Baaghi TV

Category: لاہور

  • ایتھوپیا،آتش فشاں پھٹ گیا، راکھ کے بادل پاکستان تک پہنچ گئے

    ایتھوپیا،آتش فشاں پھٹ گیا، راکھ کے بادل پاکستان تک پہنچ گئے

    ایتھوپیا میں 12 ہزار سال سے خاموش آتش فشاں پھٹ گیا، آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے بادل یمن، عمان، بھارت اور پاکستان تک پہنچ گئے۔

    محکمہ موسمیات نے پہلی بار کسی آتش فشاں کی راکھ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے،ترجمان کے مطابق آتش فشاں کی راکھ گوادر کے جنوب میں 60 ناٹیکل میل پر دیکھی گئی،راکھ 45ہزار فٹ کی بلندی پر تھی، پاکستان کی اندرون ملک پروازیں 34 سے 36 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتی ہیں،بین الاقوامی پروازوں کے جہاز 40 سے 45 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتے ہیں،راکھ بین الاقومی پروازوں کے جہاز کے انجن کو متاثر کرسکتی ہے۔

    دوسری جانب بھارتی شہری ہوابازی کے ادارے ڈی جی سی اے اور ممبئی و دہلی کے موسمیاتی مشاہدہ دفاتر نے فضائی کمپنیوں کیلئے سخت الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں راکھ والے علاقوں کے اوپر پرواز نہ کرنے کی ہدایت دی ہے،آتش فشاں کے دھماکے کے فوراً بعد راکھ کا بادل تقریباً 30 سے 35 ہزار فیٹ کی اونچائی تک پہنچا، جو انہی فضائی پرتوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے زیادہ تر بین الاقوامی پروازیں گزرتی ہیں۔ ہواؤں کا رخ خلیجی ممالک کی طرف تھا، اسی وجہ سے یہ بادل سیدھا عمان کی جانب بڑھا اور پھر بحیرہ عرب کے اوپر سے گزرتا ہوا 24 نومبر کی شام بر صغیر تک آ پہنچا،موسمیاتی ماہرین کے مطابق اس وقت مہاراشٹر، گجرات، راجستھان اور وسطی ہندوستان کے اوپر کی ہوا میں راکھ کے باریک ذرات موجود ہیں جو پروازوں کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

    طیاروں کے ماہرین کہتے ہیں کہ آتش فشانی راکھ ہوابازی کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ عناصر میں شامل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ راکھ انجن میں داخل ہو کر پگھلتی ہے اور ٹربائن کے اندر جم کر رکاوٹ پیدا کرتی ہے، جس سے انجن بند ہونے تک کا خدشہ رہتا ہے۔ صرف انجن ہی نہیں بلکہ جہاز کی سامنے والی شیشے کی پرت بھی بری طرح کھرچ جاتی ہے، جس سے پائلٹ کے لیے منظر دھندلا ہو جاتا ہے۔ آلات اور سینسر بھی خراب ہو سکتے ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ راکھ عام موسمی ریڈار پر صاف دکھائی نہیں دیتی، لہٰذا خطرہ اچانک اور بغیر پیشگی خبر کے سامنے آ سکتا ہے۔

  • پیپلز پارٹی ذمہ دار اتحادی، بائیکاٹ سیاسی غلطی ہے: عطا تارڑ

    پیپلز پارٹی ذمہ دار اتحادی، بائیکاٹ سیاسی غلطی ہے: عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار اور مضبوط اتحادی ہے، اور حکومت ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مظفرگڑھ کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ نتیجہ سیاسی عمل میں باہمی اعتماد اور تعاون کا مظہر ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل ہمیشہ مکالمے، کھلے دروازوں اور بات چیت سے آگے بڑھتا ہے، جبکہ مستقل مزاجی اور جمہوری شمولیت مضبوط سیاسی نظام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ سیاسی شرکت کے بغیر اصلاحات ممکن ہیں۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کرنا ہے، کیونکہ کسی عمل میں شریک ہوئے بغیر دھاندلی کا الزام لگانا مناسب طرزِ عمل نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں بھرپور شمولیت سے نہ صرف عوام کا اعتماد بڑھتا ہے بلکہ سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی طاقت اور عوامی حمایت کا صحیح اندازہ ہوتا ہے۔

    اسکول چھوڑنے کی بلند شرح،بلوچستان میں ارلی وارننگ سسٹم متعارف

    ملائیشیا، کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بھی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوری عمل کو مستحکم بنانے کے لیے کام کرتی رہے گی

  • سیکیورٹی میں نیا اضافہ،سی ٹی ڈی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ فعال

    سیکیورٹی میں نیا اضافہ،سی ٹی ڈی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ فعال

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ موبائل یونٹ ایک چلتا پھرتا ہیڈ کوارٹر ہوگا، جسے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں تکنیکی برتری فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ خصوصی طور پر حساس پروگراموں کے دوران استعمال ہوگا، جن میں رائیونڈ اجتماع، داتا دربار، کرکٹ میچز اور دیگر بڑے ایونٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یوم عاشور اور بڑے سیاسی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے بھی اسے موثر طور پر استعمال کیا جائے گا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق حساس پروگراموں کی مانیٹرنگ، کمانڈ اور کوآرڈی نیشن ایک ہی موبائل وین سے سرانجام دی جائے گی، جبکہ لائیو آپریشنز کے دوران فورس کو ڈیٹا، ویڈیو فیڈ اور تجزیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔مزید بتایا گیا کہ یہ موبائل یونٹ لاہور سے کراچی، کوئٹہ، پشاور اور سرحدی علاقوں تک بطور بیک اپ کمانڈ سینٹر کام کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس جدید یونٹ کے ذریعے جلسوں، جلوسوں اور بڑے اجتماعات کی سیکیورٹی مزید مؤثر اور مربوط ہو جائے گی

    پاکستان کا سری لنکا دورہ، 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا امکان

    بنگلادیش کو برآمد کے لیے 1 لاکھ ٹن چاول خریداری کا ٹینڈر جاری

    شی جن پنگ اور ٹرمپ کا ٹیلیفونک رابطہ، تائیوان سمیت اہم امور پر گفتگو

  • بچوں پر تشدد ، پنجاب میں 4150 سے زائد واقعات رپورٹ

    بچوں پر تشدد ، پنجاب میں 4150 سے زائد واقعات رپورٹ

    سال 2025 کی پہلی ششماہی میں پنجاب میں بچوں کے خلاف تشدد کے 4,150 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ اعدادوشمار سسٹینیبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کی فیکٹ شیٹ میں جاری کیے گئے، جو جنوری تا جون 2025 کے واقعات پر مشتمل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 3,989 کیسز میں چالان پیش کیا گیا جبکہ 3,791 مقدمات زیرِ سماعت رہے۔ روزانہ اوسطاً 23 کیسز رپورٹ ہوئے۔ششماہی کے دوران صرف 12 سزائیں ہو سکیں، جبکہ سزاؤں کی مجموعی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی۔جنسی زیادتی کے 717 کیسز — کوئی سزا نہیں،بچوں سے بھیک منگوانا: 2,693 کیسز — کوئی سزا نہیں،اسمگلنگ: 332 کیسز — 4 سزائیں ،چائلڈ لیبر: 182 کیسز — 8 سزائیں،جسمانی تشدد (87 کیسز)، اغوا (27 کیسز) — کوئی سزا نہیں اور بچوں کی شادی: 12 کیسز — کوئی سزا یا بریت نہیں.رپورٹ کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ بچوں کے استحصال اور اسمگلنگ کے بڑے ہاٹ اسپاٹس ہیں، جبکہ لاہور میں سب سے زیادہ جنسی زیادتی، بھکاری بازی اور اسمگلنگ کے کیسز سامنے آئے۔

    ایس ایس ڈی او نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے نظام میں سنگین خامیاں، کمزور تفتیش، سست عدالتی عمل اور کم رپورٹنگ کے رجحانات تشویشناک ہیں۔تنظیم نے فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا، جن میں تفتیشی نظام بہتر بنانے، مقدمات کی تیز سماعت، محکموں کے درمیان تعاون، بچوں کے تحفظ کے یونٹس کی توسیع اور عوامی سطح پر آگاہی مہم شامل ہیں۔

    اس ماہ کے آغاز میں وزارتِ انسانی حقوق اور عالمی ادارۂ صحت نے بچوں کے خلاف تشدد کے تدارک کے لیے قومی اسٹریٹجک ایکشن پلان کی تیاری پر مشاورت بھی شروع کر دی ہے

    لاہور ، پشاور اور کوئٹہ کے پی ایس ایل معاہدوں میں مزید 10 سال کی توسیع

    غزہ تک صحافیوں کی رسائی میں تاخیر پر ایف پی اے کا شدید اظہارِ تشویش

  • سندھ پر قبضے کا بھارتی وزیر دفاع کا بیان گیدڑ بھبکی،قوم متحد ہے،خالد مسعود سندھو

    سندھ پر قبضے کا بھارتی وزیر دفاع کا بیان گیدڑ بھبکی،قوم متحد ہے،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا سندھ پر قبضے کا بیان گیدڑ بھبکی، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کی وجہ سے مودی سرکار ابھی تک بوکھلاہٹ کا شکار ہے،اب اگر بھارت نے کوئی غلطی کی تو آپریشن سندور کو بھول جائے،راجناتھ سنگھ کا بیان اشتعال انگیز،غیر ذمہ دارانہ ہے

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے مقابلے میں مکمل طور پر متحد ہے،عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے،پاکستان عالمی دنیا کے سامنے کئی بار بھارتی دہشت گردی ،خطے میں بدامنی کے ثبوت پیش کر چکا ہے،بھارتی سازشوں کے خلاف قوم ایک ہے، پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، پاکستان کا دفاع مستحکم،مسلح افواج قومی اتحاد کے ساتھ اپنے ہر انچ کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں، راجناتھ سنگھ سن لیں،سندھ پاکستان تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا

  • اسلامک یکجہتی گیم میں گولڈ میڈل جیت کرارشد ندیم لاہور پہنچ گئے،سرکاری حکام استقبال کو نہ آئے

    اسلامک یکجہتی گیم میں گولڈ میڈل جیت کرارشد ندیم لاہور پہنچ گئے،سرکاری حکام استقبال کو نہ آئے

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد پابندی کو ختم کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس بی کے ثالث سینیٹر پرویز رشید نے کوچ سلمان بٹ پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سلمان بٹ پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے تاحیات پابندی عائد کردی تھی،بعد ازاں سلمان بٹ نے اس پابندی کو اسپورٹس بورڈ کے آئین کے مطابق چیلنج کیا تھا جس کے پیش نظر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی ایس بی ثالث نے پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ پی ایس بی ثالث کے فیصلے کے مطابق سلمان بٹ کے خلاف کارروائی میں ایتھلیٹکس فیڈریشن نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا تھا، نہ کوئی چارج شیٹ فراہم کی گئی اور نہ ہی کوئی سماعت کا موقع دیا گیا چنانچہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور ارشد ندیم کے کوچ پر پابندی سے ارشد ندیم کی تیاریوں کو بھی متاثر کیا گیا ۔

    دوسری جانب پی ایس بی ایڈجیوڈیکیٹر نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو سلمان بٹ کے خلاف بیان سے بھی روک دیا ہے،پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے معاملات براہ راست ایتھلیٹکس فیڈریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں تھے ،پی اے اے کے انتخابات پنجاب اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپکس کے زیر نگرانی ہوئے تھے ،مزید برآں اسپورٹس بورڈ نے اے ایف پی کا پنجاب ایتھلیٹکس الیکشن کالعدم کرنے کا فیصلہ بھی معطل کردیا ہے۔

    علاوہ ازیں اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم اور یاسر سلطان سعودی عرب میں ہونیوالی اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں سونے اور چاندی کے تمغے جیتنے کے بعد لاہور پہنچ گئے۔وزیر کھیل سمیت اعلیٰ حکام کی جانب سے دونوں ایتھلیٹ کے استقبال کیلئے کوئی نہیں پہنچا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد بہت محنت کی، انجری کے بعد گولڈ میڈل جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے، 2026ء کے ایونٹ کیلئے سخت محنت کروں گا۔یاسر سلطان کا کہنا تھا کہ حکومت ہماری سہولیات بہتر کرے، پریکٹس کیلئے جیولن ارشد ندیم سے مانگتا ہوں۔

  • پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، مریم نواز

    پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، مریم نواز

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بیانیے پر نہیں کارکردگی پر ضمنی الیکشن جیتا، آج نہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو پی ٹی آئی کو جتواتے تھے۔

    صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے 2024 کے الیکشن میں ہاری ہوئی اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں، ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ کیا، الیکشن بیانیوں سے نہیں کارکردگی کے بل بوتے پر جیتا جاتا ہے، عوام نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد کر کے ووٹ دیا،تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا، گلگت بلتستان میں کامیاب جلسے کیے لیکن ہم سے سیٹیں چھینی گئیں، سب کو پتا ہے کہ دھاندلی کب اور کس کے لیےہوئی تھی، لیکن مسلم لیگ ن اپنے موقف پر قائم رہی، لوگ اب بیانیوں سے تنگ آ گئے ہیں، بیانیوں سے ملک ترقی نہیں کرتے، کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ ہو ہی نہیں سکتا۔

    مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہری پور میں مسلم لیگ ن کی جیت کو سب نے دیکھا، بیانیے والوں کو کام کرنا نہیں آتا، صرف نوجوانوں کو گمراہ کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہو گئے، 2018 میں ملک کو ڈی ریل کیا گیا، آج نہ فیض حمید ہے نا وہ ججز جو پی ٹی آئی کو الیکشن جتواتے تھے، فیض حمید کی پوری طاقت پی ٹی آئی کے ساتھ تھی، بائیکاٹ تب ہوتا ہے جب آپ کو ہار کا یقین ہو، میں نے اور نواز شریف نے جیل کاٹی مگر الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔

  • یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور

    یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور

    لاہور ہائیکورٹ نے جوئے کی ایپلیکشنز کی پروموشن کے مقدمے میں ملوث یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے سعد الرحمان کی ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی، این سی سی آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

    یہ مقدمہ 13 جون کی ایک انکوائری کے بعد درج کیا گیا تھا، جس میں اطلاع ملی تھی کہ کچھ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے مالی فائدے کے لیے عوام میں جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کر رہے ہیں۔این سی سی آئی اے کی حراست میں ڈکی بھائی 22 دن تک رہے۔ انہیں 3 ستمبر کو آخری ریمانڈ دیا گیا تھا جو 5 ستمبر کو ختم ہوا، جس کے بعد 9 ستمبر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ اسی دوران ان کی قانونی ٹیم نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جو مسترد کر دی گئی تھی جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی.

  • بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،تعمیراتی کمپنی پر فائرنگ

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،تعمیراتی کمپنی پر فائرنگ

    ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً بلوچستان اور خیبر پختونخوا، میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دہشت گردی، سیکیورٹی آپریشنز اور احتجاجات کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے اہم کارروائیوں میں دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جبکہ بعض علاقوں میں عوام نے اغوا اور بدامنی کے خلاف مظاہرے بھی کیے۔

    ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی پر فائرنگ کی، جو زرعی یونیورسٹی اور بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کے منصوبوں پر کام کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بھاری فائرنگ کی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد فرار ہوگئے۔واقعہ نوتال تھانہ کی حدود میں پیش آیا۔ حملے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

    پسنی تحصیل کے شادی کور علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے رات گئے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو افراد سردال خان ولد شیر خان اور ہتار ولد میر دوست کو گرفتار کرلیا۔آپریشن میں متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شریک تھیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں شدت پسند عناصر کی سرگرمیوں کے تدارک کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    بلوچستان لبریشن فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 نومبر کو شام سات بجے سوراب کے قریب سی پیک ہائی وے پر ایک گھنٹے تک چیکنگ اور اسنیپ انسپیکشن کیا، جس کے دوران ایک تعمیراتی کمپنی کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
    سرکاری سطح پر اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوئی۔بلیدہ کے گیلی علاقے میں 23 نومبر کو شام چار بجے BLF کی جانب سے ایک کارروائی کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر سپلائی لے جانے والی گاڑیوں کو روکا گیا اور ٹائروں پر گولیاں چلائیں، تاہم ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی فورسز سے 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد “گوریلا حکمتِ عملی” کے ذریعے ان کے operatives محفوظ واپس چلے گئے۔ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

    ضلع وحد میں ایک نوجوان غلام سرور ولد اسداللہ براہمزی کے نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا کے خلاف عوام نے قومی شاہراہ بند کردی۔پولیس کے مطابق نوجوان کو کاکاہیر علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔اس سے قبل ہفتے کے روز بھی احتجاج ہوا تھا جو مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا تھا، تاہم واقعے کے بعد عوام دوبارہ سڑک پر نکل آئے اور تاحال انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    زیارت میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کے صوبہ قندھار سے تعلق رکھنے والے پانچ مشتبہ افراد صادق اللہ، فرہاد، قدرت اللہ، احسان اللہ اور محمد صابر کو گرفتار کر لیا۔کارروائی کے دوران دستی بم، SMGs، M4 رائفل کے حصے، RPG راکٹس، میگزینز، سیکڑوں گولیاں، دھماکہ خیز مواد، وائرلیس سیٹس اور دیگر سامان برآمد ہوا۔حکام کے مطابق گرفتار افراد پاکستان میں تخریب کاری اور اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث تھے۔

    آئی جی پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق بنوں میں گزشتہ دنوں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہیں۔شری خیل اور پہاڑ خیل میں 10 دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے، جبکہ نصر خیل میں بھی ایک دہشت گرد مارا گیا۔ڈومیل میں تین شہریوں کی ہلاکت اور بکتر بند گاڑی پر حملے کے بعد فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے چھ شدت پسند ہلاک کیے۔حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کا کمانڈ سٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے۔

    گزشتہ رات فتنہ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں نے تھانہ غوریوالا اور تھانہ وزیر پر حملے کیے، جو خیبر پختونخوا پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیے۔دونوں حملوں میں پولیس اہلکار اور انفراسٹرکچر محفوظ رہا۔ضلع ڈی آئی خان کے علاقے خویے پیوار میں آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں دو اہم رہنما ابو دردہ عرف حکیم اور اعجاز احمد عرف ابو دجانہ شامل ہیں۔تیسرا دہشت گرد تاحال شناخت نہ ہوسکا۔حکام کے مطابق کارروائی انتہائی درستگی سے کی گئی اور کوئی شہری نقصان نہیں ہوا۔

    مہمند میں شدت پسندوں نے کارپہ روڈ کی تعمیر میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری کو آگ لگا دی۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تعمیراتی کمپنی سے بھتہ طلب کر رہے تھے اور عدم ادائیگی پر مشینری کو آگ لگائی گئی۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    خیبر ضلع کے علاقے قمبر خیل میں دہشت گردوں کی آمد اور فائرنگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم مقامی مشران اور ایک مولوی نے مسلح افراد سے بات چیت کرکے انہیں علاقے سے نکلنے پر مجبور کیا۔مختصر فائرنگ کے بعد شدت پسند فرار ہوگئے۔علاقہ مکینوں نے مشران کی جرات کو سراہا ہے۔

    سرکاری رپورٹ کے مطابق بنوں ریجن میں دہشت گردوں نے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے 130 سے زائد حملے کیے، جو سیکیورٹی فورسز نے جدید اسلحے، مضبوط حفاظتی نظام اور بروقت ردعمل سے مکمل طور پر ناکام بنا دیے۔14 دہشت گرد مارے گئے اور 22 زخمی ہوئے۔حکام نے کہا کہ سیکیورٹی اپ گریڈ کے باعث تنصیبات مکمل محفوظ رہیں۔

  • ضمنی انتخابات: مسلم لیگ ن کی 3 قومی اور 1 صوبائی نشست پر کامیابی

    ضمنی انتخابات: مسلم لیگ ن کی 3 قومی اور 1 صوبائی نشست پر کامیابی

    ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 3 قومی اور ایک صوبائی نشست اپنے نام کرلی ہے۔

    این اے 129 لاہور میں ن لیگ کے حافظ نعمان نے 63,441 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار ارسلان حمد نے 29,099 ووٹ لیے۔ حلقے میں ٹرن آؤٹ 18.67 فیصد رہا۔ڈی جی خان کے این اے 185 میں محمود قادر لغاری 82,413 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار پائے، پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ 49,262 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 143 چیچہ وطنی میں مسلم لیگ ن کے محمد طفیل 136,223 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری نے 13,120 ووٹ حاصل کیے۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال میں ن لیگ کے چوہدری حنیف جٹ نے 46,820 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، آزاد امیدوار فلک شیر ڈوگر 10,975 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان سمیت متعدد حلقوں میں ن لیگی امیدوار آگے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں کارکنان کی جانب سے جشن بھی منایا جا رہا ہے۔قومی اسمبلی کے حلقوں میں این اے 143، این اے 129، این اے 96، این اے 104 اور این اے 185 پر مسلم لیگ ن کے امیدوار واضح برتری یا غیر حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ہری پور کے این اے 18 میں سخت مقابلہ جاری ہے جہاں آزاد امیدوار معمولی مارجن سے آگے ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 203، پی پی 116، پی پی 115، پی پی 98، پی پی 87 اور پی پی 73 میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار آگے ہیں جبکہ مظفرگڑھ کے پی پی 269 پر پیپلز پارٹی کو سبقت ہے۔مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی اور کسی بڑے واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی

    افغانستان سے سمگلنگ ،سالانہ 3.4 کھرب روپے کے نقصانات

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیلِ نو کا نوٹیفکیشن جاری

    ایشیا کپ رائزنگ اسٹار : پاکستان شاہینز نے تیسری بار ٹائٹل جیت لیا