Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: پنجاب کبڈی چیمپئن شپ، ساہیوال کی ٹیم فاتح قرار

    اوکاڑہ: پنجاب کبڈی چیمپئن شپ، ساہیوال کی ٹیم فاتح قرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) جناح اسٹیڈیم اوکاڑہ میں پنجاب کبڈی چیمپئن شپ 2025 کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب بھر کی ڈویژنز سے نامور کبڈی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں شائقین کبڈی کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی اور کھلاڑیوں کے فن کو خوب سراہا۔

    اختتامی مرحلے میں ساہیوال اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار فائنل میچ ہوا جس میں ساہیوال نے 57 پوائنٹس کے مجموعی سکور سے فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

    ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے و صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن چوہدری افتخار حسین چھچھر نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈی پی او راشد ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز بھی بطور مہمان اعزاز موجود تھے۔

    اختتامی تقریب میں مہمانوں نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کبڈی جیسے روایتی کھیل ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔

    ایم پی اے و صدر کبڈی ایسوسی ایشن پنجاب چوہدری افتخار حسین چھچھر نے کہا کہ کبڈی ایسوسی ایشن کھیل کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم ہے اور بہترین کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید متحرک

    اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید متحرک

    اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ملک ظفر) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید تجاوزات کے خاتمے اور عوامی سہولت کے لیے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں کا دورہ کیا اور جمعہ بازار کے ذریعے عارضی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے راستے کلیئر کروا دیے۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسداد تجاوزات مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ایک طرف مستقل تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تو دوسری جانب عارضی تجاوزات کرنے والوں کی بھی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرے اور کشادہ بازار میسر آ سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ بازاروں میں کاروبار کرنے والے افراد تجاوزات سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں پیرا فورس کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تین مسلح ڈاکو شہری محمد صدیق سے اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ منڈی احمد آباد انسپکٹر عدنان رفیق اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسانڈ کیا۔ ٹبی جوگی کے مقام پر ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو ڈکیتی اور راہزنی جیسے 23 سنگین مقدمات میں ملوث اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نکلا ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا اجلاس، واجبات کی وصولی اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا اجلاس، واجبات کی وصولی اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، ایچ ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر اور سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو مفاد عامہ کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری دکانوں کے کرایوں کی وصولی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے تخمینے کے کام میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے تحت تمام افسران فیلڈ میں متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔

  • فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات، ایئرپورٹس پر سہولت کاؤنٹر کے اجرا کا مطالبہ

    فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات، ایئرپورٹس پر سہولت کاؤنٹر کے اجرا کا مطالبہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (ایف ایس سی پاکستان) کے وفد نے چیئرمین راؤ شہزاد کی سربراہی میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بیرونِ ممالک اعلیٰ تعلیم کے لیے جانے والے طلبہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وفد نے تجویز دی کہ ایئرپورٹس پر ایسے طلبہ کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں تاکہ کلیرنس اور دیگر مسائل کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین راؤ شہزاد نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنی صفوں میں احتساب کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی مذمت اور روک تھام کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بدعنوان عناصر جو ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (ایف ایس سی پاکستان) ہر قدم پر اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • اوکاڑہ: رشتہ کے تنازع پر نوجوان قتل، مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: رشتہ کے تنازع پر نوجوان قتل، مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) نواحی گاؤں 35 فور ایل میں رشتہ کے تنازع پر نوجوان عثمان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول عثمان گاؤں کے رہائشی علی رضا کی بہن کا رشتہ لینا چاہتا تھا تاہم علی رضا اور اس کے اہل خانہ نے انکار کر دیا اور اپنی بیٹی کا رشتہ دوسری جگہ طے کر دیا۔ علی رضا کو شبہ تھا کہ عثمان کی وجہ سے اس کی بہن نے رشتہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

    گزشتہ روز فہد یاسین اور دیگر ملزمان نے بات کرنے کے بہانے عثمان کو بلا کر علی رضا کے گھر لے گئے، جہاں علی رضا، فہد یاسین اور ان کے ساتھیوں نے ذاتی اسلحہ سے فائرنگ کر دی۔ عثمان شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    واقعہ کی اطلاع پر تھانہ شاہبھور پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ نمبر 478/25 درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

  • اوکاڑہ: شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے دکانداروں کا سامان تحویل میں لے لیا

    اوکاڑہ: شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے دکانداروں کا سامان تحویل میں لے لیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایت پر اوکاڑہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی نگرانی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے شہر کے مختلف بازاروں میں آپریشن کیا اور تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان تحویل میں لے لیا۔

    اس موقع پر وسیم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں اور عوامی مقامات پر تجاوزات قائم کرکے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں کا تحویل میں لیا گیا سامان ضائع کر دیا جائے گا اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے تمام دکانداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور مقررہ حدود کے اندر رہ کر اپنا کاروبار کریں۔

  • اوکاڑہ: واپڈا اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق، مقدمہ درج

    اوکاڑہ: واپڈا اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق، مقدمہ درج

    اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ کے نواحی قصبہ سومیاں بھولو میں واپڈا اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ جیو نیوز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب واپڈا اہلکار ظفر اقبال نامی شخص سے بجلی کا بل لینے کے لیے اس کے گھر پہنچے اور بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اتارنے لگے۔

    پولیس کی درج ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ انور بی بی نے اہلکاروں کو میٹر اتارنے سے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مبینہ طور پر خاتون پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گئیں۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں واپڈا کے پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اوورسیز کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا فیصلہ

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اوورسیز کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا فیصلہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شجین وسطرو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

    اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف کیسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام کیسز کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے جان و مال اور جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    محمد شجین وسطرو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اوورسیز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور جائیدادوں کے تنازعات کو قانون کے مطابق میرٹ پر اور بروقت نمٹائیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اور انتظامیہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

  • اوکاڑہ: پولیس کا بڑا کارنامہ، 35 لاکھ مالیت کے 71 چوری شدہ موبائل فونز برآمد

    اوکاڑہ: پولیس کا بڑا کارنامہ، 35 لاکھ مالیت کے 71 چوری شدہ موبائل فونز برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس اوکاڑہ کی آئی ٹی ونگ نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر 35 لاکھ روپے مالیت کے 71 چوری اور ڈکیتی شدہ موبائل فونز برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔

    اس سلسلے میں ڈی پی او آفس کے کمیونٹی لائنزون سینٹر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت نے خود شہریوں کو ان کے موبائل فونز واپس کیے۔ اس موقع پر شہریوں نے پولیس کی اس شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور اوکاڑہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ونگ کی ٹیم اور انچارج نور صمند ناہرہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رہیں گی۔