Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ صاحب: بابا گرو نانک یونیورسٹی میں "نوجوان فکری قیادت” پر سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ صاحب: بابا گرو نانک یونیورسٹی میں "نوجوان فکری قیادت” پر سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام "نوجوان مستقبل کے فکری رہنما” کے عنوان سے ایک پُراثر فکری سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں قیادت، تنقیدی شعور، خود اعتمادی اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کی صلاحیتوں کو ابھارنا تھا۔

    سیمینار کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید اختر (شعبۂ انگریزی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد) نے نوجوانوں سے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو تنقیدی سوچ، وسعتِ نظریہ اور بڑے خوابوں کی سمت میں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ خود کو فکری رہنمائی کے لیے تیار کریں کیونکہ قوموں کا مستقبل نوجوانوں کی فکری پختگی سے جُڑا ہوتا ہے۔

    سیمینار کے اختتامی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول (چیئرمین شعبہ زوالوجی، ڈائریکٹر ORIC، کنوینر کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی) نے کامیاب زندگی کے لیے رہنما اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ناکامی کے خوف سے نکلیں، فیصلوں پر پشیمانی نہ کریں، اور منفی سوچ سے بچتے ہوئے مسلسل آگے بڑھنے کا جذبہ رکھیں۔

    اس موقع پر مہمانِ خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ سیمینار کے کامیاب انعقاد میں ڈاکٹر ہاشم فاروق (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ فزکس و کوآرڈینیٹر سوسائٹی) نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ سوسائٹی کے دیگر اراکین نے بھی بھرپور معاونت کی۔

    یہ سیمینار نوجوان طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے لیے فکری رہنمائی، قیادت، اور مثبت طرزِ فکر کی جانب اہم قدم ثابت ہوا۔

  • بابا گورو نانک یونیورسٹی میں کرومیٹوگرافی پر سیمینار، ماہرین تعلیم اور محققین کی خصوصی شرکت

    بابا گورو نانک یونیورسٹی میں کرومیٹوگرافی پر سیمینار، ماہرین تعلیم اور محققین کی خصوصی شرکت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ کیمسٹری کے زیرِ اہتمام "تجزیاتی درستی: کوالٹی ایشورنس کے لیے کرومیٹوگرافی طریقہ کار” کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملک کے ممتاز ماہرین تعلیم اور محققین نے شرکت کی۔

    سیمینار میں انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، یونیورسٹی آف سرگودھا کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد کیمپس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے خصوصی لیکچرز دیے۔ ڈاکٹر فاروق انور نے کرومیٹوگرافی کی اقسام، طریقۂ کار اور اس شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی، جب کہ ڈاکٹر شاہد اقبال نے فنکشنل فوڈز اور نیوٹراسوٹیکلز میں کرومیٹوگرافی کی افادیت اور سائنسی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔

    سیمینار کے اختتامی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، چیئرمین شعبہ بوٹنی و ڈائریکٹر اکیڈمکس نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ سیمینار کی منتظم ڈاکٹر سمیرا نعیم، انچارج شعبہ کیمسٹری تھیں، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی میں مس عمارہ ارشاد، ڈاکٹر منزہ مقبول، ڈاکٹر حمیرہ اقبال، مس انسا مقبول اور ڈاکٹر یاسر اقبال شامل تھے۔

    یہ علمی تقریب فیکلٹی اور طلبہ کو تجزیاتی کیمیا میں جدید سائنسی تکنیکوں سے روشناس کرانے اور سیکھنے کا نادر موقع فراہم کرنے میں کامیاب ثابت ہوئی۔

  • ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر وسطی پنجاب حمید الحسن کا  کا دورہ

    ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر وسطی پنجاب حمید الحسن کا کا دورہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر حمید الحسن نے ننکانہ صاحب میں ضلعی سیکرٹریٹ مرکز المدینہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے تمام عہدیداران کا تعارف کروایا، جبکہ مختلف پی پی حلقہ جات کے جنرل سیکرٹریز اور تمام شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے۔

    حمید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیاسی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز کا واحد حل قومی اتحاد اور نظریۂ پاکستان کی اصل روح میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک نظریاتی، عوامی اور ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت ہے جو امن، اخوت اور اسلامی جمہوری اقدار کی بنیاد پر کام کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد کو قومی بقا کی ضمانت سمجھتے ہیں اور یہی پیغام ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کرنے کا باعث بنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت کا منشور کسی مخصوص قوم، مسلک یا طبقے کے لیے نہیں، بلکہ تمام اہل وطن کے لیے ہے۔

    انہوں نے ضلعی و حلقہ جاتی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں، خدمت کو شعار بنائیں اور عوام کے دلوں میں جماعت کے لیے جگہ پیدا کریں، کیونکہ یہی راستہ حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔

  • ننکانہ صاحب:صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین کا دورہ، محرم انتظامات و کلینک آن ویلز کا افتتاح

    ننکانہ صاحب:صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین کا دورہ، محرم انتظامات و کلینک آن ویلز کا افتتاح

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین ننکانہ صاحب پہنچے جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ان کا استقبال کیا۔ ان کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او سید ندیم عباس، ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات، سیکورٹی، صفائی، اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے امور زیر غور آئے۔

    صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انیشیٹو "کلینک آن ویلز” کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مرکزی امام بارگاہ و جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے، تمام علماء منبر و محراب کے ذریعے فرقہ واریت کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔

    بلال یٰسین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پاکستان کی فتح ہے اور پوری قوم حکومت کے عزمِ استحکام کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں امن قائم رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اور شرپسندوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، جلوسوں کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، واک تھرو گیٹ کی تنصیب، اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ محرم کے دوران کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال رہیں گے تاکہ امن و آشتی برقرار رکھی جا سکے۔

  • ایران پر امریکی حملہ عالمی امن کے خلاف ہے، مسلم ممالک متحد ہوں: ثاقب مجید

    ایران پر امریکی حملہ عالمی امن کے خلاف ہے، مسلم ممالک متحد ہوں: ثاقب مجید

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلے بھڑکانے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ کوشش ہے۔

    ثاقب مجید نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کے جنگی جنون کو روکنے کے بجائے خود جنگ کی آگ بھڑکا دی ہے، جس کے بعد پورے خطے اور دنیا کا امن خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور تمام مسلمان ممالک کو اس سنگین صورتحال میں فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

    انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے، اتحاد اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے، کیونکہ جب تک امتِ مسلمہ تقسیم ہے، بیرونی طاقتیں اس کی خودمختاری اور وسائل کو کمزور کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو کر ایک مؤثر، دوراندیش اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے تاکہ عالمی سطح پر اپنے وقار، استحکام اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ : ہیڈ بلوکی روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، ایک نوجوان جاں بحق، 6 افراد زخمی

    ننکانہ : ہیڈ بلوکی روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، ایک نوجوان جاں بحق، 6 افراد زخمی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے علاقے ہیڈ بلوکی روڈ پر تیز رفتار رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ عدنان ارشد کے طور پر ہوئی ہے۔

    زخمی ہونے والوں میں 60 سالہ صغراں بی بی، 27 سالہ شاہزیب، 12 سالہ نور، 30 سالہ وقاص، 25 سالہ کلثوم اور 2 سالہ اویس شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے۔

  • ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بدانتظامی کی انتہا، میڈیکل سلپس ختم، مریض خوار، نظام مفلوج

    ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بدانتظامی کی انتہا، میڈیکل سلپس ختم، مریض خوار، نظام مفلوج

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بدانتظامی کی انتہا، میڈیکل سلپس ختم، مریض خوار، نظام مفلوج

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں بنیادی سہولت کا فقدان مریضوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بن گیا ، ہسپتال میں میڈیکل سلپس کی عدم دستیابی کے باعث ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں میں علاج معالجے کا عمل متاثر ہو چکا ہے، جبکہ مریضوں اور طبی عملے دونوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ہسپتال ذرائع کے مطابق پرچی نہ ہونے کے باعث ڈاکٹرز مریضوں کو ادویات تجویز کرنے سے قاصر ہیں جبکہ نرسنگ سٹاف کا ریکارڈ مرتب کرنا بھی ناممکن ہو چکا ہے۔ ایسے میں ہسپتال انتظامیہ نے "انویسٹی گیشن فارم” کو عبوری پرچی کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جو نہ صرف غیر موزوں ہے بلکہ مستقبل کے ریکارڈ میں سنگین پیچیدگیاں پیدا کر رہا ہے۔

    یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب سالانہ کروڑوں روپے کے بجٹ سے چلنے والے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لاکھوں روپے پرنٹنگ کی مد میں مختص کیے جانے کے باوجود دو پرتوں والی عام میڈیکل سلپ تک دستیاب نہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ انتظامی نااہلی کی بدترین مثال ہے، جس کا خمیازہ عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    ایک مریض کے لواحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ”ڈاکٹر نے دوائی تو لکھ دی، لیکن پرچی ہی نہیں ملی، میڈیکل اسٹور والا کہتا ہے بغیر پرچی دوا نہیں دے گا۔ ہم کہاں جائیں؟ کیا سرکاری ہسپتال صرف نام کے لیے رہ گئے ہیں؟”

    ہسپتال عملہ بھی پریشان ہے۔ ایک نرس کا کہنا تھا کہ:”ریکارڈ مرتب نہ ہونے سے ہمیں مریض کی حالت اور سابقہ علاج کی تفصیل یاد رکھنے میں شدید دقت ہوتی ہے۔ ہر روز کام کا دُہرا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔”

    شہری و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ایسی بنیادی سہولتوں کی کمی صرف نااہلی نہیں بلکہ عوامی صحت کے ساتھ مجرمانہ کھلواڑ ہے۔کیا سرکاری اسپتالوں میں قلم اور پرچی بھی اب عیاشی بن چکے ہیں؟

  • ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بہتری کا دعویٰ، حقیقت یا رسمی کارروائی؟

    ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بہتری کا دعویٰ، حقیقت یا رسمی کارروائی؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں حالیہ مہینوں کے دوران صحت عامہ کی سہولیات میں بہتری کا عمل قابل تعریف ہے، تاہم کئی اہم پہلو اب بھی فوری اصلاح کے منتظر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید کی قیادت میں ہسپتال کے نظم و نسق، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے نظام میں مثبت تبدیلیاں واضح طور پر دیکھی گئی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے چارج سنبھالتے ہی پہلا دورہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا کیا جانا اس امر کا ثبوت ہے کہ صحت عامہ ان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید کی تعیناتی کے بعد انتظامیہ نے بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ اس کے باوجود بعض اہم مسائل فوری توجہ کے طالب ہیں، جن میں ایمرجنسی وارڈ میں چاروں ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنانا سب سے اہم ہے۔ ہنگامی صورتحال میں مریض کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ ہو، اس کے لیے ڈیوٹی پر موجودگی محض کاغذی نہ ہو بلکہ جسمانی اور فعال موجودگی ہونی چاہیے۔

    ہر وارڈ میں میڈیکل آفیسرز کی مستقل اور متحرک تعیناتی لازمی ہے۔ مریض کے ساتھ براہ راست مشاہدہ، وقت پر ادویات اور مسلسل رابطہ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح ہیڈ نرس کا کردار بھی محض شیڈول سازی تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ہر شفٹ میں حاضری، صفائی، نرسنگ اسٹاف کا اخلاقی و پیشہ ورانہ رویہ، ادویات کی دستیابی اور مریضوں سے براہ راست فیڈبیک لینا اس منصب کی اصل روح ہے۔

    یہ امر تشویش ناک ہے کہ متعدد دوروں کے دوران ہیڈ نرس کی غیر موجودگی رپورٹ ہوئی، جسے آفس ورک کا دباؤ قرار دیا گیا۔ اس مسئلے کا مستقل حل یہ ہے کہ ہیڈ نرس کو ہسپتال کے اندر رہائش فراہم کی جائے تاکہ وہ رات کے اوقات میں بھی وارڈز کی نگرانی کر سکیں اور ایمرجنسی صورتِ حال میں مؤثر کنٹرول برقرار رہے۔

    ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری کے لیے قائم کی گئی ہیلتھ کونسل کا فعال کردار بھی نہایت اہم ہے۔ ہفتہ وار سرپرائز وزٹ، مریضوں سے براہ راست رائے، وارڈز کی حالت کا جائزہ، عملے کی کارکردگی پر رپورٹنگ، اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ کونسل کی مؤثر نگرانی کا مظہر ہوگا۔ بصورتِ دیگر یہ فورم محض رسمی کارروائی تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔

    یہ ہسپتال روزانہ سینکڑوں مریضوں کے لیے امید کی آخری کرن ہے۔ یہاں کے ہر ملازم، ڈاکٹر، نرس اور منتظم پر فرض ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو نوکری نہیں بلکہ انسانی خدمت سمجھ کر انجام دے۔ اگر ایمانداری، احساسِ ذمے داری اور حاضری کو اپنا شعار بنایا جائے تو ننکانہ صاحب کا یہ ادارہ پنجاب کے بہترین طبی مراکز کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔

  • واربرٹن: آر پی او اطہر اسماعیل کا تھانہ دورہ، کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ

    واربرٹن: آر پی او اطہر اسماعیل کا تھانہ دورہ، کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ

    واربرٹن(باغی ٹی وی،نامہ نگارچوہدری عبدالغفار) آر پی او اطہر اسماعیل کا تھانہ دورہ، کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ

    ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او ننکانہ صاحب سید ندیم عباس کے ہمراہ تھانہ واربرٹن کا دورہ کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ آر پی او نے موقع پر موجود شہریوں کی شکایات اور درخواستیں سنیں اور فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

    دورے کے دوران آر پی او نے تھانے کا مکمل وزٹ کیا، ریکارڈ رجسٹرز کی جانچ پڑتال کی اور اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ ان کی واربرٹن آمد پر پولیس افسران اور مقامی افراد نے ان کا استقبال پھولوں سے کیا۔ آر پی او نے صحافیوں اور تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کیں اور پولیس کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    آر پی او اطہر اسماعیل کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پولیس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال لایا جا رہا ہے تاکہ شکایات اور مقدمات کی مؤثر نگرانی ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپلین مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہر درخواست اور مقدمے پر پیش رفت کا ریکارڈ موجود ہے، اور تمام ڈی پی اوز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرم عمل ہیں۔

    اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔ آر پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوامی شکایات کا فوری اور شفاف ازالہ ممکن ہو۔

  • ننکانہ صاحب: سکھ میرج ایکٹ کے تحت پہلی شادی کا اندراج

    ننکانہ صاحب: سکھ میرج ایکٹ کے تحت پہلی شادی کا اندراج

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) سکھ برادری کے لیے ایک تاریخی پیش رفت میں، ضلع ننکانہ صاحب میں سکھ میرج ایکٹ کے تحت پہلی مرتبہ ایک سکھ جوڑے کی شادی کا باقاعدہ اندراج کیا گیا ہے۔ بلوندر سنگھ اور دل جیت کور سنگھ وہ پہلے خوش نصیب جوڑے ہیں جن کی شادی کی رجسٹریشن "انند کارج” رسم کے تحت مقامی رجسٹرار کے ذریعے عمل میں لائی گئی۔

    یہ اقدام پنجاب حکومت کے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد ممکن ہوا، جس کے تحت ضلع ننکانہ صاحب میں پہلی بار انند کارج رجسٹریشن کے لیے رجسٹرار کو باقاعدہ طور پر نامزد کیا گیا۔

    سکھ کمیونٹی نے اس پیش رفت پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سکھ میرج ایکٹ 2017 جسے پنجاب انند کارج میرج ایکٹ بھی کہا جاتا ہے کے عملی نفاذ سے نہ صرف ان کی مذہبی شناخت کو قانونی طور پر تسلیم کیا گیا ہے بلکہ ان کے آئینی حقوق کو بھی مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔

    قبل ازیں سکھ برادری کو اپنی شادیوں کے اندراج کے دوران قانونی پیچیدگیوں کا سامنا رہتا تھا، تاہم اب اس اقدام سے سکھ برادری کو اپنی رسوم کے مطابق شادی رجسٹر کروانے میں سہولت میسر آ گئی ہے۔

    سکھ رہنماؤں نے حکومت پنجاب اور محکمہ بلدیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح سکھ میرج ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    بین الاقوامی سطح پر بھی اس پیش رفت کو خوب سراہا جا رہا ہے، خصوصاً اس لیے کہ ننکانہ صاحب سکھ مت کا نہایت مقدس مقام ہے، اور یہاں اس قانون پر عملدرآمد عالمی سکھ برادری کے لیے ایک مثبت اور واضح پیغام ہے۔