Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ صاحب: سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب: سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے دفعہ 144 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    حفاظتی انتظامات کے بغیر کشتیوں، فیریوں اور بیڑوں کے ذریعے دریائے راوی کو پار کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ پرائیویٹ آپریٹرز کو دریا عبور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے (NOC) حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

    دریائے راوی اور ضلع کی تمام نہروں و ندی نالوں میں نہانے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    دریا اور نہروں کے پلوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو افراد سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی رہائش نہیں چھوڑیں گے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • واربرٹن: بہبود آبادی کی تقریب، بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے پر زور

    واربرٹن: بہبود آبادی کی تقریب، بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے پر زور

    واربرٹن(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالغفارچوہدری)محکمہ بہبودِ آبادی ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام واربرٹن کے اقبال گرینڈ ہال میں صحافیوں کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد فیملی پلاننگ، آبادی اور وسائل میں توازن اور "چھوٹا خاندان، خوشحال پاکستان” کے پیغام کو عام کرنا تھا۔

    تقریب میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماہر تعلیم، ریسرچر اور مصنف ڈاکٹر غلام نبی شاکر، دینی رہنماؤں اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

    ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ملک کاشف مختار عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات کو کنٹرول کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نصف آبادی پنجاب میں رہتی ہے، جہاں آبادی میں اضافے کی شرح 2.1 فیصد ہے، جبکہ ضلع ننکانہ صاحب میں یہ شرح 3.9 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو صوبے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ نے میڈیا، محکمہ تعلیم اور مذہبی رہنماؤں کو اس مہم میں شامل کیا ہے۔

    انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچانے میں ان کا ساتھ دیں تاکہ معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

    ماہر تعلیم ڈاکٹر غلام نبی شاکر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف سماجی و معاشی مسائل پیدا کرتی ہے بلکہ اس کا براہ راست اثر تعلیمی معیار اور دستیاب وسائل پر بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور صحافی عوام میں شعور اجاگر کرکے خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد عام کر سکتے ہیں۔

    دینی رہنما قاری نعمان اور قاری اسامہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے واضح اصول دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے ساتھ ان کی بہتر تعلیم و تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔

    تقریب کے دوران سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں صحافیوں نے آبادی کے مسائل اور آگاہی کے حوالے سے سوالات کیے۔ آخر میں، محکمہ بہبود آبادی کے ذمہ داران نے صحافیوں کو محکمہ کے کاؤنٹرز کا دورہ کرایا اور ان کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

  • ننکانہ:تین ماہ قبل ہونے والی 18 لاکھ کی روڈ رابری کا مرکزی ملزم گرفتار

    ننکانہ:تین ماہ قبل ہونے والی 18 لاکھ کی روڈ رابری کا مرکزی ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)تھانہ بڑا گھر پولیس کی بڑی کارروائی میں تین ماہ قبل ہونے والی 18 لاکھ روپے کی روڈ رابری کا سراغ لگا لیا گیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم حماد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے واردات کے دوران چھینی گئی رقم اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

    ڈی پی او فراز احمد نے ملزم سے برآمد شدہ 18 لاکھ روپے کی رقم مدعی مقدمہ خلیل احمد کے حوالے کر دی۔ چھینی گئی رقم واپس ملنے پر مدعی مقدمہ نے ننکانہ پولیس سے اظہار تشکر کیا۔

    ڈی پی او فراز احمد کا کہنا ہے کہ واردات کا سراغ پولیس ٹیم کی پیشہ وارانہ مہارت کا نتیجہ ہے اور شہریوں کے جان و مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

  • سینیر صحافی ملیحہ خان لودھی کی ایم این اے خرم منور منج سے اہم ملاقات

    سینیر صحافی ملیحہ خان لودھی کی ایم این اے خرم منور منج سے اہم ملاقات

    ننکانہ صاحب (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) سینیر صحافی ملیحہ خان لودھی نے ایم این اے خرم منور منج سے ملاقات کی، جس میں ملک کے اہم سماجی مسائل پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں نوجوان نسل کی ترقی، خواتین کے حقوق، اور اقلیتوں کی نمائندگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    خرم منور منج، جو حلقہ 116 سے رکنِ قومی اسمبلی ہیں، نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت معاشرتی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کی پاسداری کو بھی ہر شہری کی ذمہ داری قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایک مسلم معاشرے کے طور پر اقلیتوں کے تحفظ اور نمائندگی کا خیال رکھنا ہر پاکستانی شہری کا فرض ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایک مہذب اور مضبوط معاشرہ بنانے کے لیے ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی۔ یہ ملاقات ملک کی سماجی بہتری کے لیے ان دونوں شخصیات کی مشترکہ سوچ کو ظاہر کرتی ہے۔

  • معروف صحافی آصف گل کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    معروف صحافی آصف گل کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    واربرٹن (نامہ نگار) واربرٹن کے معروف صحافی آصف گل کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، تاجروں، پولیس افسران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    مرحومہ کی نماز جنازہ علامہ مولانا محبوب عالم نے پڑھائی، جس کے بعد انہیں اشکبار آنکھوں کے ساتھ واربرٹن کے ٹبہ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے قل خوانی کل صبح 8 بجے صوفی برکت والی مسجد میں ادا کی جائے گی۔

  • واربرٹن پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، بدنام زمانہ ملزم اور اسکی بیوی گرفتار

    واربرٹن پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، بدنام زمانہ ملزم اور اسکی بیوی گرفتار

    واربرٹن(نامہ نگارعبدالغفار چوہدری) واربرٹن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایک بڑے آپریشن میں بدنام زمانہ منشیات فروش بابر اور اس کی بیوی نائلہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ساڑھے 3 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔

    ایس ایچ او سیف ورک کی سربراہی میں تھانہ واربرٹن پولیس نے منشیات کی سپلائی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم بابر ایک ریکارڈ یافتہ مجرم ہے جس کے خلاف ڈکیتی، چوری اور منشیات فروشی سمیت 16 مقدمات درج ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او ننکانہ، فراز احمد نے اس موقع پر کہا کہ ضلع کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نشے کا ناسور پھیلانے والے کسی بھی صورت قابلِ معافی نہیں ہیں۔

  • ننکانہ: شاہکوٹ میں ڈکیتی کی واردات،پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ: شاہکوٹ میں ڈکیتی کی واردات،پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے علاقے شاہکوٹ میں تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    پولیس کو 15 پر اطلاع ملی کہ تین نامعلوم افراد ایک شہری سے واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ تعاقب کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس نے اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملزمان اپنے ہی ایک ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ایک ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے واردات میں چھینا گیا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔

    پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان وہی تھے جنہوں نے گذشتہ روز دو پولیس کانسٹیبلز کو زخمی کر کے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

  • ننکانہ صاحب: سیلابی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

    ننکانہ صاحب: سیلابی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) فراز احمد نے منڈی فیض آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔

    اس دورے میں ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی تھے۔ افسران نے نواں کوٹ اور جٹاں دا واڑہ کے علاقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلیف کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے آلات کا بھی معائنہ کیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ایریگیشن اور لائیو سٹاک سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

  • ننکانہ صاحب: ماڈل سٹی کا خواب، مون سون کی بارشوں میں بہہ گیا

    ننکانہ صاحب: ماڈل سٹی کا خواب، مون سون کی بارشوں میں بہہ گیا

    ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مون سون کی پہلی ہی بارش نے ننکانہ صاحب میں میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ شہر کے مختلف علاقے، جن میں حرا چوک، ڈاکٹر والا بازار، ہاؤسنگ کالونی، کلمہ چوک اور کیارہ صاحب شامل ہیں، بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    میونسپل کمیٹی کے افسران کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے شہر کا سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ معمولی بارش بھی سیوریج کے پانی کو گلیوں اور بازاروں میں لے آتی ہے، جس سے بدبو اور گندگی کا راج قائم ہو جاتا ہے۔

    شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے بلند و بانگ دعوے مون سون کی بارش کے ساتھ ہی حقیقت سے دور ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ننکانہ کے سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانیوں سے بچا جا سکے۔

  • ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال کرپشن سکینڈل، انکوائری کو دفنانے کی سازش، کیا ہوپائے گا انصاف ؟

    ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال کرپشن سکینڈل، انکوائری کو دفنانے کی سازش، کیا ہوپائے گا انصاف ؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں پرائیویٹ جینیٹوریل سروسز کے سپروائزر محمد اسامہ کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات پر انکوائری کا عمل جاری ہے، جس نے ادارے کی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی انٹیلی جنس کی اسپیشل رپورٹ نمبر HC(G)/599 مورخہ 16-07-2025 کی بنیاد پر شروع کی گئی، جس میں کرپشن کے شواہد کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ کی موجودگی بھی ظاہر کی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (PS) کے جاری کردہ لیٹر نمبر 2387/CC مورخہ 13-08-2025 کے تحت سپروائزر محمد اسامہ کو ایک بار پھر انکوائری کمیٹی کے سامنے طلب کیا گیا۔ مقررہ تاریخ پر وہ ایڈمن آفیسر وقاص کے ہمراہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور چند ماہ کا محدود ریکارڈ فراہم کیا، تاہم مکمل تفصیلات اور تنخواہوں کے ریکارڈ جمع نہ کروائے گئے، جبکہ کمیٹی کو ہدایت دی گئی تھی کہ مئی، جون اور جولائی 2025 کے مکمل ریکارڈ مہیا کیے جائیں۔

    مزید یہ کہ محمد اسامہ نے اپنے حق میں تحریری جواب جمع نہیں کروایا بلکہ صرف ایک اشٹام پیپر جمع کرایا، جس پر صفائی عملے سے حمایت میں بیانات درج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تمام معاملے میں سپروائزر محمد اسامہ اور ایڈمن آفیسر وقاص ایک پیج پر دکھائی دے رہے ہیں اور اصل حقائق کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    کمیٹی کے اراکین، جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (PS) بطور کنوینئر ڈاکٹر سید عبید حسنین، ڈاکٹر (DC IRMNCH) اور آصف منظور سپرنٹنڈنٹ (آفس CEO DHA) شامل ہیں، نے واضح کیا ہے کہ اگر ملزم نے اپنے حق میں تسلی بخش ثبوت نہ دیے تو یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کمیٹی خود ملازمین کے بیانات ریکارڈ کرے تاکہ کسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے بغیر اصل حقائق سامنے آسکیں۔ عوامی سطح پر یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ اگر اس معاملے میں شفافیت نہ دکھائی گئی تو ہسپتال انتظامیہ کی ساکھ بری طرح متاثر ہو گی۔