Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • آر پی او ساہیوال کا اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ، پولیس کارکردگی اور عوامی سروس ڈلیوری کا جائزہ

    آر پی او ساہیوال کا اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ، پولیس کارکردگی اور عوامی سروس ڈلیوری کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے ضلع اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا جس میں پولیس کارکردگی، عوامی سروس ڈلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

    دورے کا آغاز طیب سعید شہید پولیس لائنز اور ڈی پی او آفس سے ہوا، جہاں آر پی او نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

    بعدازاں آر پی او نے بلدیہ سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں کھلی کچہریاں لگائیں، عوامی مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ ضلع کونسل دفتر کے سامنے شہریوں میں ہیلمٹس بھی تقسیم کیے اور ٹریفک سیفٹی آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں۔

    آر پی او نے سیف سٹی پراجیکٹ، تحفظ مرکز، دفتر ڈی ایس پی رینالہ اور سائبان آفس کا دورہ کیا جبکہ زیر تعمیر تھانہ بی ڈویژن اور دفتر ایس پی انویسٹیگیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف تھانوں اور خدمت مراکز کی انسپکشن بھی کی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

    طیب سعید شہید پولیس لائنز میں پولیس اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے واضح احکامات جاری کیے۔ بعدازاں انہوں نے وکلاء، انجمن تاجران اور صحافیوں کے وفود سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔

    دورے کے اختتام پر غیور ہال میں جرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او راشد ہدایت نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے کہا کہ شہریوں کی داد رسی، ان کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ اور سروس ڈلیوری میں بہتری لانا پولیس کا بنیادی مشن ہے۔

  • اوکاڑہ: 1316 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 11 کروڑ روپے سے زائد امداد کی تقسیم جاری

    اوکاڑہ: 1316 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 11 کروڑ روپے سے زائد امداد کی تقسیم جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح کے ویژن کے تحت اوکاڑہ میں سیلاب سے متاثرہ 1316 خاندانوں میں 11 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار 565 روپے کے امدادی پے آرڈرز کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

    اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے متاثرین میں پے آرڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ سیلاب متاثرین نے امداد کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سیلاب متاثرین کی فوری بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق شفاف، باعزت اور بروقت پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ خاندان تک امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پے آرڈرز کی تقسیم فوری اور شفاف بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی تاخیر، بدانتظامی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر متاثرہ خاندان تک امداد بلا تعطل اور عزت و احترام کے ساتھ پہنچائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر کسی بھی متاثرہ شخص کو امداد کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ انتظامی افسر سے فوراً رابطہ کریں تاکہ فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی انتظامات کی چیکنگ، اسسٹنٹ کمشنر کا متعدد علاقوں کا دورہ

    اوکاڑہ: ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی انتظامات کی چیکنگ، اسسٹنٹ کمشنر کا متعدد علاقوں کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی انتظامات کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر نے جی ٹی روڈ، صمد پورہ، ایم اے جناح روڈ، بے نظیر روڈ اور چنگی نمبر 6 سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی ٹیموں کو ہدایت کی کہ تمام علاقوں کی مکمل کلیرنس کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند زندگی کی بنیاد ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم عوام کو بہتر اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے صفائی ٹیموں کو سختی سے تاکید کی کہ کام میں ہرگز غفلت نہ برتی جائے اور تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

    آخر میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ سڑکوں اور گلیوں میں پھینکنے کے بجائے کوڑے دانوں میں ڈالیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: ضلع کونسل کی جانب سے مین ہول کورز کی ہنگامی تنصیب اور مرمت کا کام تیز

    اوکاڑہ: ضلع کونسل کی جانب سے مین ہول کورز کی ہنگامی تنصیب اور مرمت کا کام تیز

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر چیف آفیسر ضلع کونسل فدا افتخار میر کی زیر نگرانی ضلع کونسل کے زیرِ انتظام مختلف علاقوں میں مین ہول کورز کی تنصیب اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    چیف آفیسر فدا افتخار میر اور دیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کا باقاعدہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ فدا افتخار میر نے عملے کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مین ہول کورز کی حالت، فٹنس اور تنصیب کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ خستہ حال یا غائب مین ہول کورز کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے اور شہریوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔ چیف آفیسر نے کہا کہ کھلے یا ٹوٹے ہوئے مین ہول کورز شہریوں کیلئے خطرے کا باعث بنتے ہیں، اس لیے ضلع کونسل شہریوں کی سلامتی کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتی ہے۔

    انہوں نے متعلقہ عملے کو تاکید کی کہ تمام مین ہول پوائنٹس کی نشاندہی مکمل کی جائے اور مرمت و تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ فدا افتخار میر کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کے حل اور بنیادی بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    مزید بتایا گیا کہ ضلع کونسل عوامی شکایات پر فوری عملدرآمد کر رہی ہے اور مین ہول کورز کی تنصیب اور مرمت کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔

  • اوکاڑہ: بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال

    اوکاڑہ: بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال

    اوکاڑہ (ملک ظفر) پنجاب کے مختلف شہروں کی طرح اوکاڑہ میں بھی ٹریفک اور پیٹرولنگ پولیس کی جانب سے عائد کیے جانے والے مبینہ بھاری اور “ناجائز” جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے مکمل پہیہ جام ہڑتال کر دی۔ شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے بس اڈے بند رہے، جس کے باعث ہزاروں مسافر شدید پریشانی میں مبتلا رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے ٹریفک آرڈیننس 2025 میں نئی ترامیم اور جرمانوں میں غیر معمولی اضافے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان پر جرمانوں میں 500 گنا اضافہ معاشی طور پر تباہ کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی بلند قیمتوں اور کم آمدنی کے باعث پہلے ہی کاروبار مشکل سے چل رہا ہے، بے جا چالان اور ایف آئی آر کا اندراج مسائل میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

    ہڑتال کے باعث اوکاڑہ سے لاہور، فیصل آباد، ملتان، پاکپتن، دیپالپور اور دیگر شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ بند رہی۔ بس اڈوں پر مسافر سخت پریشان دکھائی دیے، متعدد مریض اسپتال نہ پہنچ سکے جبکہ دفاتر، امتحانات اور دیگر ضروری امور کے لیے سفر کرنے والے شہریوں کو شدید رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
    ٹرانسپورٹ یونین رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ:
    بھاری جرمانے کسی صورت قابل برداشت نہیں۔
    ڈیزل کی قیمتوں اور کم آمدنی کے باعث ٹرانسپورٹ پہلے ہی خسارے میں ہے۔
    جرمانوں کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کے اندراج نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔

    انہوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جرمانوں میں فوری کمی کی جائے، ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بغیر بنائے گئے قوانین واپس لیے جائیں اور بے جا کارروائیوں کا سلسلہ روکا جائے۔ بصورتِ دیگر ہڑتال مزید طول پکڑ سکتی ہے۔

    شہری حلقوں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی آئے اور ٹرانسپورٹ نظام معمول کے مطابق بحال ہو سکے۔

  • ملکی ترقی کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر، ہر شہری اپنا کردار ادا کرے: آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن

    ملکی ترقی کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر، ہر شہری اپنا کردار ادا کرے: آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک اس وقت جس اہم دور سے گزر رہا ہے، اس میں قومی سطح پر اتحاد، نظم و ضبط اور مشترکہ کوششوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ تنظیم کے مطابق پاکستان کی ترقی، امن اور معاشی استحکام اسی صورت ممکن ہے جب ہر شہری اپنی ذمہ داری دیانت داری اور احساسِ فرض کے ساتھ ادا کرے۔

    بیان میں کہا گیا کہ موجودہ معاشی دباؤ، سماجی مسائل، ادارہ جاتی کمزوریاں اور نوجوانوں کے لیے محدود مواقع اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ قوم کے ہر طبقے کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا جا سکے۔

    ایسوسی ایشن نے نوجوانوں کی بہتری، تعلیمی شعور میں اضافہ، سماجی ہم آہنگی اور قومی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کو اتحاد، تعاون اور دیانت داری پر مبنی اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے، کیونکہ ملک تب ہی مضبوط ہو گا جب ہم سب مل کر اپنا عملی کردار ادا کریں۔

    پریس ریلیز میں عوام، اداروں، سماجی تنظیموں اور برادریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک کے استحکام، روشن مستقبل اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا حصہ ضرور ڈالیں، کیونکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

  • اوکاڑہ :غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز کے خلاف میونسپل کمیٹی کا آپریشن تیز

    اوکاڑہ :غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز کے خلاف میونسپل کمیٹی کا آپریشن تیز

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی کی ٹیموں نے غیر قانونی فلیکسز، ترپالیں، سائن بورڈز اور وال بینرز کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔

    ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان کی زیر نگرانی ٹیموں نے دیپالپور چوک میں دکانوں کے باہر غیر منظور شدہ تشہیری مواد ہٹانے کے فرائض باقاعدگی سے انجام دیے۔ شہر کے مختلف بازاروں، اہم شاہراہوں اور چوکوں میں خصوصی ٹیمیں متحرک ہو کر غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز کو ہٹا رہی ہیں۔

    ایڈمنسٹریٹر علیزہ ریحان نے کہا کہ غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا سبب بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو صاف، خوبصورت اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے یہ آپریشن مسلسل جاری رہیں گے اور شہریوں سے بھی توقع ہے کہ وہ تعاون کریں۔

  • اوکاڑہ :رضاکاران کے عالمی دن پر سول ڈیفنس کی آگاہی مہم

    اوکاڑہ :رضاکاران کے عالمی دن پر سول ڈیفنس کی آگاہی مہم

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) رضاکاران کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ سول ڈیفنس نے شہریوں میں آگاہی لٹریچر تقسیم کر کے رضاکارانہ سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کی۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی نگرانی میں تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر معلوماتی کتابچے، پمفلٹس اور آگاہی مواد تقسیم کیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ رضاکار معاشرے کی ترقی، انسانی خدمت اور ہنگامی حالات میں ریلیف سرگرمیوں میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی سروس، خون کے عطیات، قدرتی آفات میں امداد اور سماجی بہبود کے منصوبوں میں رضاکاروں کی خدمات ہمیشہ قابلِ ستائش رہی ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو رضاکارانہ سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے آگاہی مواد کی تقسیم کا مقصد ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کو رضاکارانہ خدمات میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرتی بھلائی اور ہنگامی امداد کے کاموں میں فعال کردار ادا کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ : اربن فارسٹری مہم تیز، شہر کو سبز و خوبصورت بنانے کے لیے شجرکاری جاری

    اوکاڑہ : اربن فارسٹری مہم تیز، شہر کو سبز و خوبصورت بنانے کے لیے شجرکاری جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر شہر میں اربن فارسٹری کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر مشتاق حسین چغتائی کی نگرانی میں تحصیل روڈ سے ملحقہ مختلف مقامات پر پھولدار، پھلدار، سایہ دار اور دیگر اقسام کے درخت لگائے جا رہے ہیں، تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

    ڈی ایف او مشتاق حسین چغتائی کے مطابق اربن فارسٹری پروگرام شہر کے ماحول، فضائی آلودگی میں کمی اور شہری خوبصورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے نتیجے میں نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو زیادہ خوشگوار، صحت بخش اور پائیدار ماحول میسر آئے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے پارکس، سڑکوں کے کناروں اور خالی جگہوں پر مسلسل پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، درجہ حرارت میں کمی اور کاربن جذب کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے شجرکاری کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق یہ اقدامات شہر کو سبز، خوبصورت اور صحت مند بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں، جبکہ شجرکاری مہم کو شہریوں کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے۔

  • اوکاڑہ: ضلعی افسران کو گڈ گورننس ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کی ہدایات

    اوکاڑہ: ضلعی افسران کو گڈ گورننس ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مفادِ عامہ کے پیشِ نظر ضلعی محکموں کی کارکردگی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ایم ڈی واسا عبدالوحید، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ایس این اے افضال حسین بلوچ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں، شہر کی خوبصورتی، ڈویلپمنٹ سکیمز کی پیش رفت اور پارکس کی تزئین و آرائش سمیت مختلف گڈ گورننس اقدامات پر تیز رفتار اور مؤثر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ تمام محکمے عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیں اور شہری مسائل کے حل کے لیے بھرپور نیک نیتی سے کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے اور حکومتی ویژن کو عملی شکل دینے پر زور دیا۔