Baaghi TV

Category: کراچی

  • ناکارہ اور نکمی وفاقی حکومت نے غریب کو جیتے جی مار دیا ہے، شبیر انصاری

    ناکارہ اور نکمی وفاقی حکومت نے غریب کو جیتے جی مار دیا ہے، شبیر انصاری

    پاکستان مسلم لیگ (ن )سندھ کے نائب صدرو سابقہ رکن قومی اسمبلی شبیر حسن انصاری نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حالیہ اضافے کو ظلم کی انتہا ء قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نہ جانے کس ایجنڈے پر اور کس کے اشاروں پر عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہی ہے، مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے جو مہنگائی کا طوفان بر پاکردیا ہے وہ تبدیلی کے سونامی کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ غریب طبقہ آٹا، دال، چاول ، چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ غریب انسان کے لیئے ایک خواب بن گئی ہیں، بین الاقوامی منڈی میں مہنگائی ہونے کا بہانہ بنا کر موجودہ حکمران اپنی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں کی وجہ ہونے والے مسائل عوام سے چھپانا چاہتے ہیں ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اتنی بھی نہیں بڑھی ہیں جتنی پاکستان میں بڑھائی جارہی ہیں، تین سال سے زائد ہوگئے ہیں پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام کو سوائے مہنگائی، بیروزگاری ، مشکلات، آسرے اور تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، پی ٹی آئی والوں کے لیئے تو نا اہل لفظ بہت ہی چھوٹا ہے یہ لوگ تو بین الاقوامی طرز کے ناکارہ اور نکمے لوگ ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک کی کرنسی کی قدر اتنی کم ہوگئی ہے کہ بنگلادیش اور افغانستان جیسے ممالک بھی ہم سے آگے ہیں عمران خان پاکستان کے وزیراعظم نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں جو ملک وقوم کو آئی ایم ایف کی ڈیمانڈز اور فرمائشوں کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، آخر کب تک یہ ناکارہ لوگ عوام کا خون چوسیں گے جب تک یہ حکومت رہے گی غریب دو وقت کی روٹی کے لیئے پریشان اور بے حال ہی رہے گا اس وقت پٹرول پورے خطے میں سب سے مہنگا پاکستان میں فروخت ہورہا ہے جبکہ پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ جتنے ٹیکسز اس وقت ایک عام انسان سے لیئے جارہے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اور اس کے باوجود لوگ مہنگی بجلی، گیس، آٹا ، پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ خرید رہے ہیں اب تو عوام بھی یہی کہتی ہے کہ عمران خان اپنے نئے پاکستان کے ساتھ یہاں سے چلے جائیں اور ان کو میاں نوازشریف کے اس پرانے پاکستان میں جینے دیں جہاں چیزیں سستی اور خوشحالی تھی۔

  • وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرزکے خلاف متعلقہ حکام کوکارروائی کا حکم دے دیا۔

    اتوارکو جاری بیان میں وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے کہاکہ پیٹرول نالائق حکومت نے مہنگا کیا ہے، عوام نے نہیں،کرایوں میں اضافہ کسی ٹرانسپورٹرز کو نہیں کرنے دیں گے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کریں۔

    صوبائی وزیرنے کہاکہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 90 روپے تک ہونی چاہیے مگر حکومت بنی گالا کے کچن کا خرچہ بھی عوام کے جیب سے نکال کررہی ہے، دنیا میں اتنی کہیں بھی مہنگائی نہیں جنتی نئے پاکستان میں ہے۔

    اویس شاہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت پہلے ایمپائر کی انگلی کے اشاروں سے چلتی تھی اب جادو سے چل رہی ہے،مہنگائی کی وجہ سے غریب خودکشیاں کررہے ہیں،بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئے روزحکومت عوام کو مہنگائی کی سوئیاںِ لگارہی ہے، اب وقت آگیاہے کہ عوام بھی اس حکومت کو بنی گالا جاکر ایک سوئِی لگائے۔ صوبائی وزیر نے حکومت سے سوال کیا کہ عوام سے لیا جانے والا ٹیکس کہاں جارہا ہے، آئی ایم ایف سے لیا قرضہ کہاں خرچ ہورہا ہے، حکومت جواب دے۔

  • گلشنِ اقبال میں مبینہ مقابلہ، زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار

    گلشنِ اقبال میں مبینہ مقابلہ، زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار

    کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی ملزم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 3 میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 1 زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    گرفتار زخمی ملزم ساجد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، دیگر ملزمان میں سلیم اور عاطف شامل ہیں۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، 2 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ملزمان شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور اہلکاروں سے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیے گئے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں نے سائیکل مارکیٹ کا رخ کرلیا

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں نے سائیکل مارکیٹ کا رخ کرلیا

    حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں نے سائیکل مارکیٹ کا رخ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں نے سائیکل مارکیٹ کا رخ کیا تو وہاں بھی انہیں مایوسی ہوئی۔

    دکانداروں نے کہاکہ شہری سائیکل چلائیں اپنا خرچہ بچائیں اور صحت بھی اچھی بنائیں۔

    دوسری جانب کچھ خریدار سائیکل بھی مہنگی ہونے پر مایوس ہوگئے۔پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر پیٹرول پرائس کا ہیش ٹیگ بھی ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، شہریوں کی جانب سے میمز بناکر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ایک صارف نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بار بار کیوں پیٹرول مہنگا کرتے ہیں ایک ہی مرتبہ پانچ سو کا لیٹر کردیں۔

  • پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، خرم شیر زمان

    پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، خرم شیر زمان

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے صدر میں پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار متعلقہ اداروں سے گودام کی منتقلی کیلئے درخواست دی گئی ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ صدر کا علاقہ کاروباری حب ہے، پٹاخوں کے گودام کی موجودگی سے شبہ تھا کہ کوئی بڑا نقصان پیش آسکتا ہے۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ اداروں کی غفلت اور ناکامی کے باعث آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، متعلقہ اداروں سے درخواست ہے شہر بھر کے تمام پٹاخوں کے گوداموں کو فوری بند کیا جائے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقے صدر میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگ گئی۔

    صدر میں لگنے والی آگ کا دھواں دور دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں واقع پٹاخوں کے گودام میں آگ لگی ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری 2 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

  • پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر فہد مصطفیٰ کا عمران خان پر طنز

    پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر فہد مصطفیٰ کا عمران خان پر طنز

    اداکار فہد مصطفیٰ نے پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان پر طنز کیا ہے۔

    گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کردیا تھا۔ جس کے بعد پیٹرول 10 روپے 49 پیسے اضافے کے بعد 137 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

    اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی گزشتہ روز پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی ’’وہ چاہتا تو 20 روپے بڑھاسکتا تھا، مگر قوم کی خاطر صرف 10 روپے 49 پیسے بڑھائے۔۔۔ یہ ہوتا ہے لیڈر۔۔۔۔‘‘

    ایک صارف نے فہد مصطفیٰ سے ٹوئٹر پر سوال کیا ’’ڈیئر سر اب تھوڑا گھبرا لیں؟‘‘ صارف کے اس سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے کہا ’’تھوڑا نہیں اب کھل کے گھبرائیں‘‘۔

  • کراچی کے مرکز صدر میں پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی

    کراچی کے مرکز صدر میں پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی

    صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب گودام میں آگ لگ گئی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کی مصروف ترین مارکیٹ ایمپریس مارکیٹ صدر کے قریب واقع ایک گودام میں آگ لگ گئی، آگ اس قدر شدید تھی کہ قریبی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

    فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ بس اڈے سے متصل پٹاخوں کے گودام میں لگی، جس کے باعث وقتاً فوقتاً چھوٹے چھوٹے دھماکے ہوتے رہے جس سے قریبی عمارتوں کے رہائشی خوفزدہ ہوگئے، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر فوری قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، آتشزدگی سے اب تک گاڑی اور ٹرک کو نقصان پہنچا ہے، تاہم اتوار کے روز مارکیٹ بند ہونے کی وجہ سے رش کم تھا اور ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ۔

  • باغ جناح کراچی میں پیپلز پارٹی کا جلسہ، کارکنوں کی آمد

    باغ جناح کراچی میں پیپلز پارٹی کا جلسہ، کارکنوں کی آمد

    پیپلز پارٹی سانحہ کارساز کی برسی کی مناسبت سے باغ جناح میں جلسہ عام کررہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی18 اکتوبر 2007 کو کارساز میں ہونے والے دھماکوں میں جاں بحق افراد کی برسی کی مناسبت سے کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام کررہی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرمزار قائد کے اطراف والی تمام سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    جلسے میں نہ صرف کراچی بلکہ اندرون سندھ سے بھی کارکنوں کی آمد جاری ہے، جلسے میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک میں جاری مہنگائی اورمعاشی بدحالی کے خلاف پیپلزپارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

  • ایف  آئی اے کا نیشنل بینک کےہیڈ آفس پر چھاپہ،نائب صدر گرفتار

    ایف آئی اے کا نیشنل بینک کےہیڈ آفس پر چھاپہ،نائب صدر گرفتار

    ڈالرز کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایف آئی اے حکام نے نیشنل بینک کے ہیڈ آفس پر چھاپہ مار کر بینک کے نائب صدر کو گرفتار کرلیا۔

    وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے ہفتے کی رات نیشنل بینک آف پاکستان کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مار کر بینک کے نائب صدر کو حراست میں لیا جبکہ ایک خاتون افسر سمیت بینک کے مزید 3 افسران چھاپے سے قبل فرار ہوگئے۔

    رابطہ کرنے پر نیشنل بینک کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس چھاپے سے لاعلم ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ کارروائی بھی ڈالروں کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

    ایف آئی اے حکام نے منگل کو بھی کراچی کے علاقے صدر اور گلشن اقبال میں منی ایکس چینج کمپنی کے دفاتر پر چھاپہ مار کر 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کی تحویل سے 7.6 ملین روپے ، 36،394 ڈالر اور 3 ملین روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی ضبط کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کو روکنے کے لیے کئی اقدامات کیے لیکن ڈالر کی مبینہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ روپے کی قدر میں مزید کمی کا باعث بنی ہے۔

  • سانحہ کارساز: پیپلزپارٹی آج جناح گرؤانڈ میں جلسہ کریگی

    سانحہ کارساز: پیپلزپارٹی آج جناح گرؤانڈ میں جلسہ کریگی

    ‏پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج کارساز سانحے کے 14ویں یوم شہادت کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    پاکستان پیپلزپارٹی کے تحت جلسہ عام آج باغ جناح کراچی میں ہوگا، جلسے کا آغاز شام ساڑھے چار بجے سے ہوگا ‏پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج جلسہ عام میں اہم اعلانات بھی کریں گے ربیع الاول کی مناسبت سے جلسہ عام 18 اکتوبر کے بجائے 17 اکتوبر کو منعقد کیا جارہا ہے ‏شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آمد پر اکتوبر 2007 میں کارساز کے مقام پر دو بم حملوں میں 177 کارکنان شہید جبکہ 630 سے زائد زخمی ہوئے

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک اور جمہوریت کے لئے قربانی دینے والے تمام شہداء کی وارث ہے ‏شہداء کارساز کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری جیالے ملک میں کٹھ پتلی تماشے کا خاتمہ کر کے دم لیں گے

    جلسے کی تمام تيارياں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ میں پنڈال کو بھی پارٹی جھنڈوں سے سجایا گیا ہے۔ جب کہ جلسہ گاہ کے اندر اور باہر کنٹينرز کی مدد سے سيکيورٹی حصار قائم کیا گیا ہے۔قبل ازیں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے باغ جناح کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ نثار کھوڑو کے مطابق جلسہ شام 4 بجے شروع ہوگا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے دیگر رہنما خطاب کریں گے۔دوسری جانب شہدائے کارساز کی یادگار پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شمعیں روشن کیں اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔