Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بائیک لفٹر گینگ کے دو کارندے گرفتار کر لیے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حویلی لکھا انسپکٹر سرور کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 12 موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد ہوا جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے ہے۔

    گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش حویلی لکھا اور گردونواح سے درجنوں موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: انسدادِ سموگ مہم کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ: انسدادِ سموگ مہم کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت انسدادِ سموگ مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم، سیکرٹری ڈی آر ڈی اے اقصیٰ ریاض، انڈسٹریز، ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کارروائیوں اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سموگ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

    اجلاس میں بھٹہ مالکان کی نگرانی، کھلی جگہوں پر کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام، دھوئیں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن اور صنعتی یونٹس کی انسپکشن مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کے تمام عوامل کا سدباب کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کی جائیں اور عوام کو مؤثر آگاہی فراہم کی جائے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی ضلعی افسران کو گڈ گورننس اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی ضلعی افسران کو گڈ گورننس اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مفادِ عامہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے افسران کو وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس پروگرام پر مکمل عملدرآمد کے واضح احکامات جاری کیے۔ اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ایس این اے افضال حسین بلوچ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خلاف کارروائی، شہر کی خوبصورتی، پارکس کی تزئین و آرائش، ڈویلپمنٹ اسکیموں پر پیش رفت اور دیگر گڈ گورننس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    احمد عثمان جاوید نے موثر مانیٹرنگ کے جامع پلان پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ پوری نیک نیتی کے ساتھ عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے بہترین حل کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔

  • اوکاڑہ: خسرہ و روبیلا انسداد مہم کا باقاعدہ آغاز، 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی

    اوکاڑہ: خسرہ و روبیلا انسداد مہم کا باقاعدہ آغاز، 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سٹی ہسپتال اوکاڑہ میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جہاں بچوں کو موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے 17 نومبر سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ مہم کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے تمام بچوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ یہ خصوصی مہم 17 تا 29 نومبر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے خسرہ و روبیلا کے خلاف ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین بچوں میں قوتِ مدافعت بڑھاتی ہے اور انہیں متعدد خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم کا آغاز والدین کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے بچوں کو فوری ویکسینیشن کروا کر ان کی صحت و سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس.15 کیسز کی سماعت، فوری فیصلوں کی ہدایت

    اوکاڑہ: ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس.15 کیسز کی سماعت، فوری فیصلوں کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جائیداد سے متعلق 15 کیسز کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجین وستر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں فریقین کے مؤقف، دلائل اور ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کیسز میرٹ پر جلد از جلد نمٹائے جائیں تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی جائیدادوں کے معاملات میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، اور کمیٹی کی موثر ورکنگ سے عدالتی بوجھ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے فریقین کے باہمی تنازعات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ شہریوں کو شفاف، غیر جانبدار اور فوری انصاف ہر صورت فراہم کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کا روڈ حادثات کے متاثرین کا عالمی دن.“زندگی، معذوری یا موت… فیصلہ آپ کا”

    اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کا روڈ حادثات کے متاثرین کا عالمی دن.“زندگی، معذوری یا موت… فیصلہ آپ کا”

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز و تمغۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن منایا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر نگرانی سیمینارز اور آگاہی واکس کا بھرپور انعقاد کیا گیا۔

    ریسکیو افسران، ریسکیورز، رضاکاروں، طلباء و طالبات اور نیشنل ہائی وے پولیس کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ آگاہی تقاریب کمیونٹی ریسکیو اسٹیشنز کے ساتھ ساتھ مختلف اسکولوں اور کالجز میں بھی منعقد کی گئیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ہر 1 منٹ بعد ایک موٹر سائیکل حادثہ پیش آتا ہے، جبکہ 75 فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سے منسلک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، گاڑیوں کے درمیان سے گزرنے اور موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے حادثات میں خوفناک اضافہ ہو رہا ہے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ:موٹر سائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہ کریں۔
    موبائل فون کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
    بائیں لین کا استعمال کریں۔
    معیاری ہیلمٹ پہنیں۔

    ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اگر موٹر سائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر یا اس سے زائد ہو تو حادثے کی صورت میں زندہ بچنے کے امکانات صرف 5 فیصد رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کا پیغام:
    “زندگی، معذوری یا موت… فیصلہ آپ کا”

  • اوکاڑہ : گڈ گورننس اقدامات تیز، ڈپٹی کمشنر کے افسران کو فیلڈ میں رہنے کے احکامات

    اوکاڑہ : گڈ گورننس اقدامات تیز، ڈپٹی کمشنر کے افسران کو فیلڈ میں رہنے کے احکامات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مفادِ عامہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے افسران کو وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر واسا محمد فرحان، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید سمیت مختلف محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ:

    تجاوزات کے خاتمے کے لیے مسلسل آپریشن جاری رکھا جائے۔
    شہر میں صفائی ستھرائی کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔
    بیوٹیفکیشن پلان پر تیزی سے عمل کیا جائے۔
    پرائس کنٹرول اقدامات مزید سخت کیے جائیں۔
    ہسپتالوں، اسکولوں اور سروس مراکز کی مانیٹرنگ مسلسل کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی ریلیف اقدامات کو اولین ترجیح دی جائے، عوامی شکایات کے حل کے لیے واضح ٹائم لائنز ترتیب دی جائیں، اور فیلڈ میں رہ کر کارکردگی کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ عوام کی بہتری کے لیے محنت، تیزی اور ذمہ داری سے کام کریں۔

  • اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں حب الوطنی کے فروغ کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد

    اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں حب الوطنی کے فروغ کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)سرکاری سکولوں میں جذبۂ حب الوطنی کے فروغ کے لیے گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اوکاڑہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کاہلوں کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب میں طلبہ نے آرمی یونیفارمز پہن کر ٹیبلوز، تقریری مقابلوں اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

    خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ:
    قومی ہیروز اور شہداء قوم کا فخر ہیں۔
    نسلِ نو کو امن، استحکام اور ترقی کا پیغام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
    ہمارے ہیروز اور شہداء نے ملک کے تحفظ، دفاع اور ترقی کے لیے گراں قدر قربانیاں دیں۔

    افواجِ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا، اور ان کی خدمات شکریہ اور احترام کے قابل ہیں۔

    انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مثبت سوچ، محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں، قومی ہیروز کے کارناموں کو اجاگر کریں، اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت ملک کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔

  • اوکاڑہ:مالک مکان سے جھگڑا،کرایہ دار کی جھوٹی ڈکیتی کی کال،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ:مالک مکان سے جھگڑا،کرایہ دار کی جھوٹی ڈکیتی کی کال،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں کرایہ دار رمضان نے معمولی جھگڑے کے بعد مالک مکان رحمت علی کو مقدمے میں پھنسانے کے لیے ایمرجنسی نمبر 15 پر جھوٹی ڈکیتی کی کال کر دی، جس پر پولیس تھانہ اے ڈویژن فوری کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، عزیز پارک اوکاڑہ میں رہائش پذیر رمضان نے کال کی کہ ڈاکوؤں نے دکان میں زبردستی گھس کر واردات کی ہے۔ تاہم، موقع پر جانے پر کسی بھی شکایت کی تصدیق نہ ہوئی، جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کی۔

    ملزم رمضان اپنے عمل سے پولیس کو چکما نہیں دے سکا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرایہ دار نے معمولی جھگڑے کی بنیاد پر ایمرجنسی سروس کا غلط استعمال کیا اور قیمتی وقت ضائع کیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی، 15 دکانیں سیل، 7 مقدمات درج

    اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی، 15 دکانیں سیل، 7 مقدمات درج

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی سربراہی میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 15 دکانوں اور ایجنسیوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ 7 مقدمات درج اور متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق، تحصیل دیپالپور اور رینالہ خورد میں سول ڈیفنس کی ٹیموں نے چھاپے مار کر غیر قانونی طور پر چلنے والی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کو بند کیا۔ رینالہ خورد میں 4 مقدمات اور دیپالپور میں 3 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔

    سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے برخلاف ایل پی جی یا پٹرول کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف تمام ممکنہ قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔