Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس کی زیرصدارت موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع ننکانہ صاحب کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر رہیں گے۔ پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ ہسپتالوں اور کنٹرول رومز میں نائٹ ڈیوٹی کا نظام دُگنا کر دیا جائے، تمام محکموں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور کسی اہلکار کو اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تینوں کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے مکمل فعال رکھا جائے اور وہاں صرف تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے۔

    افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے تین عدد رابطہ نمبرز فوری طور پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو فراہم کریں۔ تمام اداروں کے مابین مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے اور مشینری کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے۔ رات کے وقت سٹریٹ لائٹس اور غیر ضروری گھریلو لائٹس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ میونسپل افسران سے کہا گیا ہے کہ بیسمنٹ کی مکمل تفصیلات آج شام تک فراہم کی جائیں، جبکہ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی دستیابی اور بلڈ بینکوں میں خون کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

    سول ڈیفنس، کالجز، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو ہنگامی مشقیں فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ تینوں میونسپل کمیٹیوں میں ایمرجنسی سائرن سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

    تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنا ایمرجنسی میکانزم مرتب کریں اور آج ہی ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔ بغیر چیکنگ کوئی بھی لنگر تقسیم نہ کیا جائے، متعلقہ محکمے چیکنگ ٹیمیں فوری تشکیل دیں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے اور کم از کم 15 دن کا ذخیرہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

    پٹرول پمپ مالکان اور کریانہ اسٹور مالکان کی ایسوسی ایشنز سے فوری میٹنگز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی بحران کے دوران فراہمی میں تعطل نہ ہو۔

    اجلاس کے اختتام پر ضلعی قیادت نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پوری قوم اور ضلعی ادارے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور مسلح افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

  • ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار،احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی کے زیر انتظام نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین این پی جے سی میاں عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    کانفرنس کا مقصد ملک میں شدت پسندی کے خاتمے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس اہم تقریب میں این پی جے سی کے مرکزی قائدین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ضلعی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب کے دوران نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل ننکانہ صاحب کے نومنتخب عہدیداروں نے حلف اٹھایا، جبکہ امن کے فروغ میں نمایاں خدمات پر فیصل رشید بھٹی کو "امن شیلڈ” سے بھی نوازا گیا۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میاں عبدالوحید نے بھارت اور اسرائیل کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو خود ظلم و جبر میں ملوث ہیں، وہ دنیا کو امن کا درس کیسے دے سکتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی برداشت نہیں کرے گی اور ہر ظلم کا جواب دے گی۔

    چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی نے خطاب میں کہا کہ ملک میں ہر چند سال بعد قوم کو فرقہ واریت، برادری ازم اور سیاسی تقسیم کی بنیاد پر بانٹا جاتا ہے، حالانکہ ہم سب ایک کلمہ پڑھنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا واحد اسلامی ایٹمی ملک پاکستان ہے، جس نے دہشتگردی کا سب سے زیادہ سامنا کیا، چاہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ ہو یا ٹرین سانحے—دشمنوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن افواج اور ریاستی اداروں نے دنیا کے سامنے بھرپور دفاع کیا۔

    شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایسے قومی نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل ضروری ہے تاکہ امن، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی فروغ پا سکے۔

  • ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ناقص میٹریل بے نقاب، محکمہ ہائی وے کی کارکردگی پر سوالات

    ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ناقص میٹریل بے نقاب، محکمہ ہائی وے کی کارکردگی پر سوالات

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار، احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران مانوالہ روڈ پر تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل کا انکشاف ہوا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کی سرزنش کی اور ازسرنو معیاری انداز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ننکانہ تا فیروز وٹواں اور ننکانہ تا مانوالہ سڑکوں کے 44 کلومیٹر طویل منصوبے کا معائنہ کیا، جو کہ 1100 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میٹریل کے معیار، کام کی رفتار اور منصوبے کی تکمیل کے ٹائم فریم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ڈی او ہائی وے نے ڈپٹی کمشنر کو تمام تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی، تاہم جب مانوالہ روڈ پر ناقص میٹریل استعمال ہوتا پایا گیا تو ڈی سی نے موقع پر ہی کارروائی کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبے ہر صورت 30 مئی 2025 تک مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت وزٹ نہ کیا جاتا تو ناقص میٹریل سے یہ سڑک مکمل کر دی جاتی، جو سرکاری فنڈز کے ضیاع اور عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوتا۔

    ترقیاتی منصوبوں میں غفلت، ناقص کارکردگی یا کسی بھی بدعنوانی کے امکانات کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں میں شفاف نگرانی نہ ہوئی تو کروڑوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین شاہراہوں پر کیٹ آئیز، لین مارکنگ، اور اسٹینڈرڈ سائن بورڈز کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پائیدار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، سی او ضلع کونسل اور ہائی وے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی بحالی و تعمیراتی کام برق رفتاری سے جاری ہے، اور جلد ہی دیگر نئی اسکیموں پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام، طلبہ اور کسانوں کو ان سڑکوں سے براہ راست فائدہ ہوگا، اور ہر منصوبہ معیار، شفافیت اور پائیداری کی مکمل ضمانت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب: دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر پابندی عائد,ریسکیو 1122 کا انتباہ

    ننکانہ صاحب: دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر پابندی عائد,ریسکیو 1122 کا انتباہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر سعید احمد، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر ریسکیو افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اپریل 2025 کے دوران ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو مجموعی طور پر 14525 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3371 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان پر 3556 متاثرین کو بروقت ریسکیو سروس فراہم کی گئی۔ ان واقعات میں 763 روڈ ٹریفک حادثات، 2057 میڈیکل کیسز، 134 آتشزدگی، 5 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 72 لڑائی جھگڑے اور 340 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے موسمِ گرما کے دوران ڈوبنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا کہ دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیرنے کی مہارت نہ ہونا، پانی کے بہاؤ اور گہرائی کا غلط اندازہ، پانی میں چھپی خطرناک اشیاء سے لاعلمی، اور غیر سنجیدہ رویہ اکثر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ ایسی صورتوں میں ریسکیو ٹیموں کو کئی کئی دنوں تک تلاش اور بازیابی کے پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے والدین، اساتذہ، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے شعور بیدار کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل میں 1276 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 2194 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 86 افراد جانبر نہ ہو سکے، جب کہ 334 مریضوں کو ضلعی سطح پر سہولیات نہ ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 اپنی خدمات بلا تعطل جاری رکھے گی، مگر عوامی تعاون کے بغیر انسانی جانوں کو بچانا ممکن نہیں۔ پانی کے خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں اور بچوں کو خاص طور پر اس سے دور رکھیں۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گرو نانک یونیورسٹی کے 187 طلباء کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ ایوارڈز

    ننکانہ صاحب: بابا گرو نانک یونیورسٹی کے 187 طلباء کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ ایوارڈز

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے طلباء نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت منعقدہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ تقسیم کی تقریب میں شاندار شرکت کی، جو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کا مقصد صوبے بھر کے ہونہار طلباء کو تعلیمی میدان میں ان کی نمایاں کارکردگی پر سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

    تقریب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی کے 128 طلباء کو وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپس دیے گئے، جبکہ 59 ہونہار طلباء کو ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی پر "ہونہار اسکالرشپ” سے نوازا گیا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں تمام کامیاب طلباء کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو جدید تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ خود اعتمادی کے ساتھ کر سکیں۔

    بابا گرو نانک یونیورسٹی کے وفد کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کی۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار مبشر طارق، سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے فوکل پرسن سعد اسلم، ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے فوکل پرسن عبدالمصور، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور انتظامی افسران بھی شریک تھے۔

    وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہیں اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت پنجاب نوجوانوں میں سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف اپنی تعلیم کو آگے بڑھائیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں بھی فعال کردار ادا کریں۔

    یہ تقریب بابا گرو نانک یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف تھی، جو مستقبل میں ادارے کی ساکھ اور طلباء کی ترقی کے نئے در وا کرے گی۔

  • ننکانہ: ڈپٹی کمشنراچانک ہسپتال پہنچ گئے، پرچی کاؤنٹر بند ملنے پر انتظامیہ کی سرزنش

    ننکانہ: ڈپٹی کمشنراچانک ہسپتال پہنچ گئے، پرچی کاؤنٹر بند ملنے پر انتظامیہ کی سرزنش

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور او پی ڈی سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی میں پرچی کاؤنٹرز بند ہونے پر ہسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور اپنی موجودگی میں فوری طور پر پرچی کاؤنٹرز کو بحال کروایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر نے کہا کہ او پی ڈی میں کنسلٹنٹ ڈاکٹرز مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیڈز وارڈز اور زچہ بچہ سنٹرز پر علاج معالجے کی جاری فراہمی کا بھی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈز میں موجود ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو علاج معالجے کی مکمل سہولیات کی فراہمی کو بھی سراہا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہڑتالی ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مریضوں کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ یہ لوگوں کی صحت کا اہم معاملہ ہے۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کھیاڑے کلاں کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت سمیت دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

  • بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر پاکستانی صحافیوں کی تشویش

    بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر پاکستانی صحافیوں کی تشویش

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز) جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (JAP/UK) نے بھارت کی جانب سے حال ہی میں سامنے آنے والے غیر ذمہ دارانہ اعلانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان اعلانات میں سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے، واہگہ بارڈر بند کرنے اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے مطالبات شامل ہیں۔

    JAP/UK کے مرکزی صدر میاں عامر علی، مرکزی سیکرٹری محمد آصف قائمی، سیکرٹری فنانس اقبال قائم خانی، صدر JAP UK پاکستان سمیع اللہ عثمانی، سیکرٹری جنرل صائمہ صابر اور سیکرٹری فنانس راشد علی خانزادہ سمیت دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدہ ہے جس نے دونوں ملکوں کے درمیان پانی کی تقسیم کا توازن برقرار رکھا ہے۔ اس معاہدے کا یکطرفہ خاتمہ نہ صرف بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہوگا بلکہ اس کے انتہائی سنگین نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے اقدامات سے دونوں ممالک کی عوام براہ راست متاثر ہوں گے۔ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی متاثر ہونے سے زرعی پیداوار، پینے کے پانی تک رسائی اور ماحولیات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح سرحدوں کی بندش اور سفارتی تعلقات میں کشیدگی دونوں ممالک کے طلبہ، مریضوں، تاجروں اور ثقافتی و سماجی روابط کو بری طرح متاثر کرے گی۔

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے نے دونوں ممالک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہوش مندی، تدبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور تمام مسائل کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوشش کریں۔ تنظیم نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس خطرناک صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

  • ننکانہ: ڈاکٹر رانا افتخار کی قیادت میں بڑا طبی معرکہ، عوام کا ستارہ امتیاز کا مطالبہ

    ننکانہ: ڈاکٹر رانا افتخار کی قیادت میں بڑا طبی معرکہ، عوام کا ستارہ امتیاز کا مطالبہ

    ننکانہ صاحب,باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کے ارتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے طبی تاریخ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ معروف آرتھوپیڈک سرجن اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی قیادت میں ارتھوپیڈک ٹیم نے جدید طبی سہولیات کے تحت ایک مریضہ کے کولہے (Hip Joint) کی کامیاب ٹوٹل ہِپ ریپلیسمنٹ (THR) سرجری انجام دی۔ مریضہ کی کولہے کی ہڈی میں خون کی روانی متاثر ہو جانے کے باعث جوڑ مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا تھا جسے جدید طریقہ علاج کے ذریعے کامیابی سے بحال کیا گیا۔

    یہ شاندار کارنامہ ایسے ہسپتال میں سرانجام دیا گیا جہاں سہولیات ملک کے بڑے اور جدید ہسپتالوں کے معیار کی نسبت محدود ہیں، تاہم ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اور ان کی ٹیم کی مہارت نے ان کمیوں کو آڑے نہیں آنے دیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اس سے قبل بھی درجنوں پیچیدہ آرتھوپیڈک آپریشنز، جن میں مختلف اقسام کے فریکچرز، جوڑوں کی تبدیلی اور ہڈیوں کی پیچیدہ بیماریوں کا کامیاب علاج شامل ہے، بخوبی انجام دے چکے ہیں۔

    ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اور ان کی ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر ننکانہ صاحب کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ عوامی مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی دکھی انسانیت کے لیے بے لوث خدمات کے اعتراف میں انہیں "ستارہ امتیاز” جیسے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازے۔ شہریوں نے انہیں خدمت خلق کا درخشندہ پیکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اپنی شبانہ روز محنت اور جذبہ خدمت کے ذریعے قوم کے ان عظیم سپوتوں میں شامل ہو چکے ہیں جو خاموشی سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔

    عوام نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی خدمات کو قومی سطح پر سراہا جائے گا۔

  • ننکانہ:مرکزی مسلم لیگ کا بھارتی آبی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    ننکانہ:مرکزی مسلم لیگ کا بھارتی آبی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام بھارتی آبی جارحیت اور شرانگیزی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرہ ننکانہ صاحب پریس کلب کے سامنے منعقد ہوا، جس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عہدیداران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلاء، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی آبی جارحیت، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ غیر قانونی منسوخی، اور پاکستان پر جھوٹے الزامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے "بھارت مردہ باد”، "پاکستان زندہ باد”، اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔

    اس موقع پر عطاء اللہ غلزئی (صدر مسلم ٹیچرز فورم پاکستان)، ثاقب مجید (جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ، ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب)، میاں عابد (ضلع صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ، ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب) سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی غیر قانونی ہے، اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ماضی میں بھی کئی بار جھوٹے الزامات لگا کر اس معاہدے کو منسوخ کرنے کی کوشش کر چکا ہے۔

    مقررین نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے ایک بار پھر ڈرامہ رچا کر الزام پاکستان پر لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان سمیت پاکستان کے حالات خراب کرنے میں براہ راست ملوث ہے، اور اس کے ناقابلِ تردید ثبوت کئی بار سامنے آ چکے ہیں۔

    مظاہرین اور مقررین نے قومی سلامتی کونسل کی جانب سے بھارت کو بروقت اور بھرپور ردعمل دینے پر حکومت اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

  • ننکانہ :ہیڈ بلوکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کی گئیں

    ننکانہ :ہیڈ بلوکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کی گئیں

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی) نامہ نگار احسان اللہ ایازضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام دریائے راوی ہیڈ بلوکی کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی قیادت میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیوسٹاک، ایریگیشن، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ بوٹس میں بیٹھ کر سیلاب سے متاثرہ ممکنہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ مشقوں کے دوران سیلاب آپریشنز میں استعمال ہونے والے آلات، مشینری اور دیگر سہولیات کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار و دیگر افسران نے ڈپٹی کمشنر کو موک ایکسرسائز کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں اور سول ڈیفنس کے غوطہ خوروں نے پیشہ ورانہ انداز میں ڈوبنے والوں کو بچانے کی عملی مشق کا مظاہرہ کیا۔ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ادویات کی فراہمی اور خشک چارے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی اداروں کی تیاریوں پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کا مقصد پیشگی انتظامات اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ اور مکمل طور پر فعال ہیں۔ ہنگامی حالات میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

    انہوں نے ریسکیو 1122 کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے لیے دن رات سرگرم ہیں، اور ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے قدرتی آفات اور چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔