Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: فیصل آباد روڈ پر بولان وین ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق، 1 زخمی

    اوکاڑہ: فیصل آباد روڈ پر بولان وین ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق، 1 زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ فیصل آباد روڈ پر افسوسناک حادثے میں سوزوکی بولان وین ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ینگ پور کے قریب تیز رفتاری اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی شخص کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی نعشیں بھی مقامی پولیس کی نگرانی میں ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کی گئیں۔

    زخمی کی شناخت آصف ولد محمد رفیق، عمر 30 سال، سکنہ حجرہ شاہ مقیم کے طور پر ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد میں اللہ رکھا ولد صادق (32 سال)، عامر ولد اسلم (28 سال) اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں، جو کہ حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: چوہدری ریاض الحق جج کی ہدایت پر طبروق روڈ کی عارضی مرمت

    اوکاڑہ: چوہدری ریاض الحق جج کی ہدایت پر طبروق روڈ کی عارضی مرمت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)حلقہ این اے 136 کے عوام کی سہولت کے لیے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کی خصوصی ہدایت پر طبروق روڈ کی مرمت کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ حالیہ بارشوں کے باعث روڈ کے دونوں اطراف میں بننے والے گڑھوں اور خستہ حال راستوں کو مٹی ڈال کر عارضی طور پر قابلِ استعمال بنا دیا گیا، تاکہ عوام کو روزمرہ سفر میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔

    اس کام کی نگرانی معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے خود موقع پر موجود رہ کر کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام چوہدری ریاض الحق جج کی قیادت میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری ریاض الحق جج ایک ہمہ وقت متحرک اور عوام دوست رہنما ہیں، جو دن رات اپنے حلقے کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

    ملک خالد یعقوب نے کہا کہ یہ صرف ایک ابتدائی قدم ہے، اور ان شاء اللہ حلقے کے تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے چوہدری ریاض الحق جج کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ہی دراصل خدمت، اخلاص اور ترقی کی اصل پہچان ہے، جو حلقے کے ہر فرد کے دل میں گھر کیے ہوئے ہے۔

    یہ اقدام نہ صرف چوہدری ریاض الحق جج کی عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے بلکہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کے تسلسل کی بھی علامت ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا ہے۔

  • اوکاڑہ:ACکا شہر میں صفائی و نکاسی کا جائزہ، ستھرا پنجاب مہم تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ:ACکا شہر میں صفائی و نکاسی کا جائزہ، ستھرا پنجاب مہم تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عیدگاہ روڈ، تحصیل روڈ اور جناح روڈ کا دورہ کرتے ہوئے نالیوں کی صفائی اور بارش کے پانی کے بروقت انخلاء کے لیے احکامات جاری کیے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے صدر بازار، گول چوک اور کچہری بازار میں صفائی کے انتظامات اور نکاسی کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت انہوں نے پوسٹ آفس سے ملحقہ سڑکوں کی صفائی کے لیے ٹیموں کو متحرک کرنے کا حکم دیا، جبکہ پوسٹ آفس انتظامیہ کو ویسٹ مینجمنٹ بہتر بنانے اور کچرا دان نصب کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

    دیپالپور روڈ پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، جی ٹی روڈ، پبلک پارکس اور روڈز پر واقع گرین بیلٹس کی باقاعدہ صفائی اور خوبصورتی یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں عوامی خدمت کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: فیصل آباد اور چرچ روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل

    اوکاڑہ: فیصل آباد اور چرچ روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ فیصل آباد روڈ اور چرچ روڈ پر عارضی تجاوزات قائم کرنے والی متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ دکانوں کے سامنے رکھا گیا تجاوزات کا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور عوامی راہداری میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ عارضی تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بنتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: ایشین والی بال چیمپئن علی احمد کے اعزاز میں ڈی سی کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ: ایشین والی بال چیمپئن علی احمد کے اعزاز میں ڈی سی کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں فتح حاصل کرنے والے کھلاڑی علی احمد کے اعزاز میں زبردست استقبالیہ تقریب منعقد کی۔

    علی احمد، جو نواحی علاقہ 37 فور ایل سے تعلق رکھتے ہیں، جب اوکاڑہ بائی پاس پہنچے تو سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ انہیں ڈپٹی کمشنر آفس لایا گیا۔ ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے علی احمد کا پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق احمد، علی احمد کے استاد اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔

    علی احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشین چیمپئن شپ میں کامیابی اللہ کے فضل اور قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دینا ایک تاریخی لمحہ تھا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اعلان کیا کہ علی احمد کو ڈی پی ایس اینڈ کالجز میں مکمل اسکالرشپ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور ضلعی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت پرعزم ہے، اور تمام کھلاڑیوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔

  • رینالہ خورد: مون سون و ڈینگی سے نمٹنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت اجلاس

    رینالہ خورد: مون سون و ڈینگی سے نمٹنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)رینالہ خورد میں اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ہیلتھ اور ریونیو فیلڈ اسٹاف کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مون سون بارشوں کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور ڈینگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔

    اس موقع پر محکمہ ہیلتھ کے افسران نے ڈینگی مچھر کے خاتمے اور سرویلنس سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کے مقامات پر کڑی نگرانی کی جائے اور ہاٹ سپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے زور دیا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں اور گاؤں کی سطح پر بھی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مانیٹر کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں ڈیش بورڈ پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کی جائیں۔

    اے سی انعم علی خان نے کہا کہ گلیوں، بازاروں، گھروں کی چھتوں اور خالی پلاٹوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور متعلقہ محکمے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے متحرک رہیں۔

  • اوکاڑہ: اے سی رب نواز کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ، بہتری کے لیے احکامات جاری

    اوکاڑہ: اے سی رب نواز کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ، بہتری کے لیے احکامات جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ رب نواز نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹیڈیم روڈ، فیصل آباد روڈ، چرچ روڈ، ریل بازار اور بینظیر روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر صفائی کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو تمام علاقوں کی مکمل کلیرنس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ایم اے جناح روڈ پر موجود گرین بیلٹس کی صفائی اور خوبصورتی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

    رب نواز کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کا عمل بھی مسلسل جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • خادمِ اوکاڑہ کا عزم ,عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کا منشور ہے: چوہدری فیاض ظفر

    خادمِ اوکاڑہ کا عزم ,عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کا منشور ہے: چوہدری فیاض ظفر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور خادمِ اوکاڑہ چوہدری فیاض ظفر نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا، اور یہ خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وہ ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جو بارشوں کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے ان سے ملا۔

    چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ "بارش ہو یا آفت، دن ہو یا رات — ہمارے دروازے اپنی عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، کیونکہ ہم سیاست کو عبادت اور خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔”

    انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ٹی ایم اے، اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کر کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف پہنچایا اور پانی کے نکاس کے عمل کو تیز تر بنایا۔ چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں جہاں جہاں نکاسی آب کا مسئلہ سامنے آیا، وہاں فوری طور پر اقدامات اٹھائے گئے تاکہ لوگ کسی بڑی پریشانی سے دوچار نہ ہوں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قدرتی آفات کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں اور حکومتی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ چوہدری فیاض ظفر نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت بارش کے پانی کے دیرپا نکاس اور زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے جلد اعلیٰ حکام کو سفارشات پیش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ "ہمیں جو عوامی اعتماد اور محبت ملی ہے، وہ ہمارا اصل سرمایہ ہے، اور اس خدمت کا سفر تب تک جاری رہے گا جب تک ہر شہری کو سہولت، تحفظ اور عزت کا مکمل حق نہیں مل جاتا۔ عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور، مقصد اور سیاست کا اصل چہرہ ہے۔”

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ، ٹھیکیدار گرفتار، مقدمہ درج

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ، ٹھیکیدار گرفتار، مقدمہ درج

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ میں پارکنگ سٹینڈ کے ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے ہسپتال کے دورے کے دوران شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مریضوں کے لواحقین سے پارکنگ فیس کی مد میں زائد رقم وصول کرنے پر پارکنگ سٹینڈ کے ٹھیکیدار کو موقع پر گرفتار کروایا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں عوامی شکایات کے بروقت اندراج کے لیے کمپلینٹ نمبر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ شہری کسی بھی زیادتی کی فوری اطلاع دے سکیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ صبح اور رات کے اوقات میں پارکنگ سٹینڈ کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین سے پارکنگ فیس لینا کسی صورت جائز نہیں، اور پارکنگ فیسوں میں اوورچارجنگ کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات میں رکاوٹ یا زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہباز سکھیرا، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید اور ایس این اے افضال حسین شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق گڈ گورننس کو یقینی بناتے ہوئے عوامی بہتری کے لیے میدان عمل میں متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات کے ذریعے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کیا جائے اور ہر ممکن سہولیات ان تک پہنچائی جائیں۔

    احمد عثمان جاوید نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور خلوص نیت سے محنت کرتے ہوئے مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت عبادت ہے، اور اس مشن میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور افسران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔