاری کر دیا جائے گا۔

      یاد رہے کہ سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے یہ ماڈل تھانےقائم کرائے تھے، جب کہ موجودہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے متعلقہ افسران سے اس پر مشاورت کی گئی، اس سلسلے میں زون اور ڈسٹرکٹ افسران سے سفارشات اور رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

      سابق اے آئی جی نے ماڈل تھانے قائم تو کر لیے تھے لیکن محکمہ داخلہ کی جانب سے ماڈل تھانوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا۔

      آج سے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، ماڈل تھانہ لیاقت آباد اور سپر مارکیٹ کو الگ کر دیا گیا، کامران حیدر کو ایس ایچ او سپر مارکیٹ تعینات کیا گیا ہے، جب کہ ایس ایچ او لیاقت آباد رضوان پٹیل کو برقرار رکھا گیا۔

      باقاعدہ فیصلہ کراچی پولیس چیف متعلقہ افسران کی رپورٹ آنے کے بعد جاری کریں گے، پیر کے روز ماڈل تھانے ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

  • ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    اندرون سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد ریلوے پھاٹک پر ٹرین اور ایک گیس ٹینکر میں ٹکر ہو گئی، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج شام 5:30 بجے پر رحمان بابا ایکسپریس ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد پھاٹک پر سامنے سے آنے والے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی، حادثے کے باعث رحمان بابا ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    حادثے میں رحمان بابا ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہو گئے ہیں، ریل گاڑی پر سوار چند مسافر بھی معمولی زخمی ہو گئے، جب کہ گیس ٹینکر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر فرار ہوگئے۔

    حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک بند ہو گئے، ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی ہے، اطلاعات کے مطابق ٹینکر پھاٹک کراس کرتے ہوئے خراب ہونے سے ٹریک پر رک گیا تھا، حادثے میں ٹینکر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، تاہم حادثے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    روپورٹس کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے پنجاب جا رہی تھی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خدا آباد ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    حادثے میں ریل گاڑی کا ایک کوچ ڈی ریل ہو گیا ہے، رحمان بابا ایکسپریس کے انجن اور ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔

  • شوہر نے بیوی اور ساس کو قتل کردیا

    شوہر نے بیوی اور ساس کو قتل کردیا

    شہر قائد کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو قتل کردیا۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں اسحاق نامی شخص نے ذاتی رنجش پر فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق خواتین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے کے محرکات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں شوہر نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شوہر نے اپنی 40 سالہ بیوی اور 18 سالہ بیٹے کو قتل کیا، ملزم نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی شناخت 50 سالہ رضوان، 40 سالہ فاطمہ بیوی اور 18 سالہ وقاص کے ناموں سے ہوئی ہے۔