Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ : بابا گورو نانک یونیورسٹی میں افواجِ پاکستان کے حق میں شاندار ریلی

    ننکانہ : بابا گورو نانک یونیورسٹی میں افواجِ پاکستان کے حق میں شاندار ریلی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ نے یومِ تشکر کے موقع پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پرامن مارچ اور ریلی کا انعقاد کیا۔ اس ریلی میں یونیورسٹی کے طلبہ نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور "آپریشن بنیان مرصوص” میں افواج کے کامیاب آپریشنز پر اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

    ریلی میں شریک طلبہ نے اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر وطن کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔ سٹوڈنٹس نے نعرے بازی کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ پاک فوج مادرِ وطن کی ناقابلِ تسخیر محافظ ہے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کے شرکا نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ فوج نے بھارتی جنگی غرور کو خاک میں ملا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

    اس موقع پر طلبہ نے تصویری نمائش اور فن پارے بھی پیش کیے، جن میں قومی پرچم کی نمائش اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ یہ ریلی ایک تاریخی دن کی یاد میں منعقد کی گئی، جو قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظہر بن کر افواجِ پاکستان کے ساتھ قوم کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

  • ننکانہ صاحب: افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، ضلعی تقریب و ریلی، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی

    ننکانہ صاحب: افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، ضلعی تقریب و ریلی، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، تقریبات و ریلیاں، آسمان آتشبازی سے جگمگا اٹھا

    ضلع ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے خصوصی شرکت کی۔

    مرکزی تقریب کے ساتھ ساتھ تحصیل شاہکوٹ اور تحصیل سانگلہ ہل میں بھی افواجِ پاکستان سے اظہارِ تشکر کے لیے تقریبات اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، ضلعی افسران، علماء کرام، تاجر برادری اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

    تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاک فوج کی جرات، بہادری اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا ہے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی آنکھ ڈالنے والے کو سخت انجام بھگتنا پڑے گا۔

    مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ہر شہری ملک کی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج کا دن سجدۂ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ ہماری افواج نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ قوم، سیاسی قیادت، اور عسکری اداروں نے جس اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

    سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں، مگر اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ مقررین نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جس نے بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔

    تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان کو رنگ و نور سے جگمگا دیا۔ شہریوں نے آتشبازی سے خوب لطف اٹھایا اور افواجِ پاکستان کے حق میں جذباتی نعرے لگاتے رہے۔

  • ننکانہ : ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

    ننکانہ : ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی ہیڈ کوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسکیورز نے انتہائی کٹھن حالات میں بروقت ایمرجنسی رسپانس، سٹریٹجک پلاننگ اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب و چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد تسلیم اختر راؤ نے ایکسرسائز کا جائزہ لیا اور ریسکیو افسران و اہلکاروں کی جذبے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فوری ردِ عمل کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے ہمہ وقت مستعد اور وسائل کو فعال رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ اپنی متعین کردہ ذمہ داریوں کو بہتر کوارڈینیشن اور پیشہ ورانہ انداز میں سر انجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ: سرحدی کشیدگی پر ڈی سی کی زیرصدارت اجلاس، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ننکانہ: سرحدی کشیدگی پر ڈی سی کی زیرصدارت اجلاس، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ریسکیو 1122، صحت، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، خوراک اور دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران کو موجودہ حساس صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ کرتے ہوئے ریڈ الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں جائے وقوعہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک عوام کو روکا جائے تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ بی ڈی، اسپیشل برانچ اور سول ڈیفنس کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    ڈی سی نے گوردوارہ جات، پلوں، ٹرانسمیشن لائنز اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی جبکہ آرمی موومنٹ کے لیے سڑکیں ہر وقت کلیئر رکھنے کا بھی حکم دیا۔ تعلیمی اداروں میں جنگی نوعیت کی تربیت مکمل کرنے اور ہر گاؤں میں 20 رضاکاروں پر مشتمل والنٹیئر ٹیمیں بنانے کی ہدایت کی گئی۔

    ضلعی افسران کو آج شام تک ایمرجنسی کانٹیجنسی پلان جمع کروانے کا پابند کیا گیا، خون، ادویات اور ضروری آپریشنل سامان کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، جبکہ عوام کی منتقلی کے لیے متبادل عمارات اور محفوظ مقامات کی شناخت کا عمل تیز کرنے کا کہا گیا۔ آر ایچ سی اور بی ایچ یو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

    اشیائے خورونوش اور پیٹرول و ڈیزل کے 15 دن کے ذخائر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی، جبکہ سرکاری و نجی مشینری کی ضلع سے باہر منتقلی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

    ڈی سی محمد تسلیم اختر راؤ نے وارننگ دی کہ جو افسر اسٹیشن چھوڑے گا یا وقت پر ریسپانڈ نہیں کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ تینوں تحصیلوں کے دفاتر میں نصب سائرن کے ساتھ 24 گھنٹے عملہ تعینات کرنے کے احکامات دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی دہشتگردی کا خدشہ بھی موجود ہے، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری تیار رکھی جائے اور مزید موک ایکسرسائزز کروائی جائیں۔ ضلعی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں میں 2 میگا فون، 2 سرچ لائٹس، این 95 ماسک اور تولیے ہر وقت موجود رکھیں۔

    اجلاس میں افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈی سی نے کہا کہ ایمان، عزم اور حب الوطنی سے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران ضلعی اداروں کی بروقت کارکردگی کو سراہا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ جائے حادثہ کے قریب نہ آئیں، رات کے وقت گھروں اور بازاروں کی بیرونی روشنیاں بند رکھیں، تاکہ دفاعی و حفاظتی اقدامات میں کوئی خلل نہ آئے۔

    ڈی سی ننکانہ نے آخر میں کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے وار کا دلیری سے جواب دے رہی ہے، ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کی حفاظت کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

  • ننکانہ:کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 کی تربیتی ورکشاپس،خواتین کالج و پولیس لائن میں ہنگامی مشقیں

    ننکانہ:کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 کی تربیتی ورکشاپس،خواتین کالج و پولیس لائن میں ہنگامی مشقیں

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار: احسان اللہ ایاز) حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی ونگ کی جانب سے پولیس لائن اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج برائے خواتین ننکانہ صاحب میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدامات سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے۔

    ورکشاپس کے دوران شرکاء کو ایمرجنسی حالات میں بروقت ردعمل، احتیاطی تدابیر اور ایمرجنسی انخلاء کی عملی مشقیں کروائی گئیں۔ اس تربیت میں تعلیمی اداروں میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERT) کے رضاکاروں سمیت طالبات کو شامل کیا گیا، تاکہ قدرتی آفات یا کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے تربیتی عمل کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ایمرجنسی ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت صرف تیاری کے لیے نہیں بلکہ رضاکاروں کو مزید مؤثر اور باصلاحیت بنانے کے لیے دی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی غیر معمولی حالات میں بہتر خدمات ممکن بنائی جا سکیں۔

  • ننکانہ صاحب: بھارتی ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ، کوئی جانی نقصان نہیں

    ننکانہ صاحب: بھارتی ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ، کوئی جانی نقصان نہیں

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بھارتی فضائی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، ضلع ننکانہ صاحب کے علاقے دھارووالی گاؤں میں ایک بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور ڈرون کے ملبے اور شواہد کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی۔

    ڈرون کھیتوں میں گرا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جائے وقوعہ پر جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی نہ کریں اور اپنی گاڑیاں و موٹرسائیکلیں بھی دور رکھیں تاکہ ریلیف اور تفتیشی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ہو۔ عوام الناس سے محتاط رویے اور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

    اس واقعے کے پس منظر میں پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارتی فضائی جارحیت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستانی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 12 ہیرپ ڈرونز بھیجے، جنہیں پاک فضائیہ نے فوری ردعمل کے ساتھ مار گرایا۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی ڈرونز کو لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور، کراچی اور اب ننکانہ صاحب کے نواح میں نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے دوران لاہور میں پاک فوج کے چار جوان زخمی ہوئے جبکہ میانو میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ عمل کھلی جارحیت ہے جس کا مؤثر جواب دیا گیا ہے۔ پاکستانی مسلح افواج پوری تیاری کے ساتھ ملک کی فضائی، زمینی اور سمندری سرحدوں کے تحفظ کے لیے چوکس ہیں۔

  • ننکانہ : ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں، تمام ادارے متحرک

    ننکانہ : ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں، تمام ادارے متحرک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں رات گئے ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران موجود تھے، جبکہ ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

    فرضی ہنگامی صورتحال کا سائرن بجتے ہی امدادی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے صرف دو منٹ میں جائے وقوعہ پر رسپانڈ کیا، جبکہ دیگر ادارے پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئے۔ مشقوں کے دوران زخمیوں کو فوری طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران بلڈنگ میں پھنسے افراد کو نکالنے، شہریوں کو چھتوں سے محفوظ طریقے سے اتارنے اور آگ بجھانے کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔

    ان مشقوں کا مقصد ضلعی اداروں کی استعداد، تیاری اور باہمی ہم آہنگی کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے مشقوں کے اختتام پر تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور افسران و اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جا کر مشقوں کے دوران فرضی زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کی صورت میں پاک افواج اور سول ادارے مل کر ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مادرِ وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

    مشقوں کے اختتام پر پنڈال "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، جو عوام کے جذبہ حب الوطنی اور اداروں کی قربانیوں کے اعتراف کا مظہر تھا۔

  • ننکانہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، اقلیتوں سمیت شہریوں کی بھرپور شرکت

    ننکانہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، اقلیتوں سمیت شہریوں کی بھرپور شرکت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بھارتی بزدلانہ جارحیت کی شدید مذمت اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ننکانہ صاحب میں ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں تمام مکاتبِ فکر، اقلیتوں، تاجروں، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کی، جو گول چکر چوک سے گوردوارہ جنم استھان تک نکالی گئی۔ اس میں ضلعی افسران، تاجر برادری، ڈاکٹرز، سکھ، عیسائی اور دیگر اقلیتی برادری کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی میں پاکستان کے جھنڈے بلند کیے گئے اور "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد”، "مودی مردہ باد”، "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ” جیسے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔

    شرکاء نے بھارت کی شہری آبادی پر رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ بمباری کو عالمی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانا بھارت کی ذہنی پستی کی عکاسی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے بروقت اور منہ توڑ جواب کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

    ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی فتح اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سکھ رہنما سردار سرجیت سنگھ کنول نے اپنے خطاب میں کہا کہ "جب بات پاکستان کی سالمیت کی آئے گی، تو سکھ قوم سب سے آگے لڑے گی۔ ہم اقلیت نہیں، پاکستان کا مضبوط بازو ہیں۔”

    شہریوں نے مودی کے پتلے بھی نذرِ آتش کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس کی زیرصدارت موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع ننکانہ صاحب کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر رہیں گے۔ پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ ہسپتالوں اور کنٹرول رومز میں نائٹ ڈیوٹی کا نظام دُگنا کر دیا جائے، تمام محکموں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور کسی اہلکار کو اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تینوں کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے مکمل فعال رکھا جائے اور وہاں صرف تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے۔

    افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے تین عدد رابطہ نمبرز فوری طور پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو فراہم کریں۔ تمام اداروں کے مابین مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے اور مشینری کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے۔ رات کے وقت سٹریٹ لائٹس اور غیر ضروری گھریلو لائٹس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ میونسپل افسران سے کہا گیا ہے کہ بیسمنٹ کی مکمل تفصیلات آج شام تک فراہم کی جائیں، جبکہ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی دستیابی اور بلڈ بینکوں میں خون کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

    سول ڈیفنس، کالجز، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو ہنگامی مشقیں فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ تینوں میونسپل کمیٹیوں میں ایمرجنسی سائرن سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

    تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنا ایمرجنسی میکانزم مرتب کریں اور آج ہی ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔ بغیر چیکنگ کوئی بھی لنگر تقسیم نہ کیا جائے، متعلقہ محکمے چیکنگ ٹیمیں فوری تشکیل دیں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے اور کم از کم 15 دن کا ذخیرہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

    پٹرول پمپ مالکان اور کریانہ اسٹور مالکان کی ایسوسی ایشنز سے فوری میٹنگز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی بحران کے دوران فراہمی میں تعطل نہ ہو۔

    اجلاس کے اختتام پر ضلعی قیادت نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پوری قوم اور ضلعی ادارے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور مسلح افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

  • ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار،احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی کے زیر انتظام نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین این پی جے سی میاں عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    کانفرنس کا مقصد ملک میں شدت پسندی کے خاتمے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس اہم تقریب میں این پی جے سی کے مرکزی قائدین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ضلعی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب کے دوران نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل ننکانہ صاحب کے نومنتخب عہدیداروں نے حلف اٹھایا، جبکہ امن کے فروغ میں نمایاں خدمات پر فیصل رشید بھٹی کو "امن شیلڈ” سے بھی نوازا گیا۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میاں عبدالوحید نے بھارت اور اسرائیل کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو خود ظلم و جبر میں ملوث ہیں، وہ دنیا کو امن کا درس کیسے دے سکتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی برداشت نہیں کرے گی اور ہر ظلم کا جواب دے گی۔

    چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی نے خطاب میں کہا کہ ملک میں ہر چند سال بعد قوم کو فرقہ واریت، برادری ازم اور سیاسی تقسیم کی بنیاد پر بانٹا جاتا ہے، حالانکہ ہم سب ایک کلمہ پڑھنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا واحد اسلامی ایٹمی ملک پاکستان ہے، جس نے دہشتگردی کا سب سے زیادہ سامنا کیا، چاہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ ہو یا ٹرین سانحے—دشمنوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن افواج اور ریاستی اداروں نے دنیا کے سامنے بھرپور دفاع کیا۔

    شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایسے قومی نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل ضروری ہے تاکہ امن، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی فروغ پا سکے۔