Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، شہری و دیہی تنازعات کے فوری حل کی ہدایات

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، شہری و دیہی تنازعات کے فوری حل کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری و دیہی نوعیت کے مختلف تنازعات، عوامی شکایات اور فوری ریلیف سے متعلق کیسز کی سماعت کی گئی۔

    اجلاس میں پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ آف امووایبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ درخواست گزاروں نے جائیداد کے تنازعات، ناجائز قبضوں، جعلسازی اور دستاویزی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں، جن پر متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

    افسران نے موقع پر عوامی مسائل سنتے ہوئے متعدد کیسز میں متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ سائلین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور زمین و ملکیت سے متعلق شکایات کے حل میں تاخیر نہ ہونے دی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ شہریوں کی ملکیتی جائیداد کے تحفظ کے لیے حکومت نے مؤثر قانون سازی کر دی ہے، اور اس قانون کے تحت ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شکایات کے جلد از جلد ازالے اور کیسز کی شفاف پراسیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، تاکہ عوام کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ پولیس کی جرائم میں نمایاں کمی، ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ پولیس کی جرائم میں نمایاں کمی، ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق دورانِ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 11 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، جب کہ 32 ملزمان گرفتار ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔

    اسلحہ برآمدگی میں ملزمان سے 64 پسٹل، 3 رائفلیں، 1 ریوالور، 5 بندوقیں اور 217 گولیاں ضبط کی گئیں۔
    منشیات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی اور 160 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے 138 کلو چرس، 2750 گرام آئس، 2023 لیٹر شراب، 295 لیٹر لہن اور 7 چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔

    اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف آپریشن میں 261 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، جن میں 74 اے کیٹیگری اور 261 بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 55 عدالتی مفروران اور 25 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق شہر بھر میں ایس او ایس ناکوں کی نگرانی، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور کرائم پاکٹس میں مؤثر گشت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، جب کہ جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

  • اوور چارجنگ پر ایکشن، اے سی اوکاڑہ کا ہیلمٹس مارکیٹ ریٹ پر تقسیم

    اوور چارجنگ پر ایکشن، اے سی اوکاڑہ کا ہیلمٹس مارکیٹ ریٹ پر تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ہیلمٹ کی اوور چارجنگ کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا، زائد قیمت پر فروخت کیے جانے والے ہیلمٹ تحویل میں لے لیے اور دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی۔

    بعد ازاں ضبط شدہ ہیلمٹس شہریوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ مارکیٹ ریٹ پر تقسیم کیے گئے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور منافع خوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ضروری اشیاء پر ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں پر ہیلمٹس کی فراہمی نہ صرف ریلیف ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور عوامی تحفظ کو بھی فروغ دے گی۔

  • اوکاڑہ: ایک ہی رات میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی گرفتار

    اوکاڑہ: ایک ہی رات میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں ایک ہی رات کے دوران تین مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ شاہبور کی حدود 33 فور ایل میں ہوئی جہاں پولیس نے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ممتاز عرف تاجی زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم کے قبضے سے دو پیکٹ چرس برآمد کی گئیں۔

    دوسری کارروائی تھانہ سٹی دیپالپور کے علاقے نیو سبزی منڈی میں عمل میں آئی۔ پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم ذوالفقار نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں وہ زخمی ہو کر گرفتار ہوا۔ اس کے قبضہ سے ایک کلو چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔

    تیسری کارروائی تھانہ حویلی لکھا پولیس نے ناکہ پر کی، جہاں دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت پرویز عرف غلام مصطفی عرف "بگی” کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو ڈکیتی، چوری اور منشیات سمیت 24 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

    پولیس نے ہلاک ڈاکو کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: تجاوزات، سمگلنگ اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    اوکاڑہ: تجاوزات، سمگلنگ اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، آرمی افسران سمیت وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی جن میں شامل تھے:

    ×ٹریفکنگ اور قانون نافذ کرنے کے اقدامات
    ×انسدادِ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی
    ×غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیاں
    ×بجلی چوری کے خلاف آپریشن
    ×بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن
    ×ٹریفک قوانین پر عمل درآمد
    ×مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیش رفت

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق قانون کے نفاذ، عوامی سہولیات، اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے عملی اقدامات کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق عوام میں مؤثر آگاہی پیدا کی جائے، جبکہ شہر کی خوبصورتی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر میں موجود تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں اور پیرا فورس کے جوان اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ قانون کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اس لیے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی خدمت اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے۔

  • اوکاڑہ:واسا  کا گھر گھر سروے شروع ، شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے ڈیٹا اپڈیٹ مہم جاری

    اوکاڑہ:واسا کا گھر گھر سروے شروع ، شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے ڈیٹا اپڈیٹ مہم جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) واسا اوکاڑہ نے شہر میں شہری سہولیات کو مؤثر اور جدید خطوط پر بہتر بنانے کے لیے گھر گھر سروے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم ایم ڈی واسا عبدالوحید کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی، جس کی عملی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو رانا عدنان کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سروے ٹیمیں گھر گھر جا کر رہائشی اور تجارتی مقامات کا درست ریکارڈ مرتب کر رہی ہیں۔ پانی اور سیوریج کنکشنز، مالکانہ معلومات، کمرشل استعمال سمیت شہریوں کا مکمل ڈیٹا باقاعدہ فارم اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان واسا کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری درست اور اپڈیٹ ڈیٹا سے ممکن ہے، جبکہ ایم ڈی عبدالوحید نے کہا کہ سروے سے حاصل ریکارڈ آئندہ ترقیاتی منصوبوں، سروس ڈیلیوری اور شکایات کے بروقت حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو رانا عدنان نے شہریوں سے اپیل کی کہ سروے ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور درست معلومات فراہم کریں۔ واسا انتظامیہ نے وضاحت کی کہ سروے مکمل طور پر مفت ہے اور کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔

    شہری مزید معلومات اور شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ: سیلاب میں خدمات انجام دینے والے ریسکیو 1122 اہلکاروں کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ

    اوکاڑہ: سیلاب میں خدمات انجام دینے والے ریسکیو 1122 اہلکاروں کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 اوکاڑہ میں سیلاب کے دوران فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کے اعزاز میں پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) عبد الجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میڈم علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ راب نواز چڈھر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ رضوان وارث، چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ تعلیم محمد یوسف کاہلوں، چیف آفیسر ضلع کونسل فدا افتخار میر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر اور صدر انجمن تاجران شیخ ریاض انور نے شرکت کی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے مہمانوں اور ریسکیورز کو خوش آمدید کہا اور حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو کی جانب سے کیے گئے آپریشنز کی تفصیلی بریفنگ دی۔ مہمانوں نے اپنے خطابات میں ریسکیو اہلکاروں کی دن رات محنت، خلوص اور بہادری کو سراہا اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی قیادت میں کی جانے والی کامیاب ریسکیو و ریلیف کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • اوکاڑہ: فلیگ شپ پروگرام کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم

    اوکاڑہ: فلیگ شپ پروگرام کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علاؤالدین اور لیگی رہنما راؤ محمد اجمل نے بھی شرکت کی۔

    وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے تقریب میں کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں اور کہا کہ صوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کو کل 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، جس پر مجموعی لاگت 10 ارب روپے بنتی ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں 679 اور ضلع اوکاڑہ میں 280 ہائی پاور گرین ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فارم میکانائزیشن کے لیے فیاضانہ وسائل فراہم کر رہی ہیں اور 10 ہزار مزید گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی پر فراہمی کے لیے درخواستیں جلد وصول کی جائیں گی۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ کسان کارڈ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے تحت اب تک 7 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 250 ارب روپے سے زائد بلا سود قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔

    ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم پر کسانوں و کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کو پنجاب کے زرعی شعبے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

  • اوکاڑہ: گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے صوبائی وزیر زراعت کا جائزہ اجلاس، پیداواری مقابلوں کا اعلان

    اوکاڑہ: گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے صوبائی وزیر زراعت کا جائزہ اجلاس، پیداواری مقابلوں کا اعلان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اوکاڑہ میں گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، الیگی رہنما راؤ محمد اجمل، محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

    ڈائریکٹر زراعت ساہیوال محمد شہباز نے گندم کی موجودہ صورتحال اور محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے اور ساہیوال ڈویژن میں اس ہدف کو 5 دسمبر تک یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے اور بوائی کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے 9 لاکھ روپے فی سپر سیڈر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور پہلی دفعہ ربیع سیزن میں کھادیں مقررہ نرخوں سے کم قیمت پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کی جائے اور محکمہ زراعت کو کسانوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

    اجلاس میں گندم کے پیداواری مقابلوں کا بھی اعلان کیا گیا۔ صوبائی سطح پر اول، دوم اور سوم انعام کے طور پر بالترتیب 85، 75 اور 60 ہارس پاور کے ٹریکٹرز دیے جائیں گے۔ ضلعی سطح پر پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کے طور پر بالترتیب 10 لاکھ، 8 لاکھ اور 5 لاکھ روپے نقد انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔

  • یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں سیرت النبیؐ سیمینار، صبر و استقامت کی اہمیت اجاگر

    یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں سیرت النبیؐ سیمینار، صبر و استقامت کی اہمیت اجاگر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کی زیر نگرانی سیرت النبی ﷺ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ شعبہ علوم اسلامیہ کے پروفیسرز نے بامقصد اور روح پرور سیمینار میں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں صبر و استقامت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    سیمینار میں اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات، علما اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی صبر، برداشت اور ثابت قدمی کا کامل نمونہ ہے۔ مکی دور کی مشکلات ہوں یا مدنی دور کے چیلنجز، آپ ﷺ نے ہر مرحلے پر صبر و استقامت کے ذریعے اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا اور امت کے لیے بہترین عملی مثال قائم کی۔

    دیگر مقررین نے کہا کہ نوجوان اگر سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تو معاشرے میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صبر نہ صرف فرد کی شخصیت کو مضبوط بناتا ہے، بلکہ یہ معاشرتی استحکام اور قومی ترقی کی بنیاد بھی ہے۔

    سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔