Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ: وقف املاک بورڈ کا بڑا آپریشن، 55 غیر قانونی دکانیں سیل

    ننکانہ: وقف املاک بورڈ کا بڑا آپریشن، 55 غیر قانونی دکانیں سیل

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)متروکہ وقف املاک بورڈ نے ننکانہ صاحب میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 55 غیر قانونی دکانوں کو سیل کر دیا۔ یہ آپریشن چیئرمین ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، جس کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کو قانونی کرایہ داری نظام کے تحت لانا ہے۔

    ایڈمنسٹریٹر زون رشید احمد تنیو کی نگرانی میں، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری اعجاز احمد گجر، متروکہ املاک کے عملے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بچیکی روڈ، مانگٹانوالہ روڈ اور واربرٹن روڈ پر یہ کارروائی کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق، بورڈ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ ایڈمنسٹریٹر رشید احمد تنیو نے کہا کہ بورڈ کی املاک کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور تمام قابضین کو کرایہ داری نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ آمدنی میں اضافہ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ: وقف اراضی سکینڈل، سابقہ افسران بچ نکلے، موجودہ کو قربانی کا بکرا بنانے کیلئے شوکاز نوٹس جاری

    ننکانہ: وقف اراضی سکینڈل، سابقہ افسران بچ نکلے، موجودہ کو قربانی کا بکرا بنانے کیلئے شوکاز نوٹس جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ، ڈسٹرکٹ رپورٹر احسان اللہ ایاز) وقف اراضی سکینڈل، سابقہ افسران بچ نکلے، موجودہ کو قربانی کا بکرا بنانے کیلئے شوکاز نوٹس جاری

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کی زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ جات کا معاملہ ایک نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ چیئرمین ون مین کمیشن شعیب سڈل کے دورے اور واضح شواہد کے باوجود، موجودہ ایڈمنسٹریٹر رشید احمد تنیو کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔

    12 جون 2025 کو سیکرٹری ای ٹی پی بورڈ فرید احمد کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس نمبر 3687 میں رشید احمد تنیو پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ وقف اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہے۔ ان سے چھ دن کے اندر تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔

    تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ تمام غیر قانونی سرگرمیاں سابق ایڈمنسٹریٹر تنویر احمد اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر فضل الرحمان بٹ کے دور میں ہوئیں، جب وقف اراضی پر قبضے اور تعمیرات کھلے عام جاری تھیں۔ چیئرمین شعیب سڈل کو دورہ ننکانہ صاحب کے دوران صحافیوں نے خود ان سابق افسران کے خلاف ثبوت اور تفصیلات فراہم کی تھیں۔

    ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں چیئرمین کو بتایا گیا تھا کہ متعدد غیرقانونی تعمیرات اُس وقت ہوئیں جب مذکورہ افسران اپنے عہدوں پر فائز تھے۔ صحافیوں نے اُن افسران پر روزانہ کی بنیاد پر بھتہ خوری، ملی بھگت اور تجاوزات کی سرپرستی کے الزامات بھی عائد کیے۔

    عجیب امر یہ ہے کہ انہی شکایات و رپورٹس کو نظر انداز کرنے والے سیکرٹری فرید احمد اب موجودہ افسر کو ہی نشانہ بنا رہے ہیں۔ صحافتی و عوامی حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ "کرے کوئی، بھرے کوئی” کا یہ نظام کب تک جاری رہے گا؟

    ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاملے کی غیرجانبدارانہ انکوائری نہ کی گئی تو اصل کردار قانون کی گرفت سے بچ نکلیں گے، اور موجودہ افسر کو قربان کر کے ادارے کی ساکھ مزید داؤ پر لگا دی جائے گی۔ اس طرزِ عمل سے وقف املاک کے تحفظ کا خواب مزید دور ہوتا جائے گا۔

  • بابا گورو نانک یونیورسٹی میں شکایات آگاہی سیمینار کا انعقاد

    بابا گورو نانک یونیورسٹی میں شکایات آگاہی سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں دفتر صوبائی محتسب پنجاب کے تعاون سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد طلباء کو شکایات کے اندراج کے باضابطہ طریقہ کار سے روشناس کروانا تھا۔

    سیمینار میں طلباء کو سرکاری اداروں اور عوامی خدمات سے متعلق شکایات کے حل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروگرام میں صوبائی محتسب پنجاب کے مشیر برائے ضلع ننکانہ صاحب سید مبشر حسین شاہ، لائژن آفیسر محترمہ صائمہ اشرف، زاہد فاروق اور احسن اللہ شریک ہوئے۔

    سید مبشر حسین شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شکایات کے مؤثر نظام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ محتسب پنجاب کا دفتر عوامی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو اپنے قانونی حقوق سے باخبر رہنے اور ان کے تحفظ کیلئے قانونی ذرائع سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اور جوابدہی جمہوریت کی بنیاد ہیں اور نوجوان نسل کو ان اصولوں کو اپناتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

    آخر میں اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزکس، ڈاکٹر ہاشم فاروق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلباء میں شعور بیدار کرنے، ان کی رہنمائی اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  • ننکانہ : خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم، 27 مستحقین مستفید

    ننکانہ : خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم، 27 مستحقین مستفید

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال و صنعت زار کے دفتر میں خصوصی افراد کیلئے معاون آلات تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد میں وہیل چیئرز، وائٹ کین سٹکس، واکرز اور سننے والے آلات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خصوصی افراد کیلئے معاون آلات کی تقسیم پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کی تقریب میں ضلع ننکانہ صاحب کے 27 مستحق خصوصی افراد کو یہ آلات فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ باقی تمام خصوصی افراد کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام لائق تحسین ہے اور وہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ معاون آلات کی فراہمی پر مستفید افراد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کے حق میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

  • ننکانہ:مون سون و ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، اہم فیصلے

    ننکانہ:مون سون و ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، اہم فیصلے

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں مون سون کی تیاریوں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں متعلقہ افسران نے ممکنہ سیلابی صورتحال، مون سون انتظامات اور ہیٹ ویو سے تحفظ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دریا کے قریب قائم غیر قانونی آبادیوں کو فوری نوٹس جاری کیے جائیں، اور ہدایات نہ ماننے والوں کی تعمیرات کو مسمار کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی شاہراہوں پر آندھی سے گرنے یا جھکنے والے درختوں کو فوراً ہٹایا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

    گرمی کی شدت کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مقامات اور رش والے علاقوں میں فوری طور پر ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو شدید گرمی کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔

    انہوں نے فلٹریشن پلانٹس کی ٹائمنگ ختم کرنے اور ان پلانٹس کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم دیا تاکہ عوام کو ہر وقت صاف پانی کی سہولت میسر ہو۔ ساتھ ہی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور میونسپل افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام لاری اڈوں پر مسافروں کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمہ جات مون سون کے پیش نظر اپنی تیاریاں مکمل رکھیں، تمام مشینری چالو حالت میں ہو، اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    آخر میں واپڈا حکام کو ہدایت کی گئی کہ مون سون کے آغاز سے پہلے تمام لٹکتی اور ننگی تاروں کو ہٹایا جائے اور مکمل ہونے کے بعد حفاظتی سرٹیفکیٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروایا جائے۔

  • ننکانہ: ناقص صفائی پر کمپنی کو 10 لاکھ روپے جرمانہ، 2 گھنٹے میں بہتری کے احکامات

    ننکانہ: ناقص صفائی پر کمپنی کو 10 لاکھ روپے جرمانہ، 2 گھنٹے میں بہتری کے احکامات

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ صفائی ستھرائی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے متحرک ہو گئے۔ انہوں نے تحصیل ننکانہ کے مختلف علاقوں، جن میں ننکانہ سٹی، موڑ کھنڈا، بچیکی اور منڈی فیض آباد شامل ہیں، کا دورہ کیا اور صفائی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    موڑ کھنڈا اور منڈی فیض آباد میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے صفائی کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ساتھ ہی کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ دو گھنٹوں کے اندر اندر صفائی کے معیاری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

    بچیکی میں صفائی کے مثالی انتظامات پر ڈپٹی کمشنر نے عملے کو شاباش دی اور انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اعلان کیا کہ وہ عید کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کو ہر صورت ممکن بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے ضلع کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کا خود دورہ کریں گے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اگر کہیں صفائی نہ ہونے کی شکایت ہو تو فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔

  • ننکانہ: یومِ ماحولیات پر شجرکاری، ریلی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ: یومِ ماحولیات پر شجرکاری، ریلی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شجرکاری، آگاہی ریلی اور سیمینار شامل تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی قیادت میں بچیانہ روڈ کے دونوں اطراف شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا، جس میں ضلعی افسران، طلبہ اور شہریوں نے بھرپور حصہ لیا۔ اسی سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں ماحولیاتی تحفظ کے موضوع پر آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔

    مزید برآں، ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک ایک بڑی آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات فوزیہ اکرم، تاجر برادری، طلبہ، سول سوسائٹی اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راو نے خطاب میں کہا کہ ماحولیات کا تحفظ قومی فریضہ ہے اور ہمیں گلی محلوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ درخت لگانے کی بھی عادت اپنانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زیرو پلاسٹک و زیرو پلوشن ڈے منایا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شاپر بیگز کا استعمال ترک کریں، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ماحول دوست طرز زندگی اپنائیں۔ قدرتی ماحول کے بغیر زندگی ممکن نہیں، اس لیے حکومت، انتظامیہ اور عوام کو مل کر ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔

  • ننکانہ : بابا گورو نانک یونیورسٹی میں یومِ ماحولیات پر پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کی مہم

    ننکانہ : بابا گورو نانک یونیورسٹی میں یومِ ماحولیات پر پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کی مہم

    ننکانہ صاحبٰ(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی میں یومِ ماحولیات پر پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کی مہم

    بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں عالمی یوم ماحولیات جوش و خروش سے منایا گیا، جس کا مرکزی موضوع "پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” تھا۔ اس مناسبت سے یونیورسٹی میں سیمینار، پوسٹر نمائش، آگاہی واک اور طلبہ کی عملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں ممتاز ماحولیاتی ماہرین نے شرکت کی، جن میں فوزیہ اکرم (ڈپٹی ڈائریکٹر، انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی)، پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈاکٹر سمیرا نعیم، ڈاکٹر مدثر حسن، ڈاکٹر عدیل غفار اور ڈاکٹر عفیفہ یونس شامل تھے۔ مقررین نے ماحولیاتی آلودگی خصوصاً پلاسٹک کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے پائیدار طرزِ زندگی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماحول دوست پالیسیوں، زمینی و فضائی آلودگی سے تحفظ، اور پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز پر تفصیلی خطاب کیا۔

    سیمینار کے بعد طلبہ نے "پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” کے موضوع پر پوسٹر نمائش کا انعقاد کیا، جس میں تخلیقی انداز میں ماحولیاتی پیغامات کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کو مہمانانِ خصوصی نے خوب سراہا۔

    ایک خصوصی سرگرمی میں طلبہ نے پلاسٹک کے متبادل ماحول دوست اشیاء کی ترویج کی اور سنگل یوز پلاسٹک کے خطرات سے آگاہی دی۔ یوم ماحولیات کی تقریبات کا اختتام ایک آگاہی واک پر ہوا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک میں شریک افراد نے پلے کارڈز کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا اور سرسبز پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی،تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں سست روی، شہریوں کا اظہارِ تشویش

    ضلع ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت نے غیر قانونی اور خطرناک اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل ننکانہ ڈاکٹر ذیشان اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ اتائی کلینکس سیل کر دیے، جب کہ ان کے چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    سیل کیے گئے کلینکس میں شامل مقامات گاؤں کوٹلی لال، یونین کونسل مانگٹانوالہ، گاؤں پیپل والا (یونین کونسل کوٹ نامدار)، بندے کی جاگیر، بائی پاس لاہور روڈ اور موڑ کھنڈا شامل ہیں۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق تحصیل ننکانہ صاحب میں اس وقت 112 غیر قانونی اتائی کلینکس کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں جاری ہیں۔

    یہ آپریشن سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب محترمہ نادیہ ثاقب کی ہدایات، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی نگرانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد کی سرپرستی میں عمل میں لایا جا رہا ہے۔

    محکمہ صحت کی جانب سے "مریم نواز ہیلتھ کلینکس (MNHC)” منصوبے کے تحت ضلع میں 19 جدید مراکز فعال کیے جا چکے ہیں، جن میں تحصیل ننکانہ میں 10، شاہکوٹ میں 6 اور سانگلہ ہل میں 3 کلینک شامل ہیں۔ ان مراکز کے قیام کے بعد اتائی کلینکس کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

    تاہم، دوسری جانب تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی سست روی کا شکار ہے، جس پر مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں بھی فوری اور بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے جعلی ڈاکٹروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں اتائیوں کے خلاف مزید آپریشن جلد متوقع ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • ننکانہ: کیا "عزم کی دیوار” ماحولیات کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی؟

    ننکانہ: کیا "عزم کی دیوار” ماحولیات کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کا نشان لگا کر کیا۔ یہ اقدام صرف رسمی تقریب نہیں بلکہ ماحول دوست طرزِ زندگی کی جانب ایک علامتی اور عملی قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

    تقریب میں شہریوں، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال سے اجتناب کا حلف اٹھایا۔ سب نے "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کے نشانات لگا کر ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کا عہد کیا۔

    اس موقع پر محکمہ ماحولیات ننکانہ صاحب کے عملے نے عوام میں پمفلٹس تقسیم کیے جن میں پلاسٹک کے انسانی صحت اور ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی وضاحت کی گئی تھی۔ مہم کا مقصد ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور عملی اقدامات کے لیے شہریوں کو ترغیب دینا ہے۔

    ماحولیاتی ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات اگر تسلسل سے جاری رکھے جائیں تو یہ نہ صرف مقامی سطح پر ماحول کے تحفظ میں مؤثر ثابت ہوں گے بلکہ ملک گیر سطح پر بھی ایک مثبت پیغام پہنچائیں گے۔