Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کے ہمراہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے سہولیات سے متعلق براہِ راست دریافت بھی کی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ عوام کا بنیادی حق ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی کے معیار، ادویات کی بروقت دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی مجموعی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھلیانہ نوید نزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبارکی گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مبارک عرف مبارکی (سرغنہ)، عمران، منظور اور رستم کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں ایک لاکھ روپے نقدی بھی شامل ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 13 بوریاں کھاد، 3 جنریٹر ٹینکس، ایک سپرے ٹینک، ایک گریس گن، 2 بالٹیاں گریس، 3 کراس روٹاویٹر، 895 بوریاں باردانہ و سیبہ، 2 سنگل، 4 بیگ پوٹاش اور ناجائز اسلحہ شامل ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اوکاڑہ اور گردونواح میں درجنوں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید انکشافات اور برآمدگیوں کی توقع ہے۔

  • اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ محمد شجعین وسطرو کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور محکمہ مال کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ریونیو کے جاری اقدامات، افسران کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات کی رفتار مزید تیز کرنے، سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی زور دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ریکوری کے عمل کو شفاف اور منظم بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت مراکز میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے، ان کے مسائل کے فوری حل اور بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو کا کہنا تھا کہ ریونیو نظام کی بہتری، پلس پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔

  • ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار، احسان اللہ ایاز)ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان (RUJ) سینٹرل پنجاب کے انتخابات کے نتائج کے بعد نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن بورڈ کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے انتخابات میں مرزا قیصر فاروق صدر اور میاں تنویر شہزاد ساحل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

    صوبائی الیکشن 2026/27 میں سینٹرل پنجاب کے دیگر منتخب عہدیداران میں سینئر نائب صدر حاجی رمضان (قصور)، نائب صدر شیخ آصف اقبال (ننکانہ صاحب)، جوائنٹ سیکرٹری رانا خضر حیات (شخوپوہ) اور سیکرٹری خواتین ونگ آمنہ اقبال (لاہور) شامل ہیں۔

    چیئرمین الیکشن بورڈ محمد ارشد گولڈن نے پانچ رکنی الیکشن بورڈ کی نگرانی میں منتخب عہدیداران 2026/2027 کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

  • اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ایم ڈی واسا عبدالوحید کے ہمراہ چرچ روڈ سیوریج سکیم کی سائٹ اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد شروع کرنے کے سلسلے میں ایکسین میونسپل کمیٹی مہر مبارک کو ہدایات جاری کیں۔

    چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ سیوریج سکیم کی تعمیر سے شہر کی مرکزی سڑک کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا اور عوام کے سیوریج کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی مؤثر کارکردگی سیوریج سسٹم کی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

    ایم ڈی واسا عبدالوحید نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سولرائزیشن کے ذریعے بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے اور اس منصوبے سے سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے سکاڈا پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر کے وسط سے 5 کیوسک بارشی پانی کی نکاسی کا منصوبہ مئی تک مکمل کر دیا جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)معروف اسکالر سید سرفراز احمد شاہ نے کہا ہے کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور دنیاوی وسائل پر حد سے زیادہ انحصار انسان میں بے چینی اور حرص کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روحانیت کا راستہ نیکی اور عبادت کے امتزاج سے طے ہوتا ہے، جبکہ رب سے براہِ راست تعلق ہی حقیقی سکون کی بنیاد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ سوال و جواب کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں صاحبزادگان سید شیراز احمد شاہ، سید سہیل احمد شاہ سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اپنی گفتگو میں سید سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار کے رزق کی ضمانت دے رکھی ہے، مگر انسان کی بے چینی کی اصل وجہ رب پر مکمل بھروسے کے بجائے دنیاوی ذرائع پر انحصار ہے۔ انہوں نے حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رزق کی دو قسمیں ہیں، ایک وہ جسے انسان تلاش کرتا ہے اور دوسرا وہ جو انسان کو خود تلاش کرتا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ روحانیت محض ذکر و اذکار کا نام نہیں بلکہ نیکی، عبادت اور عملی زندگی میں اخلاقی قدروں کو اپنانے سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکر گزاری اور اللہ سے براہِ راست تعلق روحانی سکون کی بنیاد ہے، جبکہ روحانیت کا سفر کسی تکلیف کے بجائے ایک طالب علم کی محنت کی مانند ہے، جس میں قربِ الٰہی کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

    اس موقع پر صاحبزادہ سید شیراز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر زندگی کو آسان اور بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی خدمت اور ان سے محبت کو عبادت سمجھ کر انجام دینا چاہیے، کیونکہ اس میں دنیا اور آخرت دونوں کی بھلائی پوشیدہ ہے۔

  • ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ کا دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور کوالٹی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی سروسز، او پی ڈی، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے سہولیات کے حوالے سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مریضوں کو بروقت، معیاری اور باعزت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کوالٹی سروسز کے تسلسل اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی واضح ہدایات جاری کیں۔

  • اوکاڑہ:چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے اور سامان ضبط

    اوکاڑہ:چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے اور سامان ضبط

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور تجاوزات کا سامان تحویل میں لے لیا۔

    انسداد تجاوزات مہم سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی کی گئی، جس کے دوران مختلف دکانوں کی چیکنگ کی گئی اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر لگائی گئی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات سے پاک شہر اور بازار خوبصورتی اور عوامی سہولت کی علامت ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • اوکاڑہ :پولیس کی کارروائی، خطرناک چور گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کی کارروائی، خطرناک چور گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک چور گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو مختلف مقدمات میں اشتہاری بھی نکلے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھاری مالِ مسروقہ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر دیپالپور پولیس نے ڈی پی او اوکاڑہ کے خصوصی ٹاسک پر کامیاب کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان میں سلیم، تنویر، علی ارشد اور عامر شامل ہیں، جو ایک منظم چور گینگ کے ارکان ہیں اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

    ملزمان نے دورانِ تفتیش 10 بکریاں، ایک ٹوکہ مشین اور ایک بجلی کی موٹر چوری کرنے کی وارداتوں کا انکشاف کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار عدد 30 بور پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کیں، جبکہ اسلحہ برآمدگی پر ملزمان کے خلاف الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید مالِ مسروقہ کی برآمدگی کی توقع ہے۔

  • اوکاڑہ:تھانہ اے ڈویژن پولیس کی بروقت کارروائی، 10 سالہ بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب

    اوکاڑہ:تھانہ اے ڈویژن پولیس کی بروقت کارروائی، 10 سالہ بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس تھانہ اے ڈویژن نے سخت سرد موسم اور شدید دھند کے باوجود اپنے فرائض کو اولین ترجیح دیتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں 10 سالہ بچے کو بازیاب کرا کے والدین کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پکار 15 پر گورنمنٹ کالونی، نزد ٹینکی چوک سے ایک بچے کے اغواء کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن جہانزیب وٹو نے موسم کی سختی کی پرواہ کیے بغیر اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

    پولیس نے سیف سٹی کیمروں، مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں، ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر سرچ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں 10 سالہ نوریز نواز کو تلاش کر کے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

    بچے کی بحفاظت بازیابی پر اہلِ خانہ نے تھانہ اے ڈویژن پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور فوری ردِعمل کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او جہانزیب وٹو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔