Baaghi TV

Category: لاہور

  • اداکار سلطان راہی کا بھی مزار بن گیا،ویڈیو

    اداکار سلطان راہی کا بھی مزار بن گیا،ویڈیو

    اداکار سلطان راہی کا بھی مزار بن گیا-

    اداکار سلطان راہی کا بھی مزار بن گیا، کرامات کی کہانیاں پھیلنا شروع،ہوگئیں مرید آنے لگے اور نذرانے و چڑھاوے چڑھانے لگےمگر زائرین کے لیے ضروری ہدایت یہ ہے کہ اگر وہ "راہی بابا” کے گیٹ اپ میں آئیں گے تو انکی مرادیں جلدی قبول ہونگیں۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں چند افراد کوسلطان راہی کے گیٹ اپ میں سلطان راہی کے مزار سے فاتحہ خوانی کر تے دیکھا جاسکتا ہے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد یہ افراد کو ہاتھ باندھ کر عقیدت سے مزار کے احاطے سے باہر نکلے-

    https://x.com/BaaghiTV/status/1959160082383741154

    سلطان راہی 24 جون 1938 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے اور 1959 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کے فلمی سفر نے پنجابی سینما کو نئی بلندیوں پر پہنچایاان کی فلمیں باکس آفس پر بے مثال کامیابی حاصل کرتی رہیں اور ان کے ڈائیلاگز کا ہر جگہ چرچا رہامصطفیٰ قریشی کے ساتھ سلطان راہی کی جوڑی نے فلموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی فلم "مولا جٹ” کی کامیابی آج بھی یاد کی جاتی ہے۔

    انہوں نے آسیہ، بابرہ شریف، اور دیگر معروف اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا، لیکن انجمن کے ساتھ ان کی جوڑی نے سلور اور گولڈن جوبلی کے ریکارڈ قائم کیے،یادگار فلموں میں "شعلے”، "چن وریام”، "شیر خان”، "وحشی جٹ”، اور "سالا صاحب” شامل ہیں جو آج بھی فلمی دنیا کی میراث سمجھی جاتی ہیں۔ حیدر سلطان راہی اپنے والد کو ایک عظیم فنکار کے ساتھ ایک عظیم انسان بھی مانتے ہیں۔

    سلطان راہی نے 800 سے زائد فلموں میں کام کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہیں صدارتی ایوارڈ سمیت 150 سے زائد ملکی اور غیر ملکی اعزازات سے نوازا گیا،9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ کے قریب ڈاکوؤں نے ان کی زندگی کا چراغ گل کر دیا، لیکن ان کی یادیں آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

  • لاہور: فیکٹری ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ،  دو ملزمان ہلاک

    لاہور: فیکٹری ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان ہلاک

    لاہور کے فیکٹری ایریا میں سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم اور مبینہ ملزمان کے درمیان پیش آنے والے پولیس مقابلے میں زیر حراست دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک اور علیحدہ واقعے میں سبزہ زار کے علاقے سے ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم نے مختلف مقدمات میں گرفتار دو ملزمان، مون اور حفیظ کو تفتیش کے سلسلے میں والٹن روڈ کے قریب ریکوری کے لیے لے جا رکھا تھا۔ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان، جو کہ مبینہ طور پر مون اور حفیظ کے ساتھی تھے، نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست دونوں ملزمان گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گولیاں ان کے اپنے ساتھیوں کی جانب سے چلائی گئیں۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو جنرل ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ایک اور واقعہ لاہور کے سبزہ زار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن پولیس نے ایک مشتبہ کار چور کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ کار چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مقابلے کے دوران راشد کو گولی لگی، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ راشد سے ابتدائی تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دونوں واقعات کی مکمل انکوائری کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

  • پی ایس ایل کے 10 سال مکمل، پی سی بی کا دستاویزی فلم بنانے کا اعلان

    پی ایس ایل کے 10 سال مکمل، پی سی بی کا دستاویزی فلم بنانے کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 سال مکمل ہونے پر خصوصی دستاویزی فلم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

    دستاویزی فلم پی ایس ایل کے 2016 سے 2025 تک کے دس سالہ سفر پر مبنی ہوگی، جس میں ٹورنامنٹ کے اتار چڑھاؤ اور اہم سنگ میل کو دکھایا جائے گا،ڈاکیومینٹری میں پی ایس ایل کی دبئی سے پاکستان منتقلی، غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے مشکل مرحلے اور ایونٹ کو درپیش بڑے چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی،فلم میں کورونا وائرس کے دوران پی ایس ایل کو درپیش چیلنجز، ملتوی میچز، بائیو سکیور ببلز اور اس مشکل دور میں لیگ کو جاری رکھنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

    دستاویزی فلم میں یہ بھی دکھایا جائے گا کہ کس طرح پاکستان سپر لیگ دنیا کی نمایاں کرکٹ لیگز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی اور آج اسے دنیا کی سب سے پرکشش فرنچائز لیگز میں شمار کیا جاتا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ اس پروجیکٹ کیلئے شہرت یافتہ اور تجربہ کار فلم ساز کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا خواہش مند ہے تاکہ اس تاریخی سفر کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ کیا جا سکے،اس پروجیکٹ کی نگرانی اور تیاری کیلئے بورڈ کی جانب سے ابتدائی مشاورت کا عمل جاری ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی فلم کی تیاری کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

  • 9 مئی کے ماسٹرمائنڈ کو اپنے گناہوں کا حساب دینے کا وقت ہے،عظمیٰ بخاری

    9 مئی کے ماسٹرمائنڈ کو اپنے گناہوں کا حساب دینے کا وقت ہے،عظمیٰ بخاری

    لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ 9 مئی کو حملہ کرنے اور کروانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں،سیاست کی آڑ میں ریاست پر چڑھائی کرکے قوم کی کون سی خدمت کی گئی؟-

    عظمیٰ بخاری نےعلیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی گرفتاری پر جاری بیان میں کہا کہ 9 مئی ایک ناکام بغاوت تھی جس کے تمام شواہد منظر عام پر آچکے، ناکام بغاوت اور سازش کے مرتکب کردار سیاسی لبادے میں نہیں چھپ سکتے، 9 مئی حملہ کرنے اور کروانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں،سیاست کی آڑ میں ریاست پر چڑھائی کرکے قوم کی کون سی خدمت کی گئی؟ قوم 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولتکاروں کا مکمل احتساب چاہتی ہے، 9 مئی کے ماسٹرمائنڈ کو اپنے گناہوں کا حساب دینے کا وقت ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان نے د عویٰ کیا تھا کہ 4 مسلح نقاب پوش ان کے بیٹے شاہ ریز کو گھر سے اغوا کرکے لےگئے ہیں جس کے بعد لاہورپولیس نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی تھی،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بتایا تھا کہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے، شاہ ریز 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب تھابعد ازاں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں شاہ ریز خان کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

  • عمران خان کی ضمانت،جشن منانے والے 7 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    عمران خان کی ضمانت،جشن منانے والے 7 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرنے والے سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد نے مال روڈ پر بلاک کر کے ٹریفک کا بہاؤ متاثر کیا تھا۔

    تھانہ سول لائنز لاہور کی حدود میں گرفتار افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور موقع سے کچھ خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور کے تھانہ سول لائن کی حدود میں عمران خان کی سپریم کورٹ سے ضمانت کی خوشی میں ایک فیملی نے کچھ افراد کے ساتھ مل کر مٹھائیاں تقسیم کیں، نتیجتاً بچوں سمیت اس فیملی کو بھی تھانے لے جایا گیا۔پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹر پر کہا کہ ایس ایچ او سول لائن ندیم کمبوہ نے 3، 4 اور 5 سال کی تین بچیوں اور ایک 2 سالہ بچے کو والدین سمیت گرفتار کیا۔ ان کا جرم صرف اور صرف عمران خان کی ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنا تھا۔ قاسم خان سوری کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین تھانے کے کمرے میں موجود ہیں، جہاں ایک پولیس اہلکار بغیر کسی لحاظ کے سیگریٹ پی رہا ہے پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ بالآخر ننھے بچوں اور فیملی کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کہ پاکستان میں دو سے پانچ سال کے بچوں کو مٹھائی بانٹنے کے جرم میں تھانے میں حبس بےجا میں رکھا گیا۔

  • علیمہ خان  کے بیٹے کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    علیمہ خان کے بیٹے کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی 2023 کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    قبل ازیں انسدا دہشتگردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں گرفتار بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا

    بانی پی ٹی آئی کے گرفتار بھانجے شاہ ریز خان کوعدالت پیش کردیاگیا،پولیس کی جانب سے شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی ہے۔اے ٹی سی جج منظر علی گل نےکیس کی سماعت کی،دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت میں کہاکہ شاہ ریزخان جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کو کب نامزد کیاگیا؟تفتیشی افسر نے کہاکہ 23ستمبر 2023سے شاہ ریز خان مقدمے میں نامزد ہے،ملزم کو ضمنی بیانات کی روشنی میں نامزدکیاگیا، عدالت نے ملزم شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاتھا جو اب سنا دیا گیا ہے

  • 4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے،علیمہ خان کا الزام

    4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے،علیمہ خان کا الزام

    تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ 4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے۔

    علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ شاہریز کو لاہور میں میرے گھر سے اغواء کیا گیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس چار مسلح افراد کچن کے راستے گھر میں داخل ہوئے، میرا بیٹا اپنی بیوی اور والد کے ہمراہ گھر کی بالائی منزل پر تھا، مسلح افراد نے گھر میں ڈائیورز کو بھی ہراساں کیا۔

    دوسری جانب سلمان اکرم راجہ نے بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کی لاہور کی رہائشگاہ پر سادہ لباس میں افراد حملہ آور ہوئے،علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو اغواء کر لیا گیا، اہلخانہ کو ہراساں کیا، بانی پی ٹی آئی کی بہن کے گھر کے ملازمین کو مارا پیٹا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہ ریز کو بیڈ روم سے اغواء کر کے لے گئے۔پی ٹی آئی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ شاہ ریز خان کے دو بچوں کے سامنے کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا، گزشتہ روز شاہ ریز خان کو اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی آف لوڈ کیا گیا شاہ ریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہ ریز خان کو بازیاب کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

  • لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے پہلے کا جائیداد کا تنازعہ حل کردیا

    لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے پہلے کا جائیداد کا تنازعہ حل کردیا

    لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے پہلے شروع ہونے والا جائیداد کا تنازع حل کردیا-

    جسٹس خالد اسحاق نے جمشید سمیت دیگر کی اپیل پر 29 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیاعدالت نے قرار دیا کہ غفوراں بی بی اپنی زندگی میں کبھی عدالت نہیں گئیں اور ان کی وفات کے بعد اولاد نے 21 برس تک خاموشی اختیار کیے رکھی، اچانک 2009 میں 1952 کے معاہدے کے خلاف دعویٰ دائر کردیا جو قانون کے مطابق قابل سماعت نہیں تھا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ 1945 میں کریم بخش کی بھارت کے موضع براس میں زمین تھی، قیام پاکستان سے پہلے کریم بخش کا انتقال ہوچکا تھا، ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی پاکستان ہجرت کر کے آئے، کریم بخش کی جائیداد بڑے بیٹے عبدالغفور کے نام ہوئی لیکن وہ قیام پاکستان کے وقت ہی جاں بحق ہو گئے۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عبدالغفور کی بیوہ اور بھائی نے 1948 کے سیٹلمنٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن آرڈیننس کے تحت بھارت کی زمین کے عوض پاکستان میں جائیداد مانگی جس پر 1952 میں کامونکی میں پراپرٹی الاٹ کی گئی اور اس معاہدے میں عبدالغفور کی بیوہ اور بھائی کو شریک کیا گیا، معاہدے میں بہن غفوراں بی بی کا ذکر نہیں تھا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ غفوراں بی بی 1988 تک زندہ رہیں لیکن انہوں نے کبھی اس معاہدے کو چیلنج نہیں کیا، ان کے بھائی 1985 تک زندہ رہے اور پراپرٹی ان کی اولاد میں تقسیم ہو گئی، غفوراں بی بی کی اولاد نے پہلی بار 2009 میں دعویٰ دائر کیا جو ٹرائل کورٹ نے 2013 میں خارج کردیا، بعدازاں اپیلٹ کورٹ نے یہ دعویٰ منظور کرتے ہوئے بہن کی اولاد کے حق میں فیصلہ دیا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے سامنے تین سوالات تھے، کیا تاخیر سے دائر دعویٰ قابلِ سماعت ہے یا نہیں؟ کیا بھارت سے منتقل شدہ جائیداد پر شریعت کا قانون لاگو ہوتا ہے؟ اور کیا 1952 میں بہن کو حصہ نہ دینا درست تھا؟

    عدالت نے قرار دیا کہ تاخیر سے دائر دعویٰ قانون کے مطابق ناقابل سماعت ہے، 1952 کے معاہدے میں شریعت ایکٹ لاگو تھا اور بہن یا ان کی اولاد نے دہائیوں تک کوئی آواز نہ اٹھا کر دعویٰ کرنے کا حق کھو دیا، اس بنیاد پر ہائیکورٹ نے اپیل منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا بہن کی اولاد کے حق میں فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

  • پنجاب پولیس کو جاپان ماڈل پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ

    پنجاب پولیس کو جاپان ماڈل پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    منصوبے میں ٹریفک مینجمنٹ، حادثات کی روک تھام اور موسمیاتی صورتحال سے عوام کو بروقت آگاہی کے نظام کو متعارف کرایا جائے گا.پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز جاپان کے حالیہ دورے سے واپسی پر منصوبے پر باضابطہ عملدرآمد کا آغاز کریں گی۔مریم نواز نے ٹوکیو میں نیشنل پولیس ایجنسی ہیڈ آفس کا معائنہ کیا۔جاپانی سسٹم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان میں امن و امان کی صورتحال قابلِ تقلید ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔مریم نواز کے مطابق پنجاب میں جرائم کے خاتمے کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔اس ادارے کے قیام کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔جرائم کا گراف پہلی بار 70 فیصد سے بھی نیچے آ چکا ہے۔

    اسرائیل نے مغربی کنارے میں متنازع بستی کے قیام کی منظوری دے دی

    حج 2026: سرکاری اسکیم میں صرف 1640 نشستیں باقی

    محمد رضوان پہلی بار کیریبئن پریمیئر لیگ کھیلیں گے

    نائجیریا: مسجد پر مسلح افراد کا حملہ، 50 سے زائد افراد شہید

    اندرون سندھ میں طوفانی بارشیں، نظام زندگی مفلوج، ایک بچہ جاں بحق

  • کمسن بچوں بارے فحش مواد شیئر کرنے والا ملزم گرفتار،مقدمہ درج

    کمسن بچوں بارے فحش مواد شیئر کرنے والا ملزم گرفتار،مقدمہ درج

    لاہور: این سی سی آئی اے کی کارروائی ، کمسن بچوں بارے فحش مواد شیئر کرنے والا ملزم گرفتارکر لیا گیا

    کارروائی امریکی ادارے NCMEC کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی،ایف آئی آر نمبر 202/25 درج کر لی گئی،ملزم میاں مومن احمد نے اسنیپ چیٹ کے ذریعے فحش مواد شیئر کیا،کارروائی سائبر کرائم ایکٹ کی دفعہ 22 کے تحت کی گئی،تفتیش ایس آئی شفقات احسان کے سپرد کر دی گئی،مزید تحقیقات جاری ہے،

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور نے 20 اگست 2025 کو ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال اور سیکس ٹورشن کے مقدمے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقدمہ نمبر 202/2025 کے تحت درج ایف آئی آر کے مطابق، ملزم میاں مومن احمد ولد میاں خالد احمد، رہائشی چونگی امر سدھو، لاہور کینٹ، کے خلاف سیکشن 22 کے تحت پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ (PECA) 2016 کے تحت کارروائی کی گئی۔ ملزم کا موبائل نمبر +923164422074 اور ای میل mk7285632@gmail.com کی مدد سے اس کے خلاف شواہد جمع کیے گئے۔

    NCCIA کی ٹیم نے تکنیکی معاون غلام مصطفیٰ، ذیشان انجم، اور محمد افتخار کی نگرانی میں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ملزم سے ایک موبائل فون اور متعلقہ سم قبضے میں لیے گئے، جن کی جانچ پڑتال کے بعد موبائل میں موجود بچوں کی جنسی مواد کی تصاویر اور اسکرین ریکارڈنگز کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ موقع پر کی گئی تفتیش میں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا۔سب انسپکٹر شفقت احسن کی سربراہی میں جاری تفتیش میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، تفتیش مکمل ہونے کے بعد مجرمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

    NCCIA لاہور کے انسپکٹر عاقب علی خان نے بتایا کہ ملک بھر میں سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس طرح کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ واقعہ ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور سائبر کرائم کے خلاف بڑھتی ہوئی کوششوں کا مظہر ہے۔ شہریوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔