Baaghi TV

Category: کراچی

  • پاکستانی پُرامن قوم ،خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا،وزیراعلیٰ سندھ

    پاکستانی پُرامن قوم ،خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا،وزیراعلیٰ سندھ

    بھارت کے خلاف معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر کراچی میں نیوی ڈاکیارڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیان مرصوص، معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا کہ ملک کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، عوام اور ملک کی تمام سیاسی طاقتیں عسکری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں، گزشتہ سال آج کے دن دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی افواج کس قدر قابل ہیں، دنیا میں کوئی بھی طاقت پاکستانی افواج کا مقابلہ نہیں کرسکتی، بنیان مرصوص، معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا ہے،پاکستان کی خود مختاری ہمارے لیے سب سے پہلے ہے، عوام پاک افواج کے ساتھ کھڑے رہے اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، بنیان مرصوص میں شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارت نے میدان میں شکست کے بعد پروپیگنڈا کا سہارا لیا اور وہاں بھی منہ کی کھائی،پاکستانی پُرامن قوم ہے، اگر خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا۔

  • کراچی بار انتخابات میں مبینہ دھاندلی،سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی قرارداد منظور،اظہار تشویش

    کراچی بار انتخابات میں مبینہ دھاندلی،سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی قرارداد منظور،اظہار تشویش

    سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر اظہارِ تشویش کیا ہے اور دھاندلی کے خلاف متفقہ قراردار منظور کر لی ہے

    سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کے خصوصی جنرل باڈی اجلاس میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے اورکئی اہم مطالبات سامنے رکھ دیے گئے۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کا خصوصی جنرل باڈی اجلاس صدر محمد حسیب جمالی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کراچی بار کے الیکشن کے امیدوار اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے 8 مئی 2026 کو منظور کی گئی قرارداد میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں، دھاندلی اور کرپشن کی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وکلا برادری کے جمہوری حق اور شفاف انتخابی عمل کو متاثر کیا گیا، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مطالبہ کیا ہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کی موجودہ ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور سابق منتخب کمیٹی کو بحال کیا جائے تاکہ ادارے کا نظم و نسق شفاف انداز میں چلایا جا سکے۔ انتخابی دھاندلی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کیے جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے متفقہ طور پر منظور شدہ قرارداد میں آئندہ تمام سالانہ انتخابات کے لیے بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ انتخابی عمل کو شفاف اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ 15 روز کے اندر نئے انتخابات کرانے پر زور دیا گیا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے انتخابی دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے باضابطہ عدالتی انکوائری قائم کرنے، متعلقہ دفاتر کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے اور وکلا کے خلاف جاری کیے گئے شوکاز نوٹس فوری طور پر واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ وکلا برادری آئین، قانون اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی و جمہوری راستہ اختیار کرے گی۔


  • کراچی، پانی سے بھرےگڑھے میں ڈوب کر دو بچوں کی موت

    کراچی، پانی سے بھرےگڑھے میں ڈوب کر دو بچوں کی موت

    کراچی کے علاقے گلشن معمار کے قریب افسوسناک حادثے میں 2 بچے پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10 اور 11 سال تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں بچے کھیلتے ہوئے گڑھے کے قریب پہنچے جہاں وہ پانی میں ڈوب گئے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچوں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں ،اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے اور پانی سے بھرے گڑھوں کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پرسندھ اسمبلی پہنچ گئے-

    مرتضیٰ وہاب کے ایم سی ہیڈ آفس سے میٹنگ کے لیے سندھ اسمبلی الیکٹرک بائیک پر پہنچے جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ گیٹ پر پہنچے تو ایک پولیس والے نے انہیں پہچانا نہیں اور مرکزی دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جس پر میئر کے ساتھ آئے اہلکاروں نے پولیس والے سے دروازہ کھلوایا۔

    انہوں ںے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس دی ہیں، ملازمین کو مزید الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے تاہم سائیکل چلاتا رہا ہوں میں موٹر سائیکل پر اسمبلی آیا اور واپس اپنی نجی گاڑی میں جا رہا ہوں،مجھ سے بائیک چلانے کے لائسنس کا سوال پوچھا گیا مجھے نہیں پتا موٹر سائیکل اور کار کے الگ الگ ڈرائیونگ لائسنس ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے بائیک چلانے پر صارفین مرتضیٰ وہاب پر برس پڑے،ایک صارف نے لکھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب نے بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے قانون ساز ادارے سندھ اسمبلی تک اسکوٹی چلا کر اچھا کیا یا عوام کو غلط پیغام دیا؟ایک صارف نے لکھا کہ مرتضی وہاب کے آس پاس موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے ہیں لیکن وہ کھلم کھلا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،ایک صارف نے لکھا کہ قانون بنانے والے ہی جب قانون توڑنے لگیں تو ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں صرف غریب کو قانون کی لاٹھی سے ہانکتے ہیں ان کے لئے واقعی پیرس ہے۔

  • شرجیل میمن کا کراچی کے لیے مزید  ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان

    شرجیل میمن کا کراچی کے لیے مزید ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کراچی کے لیے مزید ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان کردیا۔

    شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کے لیے مزید ایک ہزار پنک ای وی اسکوٹیز خریدے گی جب کہ کراچی کیلئے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لارہے ہیں، صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے، بہت جلد لاڑکانہ، دادو،سیہون، حیدرآباد اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

  • کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی میں گرفتار ہونے والا ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوگیا۔

    پاک کالونی تھانے کی پولیس کی حراست میں گرفتار ملزم پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ شاہ زیب کے نام سے کی گئی پولیس کے مطابق ملزم کی وجہ موت کا فوری طور پر تعین نہیں ہوسکا۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ زون اسد رضا نے پاک کالونی پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ،انہوں نے اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

    اُدھر پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا جسے جمعرات کی صبح گرفتار کر کے لاک اپ میں رکھا گیا تھا اور دوران حراست اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ

    زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ

    ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ایک ہفتے کے دوران 21.293 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،جس کے بعد ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 21 ارب 29 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر 15.850 ارب ڈالر رہے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ ذخائر 5.442 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جس کے بعد مجموعی ملکی ذخائر 21.293 ارب ڈالر ہو گئے زیر جائزہ ہفتے کے دوران اس کے ذخائر میں 23 ملین ڈالر کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، جس سے مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 5.850 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری اور استحکام کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی ومقامی مارکیٹوں میں آج بھی سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 7800 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 96 ہزار 762 روپے ہو گئی ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت 6687 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 25 ہزار 893 روپے ہو گئی جبکہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 78 ڈالرز کے اضافے سے 4744 ڈالرز فی اونس ہو گیا۔

    دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 373 روپے کے اضافے سے 8ہزار 445 روپے کی سطح پر آگئی اسی طرح فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 320روپے کے اضافے سے 7ہزار 240روپے کی سطح پر آگئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 100 اور 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 517 روپے بڑھی تھی۔

  • کراچی میں جعلی کال سینٹر بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار

    کراچی میں جعلی کال سینٹر بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے ڈی ایچ اے فیز II ایکسٹینشن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم غیر قانونی کال سینٹر کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

    این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹر میں کام کرنے والے ایجنٹس خود کو غیر ملکی بینکوں کے نمائندے ظاہر کرتے تھے اور اسپوفنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بیرونِ ملک شہریوں کو نشانہ بنا کر ان سے سوشل سیکیورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخِ پیدائش، والدہ کا نام اور بینک کارڈز کے سی وی وی کوڈز سمیت حساس مالی معلومات حاصل کرتے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ حاصل کردہ معلومات کو بعد ازاں غیر قانونی مالی فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ چھاپے کے دوران 10 لیپ ٹاپس، 6 موبائل فونز اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکنگ ڈیٹا برآمد کیا گیا، جبکہ تمام ڈیجیٹل آلات اور شواہد موقع پر ہی ضبط کر لیے گئے۔

    این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 32/26 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16 اور 26 جبکہ پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 34 اور 109 شامل کی گئی ہیں۔ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سائبر کرائم اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں اور مالیاتی اداروں کو دھوکا دہی سے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • عطاء اللہ تارڑ نے سندھ کے اطہر میمن کو پی ٹی وی میں ملازمت دے دی

    عطاء اللہ تارڑ نے سندھ کے اطہر میمن کو پی ٹی وی میں ملازمت دے دی

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سندھ کے ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان اطہر میمن کو پاکستان ٹیلی وژن(پی ٹی وی) کراچی میں بطور ریسرچر ملازمت فراہم کر دی ہے۔

    وزیر اطلاعات کی جانب سے کیے گئے اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے ایک جانب صارفین نوجوان کی حوصلہ افزائی اور حکومتی اقدام کو سراہ رہے ہیں تو دوسری جانب بعض حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی جا رہی ہے کہ آیا ملازمت کے حصول کے لیے سوشل میڈیا پر اس نوعیت کی توجہ حاصل کرنا ضروری بنتا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اطہر میمن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ اپنے ماضی سے لے کر آج تک کے مشکل حالات کی کہانی بیان کر رہے تھے، انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے MBA کیا ہوا ہے،جس کے بعد عطاء اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ملاقات کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے اطہر میمن کو اپنی نشست پر بٹھایا ویڈیو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں نوجوان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور کہا کہ یہ لمحات اس کے لیے انتہائی خاص ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اطہر میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے انہیں عزت و احترام کے ساتھ اسلام آباد مدعو کیا جہاں انہیں پہلی مرتبہ ہوائی جہاز میں سفر کرنے کا موقع ملا ان کے مطابق ملاقات کے دوران انہیں ایک موبائل فون بطور تحفہ بھی دیا گیا جبکہ ملازمت فراہم کیے جانے کی خوشخبری بھی سنائی گئی تھی-