Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی۔

    آپریشن کے دوران قبرستان کی چار دیواری سے متصل تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے واضح کیا کہ قبرستانوں کے اطراف کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر، قبضہ یا تجارتی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آینده قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ایک روزہ کارروائی نہیں بلکہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

    وسیم جاوید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قبرستانوں کے تقدس کا خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں نظم و ضبط اور مقدس مقامات کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: گورنمنٹ ایسوسی ایٹ خواتین کالج حجرہ شاہ مقیم میں "صبر و استقامت” پر آگاہی لیکچر

    اوکاڑہ: گورنمنٹ ایسوسی ایٹ خواتین کالج حجرہ شاہ مقیم میں "صبر و استقامت” پر آگاہی لیکچر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپور کے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ خواتین کالج حجرہ شاہ مقیم میں صبر و استقامت کے موضوع پر آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر کا اہتمام پرنسپل شبانہ حسین کی زیر نگرانی کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کی اخلاقی، فکری اور شخصی تربیت کو فروغ دینا تھا۔

    لیکچر کے دوران پروفیسرز نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صبر و استقامت ایک مضبوط شخصیت کی بنیاد ہے، جو انسان کو زندگی کے ہر امتحان میں کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ طالبات ناکامیوں کو سیکھنے کا ذریعہ بنائیں اور مشکل حالات میں حوصلہ برقرار رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ صبر کا مطلب صرف برداشت کرنا نہیں، بلکہ تدبر، حکمت اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کا نام ہے۔ پروفیسرز نے معاشرتی اور تعلیمی مثالوں کے ذریعے طالبات کو صبر کی عملی اور روزمرہ زندگی میں اہمیت سے آگاہ کیا۔

    آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ کالج انتظامیہ نے اعلان کیا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ طالبات کی ہمہ جہت تربیت اور مثبت شخصیت سازی ممکن ہو سکے۔

  • اوکاڑہ:2 بھائیوں کی فائرنگ، سوتیلا باپ قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ:2 بھائیوں کی فائرنگ، سوتیلا باپ قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے 7 فور ایل میں دو سگے بھائیوں نے فائرنگ کرکے اپنے سوتیلے باپ کو قتل کر دیا۔ مقتول محمد بشیر نے ملزمان کی والدہ سے پسند کی شادی کی تھی جس کا دونوں بھائیوں کو رنج تھا۔ واردات پر ڈی پی او راشد ہدایت نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

    ایف آئی آر کے مطابق 37 سالہ بشیر کو اس کے سوتیلے بیٹوں عمران اور وسیم نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور مقتول کے کزن خوشی محمد کی درخواست پر مقدمہ نمبر 470/25 درج کر لیا گیا۔

    پولیس نے مرکزی ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

  • اوکاڑہ: انسدادِ سموگ کمیٹی کا اجلاس، فیلڈ اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: انسدادِ سموگ کمیٹی کا اجلاس، فیلڈ اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیر صدارت انسدادِ سموگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی سطح پر سموگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماحولیات، انڈسٹری، ہیلتھ، پولیس، ٹریفک، زراعت، لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن اور ہائی ویز کے افسران نے سموگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

    اجلاس میں سموگ کی موجودہ صورتحال، جاری آگاہی مہم، شکایات کے اندراج، حکومتی پالیسی پر عملدرآمد اور فیلڈ سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علیزہ ریحان نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور ضابطے کی ہر خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی جاری رہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف فیلڈ ٹیمیں متحرک رہیں، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک اور موٹروے پولیس مربوط ایکشن کرے۔

    انہوں نے صفائی، چھڑکاؤ اور بیلٹس کی بہتری کے کاموں کو بھی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

  • اوکاڑہ: بچوں کے حقوق و تحفظ پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ: بچوں کے حقوق و تحفظ پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محتسب اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں بچوں کے حقوق و تحفظ سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ضلعی ایڈوائزر صوبائی محتسب و اطفال کمشنر محمد شفیق احمد نے کی۔ لائنزان آفیسر میاں سرفراز حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل اصغر، صابر علی پرسنل اسسٹنٹ، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔

    سیمینار میں لائیزان آفیسر سرفراز حسین نے بچوں کو ہراسگی سے بچاؤ، حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کے نظام سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ ضلعی ایڈوائزر محمد شفیق احمد نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوامی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے سرگرم ہے جبکہ اطفال کمشنر بچوں کے حقوق کے بین الاقوامی معیار کے مطابق مؤثر حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے ساتھ تشدد، ناانصافی یا ہراسگی ناقابل برداشت ہے اور ایسے واقعات کی رپورٹنگ کے لیے ہیلپ لائن اور ضلعی دفاتر موجود ہیں۔ انہوں نے طلباء کو خود اعتمادی، اپنی حفاظت کے اصول اور خلاف ورزی کی صورت میں بروقت اطلاع دینے کی ترغیب دی۔ سیمینار کے اختتام پر آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔

  • اوکاڑہ: صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی کا معائنہ، نوٹسز جاری

    اوکاڑہ: صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی کا معائنہ، نوٹسز جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے اوکاڑہ کی صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور بہتری کے لیے نوٹسز جاری کیے۔

    معائنے کے دوران کرمانوالہ رائس مل، اقبال رائس مل اور قمر فلور مل میں آگ بجھانے والے آلات، فائر الارم سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ راستے، فائر بالز، ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کی موجودگی اور فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر نے صنعتی یونٹس کے مالکان اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی پلان کو بہتر بنایا جائے، آلات کو فعال رکھا جائے اور ملازمین کی باقاعدہ ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی لازمی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    مزید برآں، سول ڈیفنس کے ٹیکنیکل سٹاف نے صنعتی یونٹس کے عملے کو فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی۔ سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پنجاب میں بورڈ آف ریونیو انڈیکٹرز میں  اوکاڑہ کی دوسری پوزیشن

    پنجاب میں بورڈ آف ریونیو انڈیکٹرز میں اوکاڑہ کی دوسری پوزیشن

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پنجاب بھر کے اضلاع کے "کے پی آئیز” کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں ضلع اوکاڑہ نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس اعزاز کے ساتھ اوکاڑہ نے بورڈ آف ریونیو کے انڈیکٹرز میں پنجاب بھر کے اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ یہ کامیابی ضلع کی ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر حکمت عملی اور عوامی مسائل کے بروقت حل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی ٹیم نے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل رابطہ کاری، مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا، جس کی بدولت اوکاڑہ کی کارکردگی نمایاں رہی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران و فیلڈ اسٹاف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ کے پی آئی رینکنگ میں مزید بہتری لا کر پہلی پوزیشن کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران اور ٹیم کے ممبران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ضلع کی ٹیم مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بہترین کارکردگی دکھاتی رہے گی۔

  • اوکاڑہ: ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کی کارروائیاں، متعدد دکاندار جرمانہ

    اوکاڑہ: ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کی کارروائیاں، متعدد دکاندار جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں مہم تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر بھر کے پیٹرول پمپس، کریانہ اسٹورز، ہوٹلوں، تندوروں، دودھ دہی شاپس اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔

    معائنہ کے دوران متعدد دکانداروں کو اوورچارجنگ پر موقع پر ہی جرمانے کیے گئے، جبکہ کم وزن اور غلط پیمائش ثابت ہونے پر مختلف دکانوں کے چالان عدالت بھجوا دیے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک پیٹرول پمپ کی غیر معیاری نوزل کو بھی موقع پر سیل کر دیا گیا اور متعلقہ پمپ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔

    ڈی او انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ عوام کو درست ناپ تول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام کاروباری حضرات کو ہدایت کی کہ وہ صرف منظور شدہ اوزان و پیمائش کے آلات استعمال کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • اوکاڑہ:سموگ سے بچاؤ کے لیے میونسپل کمیٹی کی آگاہی واک

    اوکاڑہ:سموگ سے بچاؤ کے لیے میونسپل کمیٹی کی آگاہی واک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر سموگ کی روک تھام اور شہریوں میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی کے زیرِ اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان نے کی، جس میں عملے سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم نے اس موقع پر کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانا سموگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، لہٰذا کسان اس مضرِ صحت عمل سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کا دھواں کم کرنے کے لیے انجن کی باقاعدہ ٹیوننگ کرائی جائے، ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور درخت لگانے میں بھرپور حصہ لیا جائے۔

    عمر نسیم کے مطابق سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی لازمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صفائی، کچرا اٹھانے، آگ لگانے کی شکایات کے خلاف کارروائی اور مختلف آگاہی مہمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ماحول دوستی اپنائیں، قوانین پر عملدرآمد کریں اور شہر کو سموگ سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، 300 کلو سے زائد ملاوٹ شدہ اشیاء تلف، مقدمات درج

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، 300 کلو سے زائد ملاوٹ شدہ اشیاء تلف، مقدمات درج

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اوکاڑہ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت خوراک کی تیاری میں ملوث یونٹس کا سراغ لگا کر بڑی مقدار میں ملاوٹ شدہ اشیاء تلف کر دیں۔

    پہلی کارروائی 39/3-R میں واقع ایک یونٹ پر کی گئی، جہاں ملاوٹی دیسی گھی تیار کیا جا رہا تھا۔ ٹیم نے موقع سے 200 کلو ناقص مکھن، 100 کلو ملاوٹی دیسی گھی اور 100 کلو غیر معیاری کریم ضبط کرکے فوری طور پر تلف کر دی۔ چھاپے کے دوران فیکٹری میں موجود مشینری اور آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم کی دوسری کارروائی ایک مقامی سویٹس یونٹ پر کی گئی جہاں نمونوں میں ملاوٹ ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ ٹیم نے پروڈکشن کو معیار میں بہتری اور اصلاح تک فوری بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ:
    "معیار سے انحراف کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔”

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ملاوٹ یا مشکوک خوراک کی تیاری سے متعلق کسی بھی اطلاع پر فوری طور پر PFA ہیلپ لائن 1223 سے رابطہ کریں۔